Tag: Saudi arab

  • سعودی سفارت کار کا قاتل اپنے انجام کو پہنچا

    سعودی سفارت کار کا قاتل اپنے انجام کو پہنچا

    ڈھاکا: بنگلادیش میں سعودی سفارت کار ’خلف العلی‘ کے قاتل کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش میں سعودی سفارت کار خلف العلی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا، حملہ آور سیف کو آج پھانسی دے دی گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ 2012 میں پیش آیا تھا، 45 سالہ خلف العلی کو ڈھاکا کے سفارتی علاقے میں گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔

    عدالتی حکم کی روشنی میں مجرم کو ڈھاکا جیل میں پھانسی دی گئی، پھانسی کے احکامات 2013 میں جاری کردیے گئے تھے تاہم عمل درآمد گذشتہ روز ہوا۔

    پولیس کے مطابق مجرم ایک راہزن گروہ کا سربراہ تھا اور اس نے سفارت کار کو لوٹنے کے دوران نشانہ بنایا، خلف العلی گولی لگنے کے بعد زندہ تھے لیکن اسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گئے۔

    خیال رہے کہ عالمی تنظیموں اور انسانی حقوق کے رہنماؤں کی جانب شدید تنقید کے باوجود بنگلادیش میں قتل اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کو پھانسی دی جارہی ہے۔

    گذشتہ سال پانچ بڑے مذہبی رہنماؤں کو دہشت گردی کے جرم میں بنگلادیشی عدالت نے پھانسی دی تھی، اُسی سال ہی درجنوں دہشت گردوں کو بھی تختہ دار پر لٹکایا گیا۔

    بنگلہ دیش: جماعت اسلامی کے ایک اور رہنما میر قاسم علی کو پھانسی دیدی گئی

    خیال رہے کہ ستمبر 2016 میں بنگلادیشی حکومت نے پاکستان سے وفاداری کے جرم میں جماعت اسلام کے رہنما میر قاسم کو پھانسی دی تھی، بعد ازاں حکومت پاکستان نے پھانسی پر اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ حزب اختلاف کو ناقص ٹرائل کے ذریعے دبانا غیر جمہوری عمل ہے، بنگلادیش 74ء کے سہ فریقی معاہدے کی پاسداری کرے۔

  • سعودی عرب نے شام میں اپنا سفارت خانہ کھونا قبل از وقت قرار دے دیا

    سعودی عرب نے شام میں اپنا سفارت خانہ کھونا قبل از وقت قرار دے دیا

    ریاض: شام میں جاری خانہ جنگی کے پیش نظر سعودی عرب نے وہاں اپنا سفارت خانہ کھونا قبل از وقت قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے شام میں عسکریت پسندی کے خاتمے اور امن کی فضا بحال نہ ہونے تک اپنا سفارت خارنہ نہ کھونے کا فیصلہ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ عادل الجیبر نے روسی ہم منصب سیرگئی لاوروف سے ملاقات کی اور شام کے موضوع پر مفصل تبادلہ خیال کیا۔

    دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے کہنا تھا کہ شام میں عسکریت پسندی اور دہشت گردوں کا خاتمہ بہت ضروری ہے۔

    عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ شام میں سفارت خانہ کھولنا وہاں سیاسی عمل میں پیشرفت پر بھی منحصر ہے، حالات کے مطابق مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

    شام میں سنگین صورت حال کے پیش نظر سعودی عرب نے مارچ 2012 میں شامی دارالحکومت دمشق میں اپنا سفارت خانہ بند کرتے ہوئے تمام سفارتی عملے کو وطن واپس بلا لیا تھا۔

    عالمی برادری شام کا بحران ختم کرنے کے لیے کردار ادا کرے، عادل الجبیر

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں سعودی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ عالمی برادری شام کا بحران ختم کرنے کے لیے کردار ادا کرے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اس بات کی توقع کی جارہی ہے کہ شام کی خود مختاری اور یکجہتی کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور غیرملکی فورسز کو وہاں سے دور کردیا جائے گا، عالمی برادری بھی شام کا بحران ختم کرنے کے لیے کردار ادا کرے۔

