Tag: Saudi Arabia

اردو زبان میں سعودی عرب سے تازہ ترین خبریں اور معلومات

Saudi Arabia News In Urdu by ARY News

  • سعودی عرب: انٹرنیٹ کالنگ پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان

    سعودی عرب: انٹرنیٹ کالنگ پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان

    ریاض: سعودی عرب نے انٹرنیٹ کے ذریعے وائس اور ویڈیو کال پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    خلیج ٹائمز کے مطابق سعودی پریس ایجنسی نے بدھ کو سعودی عرب کے وزیر اطلاعات و انفارمیشن ٹیکنالوجی عبداللہ عامر السواحہ کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے کہ وی او آئی پی (وائس اوور انٹرنیٹ پروٹوکول) پر عائد پابندی ایک ہفتے کے اندر یعنی اگلے بدھ سے ختم کردی جائے گی۔

    اس ضمن میں سعودی وزیر نے ٹوئٹس بھی کیے ہیں جن میں بتایا ہے کہ ٹیلی کام کمپنیوں کی مدد سے اس پابندی کا خاتمہ کیا جائے گا۔

    پابندی 20 ستمبر سے ختم ہوجائے گی

    سعودی وزیر نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ ہم نے ٹیلی کام پارٹنرز کو طلب کرلیا ہے تاکہ صارفین کو ترجیح دیتے ہوئے کال بلاکنگ کا ہفتے بھر میں (20 ستمبر)خاتمہ کیا جاسکے۔

    انہوں نے ٹوئٹر پر مزید کہا کہ انتظامیہ اور ٹیلی کام سروس پرووائیڈرز وائس اوور انٹرنیٹ پروٹوکول کو ان بلاک کرنے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے تاکہ ریاست میں مقیم سعودی شہری اور دیگر باشندے ایسی اپیلی کیشنز کو استعمال کرسکیں جس سے وائس اور ویڈیو کالز ہوسکتی ہیں۔

    انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ایسی اپیلی کیشنز جو وی او آئی پی کا آپشن رکھتی ہیں اور ان کے ذریعے انٹرنیٹ کے راستے وائس اور ویڈیو کالنگ ممکن ہو سعودی عرب میں اب ان کا استعمال شروع ہوسکے گا۔

    وزیر کا کہنا تھا کہ تمام شراکت دار فیصلے پر عمل درآمد کے لیے تعاون کررہے ہیں اور کوشش ہے کہ ہر کوئی voip سپورٹڈ ایپلی کیشن استعمال کرسکے اور وائس یا ویڈیو کال کا معیار بھی بہترین ہو، یہ اقدام ریاست میں جاری ویژن 2030ء کا تسلسل ہے۔

  • سعودی عرب: 5 برس میں 3 لاکھ ملازمین زخمی، اکثریت غیرملکی

    سعودی عرب: 5 برس میں 3 لاکھ ملازمین زخمی، اکثریت غیرملکی

    ریاض: سعودی عرب میں 5 برس کے دوران 3 لاکھ سے زائد ملازمین  کام کرنے کے دوران زخمی ہوئے جن میں سے 92 فیصد غیر ملکی تھے اور بہت بڑی تعداد کا تعلق کنسٹرکشن کے شعبے سے تھا۔

    زیادہ حادثات ریاض، مکہ اور دمام میں پیش آئے

    عرب نیوز نے ایک عرب روزنامے میں شائع سرکاری رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایاہے کہ ان میں سے زخمی ہونے کے 54 فیصد واقعات ریاض، مکہ اور دمام میں پیش آئے۔

    زخمی افراد میں 46 فیصد ملازمین تعمیراتی شعبہ سے تھے

    عرب نیوز کے مطابق اعدادو شمار میں یہ اہم بات دیکھنے میں آئی کہ ان پانچ برس میں زخمی ہونے والے تمام ملازمین میں سے 46 فیصد کا تعلق ایک ہی  شعبہ کنسٹرکٹشن (تعمیرات) سے تھا۔

