Tag: Saudi Arabia

اردو زبان میں سعودی عرب سے تازہ ترین خبریں اور معلومات

Saudi Arabia News In Urdu by ARY News

  • لاہورایئرپورٹ پرمسافر سے کروڑوں کی ہیروئن برآمد

    لاہورایئرپورٹ پرمسافر سے کروڑوں کی ہیروئن برآمد

    لاہور: علامہ اقبال ایئر پورٹ سیکیورٹی فورسز نے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن سعودی عرب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے‘ ملزم کے قبضے سے ساڑھے تین کلو سے زائد ہیروئن برآمد ہوئی ہے

    تفصیلات کے مطابق  لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرسیکیورٹی فورس نے سعودی عرب جانے والی پرواز کے مسافر سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد کرکے مسافر کو حراست میں لے لیا ہے ۔

    اے ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ لاہور ایئرپورٹ پر محمد ظہور نامی مسافر کے سامان کی جب تلاشی لی گئی تو بیگ کے خفیہ خانوں میں ساڑھے تین کلو سے زائد ہیروئن برآمد کرلی گئی۔

    Heroine smuggling

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مذکورہ ملزم غیر ملکی ایئر لائن ’ عمان ایئر کی پرواز نمبر ڈبلیو وائی 342 کے ذریعے لاہور سے ریاض سفر کررہا تھا اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے بورڈنگ سے قبل ہی حراست میں لے لیا۔

    ترجمان اے ایس ایف کے مطابق ہیروئن کی اسمگلنگ میں ملوث مسافر سے ابتدائی تفتیش کے بعد اسے اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    Heroine smuggling

    لاہورایئرپورٹ پرکارروائی‘ میاں بیوی ہیروئن اسمگلرزگرفتار

     دو ماہ قبل جون میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے ایس نے کارروائی کرتے ہوئےخوشاب کے رہائشی میاں بیوی کے سامان سے تلاشی کے دوران 6کلو ہیروئن برآمد کی تھی ۔ ہیروئن کی عالمی منڈی میں مالیت پونے6کروڑ سےزائدتھی ۔

    اے ایس ایف ذرائع کا کہناتھا  کہ خوشاب کا رہائشی انور نامی شخص اپنی بیوی کے ہمراہ غیرملکی پرواز سے عمرہ ادا کرنے کےلیےجدہ جارہاتھا۔

    یاد رہے کہ رواں سال فروری میں ایئرپورٹ سیکورٹی فورس نے لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرقطر ایئرویز کی پرواز کیوآر 621 سے برآستہ دوحہ سعودی عرب جانے والے مسافر سے ڈھائی کروڑ سے زائد مالیت کی ہیروئن قبضے میں لی تھی۔ سرگودھا کا رہائشی نعیم مالٹے کے چھلکوں میں ہیروئن بھر کے لے جا رہا تھا۔


    اگر آپ بلاگر کے مضمون سے متفق نہیں ہیں تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پرشیئرکریں

  • قرآن شریف کی بے حرمتی کرنے والا سعودی نوجوان گرفتار

    قرآن شریف کی بے حرمتی کرنے والا سعودی نوجوان گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں قرآن شریف کی بے حرمتی کرکے ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والے نوعمر لڑکے کو گرفتار کرلیا گیا۔

    سعودی عرب کے اخبار عکاظ کے مطابق سعودی نوجوان نے قرآن شریف کی بے حرمتی اور ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی جس کے بعد سوشل میڈیا پر اس نوجوان سے شدید نفرت کا اظہار کیا گیا اور نوجوان کو گرفتار کرکے گردن زنی قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا جس کے بعد نوجوان کو اس قبیح فعل کے جرم میں اتوار کی رات کو گرفتار کیا گیا۔

