Tag: Saudi Arabia

اردو زبان میں سعودی عرب سے تازہ ترین خبریں اور معلومات

Saudi Arabia News In Urdu by ARY News

  • سعودی عرب: عمرہ زائرین کیلئے اہم ہدایت جاری

    سعودی عرب: عمرہ زائرین کیلئے اہم ہدایت جاری

    سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ کی جانب سے عمرہ زائرین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دوران طواف حجر اسود کے قریب زیادہ دیر رک کر رکاوٹ پیدا نہ کریں۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین طواف کرتے وقت حجر اسود کے قریب رک جاتے ہیں یا وہاں جاکر کھڑے ہوجاتے ہیں جس سے دیگر افراد کو پریشانی ہوتی ہے اور رش میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

    وزارت کے مطابق حجر اسود کے پاس کھڑے ہوکر طواف کے راستے رکاوٹ پیدا نہ کریں بلکہ دیگر عمرہ زائرین کا خیال رکھتے ہوئے اس سے بچیں۔

    وزارت حج و عمرہ کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح آپ اور دیگر زائرین ذہنی سکون و اطمینان کے ساتھ طواف مکمل کرسکیں گے۔

    اس سے قبل سعودی عرب نے حج سیزن میں پاکستان سمیت 14 ممالک پر عارضی ویزا پابندی لگادی۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے پابندی حج سیزن کے دوران عمرہ، بزنس اور فیملی ویزوں پر لگائی گئی ہے۔

    فہرست میں پاکستان، بھارت، بنگلادیش، مصر، انڈونیشیا، عراق شامل ہیں۔

    نائیجیریا، اردن، الجزائر، سوڈان، ایتھوپیا، تیونس، چیمن بھی فہرست میں شامل ہیں جبکہ عارضی ویزا پابندیاں جون کے وسط میں ختم ہونے کا امکان ہے۔ سعودی حکومت نے پاکستان کو باضابطہ طور پر فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔

    عمرہ و عازمینِ حج کی بڑی مشکل آسان ہوگئی

    پاکستانی عمرہ ویزا ہولڈر کو 29 اپریل تک وطن واپسی کی ہدایت کی گئی ہے، پابندی کے باوجود مملکت میں قیام پر پانچ سال کی پابندی ہوسکتی ہے۔

    عمر ویزا ہولڈر 13 اپریل تک سعودی عرب میں داخل ہوسکتے ہیں۔

  • سعودی عرب میں 28 مارچ تک شدید بارشوں کا الرٹ جاری

    سعودی عرب میں 28 مارچ تک شدید بارشوں کا الرٹ جاری

    سعودی عرب میں محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مملکت کے بیشترعلاقوں میں جمعہ 28 مارچ تک شدید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے بیان میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھیں اور غیرضروری سفر سے گریز کریں۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں۔ ایسے مقامات پر جہاں بارش کا پانی جمع ہو تیراکی سے گریز کیا جائے۔

    شہری دفاع کے مطابق موسمی تبدیلی کے حوالے سے تازہ ترین معلومات کیلیے سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نظر رکھی جائے۔

    بیان کے مطابق مکہ ریجن میں درمیانے درجے سے شدید بارشوں کا امکان ہے، جس سے سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، اسی طرح کی صورتحال باحہ، عسیر اور جازان ریجن میں بھی متوقع ہے۔

    اس کے علاوہ نجران ریجن میں درمیانے درجے جبکہ مدینہ ریجن میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے ماہر عقیل العقیل نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مملکت کے بعض علاقوں میں عید الفطر تک بارش کا امکان ہے۔

    موسمیات کے قومی مرکز کے ماہر کا کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ کے علاوہ مملکت کے وسطی اور مشرقی پہاڑی علاقوں میں شدید بارش ہوسکتی ہے۔