    سرکاری رپورٹ کے مطابق سال 2012ء میں 65 ہزار 656  ملازمین،  سال 2013ء میں 52 ہزار 467 ملازمین،  سال 2014ء میں 69 ہزار 241 ملازمین،  سال 2015ء میں 67 ہزار 087 ملازمین اور سال 2016ء میں 53 ہزار 404 ملازمین کام  کے دوران زخمی ہوگئے۔

    سال 2016ء میں حادثات میں 20 فیصد کمی

    اعدادو شمار دیکھے جائیں تو سال 2016ء میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد میں 20 فیصد کمی واقع ہوئی۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں نجی شعبے میں سوشل سیکیورٹی سسٹم کا قانون بلاامتیاز سعودی اور مقامی افراد پر عمر اور جنس کی تفریق کے بغیر لاگو ہوتا ہے۔

    اس قانون کے تحت کمپنی مالک ہر ملازم کے عوض انشورنس کی ماہانہ رقم جمع کراتا ہے اور کسی بھی حادثے کی صورت میں زخمی ہونے والے ملازم کے تمام طبی اخراجات انشورنس کے ذریعے ادا کیے جاتے ہیں۔

  • سعودی عرب: مزید دو غیر ملکی جان لیوا وائرس میں مبتلا

    سعودی عرب: مزید دو غیر ملکی جان لیوا وائرس میں مبتلا

    ریاض: سعودی عرب میں مزید دو غیر ملکی افراد جان لیوا میرس وائرس کا شکار ہوگئے جس کے بعد 2012ء سے اب تک اس مرض میں مبتلا افراد کی تعداد ایک ہزار 442 ہوگئی جب کہ 608 ہلاک ہوچکے ہیں۔

    عرب نیوز کے مطابق وزارت صحت نے بتایا ہے کہ جبیل اور حفوف میں 49 سالہ ایک مرد اور 52 سالہ ایک خاتون مڈل ایسٹ ریسپیریٹوری سنڈروم (MERS) کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں جن میں یہ مرض کسی مریض اور اونٹ کے ذریعے منتقل ہوا۔

    وزارت صحت کے مطابق خاتون کو یہ مرض کسی اور شخص سے جب کہ مرد کو یہ مرض ایک ایسے شخص سے منتقل ہوا جسے حال ہی میں اونٹ سے یہ مرض لگا۔

    اب تک 608 افراد اس مرض میں ہلاک ہوچکے ہیں

    یہ دو نئے کیسز سامنے آنے کے بعد سال 2012ء سے اب تک اس مرض کے شکار افراد کی تعداد 1442 اور جاں بحق افراد کی تعداد 608 ہوگئی۔

    اس وائرس کے شکار تین مریض سعودی عرب کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، میرس وائرس کے علاج کے لیے دمام، ریاض، اور جدہ کے تین بڑے اسپتالوں میں خصوصی طور پر وارڈ بنائے گئے ہیں۔

    حال ہی میں اضافہ کرتے ہوئے حکام نے ملک بھر میں سہولیات سے بھرپور مزید 20 اسپتالوں میں میرس وائرس کے خلاف خصوصی وارڈز قائم کیے ہیں تاکہ بروقت ان کا علاج کیا جاسکے۔

    یاد رہے کہ چند ماہ قبل دسمبر میں حکام کی جانب سے اونٹوں کا معائنہ کیا گیا تو صرف جدہ میں 160 بڑے اونٹوں اور 50 چھوٹے اونٹوں میں یہ خطرناک وائرس پایا گیا۔

    سعودی حکام نے اونٹوں کے فارم میں کام کرنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ کام کرتے وقت ہر ممکن احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، ماسک لگائیں اور متاثرہ اونٹ سے زیادہ سے زیادہ دور رہیں۔