  • خاشقجی قتل کیس، برطانوی وزیرخارجہ سعودی عرب کا اہم دورہ کریں گے

    خاشقجی قتل کیس، برطانوی وزیرخارجہ سعودی عرب کا اہم دورہ کریں گے

    لندن: جمال خاشقجی قتل کیس سے متعلق برطانوی وزیرخارجہ جیریمی ہنٹ سعودی عرب کا اہم دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیرخارجہ جیریمی ہنٹ آئندہ ہفتے سعودی عرب کا دورہ کریں گے اس دوران خاشقجی قتل کیس سے متعلق پیش رفت ممکن ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی پارلیمنٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے برطانوی وزیر برائے ایشیا اور پیسیفک مارک فیلڈ کا کہنا تھا کہ امید ہے یہ دورہ معاون ثابت ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں جمال خاشقجی قتل کیس سے متعلق اپنی تحقیقات کا احوال پیش کیا جائے گا، اور دورے کے بعد پیش رفت سے بھی ملکی پارلیمان کو آگاہ کریں گے۔

    دوسری جانب سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی تحقیقات کرنے والی اقوام متحدہ کی ٹیم بتایا ہے کہ قتل کی تحقیقاتی رپورٹ جون میں عوام کے لیے جاری کردی جائے گی۔

    خیال رہے کہ واشنگٹن پوسٹ کے لیے خدمات انجام دینے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی گزشتہ سال 2 اکتوبر کو استنبول میں سعودی سفارت خانے میں اپنی منگیتر کے کاغذات لینے کے لیے گئے تھے، جہاں انھیں قتل کر دیا گیا۔

    جمال خاشقجی کے قتل میں حکومت ملوث نہیں‘ سعودی وزیرخارجہ

    بیس اکتوبر کو سعودی عرب نے با ضابطہ طور پر یہ اعتراف کیا تھا کہ صحافی جمال خاشقجی کو استنبول میں قائم سفارت خانے کے اندر جھگڑے کے دوران قتل کیا گیا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے سعودی وزیر برائے خارجہ امور عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ جمال خاشقجی قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں کسی کو ہمیں ڈکٹیٹ کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

  • سعودی عرب  تین مراحل میں پاکستان میں 21ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرےگا

    سعودی عرب تین مراحل میں پاکستان میں 21ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرےگا

    اسلام آباد : سعودی عرب کی جانب کی گئی سرمایہ کاری تین مختلف مراحل میں پاکستان آئے گی، حکومت کی جانب سے جاری انوسٹمنٹ پلان کے مطابق سرمایہ کاری کے تین مراحل میں قلیل، وسط اور طویل المدتی منصوبے شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد کے تاریخی دورے پر دوست ملک پاکستان اکیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرےگا، یہ سرمایہ کاری تین مراحل میں آئے۔جس میں قلیل ، وسط اور طویل المدتی منصوبے شامل ہیں۔

    قلیل المدتی


    قلیل المدتی منصوبوں میں آ ر ایل این جی پلانٹس ,اکوا پاوراورسعودی فنڈ فار پاکستان کی سرمایہ کاری شامل ہے، یہ سرمایہ کاری ایک سے دو سال میں پاکستان آئے گی۔قلیل المدتی سرمایہ کاری کاحجم سات ارب ڈالرہے۔

    وسط مدتی


    وسط مدتی سرمایہ کاری میں پیٹروکیمیکلز، خوراک اورزراعت کےمنصوبے شامل ہیں، جس کا انوسٹمنٹ پلان دو سے تین سال پر محیط ہے۔
    وسط مدتی سرمایہ کاری کا حجم دو ارب ڈالر ہے۔

    طویل المدتی


    تیسرا مرحلہ طویل المدتی سرمایہ کاری کا ہے، جس میں آرامکو آئل ریفائنری اور منرل ڈیویلپمنٹ شامل ہے، ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کاحجم بارہ ارب ڈالر ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز سعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان اسلام آباد پہنچے ، وزیراعظم ، آرمی چیف اور اراکین نے ان کا استقبال کیا ، جس کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں وزیر اعظم عمران خان اورولی عہد کی ون آن ون ملاقات ہوئی ، جس میں باہمی تعلقات کونئی بلندیوں پرلےجانےکاعزم کیاگیا اور دونوں ملکوں کےدرمیان سات تاریخی معاہدوں پر دستخط کیےگئے۔

