Tag: Saudi arab

  • سعودی شہزادہ انتقال کرگئے

    سعودی شہزادہ انتقال کرگئے

    ریاض: سعودی شہزادہ ممدودح بن سعود بن عبدالعزیز آل سعود رضائے الٰہی سے انتقال کرگئے۔

    سعودی عرب کے ایوان شاہی سے جاری کردہ بیان کے مطابق شہزادہ ممدوح بن سعود بن عبدالعزیز آل سعود دار فانی سے کوچ کرگئے۔

    شہزادہ ممدوح بن سعود کی نماز جنازہ کل بروز بدھ 21 فروری کو ریاض کی جامع الامام ترکی بن عبداللہ نماز عصر کے بعد ادا کی جائے گی۔

    شہزادہ ممدوح بن سعود کے انتقال پر ایوان شاہی نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

    یہ پڑھیں: سعودی شہزادہ خالد بن محمد انتقال کرگئے

    واضح رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں سعودی شہزادہ خالد بن محمد بن عبداللہ آل عبدالرحمان آل سعود انتقال کرگئے تھے۔

    ان کی نماز جنازہ ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ جامع مسجد میں ادا کی گئی تھی۔

  • سعودی عرب میں جمعے کو کیا ہوگا؟

    سعودی عرب میں جمعے کو کیا ہوگا؟

    جدہ:  فلکیاتی انجمن کے سربراہ انجینیئر نے کہا ہے کہ جمعہ 5 مئی 2023 کو چاند گرہن ہوگا۔

    سبق نیوز کے مطابق ماہرفلکیات ماجد ابو زاہرۃ نے اس حوالے سے مزید کہا ہے کہ چاند گرہن کا سلسلہ چار گھنٹے  18 منٹ تک رہے گا۔

    رپورٹ کے مطابق چاند کا  96 فیصد حصہ زمین کے سایہ نما دائرے میں داخل ہوجائے گا،  یہ گرہن کے نقطہ عروج پر پہنچنے پر پیش آئے گی۔

    ماہرفلکیات نے اس حوالے سے بتایا کہ اس قدر گہرا چاند گرہن اس سے قبل آخری بار جنوری  2020 میں  ہوا تھا۔

    ابوزاہرۃ کے مطابق چاند گرہن مکہ مکرمہ کے مقامی وقت کے مطابق 6 بجکر 14منٹ پر شروع ہوگا۔  چاند گرہن نقطہ عروج کو 8 بجکر  22منٹ پر پہنچے گا اور  10 بجکر 31 منٹ پر چاند گرہن ختم ہوجائے گا۔

  • حسن قرات اور اذان کے مقابلے، ترکی اور مراکش نے میدان مار لیا

    حسن قرات اور اذان کے مقابلے، ترکی اور مراکش نے میدان مار لیا

    ریاض: سعودی عرب میں منعقدہ حسن قرات اور اذان کے مقابلے اختتام کو پہنچے، مراکش اور ترکی نے ایوارڈ اپنے نام کرلئے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں ہونے والے حسن قرات اور اذان کے سحر انگیز مقابلے اختتام پزیر ہوگئے، مراکش کے یونس مصطفی نے حسن قرات کا مقابلہ اپنے نام کیا، انعام میں انہیں پچاس لاکھ ریال دئیے گئے۔

    دوسری پوزیشن برطانیہ کے محمد ایوب آصف نے حاصل کی انہیں 20 لاکھ ریال کے انعام کا حقدار قرار دیا گیا جبکہ تیسری پوزیشن بحرین کے محمد مجاہد کے نام رہی، جنہیں 10 لاکھ ریال انعام سے نوازا گیا۔

    اذان کے بین الاقوامی مقابلے میں ترکی کے محسن کارا کو پہلی پوزیشن پر 20 لاکھ ریال اور بیجان جلیک کو دوسری پوزیشن پر دس لاکھ ریال کا انعام دیا گیا جبکہ تیسری پوزیشن سعودی نوجوان عبدالرحمن بن عادل نے حاصل کی جنہیں 5 لاکھ ریال کا انعام دیا گیا۔

    سعودی عرب انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے پرمسرت موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئےکہا کہ مقابلے سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، آئندہ سال دنیا بھر کے ملکوں اور براعظموں کے امیدواروں کو مقابلے میں شریک کیا جائے گا۔

    مقابلہ ’عطر الکلام‘ (کلام کی خوشبو) کے عنوان سے منعقد کیا گیا تھا، بین الاقوامی مقابلے کا فیصلہ کرنے والی کمیٹی تیرہ ماہرین پر مشتمل تھی، ان میں مسجد الحرام و مسجد نبوی کے آئمہ اور موذنوں کے علاوہ دنیا کے معروف قاری بھی شامل تھے۔

  • مراکش میں خشک کنوئیں میں بچے کی موت، سعودی عرب کا اہم اقدام!