  • قطر بحران : پاکستانیوں سمیت 490 غیرملکی سعودی عرب میں پھنس گئے،انکشاف

    قطر بحران : پاکستانیوں سمیت 490 غیرملکی سعودی عرب میں پھنس گئے،انکشاف

    لندن : قطری حکومت نے انکشاف کیا ہے کہ حالیہ خلیجی بحران کے بعد  سعودی عرب میں روزگار کے لیے جانے والے پاکستانیوں سمیت مختلف ممالک کے 490 ملازمین وہاں دو ماہ سے پھنسے ہوئے ہیں، بحران کے بعد قطری شہری تو نکل آئے مگر ان کے زرعی فارم کے غیر ملکی ملازمین کو روک لیا گیا۔

    قطر کی قومی کمیٹی برائے انسانی حقوق کے مطابق پاکستان سمیت کئی ممالک سے تعلق رکھنے والے 490 غیر ملکی ملازمین ایسے ہیں جو رواں سال 5 جون کو شروع ہونے والے خلیجی بحران کے آغاز سے اب تک سعودی عرب میں پھنسے ہوئے ہیں، ان افراد میں بڑی تعداد پاکستان، بھارت، نیپال اور سوڈان سے تعلق رکھتی ہے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق کمیٹی کے بین الاقوامی تعاون ڈویژن کے سربراہ سعد سلطان آل عبداللہ نے انہیں بتایا کہ سعودی عرب میں پھنسے ایسے افراد کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ قطر سے قطع تعلق کا اعلان کرنے کے ساتھ ہی تینوں خلیجی ممالک نے اپنے ہاں مقیم قطری باشندوں کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا تھا جبکہ وہاں موجود ان کی جائیدادیں اور اثاثے منجمد کر دیئے گئے تھے۔

    انہوں نے بتایا کہ بہت سے قطری باشندوں کے سعودی عرب میں زرعی فارم تھے جن پر ان کے غیرملکی ملازمین کام کرتے تھے، قطر کے محاصرے کے بعد قطری شہری تو وہاں سے بحفاظت نکل آئے مگر ان کے ملازمین کو روک لیا گیا۔

    سعد سلطان ال عبداللہ کے مطابق تین خلیجی ممالک کی جانب سے قطری شہریوں کے بنکوں میں موجود اثاثے منجمد کرنے اور رقم کی ترسیل پر پابندی کے باعث قطری مالکان کی طرف سے سعودی عرب میں پھنسے ان ملازمین کو گذشتہ دو ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی بھی ممکن نہیں ہو پائی ہے۔

    یاد رہے کہ قطر کا واحد زمینی رابطہ صرف سعودی عرب کے ساتھ ہے اور باقی تین اطراف سے اس کو خلیج فارس کے سمندر نے گھیر رکھا ہے۔

  • سعودی عرب کا قطر سے مذاکرات معطل کرنے کا اعلان

    سعودی عرب کا قطر سے مذاکرات معطل کرنے کا اعلان

    ریاض : سعودی عرب نے قطرسے مذاکرات معطل کرنے کا اعلان کیا ہے، سعودی عرب کا کہنا ہے فیصلہ قطر کی جانب سے ولی عہد محمدبن سلمان اورقطری امیر کی گفتگوکو توڑ مروڑ کرپیش کرنے کے بعد کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے قطر پر پابندیوں سے متعلق مذاکرات معطل کردئیے، سعودی وزارت خارجہ کے مطابق قطر سے کسی بھی سطح پر بات چیت نہیں کی جائیگی، مذاکرات معطل کرنے کا فیصلہ قطری امیرشیخ تمیم بن حماد الثانی اور سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان کی گفتگو سے متعلق حقائق توڑ مروڑ کر پیش کرنے پر کیا گیا۔

    سعودی عرب کا کہنا ہے کہ قطری امیر کا سعودی ولی عہد سے ٹیلی فونک رابطہ قطر کی درخواست پر کیا گیا تھا،قطر کے رویے سے ظاہر ہے، وہ مسئلے کے حل کے لئے سنجیدہ نہیں۔

