Tag: Saudi Arabia

اردو زبان میں سعودی عرب سے تازہ ترین خبریں اور معلومات

Saudi Arabia News In Urdu by ARY News

  • مکہ اور مدینہ میں رمضان کے دوران موسم کیسا رہے گا؟

    مکہ اور مدینہ میں رمضان کے دوران موسم کیسا رہے گا؟

    سعودی عرب میں محکمہ موسمیات کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران موسم کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی گئی ہے، جو موسمیاتی اعتبار سے موسم بہار کا آغاز ہے۔

    سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ مکہ اور مدینہ منورہ میں درجہ حرارت معمول سے ایک ڈگری زیادہ رہے گا۔ مدینہ منورہ میں 24.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور مکہ مکرمہ میں درجہ حرارت 27.8 رہنے کی توقع ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ میں متوقع بارش کی اوسط 4.9 ملی میٹر اور مدینہ منورہ میں 5.3 ملی میٹر ہے۔ مکہ اور مدینہ منورہ میں بارش معمول کے اوسط سے زیادہ ہوں گی۔

    رپورٹس کے مطابق 1991 سے 2020 کے دوران موسمی حالات کا جائزہ بھی دیا گیا ہے جس میں بتایا گیا کہ مکہ مکرمہ کا موسم دن کے وقت گرم اور رات کے وقت معتدل جبکہ مدینہ منورہ میں موسم گرم رہتا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے تجزیہ کارعقیل العقیل کے مطابق رمصان المبارک کے اختتام سے قبل درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوجائے گا۔

    موسمیات کے ماہر ڈاکٹر خالد الزعاق کے مطابق عید کے پہلے دن سے موسم گرما کا آغاز ہوگا جس میں دن کے وقت موسم گرم اور رات کے وقت متعدل رہنے کی توقع ہے۔

    دوسری جانب اگر پاکستان کی بات کی جائے تو محکمہ موسمیات نے کراچی میں رمضان المبارک کے دوران موسم کے حوالے سے خبردار کردیا۔

    میڈیا فوکل پرسن محکمہ موسمیات انجم نذیر نے رمضان المبارک کے دوران کراچی میں موسم کے حوالے سے کہا کہ رمضان کا آغاز معتدل موسم سے ہوگا جبکہ آخری عشرے میں شدید گرمی پڑے گی اور میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    انجیر : موسم سرما میں یہ پھل سوچ سمجھ کر کھائیں ورنہ !!

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شہر میں رواں ہفتے مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں پر اثر انداز ہوگا لیکن کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔

  • سعودی عرب نے اپنے یوم تاسیس پر عالمی ریکارڈ بنا ڈالا!

    سعودی عرب نے اپنے یوم تاسیس پر عالمی ریکارڈ بنا ڈالا!

    سعودی عرب میں یوم تاسیس کے موقع پر مملکت نے ایک عالمی ریکارڈ بنا کر اپنا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرا لیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں 20 سے 23 فروری تک یوم تاسیس کے سلسلے میں ہونے والی تقریبات کے دوران ایک عالمی ریکارڈ بن گیا۔

    رپورٹ کے مطابق ان تقریبات کے دوران سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والی ایک تقریب میں روایتی رقص ’عرضہ‘ بھی پیش کیا گیا اور سینکڑوں فنکاروں نے ایک ساتھ یہ روایتی رقص کر کے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرا لیا۔

    اس تاریخی منظر کو نوٹ کرنے کے لیے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم بھی موجود تھی جس نے تصدیق کی یہ ایک عالمی ریکارڈ بن چکا ہے۔

    اس پرفارمنس میں 633 شرکا نے ایک ساتھ روایتی رقص ’عرضہ‘ میں حصہ لیا تھا جب کہ تقریب میں 50 ہزار افراد شریک تھے۔

    ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں فن کاروں نے ایک ساتھ روایتی رقص پر پرفارم کیا ہو اس لیے یہ دنیا میں اس نوعیت کی سب سے بڑی پرفارمنس بن گئی۔

    https://urdu.arynews.tv/saudi-arabia-very-cold-weather-freezee-temeprature/

  • سعودی عرب نے ہنگامی طبی امداد کے مزید قافلے غزہ روانہ کردیئے

    سعودی عرب نے ہنگامی طبی امداد کے مزید قافلے غزہ روانہ کردیئے

    سعودی عرب کی جانب سے 34 نئے امدادی قافلے ہنگامی طبی سامان لے کر غزہ پہنچ گئے ہیں، یہ جنوبی غزہ کی پٹی کے اسپتالوں اور صحت مراکز میں فلسطینی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی مہم کا ایک حصہ ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی سینٹر فار کلچر اینڈ ہیریٹج نے جو غزہ کی پٹی میں شاہ سلمان مرکز کا ایگزیکٹیو پارٹنر ہے، متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر امداد کی تقسیم کی تیاری میں مصروف ہے۔

    موجودہ صورتحال میں ہسپتالوں اور صحت مراکز کو طبی سامان کی شدید قلت کے باعث مشکلات جھیلنا پڑ رہی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق یہ امداد سعودی عرب کے انسانی کردار کے فریم ورک کے تحت آتی ہے جس کا مقصد مختلف بحرانوں اور مصائب میں فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہنا ہے۔

    دوسری جانب امریکا غیرملکی امداد پر وسیع پیمانے پر روکنے کے ایک حصے کے طور پر فلسطینی اتھارٹی کی سکیورٹی فورسز کی حمایت بند کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے فنڈنگ میں کٹوتی اس وقت کی گئی ہے جب فلسطینی اتھارٹی مقبوضہ مغربی کنارے میں سیکیورٹی برقرار رکھنے اور غزہ کی پٹی پر حکومت کے ممکنہ کردار کے لیے تیاری کر رہی ہے۔

    فلسطینی اتھارٹی کی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل انور رجب نے واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ امریکا سکیورٹی کے تربیتی پروگراموں کی حمایت کرنے والا کلیدی ڈونر ہے۔

    منجمد ہونے کے باوجود، ایک نامعلوم سابق اسرائیلی اہلکار نے کہا کہ مغربی یروشلم میں امریکی سیکورٹی کوآرڈینیٹر کا دفتر بدستور کام کر رہا ہے اور ”دیگر عطیہ دہندگان نے اس کمی کو پورا کرنے کا عہد کیا ہے”۔

    سعودی ایئرپورٹس نے نیا ریکارڈ قائم کردیا

    فلسطینی اتھارٹی کے سیکیورٹی ٹریننگ کے ایک اہلکار نے کہا کہ کچھ پروگرام پہلے ہی منسوخ کر دیے گئے ہیں اور جنین میں سیکیورٹی آپریشنز کے بارے میں امریکی حکام کے ساتھ ایک منصوبہ بند میٹنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادیمیر پیوٹن سعودی ولئ عہد محمد بن سلمان کے گن گانے لگے

    ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادیمیر پیوٹن سعودی ولئ عہد محمد بن سلمان کے گن گانے لگے

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سعودی ولئ عہد محمد بن سلمان کے گن گانے لگے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلوریڈا کے شہر میامی میں انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ فیوچر سعودی انویسٹمنٹ انیشئیٹو میں شرکت میرے لیے اعزازکی بات ہے۔

    انھوں نے کہا سعودیوں کا ہمارے نزدیک خاص مقام ہے اور وہ سینئر قائدین کی حیثیت رکھتے ہیں۔

    روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا کہنا ہے کہ سعودی ولئ عہد کو فون کر کے مذاکرات میں کردار ادا کرنے پر ذاتی طور پر شکریہ ادا کروں گا۔

    برطانیہ، جرمنی اور فرانس کھل کر یوکرین کی حمایت کرنے لگے

    ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات کے لیے اچھا ماحول پیدا کرنے پر پیوٹن نے بدھ کے روز سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ سعودی ولئ عہد محمد بن سلمان کو فون کریں گے تاکہ مذاکرات میں ریاض کے کردار پر ذاتی طور پر ان کا شکریہ ادا کریں۔

    صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پیوٹن نے کہا ’’میں سعودی عرب کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز، اور ولی عہد کا، نہ صرف ریاض میں روس اور امریکا کے درمیان اعلیٰ سطحی اجلاس کی میزبانی کرنے پر، بلکہ بہت دوستانہ ماحول پیدا کرنے پر بھی۔‘‘