    بارش کا امکان، مسجد نبویؐ آنے والوں کیلئے اہم ہدایت جاری

    موسمیات کے قومی مرکز کا خبردار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مملکت کے بیشتر علاقے اتوار تک بارش اور گرد آلود تیز ہواؤں کی زد میں رہیں گے، تبوک، مدینہ منورہ، الجوف اور شمالی حدود ریجن میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

  • امریکا اور یوکرین کے درمیان ریاض میں مذاکرات کا دور مکمل

    امریکا اور یوکرین کے درمیان ریاض میں مذاکرات کا دور مکمل

    سعودی عرب کے شہر ریاض میں امریکا اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کا دور مکمل ہو گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یوکرینی وزیرِ دفاع ستم عمروف کا کہنا تھا کہ یوکرین اور امریکی حکام کے درمیان مذاکرات نتیجہ خیز رہے۔

    انہوں نے بتایا کہ امریکی حکام سے توانائی سمیت اہم نکات پر بات چیت کی، منصفانہ اور دیرپا امن کو حقیقت بنانے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

    دوسری جانب قیدیوں کے تبادلے میں یوکرین سے رہائی پانے والی روسی فوجی ملک پہنچ گئے ہیں۔

    روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کی کوششوں میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، ماسکو اور کیف کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کا آغاز ہو گیا۔

    پہلے مرحلے میں 350 قیدیوں کا تبادلہ ہوا، دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے 175 جنگی قیدیوں کو رہا کیا، روسی وزارت دفاع کے مطابق رہائی پانے والے روسی فوجی بیلاروس پہنچے، جہاں سے انھیں علاج کے لیے روسی فیڈریشن منتقل کر دیا گیا۔

    جنگی قیدیوں کی رہائی میں متحدہ عرب امارات نے ثالثی کا کردار ادا کیا ہے، روس نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر یوکرین کے 22 شدید زخمی جنگی قیدیوں کو بھی رہا کیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز ولادیمیر پیوٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطے میں 175 قیدیوں کی رہائی پر اتفاق ہوا تھا۔

    امریکی صدر کے خط سے متعلق ایران کا بڑا بیان

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دونوں ممالک کے سربراہان سے بات چیت کے بعد یوکرین اور روس نے اصولی طور پر ایک محدود جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے، یہ جنگ بندی کب نافذ العمل ہوگی، فی الوقت اس کا فیصلہ نہیں کیا جا سکا ہے۔

  • سعودی عرب میں قانون کی خلاف ورزی، ایک ہفتے میں 25 ہزار افراد گرفتار

    سعودی عرب میں قانون کی خلاف ورزی، ایک ہفتے میں 25 ہزار افراد گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں قانون کی خلاف ورزی پر ایک ہفتے میں 25 ہزار افراد کو گرفتار کیا گیا۔

    سعودی وزارت داخلہ کے مطابق سعودی عرب کے تمام خطوں میں ایک مشترکہ فیلڈ مہم چلائی گئی، جس میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر ایک ہفتے کے دوران 25150 کو حراست میں لیا گیا۔

    وزارت نے انکشاف کیا کہ ان سب کو 13 سے لے کر 19 مارچ 2025 کے درمیان حراست میں لیا گیا۔

    گرفتار کیے گئے لوگوں میں ریزیڈنسی سسٹم کی خلاف ورزی کرنے والے 17,886، بارڈر سیکیورٹی سسٹم کی خلاف ورزی کرنے والے 4,247 اور لیبر سسٹم کی خلاف ورزی کرنے والے 3,017 افراد شامل ہیں۔

    مملکت میں غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے کی کوشش کے دوران گرفتار ہونے والوں کی کل تعداد 1,553 تک پہنچ گئی ہے، ان میں سے 28 فی صد یمنی، 69 فی صد ایتھوپین اور 3 فی صد دیگر قومیتوں کے لوگ تھے۔