    مزید پڑھیں : سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان پر21ارب ڈالر کے معاہدے

    پروقار تقریب میں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی اورمہمان سعودی وزیرخارجہ نے اسٹینڈرڈائزیشن کے شعبےمیں تعاون کی مفاہمتی یادداشت ، وزیربین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا اور سعودی وزیرعادل الجبیر نے کھیلوں کےشعبے میں خصوصی تعاون کےمعاہدے، وزیرخزانہ اسد عمراورمہمان سعودی وزیرنے سعودی مصنوعات کی درآمد اور سعودی فنڈ سے توانائی کے شعبوں میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے۔

    وزیرپٹرولیم غلام سرورخان اور سعودی وزیرتوانائی خالدالفالح نےآئل ریفائنری اور پٹروکیمیکل کمپلیکس کی تعمیراور معدنی وسائل کی ترقی کے معاہدے اور وزیر بجلی عمر ایوب اور سعودی وزیر نے متبادل توانائی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پردستخط کیے۔

    بعد ازاں سعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا اور انھیں پاکستان کے اعلیٰ ترین ایوارڈ نشانِ پاکستان سےنوازا گیا۔

  • پاکستان اور سعودی عرب ہر مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہے، فواد چوہدری

    پاکستان اور سعودی عرب ہر مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہے، فواد چوہدری

    اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے، سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں سعودی میڈیا نمائندگان کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کہی، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب تعلقات تاریخی اور سفارتی سطح پر بہت مضبوط ہیں، دونوں ملک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستانی معیشت مضبوط کرنے میں کردار ادا کیا ہے، سعودی ولی عہد کے دورے سے تعلقات کے نئے دور کا آ غاز ہوگا۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد کے درمیان مضبوط رابطہ ہے، اس سے قبل بھی سعودی عرب نے مشکل حالات میں پاکستان کی مدد کی ہے، سعودی عرب پاکستان کا قریب ترین اتحادی ہے۔

    فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ گوادر میں سعودی عرب آئل ریفائنری پروگرام کا خیرمقدم کرتے ہیں، یہ آئل ریفائنری ایشیا کی بڑی آئل ریفائنری میں سے ایک ہوگی، آئل ریفائنری لگنے سے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔

    سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے سے متعلق وزیر اطلاعات نے کہا کہ سرمایہ کاری کی مزید یادداشتوں پر بھی دستخط متوقع ہیں، قوم سعودی ولی عہد کو پاکستان میں خوش آمدید کہنے کیلئے پرجوش ہے، سعودی عرب کے ساتھ میڈیا اور فلم کے تبادلے کے پروگرام کے خواہاں ہیں،۔

    اس کے علاوہ سعودی عرب کے لئے ویزا پالیسی کا پروگرام زیر غور ہے، پاکستان کے شمالی علاقہ جات قدرتی طور دیکھنے کے قابل ہے پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • سعودی عرب کا دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا عزم

    سعودی عرب کا دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا عزم

    واشنگٹن: سعودی وزیربرائے خارجہ عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھے گا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی اتحادی ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا جس میں عادل الجبیر نے بھی خطاب کیا۔

    اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سعودی عرب دہشت گردی کے خاتمے کے لے بین الاقوامی اتحاد کے ساتھ مل کر ہرممکن اقدامات کرے گا۔

    وزیر خارجہ کہ کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ضروری ہے ان کی فنڈنگ بھی روکی جائے، دہشت گردوں کو فنڈ دینا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی حکومت اُن تمام بین الاقوامی اور علاقائی کوششوں کو سپورٹ کرنے کا عزم کرتی ہے جن کا مقصد دہشت گرد تنظیموں کا خاتمہ اور خطے کو عدم استحکام کے  لیے کوشاں ہیں۔

    سعودی عرب شام سے غیرملکی افواج کے انخلا کا حامی

    دہشت گردی کے خاتمے کے لیے یہ بین الاقوامی اتحاد ستمبر 2014 میں بنایا گیا جس کے 79 ممالک حصہ ہیں اور سعودی سعودی عرب کا اتحاد میں مرکزی کردار رہا ہے۔

    اتحاد کا دعویٰ ہے کہ اس نے داعش کا 99 فیصد خاتمہ کردیا ہے تاہم دنیا بھر میں اب بھی شدت پسند تنظیم سے خطرات لاحق ہیں۔