    مراکش میں خشک کنوئیں میں بچے کی موت، سعودی عرب کا اہم اقدام!

    سعودی عرب کی وزارت ماحولیات، پانی وزراعت نے ملک بھر میں خشک کنوؤں کی اطلاع دینے کے  لیے خصوصی لنک جاری کردیا ہے۔

    غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق مراکش میں خشک کنوئیں میں بچے کی ہلاکت کے بعد سعودی وزارت ماحولیات نے شہریوں کے تحفظ کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے۔

    وزارت نے شہریوں کو باور کرایا ہے کہ خشک کنوئیں خطرناک ہوسکتے ہیں۔

    وزارت نے شہریوں سے کہا ہے کہ ملک میں جہاں کہیں بھی خشک کنوئیں ہوں یا ایسے کنوئیں جہاں لوگوں یا جانوروں کے گرنے کے امکانات ہوں ان کے بارے میں مطلع کیا جائے۔

    اس مقصد کے لیے وزارت ماحولیات نے اپنے پورٹل پر خصوصی لنک جاری کیا ہے جس کے اطلاع دی جاسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ مراکش میں پانچ روز قبل 5سالہ بچہ ایک خشک کنوئیں میں گرگیا تھا۔

    مزید پڑھیں: بازیابی سے قبل مراکشی بچے نے دم توڑ دیا، دنیا بھر میں لوگ رنجیدہ (ویڈیوز)

    پانچ روز سے خشک کنوئیں میں پھنسے بچے کو نکالنے کی کوششیں آخری مراحل میں تھیں کہ وہ ریسکیو کیے جانے سے کچھ دیر قبل ہی دم توڑ گیا۔

    اس واقعے نے دنیا بھر کو اداس کردیا ہے۔

  • عوام ہوجائیں ہوشیار، سردی کی ایک اور لہر آنے کو ہے تیار!

    عوام ہوجائیں ہوشیار، سردی کی ایک اور لہر آنے کو ہے تیار!

    سعودی  محکمہ موسمیات کے قومی مرکز نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ ہفتے مملکت کے بیشتر علاقوں میں سردی کی ایک اور لہر آنے کا امکان ہے۔

    مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی محکمہ موسمیات کے قومی مرکز کے ترجمان حسین القحطانی نے پیشگوئی کی ہے کہ ابھی موسم سرما کے دو ماہ باقی ہیں اور آئندہ ہفتے مملکت کے بیشتر علاقوں میں سردی کی ایک اور لہر آئے گی۔

    قومی مرکز کے ترجمان نے کہا کہ اس بات کا قومی امکان ہے کہ آئندہ ہفتے مملکت کے بیشتر علاقوں کا درجہ حرارت کم ہوگا تاہم اس دوران ساحلی مقامات کا موسم نسبتاْ معتدل رہنے کا امکان ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ساحلی علاقوں میں دوپہر کے وقت درجہ حرات میں کچھ اضافہ ہوگا تاہم عموماْ دوپہر کے وقت موسم مناسب رہے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مملکت کے بیشتر علاقوں خصوصاْ شمالی علاقوں میں ان دنوں درجہ حرارت غیرمعمولی طور پر کم ہوکر منفی کی حدوں کو چھوچکا ہے اور یہ صورتحال توجہ طلب ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں رواں موسم سرما میں اتنی شدید سردی پڑی ہے کہ نلوں میں پانی ہی نہیں آنکھوں‌ میں آنسو بھی جمنے لگے۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب: شدید سردی میں اونٹ کے آنسو جم گئے

  • سعودی عرب میں شروع ہوا انوکھا مقابلہ حسن

    سعودی عرب میں شروع ہوا انوکھا مقابلہ حسن

    سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جاری دنیا میں اونٹوں کے سب سے بڑے میلے کنگ عبدالعزیز فیسٹیول میں اونٹنیوں کے مقابلہ حسن شروع ہوگیا ہے۔