  • رمضان المبارک میں 10 لاکھ افراد کو افطار کرانے کا اعلان

    رمضان المبارک میں 10 لاکھ افراد کو افطار کرانے کا اعلان

    سعودی عرب میں وزارتِ اسلامی امور اور دعوت و ارشاد کی جانب سے ’خادم حرمین شریفین افطار پروگرام‘ کے تحت رمضان المبارک میں 61 ممالک میں 10 لاکھ افراد کو روزہ افطار کرانے کا اعلان سامنے آیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیر اسلامی امور، دعوت و ارشاد شیخ عبد اللطیف آل الشیخ کی جانب سے اس اہم اقدام پر خادم حرمین شریفین کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔

    انہوں نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے دنیا بھر میں ضرورت مندوں کی مدد اور اسلام و مسلمانوں کی خدمت کے لیے مسلسل حمایت اور کوششوں کو سراہا ہے۔

    وزارت کے مطابق رمضان المبارک میں افطار پروگرام کے لیے مختص رقم کی منتقلی کے تمام انتظامات مکمل ہوچکے ہیں، جو مذہبی اتاشیوں کے دفاتر، ثقافتی مراکز اور دعوت و ارشاد کے ذیلی اداروں کے تعاون سے کیے گئے ہیں۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں وزارت حج وعمرہ نے داخلی عازمین حج کے لیے ’نسک پورٹل‘ پر مزید چار پیکیجز متعارف کرادیئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق داخلی عازمین حج نسک پورٹل کے ذریعے اپنے لیے مطلوبہ پیکج لے سکتے ہیں، مگر اس میں ٹرانسپورٹ پروگرام شامل نہیں ہے۔

    رپورٹس کے مطابق نسک پورٹل پر وزارت حج وعمرہ نے رواں برس اندرون مملکت سے عازمین کے لیے جن 4 پیکجز کا اعلان کیا ہے ان میں وادی منیٰ کی خیمہ بستی میں رہائش کا پیکیج 10 ہزار 366 ریال سے شروع کیا گیا ہے۔

    دوسرا پیکیج اکنامک خیموں کا ہے جس کی قیمت 8092 ریال سے شروع ہوتی ہے، جبکہ تیسرا جمرات ٹاورز کا ہے جس کی قیمت 13150 ریال اور چوتھے پیکیج کی قیمت 12537 ریال ہے یہ کدانہ ٹاورز کا ہے اس میں کیٹرنگ کا آپشن موجود ہے تاہم تمام پیکیجز ٹرانسپورٹ پروگرام کے بغیر ہیں۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں وزارت حج وعمرہ نے 8 فروری سے داخلی عازمین کے لیے نسک پلیٹ فارم پر حج پیکیج کی بکنگ کا اعلان کیا تھا۔

    حج میں بچوں کو ساتھ لے جانے سے متعلق اہم فیصلہ

    وزارتِ حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ سعودی شہری اور مملکت میں مقیم غیرملکی جو اس سال حج کرنے کے خواہش مند ہیں وہ مختلف نوعیت کے پیکیجز حاصل کرنے کے لیے ’نسک‘ ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔

  • امریکا روس مذاکرات کے بعد سعودی عرب کا اہم بیان

    امریکا روس مذاکرات کے بعد سعودی عرب کا اہم بیان

    ریاض: سعودی عرب کی کابینہ نے روس اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا خیر مقدم کیا ہے۔

    ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت اجلاس میں کہا گیا ہے کہ امریکا روس مذاکرات کا مقصد دنیا میں سلامتی اور امن کو بڑھانا ہے۔

    کابینہ کے ارکان نے کہا کہ مشرق وسطیٰ سمیت دنیا بھر میں امن کی کوششوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، ارکان نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات کی کامیابی سے دنیا میں امن و سلامتی کو فروغ ملے گا، امریکی محکمہ خارجہ نے مذاکرات کے لیے سعودی عرب کے کردار کو سراہا۔