    اس ضمن میں ریاض پولیس کے ترجمان جنرل فواز المیمن نے بتایا کہ ریاض پولیس کے پاس یہ صلاحیت موجود تھی کہ وہ نوجوان کو شناخت کرکے اس کا ٹھکانہ تلاش کرلے چنانچہ نوجوان کو ڈھونڈ کر گرفتار کرلیا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ وہ ایک 15 سالہ نوجوان ہے اس لیے اسے سماجی خدمات کے حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے، ریاض کے پراسیکیوٹر آفس کو اس واقعے کی اطلاع دے دی گئی ہے اور جلد لڑکے کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا استعمال کرنے والے ہزاروں نے اس پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ بھی چلایا تاکہ اسے سزا دے جاسکے۔

    لوگوں نے یہ ویڈیو شیئر نہیں کی کہ اس سے لوگوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچے گی تاہم لوگوں نے اس نوجوان کی تصویر خوب شیئر کی اور حکام سے اسے سزا دینے کا بھرپور مطالبہ کیا۔

    سوشل میڈیا پر متعدد افراد نے نوجوان کو سزائے موت یعنی سرقلم کرنے کا مطالبہ کیا۔

  • سات لاکھ تارکین وطن نے سعودی عرب چھوڑ دیا، 75 ہزار پاکستانی شامل

    سات لاکھ تارکین وطن نے سعودی عرب چھوڑ دیا، 75 ہزار پاکستانی شامل

    ریاض: سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین وطن کو دی گئی ایمسنٹی اسکیم سے 7 لاکھ افراد نے فائدہ اٹھالیا اور اپنے وطن روانہ ہوگئے،  ان میں 75 ہزار سے زائد پاکستانی شامل ہیں، سعودی حکام نے مزید 46 ہزار افراد کی تلاش شروع کردی جنہیں ملک بدر کرکے سعودی عرب آنے پر ہمیشہ کے لیے پابندی عائد کردی جائے گی۔

    سعودی گزٹ کے مطابق سعودی عربیہ کے پاسپورٹ آفس جوازات کے ڈائریکٹر جنرل سلیمان بن عبدالعزیز الیحییٰ نے بتایا کہ یہاں غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کے لیے جاری کی گئی ایمنسٹی اسکیم کے تحت 7 لاکھ سے زائد غیر قانونی مقیم افراد باعزت طریقے سے اپنے وطن روانہ ہوچکے ہیں۔

    فنگر پرنٹس نہیں لیے گئے

    ڈائریکٹر جنرل کے مطابق ان افراد کو بلیک لسٹ نہیں کیا گیا اور ان کے فنگر پرنٹس نہیں لیے گئے جس کے بعد اب وہ اس قابل ہیں کہ دوبارہ قانونی طریقے سے سعودی عرب آسکیں۔

    75 ہزار پاکستانی شہری بھی شامل

    اسی ضمن میں خلیج ٹائمز نے بتایا تھا کہ 75 ہزار سے زائد پاکستانی شہریوں نے ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے اپنے سفارت خانے سے رابطہ کیا تھا


    یہ پڑھیں: سعودی عرب ایمنسٹی اسکیم: 75 ہزار پاکستانیوں کا سفارت خانے سے رابطہ


    46 ہزار افراد کی تلاش

    ایمنسٹی اسکیم میں مزید توسیع نہیں کی گئی تاہم سلیمان بن عبدالعزیز نے سعودی گزٹ سے بات کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس اسکیم کے اگلے مرحلے میں تقریبا 46 ہزار مزید افراد اپنے وطن بھیجے جائیں گے جنہیں تلاش کیا جارہا ہے ان افراد کے فنگر پرنٹس لیے جائیں گے اور انہیں بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی بڑی تعداد کا تعلق افریقا، بھارت، بنگلہ دیش، پاکستان، ایتھوپیا، سوڈان اور دیگر ممالک سے ہے۔