    مقابلہ حسن تو آپ نے بہت دیکھے ہوں گے جس میں ریمپ پر خوبصورت حسینائیں‌ اپنے حسن کے جلوے بکھیرتی ہیں لیکن اگر آپ سعودی عرب میں ہیں تو آپ کو مقابلہ حسن تو ملے گا لیکن نازک اندام حسیناؤں کا نہیں بلکہ ریگستانوں کے جہاز اونٹنیوں کا۔

    اونٹ سعودی عرب کا قومی جانور اور ثقافتی پہچان ہے، ہر سال یہاں اونٹوں کا سب سے بڑا میلہ کنگ عبدالعزیز فیسٹیول منعقد کیا جاتا ہے، جس میں ملک بھر سے اونٹ لائے جاتے ہیں اور لاکھوں افراد اس فیسٹیول میں شرکت کرتے ہیں۔

    فیسٹیول کے شرکا کی سب سے زیادہ دلچسپبی اونٹنیوں کے مقابلہ حسن میں ہوتی ہے جو اب شروع ہوچکا ہے۔

    مقابلہ حسن میں شرکت کا معیار جان کر حیران نہ ہوں، یہاں مقابلے میں شرکت کا معیار گلاب کی پنکھڑی جیسے نازک ہونٹ، ستواں ناک اور بل کھاتی کمر نہیں بلکہ لمبے اور لٹکے ہوئے ہونٹ، بڑی ناک اور کوہان کی شکل ہے۔

    مقابلہ جیتنے والی خوبصورت اونٹنی کے مالک کو 6 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا بھاری انعام دیا جاتا ہے، اس بھاری انعام کے لالچ میں اب اونٹنیوں کے مالکان جعلسازی بھی کرنے لگے ہیں۔

    لیکن مصنوعی طریقوں سے اونٹنیوں کے حسن میں اضافے کے انکشاف کے بعد منتظمین بھی ہوشیار ہوگئے ہیں  جس کے بعد  مقابلہ حسن میں شرکت کرنا اتنا آسان نہیں رہا، اب کڑی جانچ پڑتال کے بعد اونٹنیوں کو اس مقابلے میں شرکت کا اہل قرار دیا جاتا ہے۔

    امسال بھی مقابلے میں شرکت سے قبل ماہرین نے اونٹنیوں کا ان کی شکل وصورت اور چلنے کے انداز کا معائنہ کیا، جدید ایکسرے، تھری ڈی الٹراساؤنڈ سے سر، گردن اور دھڑ کے عکس لیے اور جنیاتی معائنے سمیت خون کے ٹیسٹ کیے گئے اور 40 کے قریب اونٹنیوں کو خوبصورتی کے لیے بوٹوکس انجکشن لگانے پر نااہل قرار دیا گیا۔

  • سعودی عرب : رقم کے لین دین سے متعلق نیا قانون متعارف

    سعودی عرب : رقم کے لین دین سے متعلق نیا قانون متعارف

    ریاض : سعودی ذرائع ابلاغ نے کابینہ کے منظور کردہ "اثبات دعویٰ” قانون کی تفصیلات جاری کردیں، نئے قانون اثبات الدعویٰ کی منظوری سعودی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی تھی۔

    اس حوالے سے سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق اثبات دعویٰ کا قانون11ابواب اور171 دفعات پر مشتمل ہے یہ تجارتی معاملات اور سول امور پر لاگو ہوگا۔

    اس کی بدولت قانون شہادت مزید مؤثر ہوجائے گا جبکہ شہادت کا دائرہ معقول امور تک محدود ہوگا، نیا قانون اثبات ایسے سابقہ تجارتی معاملات اور سول امور پر نافذ نہیں ہوگا جو سابقہ نظام کے تحت طے کردیے گئے ہوں۔

    نئے قانون میں دعویٰ ثابت کرنے سے تعلق رکھنے والے تمام امور کی نشاندہی دقیق ترین شکل میں کردی گئی ہے۔ واضح کیا گیا ہے کہ دعوے کو درست ثابت کرنا دعویدار کی ذمہ داری ہے۔

    مدعی سے ایسے نکات ثابت کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا جو دعوے کا حصہ ہوں گے، جج اپنی نجی معلومات کی بنیاد پرمدعی یا مدعلہ علیہ میں سے کسی کے بھی مفاد یا مخالفت میں فیصلہ نہیں دے سکتا۔

    قانون اثبات میں گواہی کی شرائط بھی متعین کردی گئی ہی اور ان صورتوں کی بھی نشاندہی کردی گئی ہے جن میں شہادت قبول نہییں کی جاسکتی ہے۔