    عمرہ زائرین کی بس کو تصادم کے بعد آگ لگ گئی، خوفناک حادثہ


    رہائش، کام اور سرحدی سلامتی کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو نقل و حمل، پناہ دینے، ملازمت دینے اور ان کی پردہ پوشی کرنے والے 36 افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ دوسری طرف قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر پکڑے گئے غیر ملکیوں کی تعداد 38061 تک پہنچ گئی ہے، ان میں 2266 خواتین بھی شامل ہیں۔

  • مکہ میں عمرہ زائرین کی سیکیورٹی کے لیے بڑا اقدام

    مکہ میں عمرہ زائرین کی سیکیورٹی کے لیے بڑا اقدام

    سعودی عرب میں مقدس شہر مکہ مکرمہ میں دوران رمضان المبارک عمرہ زائرین کی نگرانی کے لیے 200 اسمارٹ اسکرینوں کو نصب کردیا گیا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک کے دوران عمرہ زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔

    مکہ مکرمہ کے مرکزی کنٹرول سینٹر میں اس سلسلے میں 200 سے زائد اسمارٹ اسکرینز نصب کی گئی ہیں، جو شہر میں جاری آپریشنز کی براہِ راست نگرانی اور انتظام میں مدد فراہم کریں گی۔

    یہ نظام زائرین کی آمد، نقل و حرکت اور روانگی کو یقینی بنانے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے، تاکہ زیادہ رش کے بہاؤ کو محفوظ رکھنے میں مدد مل سکے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔

    7 مخصوص شعبوں میں سیکیورٹی کے مختلف امور کو تقسیم کردیا گیا ہے، جس کی بدولت پورے شہر میں سیکیورٹی انتظامات کو مربوط انداز میں چلایا جا سکتا ہے اور تمام ترقیاتی مراحل کو براہ راست مانیٹرکیا جاسکتا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق یہ جدید مرکز 24 گھنٹے فعال رہتا ہے اور رمضان المبارک کے دوران سیکیورٹی انفراسٹرکچر کا ایک اہم حصہ ہے۔

    اس کے ذریعے زائرین کے بہاؤ کو ٹریک بھی کرسکتے ہیں، ہجوم کی گنجائش کو مانیٹر کیا جاسکتا ہے، اور کسی بھی ممکنہ واقعے پر فوری ردعمل دیا جاسکتا ہے۔

    اس کے علاوہ سعودی عرب میں حج اور عمرے کی خصوصی عبادت کے لیے آنے والوں کو ہنگامی طبی امداد کی فراہمی کے لیے اسکوٹر سروس کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق مملکت میں عمرہ اور حج کے لیے آنے والوں کے لیے خصوصی انتظامات کا اعلان کیا گیا ہے۔

    مسجد نبوی ﷺ میں پاکستانی عمرہ زائر کی جان بچا لی گئی

    ہنگامی طبی امداد کے لیے اب اسکوٹر سروس کا مدینہ منورہ میں بھی آغاز کردیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اسکوٹر سواروں پر مشتمل یہ عملہ عمرہ اور حج ادا کرنے والوں کو ہنگامی طبی امداد مہیا کرے گا، اب تک 91 افراد کو ان ٹیموں نے رش والے مقامات سے اسپتال منتقل کیا ہے۔

  • سعودی عرب: مکہ مکرمہ ریجن میں موسلا دھار بارش کا امکان

    سعودی عرب: مکہ مکرمہ ریجن میں موسلا دھار بارش کا امکان

    سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ مملکت کے بیشتر علاقوں میں بدھ سے اتوار تک درمیانی سے تیز بارش اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے جمعرات کو 60 کلومیٹر فی گھنٹے یا اس سے زیادہ رفتار سے گرد آلود ہواؤں کے ساتھ مکہ مکرمہ ریجن میں موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اس کے اثرات جدہ، رابغ، اللیث، القنفذہ، طائف، اضم، میسان، العرضیات، المویہ، الخرمہ، الجموم، الکامل، بحرۃ، خلیص، رنیہ اور تربہ تک پڑ سکتے ہیں۔