    اسی سے متعلق: ایمنسٹی اسکیم: 5 لاکھ 72 ہزار غیر قانونی مقیم مستفید


    واضح رہے کہ ایمنسٹی اسکیم تین ماہ تک جاری رہی جس میں ایک ماہ کی توسیع کی گئی بعدازاں 24 جولائی کو یہ اسکیم ختم ہوگئی، ایمنسٹی اسکیم کے اجرا سے قبل لگائے گئے ایک اندازے کے مطابق 10 لاکھ کے قریب افراد غیر قانونی طور پر سعودی عرب میں موجود ہیں۔

    بڑا کریک ڈاؤن

    اب جن 46 ہزار افراد کو سعودی حکام تلاش کررہے ہیں ان کے لیے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کیا جارہا ہے جس میں پکڑے گئے افراد کو ملک بدر کرنے سے قبل جرمانے اور سزاؤں کا بھی سامنا کرنا ہوگا جب کہ ان کے فنگر پرنٹس لے کر بلیک لسٹ افراد کی فہرست میں شامل کردیے جائیں گے جس کے بعد انہیں آئندہ سعودی عرب آنے کا ویزا نہیں ملے گا۔

  • سوشل میڈیا پر ریاست مخالف بیانات، سعودی حکام کا سخت کارروائی کا فیصلہ

    سوشل میڈیا پر ریاست مخالف بیانات، سعودی حکام کا سخت کارروائی کا فیصلہ

    ریاض: سعودی حکام نے ریاست کے خلاف سوشل میڈیا پر بیانات دینے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا عندیہ دے دیا، حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے والے اجرتی قاتلوں کو بے نقاب کرکے کارروائی کی جائے گی۔

    سوشل میڈیا پر موجود اجرتی قاتلوں کو بے نقاب کریں گے، سعود القحطانی

    العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی شاہی دیوان کے مشیر سعود القحطانی نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر سعودی عرب کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، دہشت گردی کے خلاف لڑنے والے ممالک سوشل میڈیا پر سرگرم عناصر کے خلاف پوری قوت سے کارروائی کریں گے، بلیک لسٹ میں شامل ہر اجرتی قاتل کو بے نقاب کرکے اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    سعودی شاہی دیوان کے مشیر سعود القحطانی کی فائل فوٹو

    خلیجی ممالک کی پریشانیاں جلد حل ہوں گی، سعود القحطانی

    سعود القحطانی کے مطابق خلیجی ممالک کی پریشانیاں اور ان کے دکھ جلد دور ہوں گے، لوگ ہماری مشکلات کا حل بہت دور دیکھتے ہیں مگر ہمیں وہ جلد قریب نظرآ رہا ہے۔

    ٹوئٹر پر بلیک لسٹ افراد کو فالو کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، سعود القحطانی

    انہوں نے انتہائی سخت الفاظ اختیار کرتے ہوئے عوام کو خبردار کیا کہ ٹوئٹر پر بلیک لسٹ ہیش ٹیگ میں آنے والے ناموں کی چھان بین جلد شروع کی جائے گی اور آج کے بعد ان سماج دشمن عناصر کو جس نے فالو کیا تو اس کے نتائج کا وہ خود ذمہ دار ہوگا،، سعودی عرب اور دہشت گردی کے خلاف سرگرم ان کے اتحادی جو کہتے ہیں وہ کر گزرتے ہیں۔

    عوام بھی سعودی عرب کے خلاف زہر اگلنے والوں کو بے نقاب کریں، سعود القحطانی

    انہوں نے ٹوئٹر صارفین پر زور دیا کہ وہ بلیک لسٹ میں شامل اجرت پر سعودی عرب کے خلاف زہر اگلنے والوں  کو بے نقاب کرنے میں مدد کریں۔

    سوشل میڈیا پر کرائے کے لوگ بھرتی کیے گئے، سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ

    اسی ضمن میں سعود القحطانی کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خارجہ امور انور قرقاش نے کہا ہے کہ القحطانی کی قطری بحران کے حوالےسے آواز انتہائی موثر ہے، یہ درست ہے کہ دہشت گردی کے خلاف متحدہ عرب اتحاد کے خلاف سوشل میڈیا پر کرائے کے لوگ بھرتی کیے گئے ہیں۔