    قانون اثبات نے پابندی عائد کردی ہے کہ ایک لاکھ ریال سے زیادہ کے دعوے میں گواہی کافی ںہیں ہوگی، اس کے لیے دستاویزی ثبوت پیش کرنا ہوگا۔

    عام طور پر لوگ بڑی سے بڑی رقم کے لین دین کو ثابت کرنے کے لیے گواہی دے دیتے ہیں، اس طریقہ کار پر پابندی لگادی گئی ہے، بڑی رقم عام طور پر دستاویزی کارروائی کے بغیر کوئی کسی کو نہیں دیتا۔

    علاوہ ازیں بڑی رقم کے لین دین کے سلسلے میں دستاویزی کارروائی کو ضروری قرار دیا گیا ہے، گواہ کے حوالے سے دو پابندیاں لگائی گئی ہیں پہلی یہ ہے کہ گواہ کا دعوے کے کسی بھی فریق سے تعلق نہ ہو، دوسری یہ ہے کہ گواہ کا مقدمے سے کوئی مفاد نہ وابستہ ہو۔

    ایسے شخص کی گواہی بھی قابل قبول نہیں ہوگی جس کی گواہی سے ذاتی نقصان کا ازالہ ہورہا ہو یا گواہی دینے سے اسے کوئی فائدہ حاصل ہورہا ہو۔

    اولاد کی والدین یا شوہر کی بیوی کے لیے یا بیوی کی شوہر کے حق میں گواہی قابل قبول نہیں ہوگی، رشتہ زوجیت ختم ہونے کے بعد بھی سابقہ شوہر یا سابقہ بیوی کے حق میں گواہی نہیں دی جاسکتی۔

    سرپرست کی گواہی یا متعلقہ شخص کے ذمے دار (وصی کی گواہی بھی قابل قبول نہیں ہوگی) گواہی فریقوں کی موجودگی میں زبانی اور تحریری طور پر بھی دی جاسکتی ہے۔

    نئے قانون اثبات میں گواہ کو قانونی تحفظ بھی دیا گیا ہے۔ عدالت کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ گواہوں کو ڈرانے ، دھمکانے اوران پر اثر انداز ہونے سے بچانے کےلیے ضروری اقدامات کرے۔

    قانون اثبات نے عدالت کے سامنے دعوے کے حوالے سے (قرائن) کی بھی وضاحت کردی ہے، عدالتوں کو قرائن اخذ کرنے میں سائنٹیفک وسائل سے مدد لینے کا اختیار دیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: قدیم ترین کار کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل

    سعودی عرب: قدیم ترین کار کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل

    سعودی مورخ نے وزارت داخلہ کے ماتحت مملکت میں پولیس کی پہلی کار کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل کردی ہے۔

    اخبار 24 کے مطابق منصورالشویعر نے ٹوئٹر کے اکاؤنٹ پر بتایا کہ فورڈ کمپنی کی کار گذشتہ صدی کے چھٹے عشرے کی ہے اور یہ مملکت میں پولیس کے زیر استعمال قدیم ترین کار ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل اس نایاب تصویر کو سعودی خوب پسند کررہے ہیں۔

    فوٹو گرافرمشعل المنصور نے بتایا کہ یہ کار دمام میں مشرقی ریجن پولیس کے زیر استعمال تھی، کار میں میجر جنرل حسن قنادیلی ہیں جو اس وقت دمام میں محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سعودی عرب کے بانی شاہ عبدالعزیز کے اصطبل کی نایاب تصویر وائرل

    گذشتہ ماہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ان کے صاحبزادے عبدالعزیز کی تاریخی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل تھی۔

    مذکورہ تصویر آل سعودی کی تاریخ نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ نے جاری کی گئی تھی، اس تصویر میں شاہ سلمان سوٹ پہنے نظر آرہے ہیں جبکہ شہزادہ عبدالعزیز ان کے بائیں طرف بیٹھے ہیں۔

    ٹویٹر پر شیئر کیے جانے کے بعد تصویر کو صارفین کی طرف سے غیرمعمولی پذیرائی ملی تھی۔

  • سعودی عرب میں سزا پانے والے قیدی وطن واپس پہنچ گئے

    سعودی عرب میں سزا پانے والے قیدی وطن واپس پہنچ گئے

    لاہور : وزیراعظم عمران خان کے بڑا اقدام نے روتے ہوتے ہوئے چہروں پر خوشیاں بکھیر دیں، سعودی عرب میں سزا پانے والے 28قیدی رہا ہوکر وطن واپس پہنچ گئے۔