    مدینہ منورہ ریجن کے علاقے خیبر، بدر، المھد، وادی الفرع، الحناکیہ اور مدینہ منورہ شہر تیز ہواؤں سے متاثر ہوں گے۔ یہاں بھی ہوا کی رفتار 60 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہوسکتی ہے جو گردو و غبار کی صورت اختیار کرے گی، جس کے سبب تیز بارش کا امکان موجود ہے۔

    موسمیاتی مرکز کا الباحہ کے حوالے سے کہنا ہے درمیانی سے شدید بارش ہوسکتی ہے، جبکہ تیز ہواؤں اور گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ یہاں بھی رہے گا۔ اس کے علاوہ سیلابی صورتحال اور برف باری کا امکان موجود ہے۔

    سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض، القصیم، حائل، مشرقی ریجن، حدود شمالی، الجوف، الباحہ، جازان کے علاقے ہلکی سے درمیانی بارش سے متاثر رہیں گے اس کے علاوہ یہاں بھی تیز اور گرد آلود ہوائیں بدھ سے اتوار تک متوقع ہیں۔

    جیزان میں بھی درمیانے سے موسلا دھار بارش کے امکانات ہیں۔ گردوغبار، ژالہ باری ہوسکتی ہے جبکہ نجران کا علاقہ درمیانے درجے کی بارش اور گردآلود ہواؤں سے متاثر رہے گا۔

    سعودی عرب میں عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان

    عسیر ریجن کے زیادہ تر علاقوں میں درمیانی سے تیز بارش کا امکان ہے جو جمعے اور سنیچر کو شدت اختیار کرسکتی ہے اس کے علاوہ گرد آلود تیز ہوائیں چلنے اور سیلابی صورتحال کا بھی خطرہ ہے۔

  • سعودی عرب: ٹریفک جرمانوں کی ادائیگی میں 50 فیصد رعایت دیدی گئی

    سعودی عرب: ٹریفک جرمانوں کی ادائیگی میں 50 فیصد رعایت دیدی گئی

    سعودی عرب کے محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ 18 اپریل 2024 سے پہلے ہونے والی ٹریفک خلاف ورزیوں پر جرمانوں کی ادائیگی میں 50 فیصد رعایت کی مہلت دی گئی ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مہلت ختم ہونے کے بعد رعایت ختم ہوجائے گی،آخری تاریخ 18 اپریل 2025 ہے۔ اس سے فائدہ اُٹھایا جاسکتا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق محکمہ ٹریفک کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ جو لوگ جرمانے یکمشت ادا نہیں کرسکتے وہ اپنی سہولت کے مطابق ایک ایک کرکے خلاف ورزیوں کے جرمانے ادا کرسکتے ہیں۔

    سعودی عرب کے محکمہ ٹریفک کے بیان میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ روڈ سیفٹی یقینی بنانے کیلیے ٹریفک ضابطوں کی پابندی ضروری ہے۔

    دوسری جانب متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں گزشتہ سال منظور ہونے والے نئے ٹریفک قوانین پر رواں برس 20 مارچ سے عمل درآمد شروع کردیا جائے گا۔

    رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں نئے ٹریفک قوانین میں 10 شقوں کی وضاحت کی گئی ہے جن میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے لیے بنیادی طورپر 4 شرائط رکھی گئی ہیں۔

    متعلقہ ادارے کو قانون کی شق نمبر 12 کے مطابق یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ ڈرائیونگ لائسنس کو اس وقت معطل کردے جب یہ ثابت ہو کہ لائسنس ہولڈر جسمانی طورپر فٹ نہیں رہا اس صورت میں لائسنس کی تجدید کو بھی روکا جاسکتا ہے۔