    خیال رہے کہ سعودی وزیر برائے خارجہ عادل الجبیر نے واشنگٹن میں منعقد اجلاس کے ضمن میں پولینڈ، سویڈن، فرانس، جرمنی، ہالینڈ، ڈنمارک، یوکرین، فن لینڈ، آئرلینڈ اور عراق کے وزراء خارجہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔

  • سعودی عرب شام سے غیرملکی افواج کے انخلا کا حامی

    سعودی عرب شام سے غیرملکی افواج کے انخلا کا حامی

    ریاض: سعودی عرب کے وزیر برائے خارجہ عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ ہم ایسے قرار داد کے منتظر ہے جس کے ذریعے شام سے غیر ملکی فوجیوں کا انخلا یقینی بنایا جاسکے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ شام کا مسئلہ اقوام متحدہ کے قرار داد 2254 کے تحت حل کرنے کے حوالے سے عرب ممالک سے گفتگو کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب چاہتا ہے کہ شام سے بیرونی مداخلت کا خاتمہ ہوا، دہشت گردی کا مسئلہ بھی انتہائی سنگین ہے، خطے میں امن کے خواہاں ہیں۔

    وزیر برائے خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ شامی مسئلے کے حل کے لیے سیاسی راستہ اپنانا ہوگا، اسے کے ذریعے شام کی خودمختاری، سالمیت اور آزادی ممکن ہے۔

    شام، افغانستان سے فوجی انخلا کا معاملہ، ٹرمپ کو مخالفت کا سامنا

    خیال رہے کہ امریکا نے دسمبر میں شام سے اپنی افواج کے انخلاء کا اعلان کیا تھا تاہم اب تک عملی اقدامات نہیں کیے گئے، اس اعلان کے بعد ترکی نے اپنی سرحد کے ساتھ بیس میل کے فاصلے تک ایسے محفوظ علاقے قائم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا جس پر اب عملی اقدامات ہونے ہیں۔

    دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردوگان نے یہ فیصلہ کررکھا ہے کہ شام کے جنوب مغربی علاقوں پر محفوظ علاقے بنائے جائیں گے تاکہ ترکی میں موجود چار ملین مہاجرین شام واپس جاسکیں۔

    شامی فورسز نے گذشتہ ہفتے شام کے جنوب مغربی حصوں پر عسکریت پسنوں کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری کی تھی جس کے باعث متعدد ہلاکتیں ہوئیں تھی۔

  • ملتان: سعودی عرب جانے والا مسافر گرفتار، 720 گرام آئس ہیروئن برآمد

    ملتان: سعودی عرب جانے والا مسافر گرفتار، 720 گرام آئس ہیروئن برآمد

    ملتان: ایئرپورٹ پر اے این ایف اور اے ایس ایف نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب جانے ولے مسافر کو گرفتار کرکے 720 گرام آئس ہیرائن برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ کارروائی ملتان ایئرپورٹ پر اے این ایف اور اے ایس ایف کی جانب سے کی گئی، مسافر نجی ایئرلائن کے ذریعے منشیات اسمگل کررہا تھا۔

    ملزم عدنان نجی ایئرلائن کی پرواز سے جدہ جارہا تھا، منشیات سوٹ کیس کے مختلف حصوں میں چھپائی گئی تھی۔

    قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے تفتیش کررہے ہیں جلد حقائق سامنے آئیں گے۔

    گرفتار ملزم کا تعلق کسی گروہ سے ہے یا نہیں اس سے متعلق بھی تحقیق کی جارہی ہے۔

    کراچی: آئس فروخت میں ملوث اینٹی نارکوٹکس فورس کا سابق سب انسپکٹر گرفتار

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شہرِ قائد کے تعلیمی اداروں میں آئس نشہ فروخت کرنے میں ملوث 2 ملزمان گرفتار کیے تھے۔

    یاد رہے کہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام ذمہ دار کون کی ٹیم کی ایک اسٹنگ آپریشن کے دوران انکشاف ہوا تھا کہ کراچی کے تعلیمی اداروں کے طلبہ میں آئس نشے کے استعمال میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔

    یہ بھی انکشاف ہوا تھا کہ تعلیمی اداروں میں لڑکوں کی نسبت لڑکیوں میں آئس نشہ مقبول ہے۔