    عرب ممالک کے مخالف سب افراد کو بلیک لسٹ کیا جائے، بحرینی وزیر خارجہ

    بحرینی وزیرخارجہ خالد بن احمد آل خلیفہ کا کہنا ہے کہ ہر دہشت گرد اور دہشت گردی کی معاون، ایجنٹ اور اجرت پر عرب ممالک کے خلاف کام کرنے والے سب بلیک لسٹ ہونے چاہئیں۔

  • سعودی عرب: پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی، ہم وطنوں‌ کی شرکت

    سعودی عرب: پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی، ہم وطنوں‌ کی شرکت

    ریاض: سعودی عرب کے دار الحکومت ریاض میں سفارت خانہ پاکستان میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں پاکستانی کیمونٹی کے مرد و خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔

    سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سفارت خانہ سفیر پاکستان خان ھشام بن صدیق نے پرچم کشائی کی۔

    سفارت خانہ کے ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خان ھشام بن صدیق کا کہنا تھا کہ پاکستان بڑی تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، ہم اقتصادی، معاشی اور دفاعی اعتبار سے مضبوط ہو رہے ہیں، ہمیں باہمی بھائی چارے اور یگانگت کو فروغ دیتے ہوئے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں بھی کھڑے ہونا ہے۔

    تقریب میں سفارت خانے کے عملے سمیت افواج کے بری، بحری اور فضائیہ کے افسران اور جوان بھی موجود تھے، فوجی بینڈ نے پاکستانی ملی نغموں کی دھن پیش کرکے ماحول کو خوشگوار بنا دیا۔

  • امریکی فوجی سربراہ کی سعودی وزیردفاع سے ملاقات

    امریکی فوجی سربراہ کی سعودی وزیردفاع سے ملاقات

    جدہ: امریکی فوج کی مرکزی کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزف فوٹیل نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔

    عرب میڈیا کے مطابق شہزادہ سلمان جو کہ سعودی عرب کے وزیرِ دفاع بھی ہیں ‘ انہوں نے امریکی فوجی سربراہ سے منگل کے روز جدہ کے السلام پیلس میں ملاقات کی ۔

    دونوں اہم شخصیات کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں دو طرفہ عسکری امور‘ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں باہمی تعاون‘ انتہا پسندی کی روک تھام اور خطے کے دیگر مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

    Saudi Qatar crisis

    شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی فوج کے سربراہ کے درمیان ہونے والی اس ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے کئی اہم ذمہ داران بھی شریک تھے‘ کہا جارہا ہے کہ قطر سعودی تنازعے کے تناظر میں یہ ایک انتہائی اہم ملاقات ہے جس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔

    سعودی قطر تنازعہ


    قطر اور خلیجی ممالک کے درمیان کشیدگی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی، گذشتہ روزسعودی عرب سمیت خلیجی ممالک نے یمن، قطر اور لیبیا سے تعلق رکھنے والے فلاحی اداروں اور کارکنوں کو شدت پسندوں کے ساتھ مشتبہ تعلقات پر دہشت گرد قرار دیتے ہوئے بلیک لسٹ کردیا تھا۔

    Saudi Qatar crisis


     عرب ممالک نےقطرسےسفارتی تعلقات منقطع کردیے


    یاد رہے کہ قطر اور سعودی عرب سمیت خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک میں تنازع کے حل کے لیے کوششوں میں مصروف طیب ردوگان نے اپنے 2 روزہ دورے کے دوران سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ اور کویت کے امیر سے ملاقات کی تھیں اور خلیجی ممالک کے تنازعہ کی حل پر بات چیت کی۔