    ٹریفک جام کا توڑ تیار، اُڑنے والی کار حقیقت بن گئی! کامیاب آزمائش کی ویڈیو جاری

    شق نمبر31 کے مطابق اگر لائسنس ہولڈر سے مختلف نوعیت کے جرائم جن میں غفلت کی وجہ سے ٹریفک حادثے میں فریق مخالف کی موت ہونا یا سنگین نقصان پہنچنا،نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرنا، حادثے کی صورت میں اپنی شناخت کو چھپانے کے لیے غلط بیانی کرنا، خطرناک انداز میں گاڑی چلانااور حادثے کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہونے کی کوشش کرنا شامل ہے۔

  • 9 سال سے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم سعودی عرب سے گرفتار

    9 سال سے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم سعودی عرب سے گرفتار

    وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 9 سال سے قتل کے مقدمے میں مطلوب خطرناک اشتہاری ملزم کو سعودی عرب سے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے کارروائی کرتے ہوئے 9 سال سے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم کو سعودی عرب سےگرفتار کرلیا، گرفتار ملزم کی شناخت محمد وسیم کے نام سے ہوئی ہے ملزم پنجاب پولیس کو مطلوب تھا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو سعودی عرب سےگرفتار کر کے اسلام آباد ایئرپورٹ منتقل کیا گیا، ملزم کے خلاف 2016 میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا۔

    ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف تھانہ گوجرہ سٹی، ٹوبہ ٹیک سنگ میں مقدمہ درج تھا، ملزم قتل کرکے بیرون ملک فرار ہو گیا تھا، ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزم کی گرفتاری کیلئے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔

  • مسجد الحرام کے اطراف زائرین کے لیے 24 گھنٹے طبی سہولیات کی فراہمی

    مسجد الحرام کے اطراف زائرین کے لیے 24 گھنٹے طبی سہولیات کی فراہمی

    سعودی عرب میں حرمین شریفین کی انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک کے ایام کے دوران زائرین کے لیے میڈیکل ایمرجنسی سینٹرز میں 24 گھنٹے کی بنیاد پر طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسجد الحرام کے اطراف اور مختلف مقامات پر مکہ مکرمہ میڈیکل سینٹر کے اشتراک سے ہنگامی طبی امدادی سینٹرز بنائے گئے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق رمضان المبارک میں سعودی ہلال الاحمر کے یونٹس بھی مختلف جگہوں اپنی خدمات انجام دیں گے۔

    مسجد الحرام کے مختلف اطراف میں 7 امدادی سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جبکہ فوری اور ہنگامی امداد کے لیے ریپیڈ سروس یونٹس بھی موجود ہوں گے جوعمرہ زائرین اور مسجد الحرام میں نماز ادا کرنے والوں کو فوری طبی امداد فراہم کریں گے۔

    مسجد الحرام کے صحن مطاف کے جنوبی سمت میں باب السلام کے ساتھ ہی طبی سینٹر قائم کیا گیا ہے جہاں سے کسی بھی ہنگامی حالت میں طبی امداد فراہم کی جاسکتی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق مختلف مقامات پر ہنگامی امدادی سینٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ زائرین اور ماہ رمضان میں مسجد الحرام آنے والوں کو بہترطبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔

    اس سے قبل سعودی عرب میں ادارہ امور حرمین کی جانب سے مسجد الحرام میں افطاری دسترخوان کے ضوابط جاری کردیئے گئے ہیں۔ خواہش مند افراد پرمٹ کے حصول کے لئے ویب سائٹ پر درخواست اپ لوڈ کی جاسکتی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق مسجد الحرام میں فلاحی تنظیموں اور انفرادی طور پر افطار دسترخوان لگانے کے لیے پرمٹ حاصل کرنے کے لیے درخواستوں کی وصول کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

    مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں رمضان المبارک کے دوران پرمٹ کے بغیر افطاری دسترخوان نہیں لگایا جاسکتا۔