  • وینزویلا بحران: سعودی عرب کو تیل کی عالمی منڈی غیر مستحکم ہونے کا خدشہ

    وینزویلا بحران: سعودی عرب کو تیل کی عالمی منڈی غیر مستحکم ہونے کا خدشہ

    ریاض: وینزویلا میں سیاسی بحران کے پیش نظر سعودی عرب کو تیل کی عالمی منڈی غیر مستحکم ہونے کا اندیشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ان دنوں جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں صدر نکولس مدورو کے خلاف احتجاج جاری ہے جس کے باعث سعودی عرب کو تیل کی تجارت سے متعلق شدید تشویش ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اویپک کے رکن ملک وینزویلا میں جاری بحران کے سبب تیل کی بین الاقوامی منڈی عدم استحکام کا شکار ہو سکتی ہے۔

    سعودی حکام کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب وینزویلا میں ہونے والی پیشرفت پر نظر رکھے ہوئے ہے اور اس کا تیل کی منڈی کے استحکام پر اثر پڑ سکتا ہے۔

    حکام کے مطابق ملکی معاملات کا حل ہونا معیشت کے ساتھ ساتھ تیل کی عالمی منڈی میں بھی مثبت اثرات مرتب کرے گا۔

    دوسری جانب امریکا نے وینزویلا میں تعینات امریکی سفارت کاروں اور اپوزیشن رہنما جون گائیڈو کے خلاف اقدام کرنے پر صدر نکولس ماڈورو کو خطرناک نتائج کی دھمکی دے دی۔

    اپوزیشن رہنما جون گائیڈو کے خلاف اقدامات وینزویلا کو مہنگی پڑے گی، جان بولٹن

    جان بولٹن کا کہنا تھا کہ ’صدر نکولس ماڈورو کا امریکی سفارتکاروں اور جون گائیڈو کے خلاف اقدام قانون کی حکمرانی حملہ تصور کیا جائے گا، اگر ایسا ہوا تو امریکا بھرپور جواب دے گا‘۔

    خیال رہے کہ گزشتہ دنوں فرانس، نیدرلینڈز اور جرمنی سمیت یورپی طاقتوں نے کہا تھا کہ اگر ماڈورو نے آٹھ روز میں دوبارہ انتخابات نہیں کرائے تو یورپی یونین اپوزیشن رہنما جون گائیڈو کو وینزویلا کا صدر تسلیم کرلیں گے۔

  • حوثی باغیوں کے سعودی شہر پر دو بیلسٹک میزائل حملے

    حوثی باغیوں کے سعودی شہر پر دو بیلسٹک میزائل حملے

    ریاض: یمن میں برسرپیکار حوثی باغیوں نے سعودی شہر نجران پر دو بیلسٹک میزائل داغنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حوثی باغیوں کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے شہر نجران پر دو کامیاب بیلسٹک میزائل داغے گئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حوثی باغیوں کے اس دعویٰ کے بعد سعودی حکام کی جانب سے اب تک کوئی موقف سامنے نہیں آیا نہ ہی جانی یا مالی نقصانات کی کوئی اطلاعات ہیں۔

    نجران کے دو مختلف علاقوں میں قائم سعودی اتحادی افواج کے کیمپس پر حوثی باغیوں نے میزائل داغے، تاہم حکومت نے حملے کی تصدیق نہیں کی۔

    سعودی عسکری اتحاد کی جانب سے حال ہی میں یمن کے دارالحکومت صنعا میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے گئے تھے، نجران پر میزائل حملے حوثی باغیوں کی انتقامی کارروائی ہوسکتی ہے۔

    سعودی عرب کے شہر نجران پر میزائل حملہ، 26 افراد زخمی

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے شہر نجران پر داغے گئے میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا تھا تاہم 2 میزائل کا ملبہ گرنے سے بچوں سمیت 26 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ حوثی جنگجوؤں کے خلاف لڑنے والے عرب اتحاد کی جانب سے گذشتہ ماہ ہی یمن کے صوبے صعدہ میں اسکول کے بچوں سے بھری ہوئی بس پر فضائی بمباری کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 40 بچوں سمیت 51 افراد جاں بحق جبکہ 79 زخمی ہوئے تھے۔