    گزشتہ ماہ قطر کے ساتھ سعودی عرب سمیت 7 عرب ممالک نے سفارتی تعلقات ختم کردیئے تھے اور قطر پر دہشت گردوں کی حمایت کا الزام عائد کرتے ہوئے قطر پر اپنی زمینی، فضائی اور سمندری سرحدوں کو بند کردیا تھا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • سعودی عرب ایمنسٹی اسکیم: 75 ہزار پاکستانیوں کا سفارت خانے سے رابطہ

    سعودی عرب ایمنسٹی اسکیم: 75 ہزار پاکستانیوں کا سفارت خانے سے رابطہ

    ریاض: سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم 75 ہزار پاکستانیوں نے وطن واپسی کے لیے سفارت خانے سے رابطہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکام کی جانب سے غیر قانونی مقیم افراد کی باعزت طریقے سے واپسی کے لیے ایمنسٹی اسکیم کا اجرا کیا گیا جس کی مدت میں اضافہ بھی کیا گیا ہے۔

    فوٹو بشکریہ سعودی گزٹ

    ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے لوگوں کی بہت بڑی تعداد نے پاسپورٹ آفس سے رابطہ کیا ہے ایک رپورٹ کے مطابق چند روز قبل تک تقریبا 5 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد نے اس اسکیم سے فائدہ اٹھایا جن میں انڈونیشیا، یمن، ایتھوپیا، سوڈان، بھارت، پاکستان، بنگلہ دیش کے شہری نمایاں ہیں۔


    اسی سے متعلق: سعودی عرب ایمنسٹی اسکیم: 5 لاکھ 72 ہزار غیر قانونی مقیم مستفید


    سعودی گزٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے مختلف شہروں میں پاسپورٹ دفاتر کے ڈی پورٹ سیکشنز کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد نظر آرہی ہے جو وطن واپس جانا چاہتے ہیں۔

    پاکستان

    خلیج ٹائمز نے پاکستانی سفارت خانے کے ذرائع سے دعویٰ کیا ہے کہ اس اسکیم کے تحت واپسی کے لیے جدہ اور ریاض سے 75 ہزار سے زائد پاکستانی باشندوں نے سفری دستاویزات کے اجرا کے لیے سفارت خانے سے رابطہ کیا ہے۔

    یہ پاکستانی سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم ہیں جو اس اسیکم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اب وطن واپس جانا چاہتے ہیں۔

    اسکیم سے قبل انہوں نے وطن واپسی کے لیے سفارت خانے یا پاسپورٹ آفس جدہ یا ریاض سے اس لیے رابطہ نہیں کیا کہ انہوں نے سزا اور جرمانے کا ڈر تھا۔

    نہ سزا، نہ جرمانہ، اور نہ فنگر پرنٹس لیے جائیں گے

    اس اسکیم کے تحت واپسی کی صورت میں انہیں نہ تو کوئی سزا دی جائے گی، نہ جرمانہ عائد ہوگا اور نہ آئندہ سعودی عرب آنے کے لیے انہیں بلیک لسٹ کیا جائے گا کیوں کہ یہ واپسی باعزت طریقے سے ہوگی اور نہ ہی جاتے وقت ان کے فنگر پرنٹس لیے جائیں گے اس کی وجہ یہ ہے کہ بلیک لسٹ کیے گئے افراد کی فہرست میں فنگر پرنٹس ڈال دیے جاتے ہیں بعد میں انہیں ویزا نہیں دیا جاتا تاہم اسکیم میں ایسا نہیں ہے

    بھارت

    اسی طرح 31 ہزار بھارتی باشندوں نے واپسی کے لیے اسکیم سے فائدہ اٹھانا چاہا ہے، کئی ہزار وطن چھوڑ چکے ہیں اور کئی ہزار باقی ہیں تاہم سعودی حکام نے یہ معلومات ابھی نہیں دیں کہ اب تک کتنے بھارتی وطن چھوڑ چکے ہیں اور کتنے باقی ہیں۔