    افطاری دسترخوان لگانے والوں کو ادارہ امورحرمین نے ہدایت کی ہے کہ وہ مطلوبہ معیار کے مطابق افطاری فراہم کریں۔ منظور شدہ کیٹرنگ سے افطاری تیار کرائی جائے روزہ داروں کو غیرمعیاری اشیا فراہم نہ کریں۔

    پرمٹ کی درخواست میں جگہ کا بھی تعین کیا جاسکتا ہے۔ افراد کو ایک جبکہ فلاحی تنظیم کو 10 دسترخوان لگانے کی اجازت ہوگی۔

    سعودی عرب: رمضان المبارک میں بجلی صارفین کے لئے بڑی خوشخبری

    افطاری ضوابط میں ہدایت کی گئی ہے کہ افطاری کے لیے فراہم کیا جانے والا کھانا معیار کے مطابق محکم انداز میں پیک کیا گیا ہو۔ ذیابیطس اور مہلک امراض میں مبتلا افراد کے لیے مخصوص اشیا فراہم کی جائیں جو کم کیلوریز پر مشتمل ہوں۔

  • سعودی عرب: رمضان المبارک میں بجلی صارفین کے لئے بڑی خوشخبری

    سعودی عرب: رمضان المبارک میں بجلی صارفین کے لئے بڑی خوشخبری

    سعودی عرب میں رمضان المبارک کے دوران بجلی صارفین کے لئے خوشی کی خبر سامنے آگئی، صارفین کے تحفظ کے لیے قائم کئے جانے والے ادارے نے کہا ہے کہ رمضان میں بجلی کمپنی بل ادا نہ کرنے پر صارفین کے بجلی کے کنکشن منقطع نہیں کرسکتی۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ادارے نے کہا ہے کہ بجلی کمپنی پر پابندی عائد ہے کہ وہ رمضان کے دوران کسی بھی وجہ سے صارف سے بجلی منقطع نہیں کرسکتی۔

    اسی طرح سکولوں کے امتحان کے دنوں میں بھی بل کی ادائیگی نہ کرنے پر بجلی نہیں کاٹی جاسکتی۔ بجلی کا بل ادا نہ کرنے کی صورت میں دوپہر 12 بجے کے بعد سخت گرمی میں بھی بجلی کاٹنے پر پابندی ہے۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ یہ ممنوعہ اوقات ہیں جن میں کسی بھی وجہ سے صارف سے بجلی کا کنکشن نہیں کاٹا جاسکتا۔ ممنوعہ اوقات میں بجلی منقطع ہونے پر بجلی کمپنی صارف کو 500 ریال معاوضہ دینے کی پابند ہے۔

    دوسری جانب سعودی عرب کی جانب سے ماہ رمضان المبارک میں دنیا بھر کے 45 ممالک میں قرآن پاک کے 12 لاکھ نسخے تقسیم کیے جائیں گے۔

    دنیا بھر میں مسلمانوں کا ماہ مقدس رمضان المبارک شروع ہونے میں ایک یا دو دن باقی رہ گئے ہیں۔ سعودی حکومت نے اس ماہ مقدس میں جہاں زائرین عمرہ کی سہولت کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں وہیں ماہ رمضان المبارک میں دنیا بھر کے 45 ممالک میں قرآن پاک کے 12 لاکھ نسخے بھی تقسیم کیے جائیں گے۔

    ماہ رمضان سے قبل اسرائیل کا شرمناک فیصلہ، مسجد اقصیٰ میں فلسطینیوں کا داخلہ محدود کردیا

    عرب میڈیا کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے قرآن مجید کے 12 لاکھ نسخے 45 ممالک میں تقسیم کرنے کی منظوری دیدی ہے۔اس کے علاوہ قرآن مجید کے 79 زبانوں میں تراجم بھی مختلف ممالک میں تقسیم کیے جائیں گے۔