    قطر کی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے سربراہوں کے درمیان رابطہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قطری امیر سے گفتگو کے بعد کیا گیا، امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے قطراورسعودی عرب میں کشیدگی ختم کرانے کے لئے ثالثی کی پیش کش کی ہے۔

    قطر کے امیرکا کہنا ہے بحران کے خاتمے کے لئے بات چیت کے لئے تیار ہیں۔


    سعودی عرب سمیت 7 عرب ممالک نےقطرسےسفارتی تعلقات منقطع کردیے


    یاد رہے کہ امیرقطرشیخ تمیم بن حمادالثانی نے سعودی ولی عہد کو ٹیلیفون کیا تھا اور تنازعات کے حل کیلئے محمد بن سلمان کو مذاکرات کی دعوت دی تھی،
    سعودی ولی عہد کی جانب سے امیرقطرکی دعوت کا خیرمقدم کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب،بحرین،مصر اورمتحدہ عرب امارات نے پانچ جون قطر پر دہشتگردوں کی حمایت کا الزام لگا کر سفارتی تعلقات منقطع کردئیے تھے اور  قطر پر اپنی زمینی، فضائی اور سمندری سرحدوں کو بند کردیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • سعودی عرب کا یواین میں روہنگیامسلمانوں پر مظالم رکوانے کیلئے قرارداد لانے کا اعلان

    سعودی عرب کا یواین میں روہنگیامسلمانوں پر مظالم رکوانے کیلئے قرارداد لانے کا اعلان

    ریاض : سعودی عرب نے اقوام متحدہ میں روہنگیا مسلمانوں پر مظالم رکوانے کیلئے قرارداد لانے کا اعلان کردیا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے میانمار کے روہنگیا مسلمانوں پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں روہنگیا مسلمانوں پر مظالم رکوانے کیلئے قرارداد لانے کا اعلان کیا ہے۔

    قرارداد میں مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی جائے گی اور مطالبہ کیا جائے گا کہ روہنگیا مسلمانوں پر وحشیانہ مظالم کا نوٹس لیا جائے۔

    سعودی عرب نے سیکیورٹی کونسل کے ارکان سے رابطہ کیا ہے کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کے پر وحشیانہ مظالم کا نوٹس لے ، جس کے بعد اقوام متحدہ کے جنرل سکریٹری نے روہنگیا حکومت کی مذمت کی ہے۔

    سعودی عرب کا کہنا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کے مسائل کے حل کی خاطر اور بے بسی کے خاتمے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔


    مزید پڑھیں : برما: 7 دن میں 400 روہنگیا مسلمان قتل، 40 ہزار گھروں کو چھوڑ گئے


    یاد رہے کہ حالیہ کشیدگی کے بعد صرف ایک ہفتے میں 400 روہنگیا مسلمانوں کو قتل کردیا گیا جبکہ جان بچانے کے لیے بنگلہ دیش آنے والے مظلوم مہاجرین کی تعداد 40 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

    رخائن میں روہنگیا مسلمانوں کے2600گھرجلادیئے گئے جبکہ 60 ہزار روہنگیا مسلمانوں کی بنگلادیش کی طرف نقل مکانی جاری ہے۔

    روہنگیا مسلمانوں کا کہنا تھا کہ میانمار کے فوجیوں نے ہمارے گھروں کو جلا دیا ہے، مزاحمت کاروں کے بہانے انہیں زبردستی بے دخل کیا جا رہا ہے۔

    دوسری جانب برما حکومت کے مطابق وہ علاقے سے مزاحمت کاروں کو باہر نکال رہی ہے تاکہ عام شہریوں کا تحفظ کیا جا سکے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سعودی عرب سمیت کئی ممالک میں آج عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے

    سعودی عرب سمیت کئی ممالک میں آج عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے

    مکہ مکرمہ : سعودی عرب اورخلیجی ممالک سمیت مشرق وسطیٰ اور یورپ و امریکا میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش وخروش کے ساتھ منائی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکی اور عراق سمیت تمام خلیجی ممالک کے مسلمان آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وخروش سے منا رہے ہیں۔

    مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے، دبئی میں نمازعید کا سب سے بڑا اجتماع شیخ زید مسجد ابوظہبی میں ہوا، فلسطین میں نماز عید کا بڑا اجتماع مسجد اقصی میں ہوا جبکہ انڈونیشیا میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع جکارتا میں ہوا۔

    نماز عید کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی میں قربانی میں مصروف ہیں۔

    امریکا، کینیڈا اور یورپی ممالک کے رہنے والے مسلمان بھی آج عید الضحیٰ منارہے ہیں، مسلم کمیونٹی سنیٹرز میں عید کی نماز اور قربانی کا اہتمام کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب پاکستان، بھارت اوربنگلا دیش میں عیدالاضحیٰ کل منائی جائے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • حج آپریشن مکمل‘ ایک لاکھ سےزائد عازمینِ حج پہنچ گئے

    حج آپریشن مکمل‘ ایک لاکھ سےزائد عازمینِ حج پہنچ گئے

    کراچی: پی آئی اے اور نجی ایئرلائن نے قبل از وقت حج آپریشن مکمل کرلیا‘ پی آئی اے نے کل 230 خصوصی پروازوں کے ذریعے آپریشن مکمل کیا۔

    تفصیلات کے مطابق رواں برس پی آئی اے نے اپنے حج آپریشن کے دوران230خصوصی اور شیڈول پروازوں کے ذریعے 57پروازوں کے ذریعے عازمین کوجدہ اور مدینہ پہنچایا‘ حج آپریشن کے دوران پی آئی اے کی پروازوں کی بروقت روانگی کی شرح92فیصد رہی۔

    پی آئی اے نے کراچی سے17600سے زائد عازمین کو حجاج مقدس پہنچایا۔ اسلام آباد سے10882،لاہور سے10610،پشاور سے7000سے زائد ملتان سے6000سیالکوٹ سے3900سے زائد اور فیصل آباد سے445عازمین کو حجاج مقدس پہنچایاگیا۔

    وزیر اعظم کے مشیر ہوا بازی مہتاب احمد خان نے کامیاب حج آپریشن مکمل ہونے پر پی آئی اے کے عملے کو مبارکباد دی اور کہا کہ بعد از حج آپریشن میں حجاج کرام کی وطن واپسی کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں۔

    وزیر اعظم کے مشیر ہوا بازی مہتاب احمد خان کا کہنا تھا کہ جدہ اور مدینہ کے حج ٹرمینل پر پی آئی اے انتظامیہ اپنی خصوصی ٹیم تعینات کرے۔یاد رہے کہ پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن6ستمبر سے شروع ہوگا اور 5اکتوبر تک جاری رہے گا۔

    hajj operation
    آخری پرواز سے جانے والے عازمینِ حج

    دوسری جانب نجی ایئرلائن شاہین ایئر نے بھی اپنا قبل از وقت حج آپریشن مکمل کرلیا۔ حج آپریشن کے لیے نے 217خصوصی پروازوں کے ذریعے 49000سے زائد عازمین کو جدہ اور مدینہ منورہ پہنچایا گیا۔

    نجی ایئر لائن کے ذریعے کراچی سے 64،لاہورسے29،اسلام آباد30،پشاور30،فیصل آباد سے30پروازیں،کوئٹہ سے32اور ملتان سے2پروازیں آپریٹ کی گئیں۔

    قومی ایئر لائن سے 56،437 نفو س حج کی سعادت عدا کرنے کے لیے سعودی عرب پہنچے جبکہ نجی ایئر لائن کے ذریعے 49000 افراد نے سفر کیا مجموعی طور پر کل 1،05،437 افراد فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • سعودی عرب: تعلیم اور صحت میں‌ سرمایہ کاری، غیر ملکیوں کو بڑی سہولت