    بنگلہ دیش

    بنگلہ دیشی سفارت خانے کے ذرائع کے مطابق 50 ہزار سے زائد بنگلہ دیشی باشندے اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے خواہش مند ہیں جن میں سے 45 ہزار افراد سعودی عرب چھوڑنے کے حوالے سے اپنے تمام تر کاغذات مکمل کرچکے ہیں جب کہ 20 ہزار بنگلہ دیشی پہلے ہی وطن چھوڑ چکے ہیں۔

    انڈونیشیا

    سعودی گزٹ نے جدہ میں قائم انڈونیشیا کے قونصل جنرل دفتر کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ 7 ہزار 421 انڈونیشی باشندوں نے اس اسکیم کے تحت سعودی عرب چھوڑ دیا ہے تاہم اس بار کی یہ تعداد سال 2013ء میں پیش کی گئی ایمنسٹی اسکیم سے تین گنا کم ہے۔

    انڈونیشن قونصلیٹ کے افسر عمر بدر شاہ نے سعودی گزٹ کو بتایا کہ یہ تعداد اس لیے کم ہے کہ بہت سے غیر ملکی باشندے حج ختم ہونے کے بعد حاجیوں کی واپسی پر پیش کی جانے والی ایک اور ایمنسٹی اسکیم کی توقع کررہے ہیں۔

    ریاض میں قائم انڈونیشی سفارت خانے نے بتایا کہ جدہ اور ریاض کے دفاتر سے اب تک 13 ہزار انڈونیشی باشندوں کو وطن واپسی کے لیے کاغذات جاری کیے جاچکے ہیں لیکن سعودی عرب ابھی تک 7 ہزار باشندوں نے چھوڑا ہے۔

    یمن

    یمن کے سفارتی ذرائع کے مطابق یومیہ 300 یمنی باشندوں کی واپسی کے سفری کاغذات تیار کیے جارہے ہیں اور بہت سارے یمنی شمسی ڈی پورٹیشن سینٹر کی جانب سے کاغذات مکمل کیے جانے کے منتظر ہیں۔

    ایتھوپیا

    تقریباً 60 ہزار سے زائد ایتھوپین شہریوں نے ایگزٹ ویزا کے لیے جدہ میں قائم اپنے سفارت خانے سے رجوع کیا ہے۔

    سوڈان

    سوڈانی سفارت خانے کے حکام بھی آج کل تندہی کے ساتھ اپنے شہریوں کی واپسی کے کاغذات کے اجرا میں مصروف ہیں، امکان ہے کہ آئندہ چند روز میں 47 ہزار سوڈانی باشندے سعودی عرب چھوڑ دیں گے۔

    سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے ملک بھر میں موجود غیر قانونی تارکین وطن کےلیے 90 روزہ ایمنسٹی اسکیم 29 مارچ سے جاری ہے جس کے تحت غیر ملکی مزدور اور رہائشی افراد بغیر کسی جرمانے کے سعودی عرب چھوڑ سکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ ایمنسٹی اسکیم ختم ہونے کی مدت بروز پیر 24 جون رات بجے تک ہے تاہم اس اسکیم کے ختم ہونے کے بعد مزید کچھ اضافی وقت بھی دیا جائے گا۔

    اسکیم ختم ہونے کے بعد بڑا کریک ڈاؤن ہوگا

    اسکیم مکمل ختم ہونے کے بعد سعودی عرب میں موجود ٖغیر قانونی مقیم افراد کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا جائے گا جس میں پکڑے گئے افراد کو ملک بدر کرنے سے قبل جرمانے اور سزاؤں کا بھی سامنا کرنا ہوگا جب کہ ان کے فنگر پرنٹس لے کر بلیک لسٹ افراد کی فہرست میں شامل کردیے جائیں گے جس کے بعد انہیں آئندہ سعودی عرب آنے کا ویزا نہیں ملے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب: تنخواہ میں تاخیر پر ہر ملازم کے عوض 3 ہزار ریال جرمانے کا فیصلہ