    سعودی عرب سے رہائی پانے والے28پاکستانی قیدی وطن واپس پہنچے ہیں، سعودی عرب سے19قیدی سرکاری خرچ پر جبکہ9ذاتی خرچ پر وطن واپس پہنچےہیں، رہائی پانے والے7قیدیوں کا تعلق ضلع مہمند سے ہے۔

    رہائی پانے والوں میں سے7 قیدیوں کا تعلق ضلع مہمند سے ہے، حیات اللہ،زاہدخان، رحیم اللہ، عمران خان، غلام خان، محمداسماعیل ،عبیداللہ کا تعلق ضلع مہمند سے ہے۔

    ستراج خان کاتعلق لوئردیر جبکہ محمد زبیرکا تعلق سیالکوٹ سے ہے، رہائی پانے والوں میں سوات کے رحمت شاہ اور شبیر شاہ اور کرم سے تعلق رکھنےوالے ارہب حسین بھی رہائی پانے والوں میں شامل ہیں۔

    رہائی پانے والے صفداللہ باچا اور نہار احمد کا تعلق چار سدہ سے ہے، سعودی عرب سے رہا ہونے والے اکرام اللہ شاہ کا تعلق ہنگو سے ہے۔

    اس کے علاوہ مردان سے تعلق رکھنے والے عزت خان، پشاور کے سید محمد، ایبٹ آباد کے آصف رضا،لاڑکانہ کےغلام مرتضیٰ بھی رہائی پانے والوں میں شامل ہیں، اوورسیز پاکستان فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر اور ریجنل ڈاریکٹربھی ایئرپورٹ پر موجود تھے ۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزارتِ داخلہ نے وزیراعظم عمران خان کے کامیاب دورے کے بعد سعودی ‏عرب سے وطن واپس پہنچنے والی قیدیوں کی تفصیلات جاری کی تھیں۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والی تفصیلات میں بتایا گیا تھا کہ سعودی عرب سے 1100 ‏قیدیوں کو پاکستان منتقل کیا گیا، اب انہیں پاکستانی جیلوں میں منتقل کیا جائے گا۔

    وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ منشیات میں ملوث 22 اور قتل میں ملوث 8 قیدیوں ‏کوسعودی عرب سے وطن واپس نہیں لایا جاسکا۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے ایک ارب روپے فنڈز کی درخواست کی ہے، اگر یہ رقم مل گئی تو ‏معمولی جرائم میں ملوث 2005سے سعودی جیلوں‌ میں‌ قید سیکڑوں پاکستانی قیدیوں کے جرمانے ‏ادا کیے جائیں گے جس سے انہیں رہائی مل سکتی ہے۔

  • سعودی حکومت نے ابشر صارفین کو نئی ہدایات جاری کردیں

    سعودی حکومت نے ابشر صارفین کو نئی ہدایات جاری کردیں

    ریاض : سعودی عرب میں ابشر پلیٹ فارم نے خبردار کیا ہے کہ صارفین اس بات کا خیال رکھیں کہ جو موبائل نمبر انہوں نے ابشر کے اپنے اکاؤنٹ میں درج کرا رکھا ہے اسے کسی اور کا اکاؤنٹ کھلوانے کے لیے نہ استعمال کریں۔

    سیدتی میگزین کے مطابق ابشر پلیٹ فارم نے بیان میں کہا کہ ابشر پلیٹ فارم میں رجسٹرڈ اور موثر موبائل نمبر کو اپنے اکاؤنٹ کے لیے خاص رکھیں اور کسی بھی صورت میں اسے دوسرے شخص کا اکاؤنٹ کھلوانے کے لیے استعمال نہ کریں۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ جو لوگ اس کی خلاف ورزی کریں گے وہ مشکل میں پڑ سکتے ہیں۔ ان کا اکاؤنٹ معطل ہوجائے گا اور انہیں خودکار سروس مشین کے ذریعے موبائل نمبر اپ ڈیٹ کرانا ہوگا۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں ابشر پلیٹ فارم کے رجسٹرڈ صارفین کی تعداد 17 ملین سے زیادہ ہوگئی ہے۔ ابشر سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو 200 سے زیادہ آن لائن خدمات فراہم کر رہا ہے۔

    ابشرکے ذریعے محکمہ پاسپورٹ، محکمہ احوال مدنیہ، محکمہ جیل خانہ جات، محکمہ ٹریفک، محکمہ اسلحہ سمیت متعدد اداروں اور محکموں سسے متعلقہ کام آن لائن دیے جارہے ہیں۔