Tag: Saudi Doctors

  • سعودی ڈاکٹرز نے حج کے لیے آئے عراقی شہری کی جان بچا لی

    سعودی ڈاکٹرز نے حج کے لیے آئے عراقی شہری کی جان بچا لی

    ریاض: سعودی عرب میں حج کرنے کے لیے آنے والے عراقی شہری کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی جس کے بعد سعودی ڈاکٹرز نے ان کا علاج کر کے ان کی جان بچائی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں مکہ مکرمہ کے کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کے ڈاکٹروں نے ایک معمرعراقی عازم حج کی زندگی بچا لی، عازم حج کو دل کا شدید عارضہ لاحق ہو گیا تھا۔

    کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کے ترجمان حاتم المسعودی کا کہنا ہے کہ عراقی عازم حج کو النور اسپیشلسٹ اسپتال سے لایا گیا تھا، ہاٹ لائن کے ذریعے فوری رابطہ کر کے علاج شروع کیا گیا۔

    حاتم المسعودی نے کہا کہ عراقی عازم حج کو ایمرجنسی وارڈ سے براہ راست کیتھیٹرائزیشن روم پہنچا کر کیتھیٹرائزیشن کی گئی جس سے پتہ چلا کہ کورونری شریانوں میں سے ایک 95 فیصد تک بلاک ہے۔

    ڈاکٹڑز نے کیتھیٹرائزیشن کر کے شریان کو کھول دیا اور سٹنٹ ڈالے، عراقی عازم حج کو دو روز تک انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رکھ کر اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ عراقی عازم حج کی صحت اب تسلی بخش ہے اور وہ اطمینان سے حج کے مناسک کی ادائیگی کر سکیں گے۔

    عراقی عازم حج نے سعودی صحت عملے اور مکہ کے اسپتالوں کے انتظامات پر صحت عملے کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ اگر بر وقت علاج میسر نہ آتا تو فریضہ حج کی ادائیگی سے محروم ہو سکتا تھا۔

  • 6 ہزار سعودی ڈاکٹر مختلف ممالک میں کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر

    6 ہزار سعودی ڈاکٹر مختلف ممالک میں کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر

    ریاض: کرونا وائرس سے لڑنے کے لیے جہاں دنیا بھر میں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جارہے ہیں وہیں 6 ہزار سعودی ڈاکٹر بھی مختلف ممالک میں اس لڑائی میں شریک ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ہیلتھ اسپیشلائزیشن کی سعودی کونسل کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ایمن عبدہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے 6 ہزار سے زائد ڈاکٹرز 30 ممالک میں کرونا وائرس کی وبا کے دوران صحت خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

    ڈاکٹر ایمن عبدہ کا کہنا ہے کہ سعودی ڈاکٹر جرمنی، فرانس، امریکہ اور جنوبی کوریا جیسے ملکوں میں کرونا وائرس سے متاثرین کے علاج معالجے میں حصہ لے رہے ہیں۔

    ان کے مطابق سعودی ڈاکٹر مختلف ممالک میں ریسرچ کے لیے گئے ہوئے تھے، ان دنوں بحران کے باوجود سعودی ڈاکٹروں نے انہی ممالک میں قیام کو ترجیح دی۔

    ڈاکٹر عبدہ نے مزید بتایا کہ سعودی عرب چالیس برس سے زائد عرصے سے صحت کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے اپنے شہریوں کو باہر بھیجتا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس سے 25 لاکھ 57 ہزار سے زائد افراد کو متاثر کردیا جبکہ ہلاکتیں 1 لاکھ 77 ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں۔

    اب تک 6 لاکھ 90 ہزار سے زائد مریض ڈاکٹروں کی جدوجہد کی بدولت صحتیاب بھی ہوچکے ہیں جبکہ دیگر مریضوں کی زندگیاں بچانے کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