  • سعودی عرب کے  فقیر جعلی خاکروب بننے لگے

    سعودی عرب کے فقیر جعلی خاکروب بننے لگے

    ریاض: سعودی عرب میں فقیروں نے زیادہ بھیک حاصل کرنے کے لیے خاکروب بن کر جھاڑو لگانی شروع کردی جس سے ان کی آمدنی میں زیادہ اضافہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہروں ریاض اور جدہ میں فقیروں نے زیادہ بھیک حاصل کرنے کے لیے انوکھا طریقہ اختیار کرتے ہوئے خود کو خاکروب (جھاڑو لگانے والے) ظاہر کرنا شروع کردیا ہے۔

    عرب نیوز کے مطابق یہاں خاکروبوں کو پورے مہینے کام کے عوض صرف 400 ریال ملتے ہیں اس لیے وہ اپنی آمدنی بڑھانے کے لیے سڑک سے گزرے والے افراد اور گاڑیوں سے ملنے والی ٹپس پر گزارا کرتے ہیں، ان کی بڑی تعداد غیرملکی ہے جو کہ غیر قانونی طور پر وہاں مقیم ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق وہ خود کو فقیر کے بجائے مظلوم ملازم کے طور پر پیش کرتے ہیں جو کام بھی بہت کرتا ہے اور اسے تنخواہ بھی کم ملتی ہے، جس پر لوگ ترس کھا کر رقم دیتے ہیں، ان میں ایسے لوگ بھی صدقہ و خیرات انہیں دے دیتے ہیں جو فقیروں کو رقم دینے سے گریز کرتے ہیں۔

    عرب نیوز کے مطابق یہاں کے خاکروب روزانہ 11 گھنٹے کام کرتے ہیں لیکن انہیں صرف 400 ریال ملتے ہیں جس کے بعد وہ لوگوں سے مانگ کر اپنی ماہانہ آمدنی 2500 ریال ماہانہ تک کرلیتے ہیں۔

    جدہ میں صفائی پر مامور ایک اہلکار نے عرب نیوز کوبتایا کہ یہاں کے فقیر پیسہ کمانے کے لیے وردیاں حاصل کر کے خود کو خاکروب کے طور پر پیش کرتے ہیں تاکہ انہیں کچھ رقم مل جائے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں امارات بہت ہے لیکن پھر بھی 20 فیصد سے زائد شہری غربت کی زندگی گزار رہے ہیں، یہاں پر عوامی خدمات پر مامور ورکروں کو کم تنخواہ دی جاتی ہے۔

  • سعودی عرب ایمنسٹی اسکیم: 5 لاکھ 72 ہزار غیر قانونی مقیم مستفید

    سعودی عرب ایمنسٹی اسکیم: 5 لاکھ 72 ہزار غیر قانونی مقیم مستفید

    ریاض: سعودی عرب میں غیر قانونی مقیم تارکین وطن کی بہت بڑی تعداد نے ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانا شروع کردیا، مستفید ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 72 ہزار 488 تک پہنچ گئی۔

    سعودی گزٹ کے مطابق یہ بات جوازات پاسپورٹ آفس نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں بتائی ہے۔

    سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے ملک بھر میں موجود غیر قانونی تارکین وطن کےلیے 90 روزہ ایمنسٹی اسکیم 29 مارچ سے جاری ہے جس کے تحت غیر ملکی مزدور اور رہائشی افراد بغیر کسی جرمانے کے سعودی عرب چھوڑ سکتے ہیں۔

    اس اسکیم کی مدت 25 جون کو ختم ہورہی تھی تاہم اس میں مزید ایک ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔

    پاسپورٹ آفس جوازات کے مطابق 12 ہزار سے زائد تارکین وطن ایسے ہیں جو رضاکارانہ طور پر ریاست چھوڑ کر جارہے ہیں تاکہ قانونی طور پر ورک ویزا حاصل کرکے دوبارہ سعودیہ عرب واپس آسکیں، ایسے افراد میں کچھ لوگ ایگزٹ ہونے کے صرف ایک ہفتے بعد واپس آجائیں گے۔

    ایمنسٹی اسکیم کے قوانین کے تحت غیرقانونی طور پر مقیم ہر وہ غیر ملکی شخص جو اسکیم کی مقررہ مدت میں سعودی عرب چھوڑ جائے گا اس کے فنگر پرنٹس نہیں لیے جائیں گے جس کے بعد وہ قانونی طور پر واپس آنے کا اہل ہوگا اور اسے ورک ویزا یا اقامہ مل سکے گا۔

    جوازات پاسپورٹ آفس میں 50 سے زائد کاؤنٹر قائم ہیں جو اس اسکیم کے تحت واپس جانے والے غیر ملکی باشندوں کے ڈپارچر کے عمل میں مصروف ہیں۔

    کاؤنٹر پر غیر ملکیوں کو خبردار کیا جارہا ہے کہ وہ اسکیم کے تحت دی گئی مدت کا فائدہ اٹھائیں تاکہ انہیں بلیک لسٹ نہ کیا جائے اور وہ باعزت طریقے سے دوبارہ ریاست میں آسکیں۔

    انہیں یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ وہ اپنا ڈیپارچر کا عمل مکمل کرنے کے بعد بھی سعودی عرب میں ہی مقیم رہے تو انہیں جیل جانے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بھی جوازات کے حکام نے اعلامیہ جاری کیا تھا کہ غیر قانونی مقیم افراد ایمنسٹی اسکیم کے بچے ہوئے دنوں سے فائدہ اٹھائیں اس سے قبل کہ اسکیم ختم ہوجائے۔


    سعودی عرب: تنخواہ میں تاخیر پر ہر ملازم کے عوض 3 ہزار ریال جرمانے کا فیصلہ


    حکام کے مطابق اسکیم کی مدت ختم ہونے کے بعد غیر ملکی باشندوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا، سیکیورٹی اداروں کو اس ضمن میں سخت احکامات دے دیے گئے ہیں، مدت ختم ہونے کے بعد پکڑے گئے غیر ملکی باشندوں پر نہ صرف جرمانہ کیا جائے گا بلکہ انہیں جیل بھیجنے، ملک بدر کرنے اور آئندہ مملکت میں آنے پر بلیک لسٹ کرنے جیسی سزائیں دی جائیں گی۔

  • سعودی عرب میں‌ محفل مشاعرہ، پاکستانی شعرا کی شرکت

    سعودی عرب میں‌ محفل مشاعرہ، پاکستانی شعرا کی شرکت

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں محفل مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان، بحرین اور مقامی پاکستانی شعرا کرام نے شرکت کی۔

    ادبی تنظیم حلقہ فکر و فن کے زیر اہتمام منعقدہ مشاعرے کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان خان ھشام بن صدیق تھے اس کے علاوہ پاکستانی کیمونٹی کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔

    اس موقع پر پاکستان سے آئی ہوئی شاعرہ شہناز مزمل اور ڈاکٹر عمرانہ مشتاق نے اپنا کلام پیش کیا جسے حاضرین نے پسند کیا۔

    علاوہ ازیں وقار نسیم وامق، ڈاکٹر حنا عنبرین، عبدالرزاق تبسم ، فاطمہ احمد اور دیگر اہم شعراء کرام نے بھی شعر و شاعری پیش کرکے خوب داد حاصل کی۔

    سفیر پاکستان خان ھشام بن صدیق نے اپنے خطاب میں کہا کہ اردو ادب نے بہت زیادہ ترقی کی ہے اس کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے اردو ادب نے پاکستان سے بڑے بڑے شعراء کرام پیدا کیے ہیں جو پاکستان کی پہچان بنے ہیں۔