    یوکرین جنگ بندی کے لیے سعودی عرب میں روس اور امریکا کے مذاکرات کا پہلا دور مفید قرار دے دیا گیا ہے، فریقین میں بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا یہ ملاقات طویل سفر کا پہلا قدم ہے، صدر ٹرمپ تنازع جلد ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

    روس امریکا مذاکرات مسترد، یوکرینی صدر نے دورہ ملتوی کر دیا

    امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق امریکا اور روس مشترکہ کمیٹی بنائیں گے جو یوکرین مذاکرات کے معاملے پر مزید پیش رفت پر کام کرے گی۔ ماسکو اور واشنگٹن میں جو بائیڈن کے دور میں خراب تعلقات اور سفارتی عملے کی بحالی پر بھی اتفاق ہوا۔

    امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا یوکرین اور یورپ کو سائیڈ لائن نہیں کیا جا رہا، مذاکرات کے اگلے مرحلے میں شامل کیا جائے گا، تنازع کا خاتمہ تمام فریقوں کے لیے قابل قبول ہونا چاہیے۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا یوکرین تنازع حل کرنے اور سفارتی مشن کی رکاوٹیں دور کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکا اور روس کے وفد کے درمیان یوکرین تنازع پر ملاقات ریاض میں ہوئی تھی۔ یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے سعودی عرب کا دورہ ملتوی کر دیا ہے۔ صدر زیلنسکی کو آج ریاض کا دورہ کرنا تھا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرینی صدر 10 مارچ کو سعودی عرب جائیں گے۔

  • امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سعودی عرب پہنچ گئے

    امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سعودی عرب پہنچ گئے

    امریکا کے وزیر خارجہ مارکو روبیو یوکرین اورروس جنگ کے خاتمے کے سلسلے میں سعودی عرب پہنچ گئے۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی عہدیدار کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مارکو روبیو سعودی عرب میں روسی حکام سے یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے براہِ راست مذاکرات کریں گے۔

    رپورٹس کے مطابق مذاکرات میں قومی سلامتی کے مشیر مائیکل والٹز اور خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف بھی ممکنہ طور پر شریک ہوں گے، جبکہ مذاکراتی عمل ابھی ابتدائی مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔

    دوسری جانب امریکا کا کہنا ہے کہ ولادیمیر پیوٹن امن کے لیے سنجیدہ ہیں یا نہیں، یہ اگلے چند دن میں طے ہو جائے گا۔

    ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ روس اور یوکرین جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں، اور اس مقصد کے لیے وہ ”بہت جلد“ اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔

    نیتن یاہو نے ایال ضمیر کونیا آرمی چیف مقرر کردیا

    ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ سعودی عرب میں امن مذاکرات ہونے جا رہے ہیں، اور یوکرینی صدر کو بھی امن مذاکرات میں شامل کریں گے، ہم امن قائم کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔

  • عمرے کی آڑ میں 4 خواتین کی سعودی عرب اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    عمرے کی آڑ میں 4 خواتین کی سعودی عرب اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    کراچی ائیرپورٹ پر عمرے کی آڑ میں خواتین کی سعودی عرب اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی۔

    وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن سرکل نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 4 خواتین کی سعودی عرب اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق خواتین کو جبری مشقت کی غرض سے بھجوایا جارہا تھا، آسیہ نامی ملزمہ خواتین کو جبری مشقت پر بھجوانے میں ملوث ہے، ملزمہ آسیہ پنجاب پولیس کی سابقہ ملازم ہے۔

    ترجمان ایف آئی اے کا مزید کہنا تھا کہ قیام، اخراجات کیلئے سہولت کاری وسیم گجر نامی ایجنٹ نے کرنا تھی، چاروں خواتین  آف لوڈ کردی گئیں جبکہ ایجنٹوں سے متعلق معلومات لی جا رہی ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ جعلی ایمرجنسی پاسپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے 2 مسافر کو بھی گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ملزمان کی شہریت بھی مشکوک پائی گئی ہے۔