    سعودی عرب: تعلیم اور صحت میں‌ سرمایہ کاری، غیر ملکیوں کو بڑی سہولت

    ریاض: سعودی عرب نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تعلیم اور صحت کے شعبہ جات میں سو فیصد مالکانہ حقوق کے ساتھ کمپنیاں کھولنے کی اجازت دیتے ہوئے سعودی کمپنی کو شراکت دار بنانے کی شرط ختم کردی۔

    گلف نیوز کے مطابق یہ اعلان سعودی عربین جنرل انویسٹمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کیا گیا ہے۔

    سعودی عرب میں نافذ قانون کے تحت کسی بھی شعبے میں رقم لگاتے وقت یا کاروبار کرتے وقت غیر ملکی سرمایہ کار اس بات کے پابند ہیں کہ وہ جوائنٹ وینچر کے ذریعے سرمایہ کاری کریں گے اور اس میں ایک سرمایہ کار مقامی یعنی سعودی ہوگا۔

    حالیہ اعلان کے مطابق یہ شرط صرف تعلیم اور صحت کے دو شعبہ جات سے ختم کردی گئی ہے تاہم بقیہ شعبہ جات میں عائد رہے گی۔

    سعودی عربین جنرل انویسٹمنٹ اتھارٹی کے گورنر ابراہیم العمر نے عالمی خبر رساں ادارے رائٹر کو بتایا کہ ہم سو فیصد مالکانہ حقوق پر تعلیمی ادارے کھولیں گے جس میں ہر قسم کی تعلیم شامل ہے بشمول پرائمری اسکول، یہ سعودیہ عرب میں ایک نیا قدم ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ اسی طرح شعبہ صحت میں وزارت صحت مزید خدمات فراہم کرنے کے بجائے صرف ریگولیٹری اتھارٹی بن کر صحت کے مراکز کی نگرانی کرے گی، ہمارے اس اقدام سے اگلے پانچ برس میں 180 ارب ڈالر (660.6 ارب ریال) کے سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔

    انہوں نے یہ واضح نہیں کیا تعلیم و صحت کے شعبہ جات میں یہ چھوٹ کس تاریخ سے ملے گی تاہم امکان ہے کہ چند دنوں بعد اس ضمن میں نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا۔

  • وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایک روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایک روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

    اسلام آباد : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایک روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایک روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، جدہ ایئرپورٹ پر مکہ کے ڈپٹی گورنر شہزادہ عبداللہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا، وزیرخارجہ خواجہ آصف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

    وزیراعظم شاہدخاقان دورے کے دوران سعودی حکام سے ملاقاتیں کرینگے، سعودی حکام سے ملاقاتوں میں نئی امریکی پالیسی پر مشاورت کرینگے۔

    وزیراعظم عمرہ کی ادائیگی کے ساتھ  مدینہ منورہ میں روضہ رسول ﷺپر بھی حاضری دیں گے۔

    خیال رہے وزیراعظم بننے کے بعد شاہد خاقان عباسی کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔


    مزید پڑھیں : ٹرمپ کے بیان پرکابینہ کا اظہار تشویش، بھرپورجواب دینے کا فیصلہ


    یاد رہے گذشتہ روز اسلام آباد میں وزیراعظم خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں امریکی صدر کے بیان پر تشویش کا اظہارکیا گیا اور  پاکستانی موقف امریکی قیادت کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    خواجہ آصف امریکی دورے کے دوران پاکستان موقف سے آگاہ کرینگے ۔

    اس سے قبل  وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے  جاتی امرا رائیونڈ میں ملاقات کی، ملاقات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان اور افغانستان کے بارے میں گمراہ کن ریمارکس پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ٹرمپ کا بیان غلط فہمی یا گمراہی کا نتیجہ ہے۔

    نواز شریف نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی اور کامیاب ترین جنگ لڑی ہے، ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