Tag: Saudi Civil Aviation GACA

  • سعودی ایوی ایشن کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچ گیا

    سعودی ایوی ایشن کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچ گیا

    کراچی: سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایویشن (گاکا) کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا وفد پاکستان پہنچ گیا ہے، 8 رکنی سیکیورٹی وفد نے آج صبح ہیڈ کوارٹرز میں ڈائریکٹر سیکیورٹی پاکستان سول ایوی ایشن سے ملاقات کی۔

    بات چیت کے دوران فریقین نے برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو نئی سطح پر لے جانے کے مکمل عزم کا اعادہ کیا، ڈائریکٹر جنرل سی اے اے نے اپنے پیغام میں سعودی وفد کو خوش آمدید کہا اور ان کا خیر مقدم کیا۔

    ڈی جی سول ایویشن نے ہدایت کی کہ مختلف ہوائی اڈوں کے دوروں کے دوران سعودی مہمانوں سے مکمل تعاون کیا جائے، اور انھیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔

    سربراہ سعودی وفد نے کہا کہ ہم پرتپاک استقبال پر پاکستان سول ایوی ایشن کے شکرگزار ہیں، یہ دورہ دونوں سول ایوی ایشنز کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

    ملاقات کے اختتام پر دونوں اطرف سے تحائف کا تبادلہ بھی ہوا۔

  • سعودی عرب میں داخلے کے لیے نیا سفری ہدایت نامہ جاری

    سعودی عرب میں داخلے کے لیے نیا سفری ہدایت نامہ جاری

    کراچی: سعودی سول ایوی ایشن گاکا نے مملکت میں داخلے کے لیے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گاکا نے مملکت میں داخلے سے متعلق نیا ہدایت نامہ جاری کیا ہے، جس میں سعودی ایئر لائن سمیت تمام ایئر لائنوں کو عمل درآمد کی سخت ہدایت کی گئی ہے۔

    گاکا نے سعودی عرب جانے والے مسافروں کے پاس ویزے اور پاسپورٹ کی اسکین کاپی کا ہونا لازمی قرار دے دیا ہے۔

    سعودی ایوی ایشن نے کہا ہے کہ اگر ویزے پر پاسپورٹ کے مطابق تفصیلات درج نہ ہوں تو ایئر لائن انتظامیہ اس صورت میں مسافروں کو بورڈنگ پاس جاری نہ کرے۔

    سعودی ایوی ایشن نے کہا ہے کہ غلط کاغذات پر سفر کرنے والے مسافروں کی رہائش اور واپسی کے اخراجات ایئر لائن انتظامیہ خود برداشت کرے گی۔

    گاکا کا کہنا ہے کہ ایئر لائن مسافر کو فوراً اگلی ہی پرواز سے واپس بجھوانے کی پابند ہوگی، اس حوالے سے تمام ایئر لائنز اپنے عملے کی ٹریننگ کریں، خلاف ورزی کی صورت میں ایئر لائن جرمانہ ادا کرے گی۔