  • ٹرمپ اور پیوٹن ملاقات کی میزبانی، سعودی عرب کا اظہار مسرت

    ٹرمپ اور پیوٹن ملاقات کی میزبانی، سعودی عرب کا اظہار مسرت

    ریاض: سعودی عرب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کو بڑی پیش رفت قرار دے دیا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق سعودی عرب نے امریکی اور روسی صدور کی سعودی عرب میں ملاقات کے خیال کا خیر مقدم کیا ہے، سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ دونوں رہنماؤں کے درمیان کسی بھی ممکنہ سربراہ اجلاس کی میزبانی کے لیے تیار ہیں۔

    انھوں نے کہا سعودی عرب کے لیے امریکی اور روسی صدور کی میزبانی باعث مسرت ہے، سعودی مملکت روس اور یوکرین کے درمیان پائیدار امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

    یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے روسی صدر سے فون پر بات کرنے کے بعد کہا تھا کہ ان کی روسی صدر سے ملاقات سعودی ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ متوقع ہے۔

    لاکھوں ڈالر واپس کرو، ٹرمپ نے روئٹرز، نیویارک ٹائمز سمیت میڈیا اداروں کو لتاڑ دیا

    کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر سعودی دارالحکومت ریاض میں پیوٹن اور ٹرمپ کے درمیان ملاقات کا بندوبست کرنے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔

    دونوں رہنماؤں نے بدھ کو بات کی اور آمنے سامنے ملاقات کے اپنے ارادے کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پہلے غیر ملکی رہنما تھے جنھیں ٹرمپ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد کال کی تھی۔ ٹرمپ نے ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم میں ویڈیو لنک کے ذریعے اپنی تقریر کے دوران ولئ عہد کو ’’ایک لاجواب آدمی‘‘ قرار دیا۔

    دوسری طرف ولادیمیر پیوٹن، جنھوں نے 2023 میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا، نے گزشتہ ستمبر میں کہا تھا کہ وہ سرد جنگ کے بعد سب سے بڑے امریکی-روسی قیدیوں کے تبادلے میں مدد کرنے پر محمد بن سلمان کے شکر گزار ہیں۔

  • سعودی عرب : منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    سعودی عرب : منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    سعودی عرب میں انسداد منشیات حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مملکت میں منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات ضبط کرلی۔

    سعودی عرب کے ذرائع ابلاغ کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول کے جنرل ڈائریکٹوریٹ نے زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی کے ساتھ مل کر الودیعہ بارڈر کراسنگ پر منشیات اسمگل کرنے کی دو کوششوں کو ناکام بنا دیا۔

    ایس پی اے کے مطابق سعودی حکام نے دو گاڑیوں کے اندر چھپائی گئی17 ہزار 528 نشہ آور گولیاں ( کیپٹاگون) اور چار کلو گرام سے زیاد حشیش برآمد کرلی۔

    کسمٹم حکام نے سرحد پر پہنچنے والی بس کے اندر چھپائی گئی کیپٹاگون برآمد کی جبکہ ایک اور ٹرک کے خفیہ حصے میں مہارت سے چھپائی گئی حشیش برآمد ہوئی۔

    سیکیورٹی حکام نے شہریوں اور رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ یا اس دھندے میں ملوث عناصر سے یوشیار رہیں۔

    حکام نے شہریوں کی معلومات کے لیے منشیات سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایات کے لیےدیے گئے نمبروں پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    مکہ مکرمہ، ریاض اور مشرقی صوبے کے علاقوں میں شہری 911 اور مملکت کے باقی علاقوں میں 999 پر منشیات کے بارے میں مطلع کرسکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : جوتوں میں چھپا کر منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس نے پشاور اور اسلام آباد ایئرپورٹ سے پاکستان سے جوتوں میں چھپا کر دبئی اور بحرین منشیات اسمگل کرنے کی 3 کوششیں ناکام بنادیں۔

    ترجمان اے ایس ایف کے مطابق پشاور سے دبئی جانے والے مسافر سے455 گرام چرس برآمد ہوئی، دوسری کارروائی میں اسلام آباد سے بحرین جانے والی خاتون کے جوتوں سے ڈیڑھ کلو سے زائد آئس برآمد کی گئی۔

    تیسری کارروائی بھی اسلام آباد ائیرپورٹ میں کی گئی، جہاں بحرین جانے والے مسافر سے چھ کلو ہیروئن سے بھیگے کپڑے برآمد ہوئے۔