Tag: saudi embassy

  • اسلام آباد: سعودی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کو خبردار کردیا

    اسلام آباد : سعودی حکومت نے پاکستان میں مقیم اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے، اس سلسلے میں مراسلہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سکیورٹی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفارت خانہ نے الرٹ جاری کردیا۔

    ملک میں مقیم سعودی شہریوں کیلئے جاری کیے گئے الرٹ نوٹس میں سعودی سفارتخانہ نے ہدایات دی ہیں کہ پاکستان میں رہنے اور آنے والے سعودی شہری احتیاط برتیں۔

    سفارت خانے نے متنبہ کیا ہے کہ سعودی شہری ضرورت کے علاوہ اپنے گھروں یا ہوٹلوں سے باہر نہ نکلیں کیونکہ اسلام آباد کی سکیورٹی بھی ہائی الرٹ کی گئی ہے۔

    سعودی سفارت خانہ کی جانب سے جاری مراسلے میں مزید کہا ہے کہ سعودی شہری ضرورت پڑنے پر اپنے سفارت خانے اور قونصلیٹ سے فوری رابطہ کرسکتے ہیں۔

    مزید  پڑھیں : اسلام آباد دھماکے کے بعد شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ

    واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ جمعہ کو اسلام آباد کے علاقے آئی 10 میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد شہر کی سکیورٹی ہائی الرٹ کردی تھی۔

    دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 4 اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے تھے، شہید اہلکار عدیل حسنین کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

  • مالدیپ جانے کیلئے کون سے قواعد و ضوابط پر عمل ضروری ہے

    مالدیپ جانے کیلئے کون سے قواعد و ضوابط پر عمل ضروری ہے

    مالے : مالدیپ جانے کے خواہشمند لوگوں کیلئے قواعدو ضوابط مقرر کیے گئے ہیں جن پر عمل درآمد کرکے ہی مالدیپ میں داخل ہوا جاسکتا ہے۔

    اس حوالے سے مالدیپ میں سعودی سفارت خانے نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ مالدیپ آنے والے شہری مقامی حکام کے مقرر کردہ ضوابط کی پابندی کریں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سفارت خانے نے اپنے بیان میں کہا کہ مالدیپ کے حکام نے سیاحت کے لیے آنے والوں کے لیے روانگی سے قبل72 گھنٹے کے اندر پی سی آر ٹیسٹ کی نیگٹیو رپورٹ کی پابندی لگائی ہے اس سے ایک برس کے بچے مستثنیٰ ہوں گے۔

    مالدیپ کے حکام کا کہنا ہے کہ پہنچنے سے قبل48 گھنٹے کے اندر ویب سائٹ پر موجود اقرارنامہ جمع کرائیں، واپسی کا ٹکٹ اور ہوٹل میں بکنگ کا ثبوت بھی دیا جائے۔

    سفارت خانے نے بتایا کہ مملکت میں منظور شدہ ویکسین کی خوراکوں کا ریکارڈ اپنے ہمراہ رکھیں، مالدیپ کے بعض اداروں میں داخلے کے لیے ویکسین یافتہ ہونا ضروری ہے۔

    آباد جزیروں میں قیام کے دوران وہاں آنے جانے کی ہدایات کی پابندی کی جائے، بعض جزیروں کے حکام آمد ورفت کے لیے پی سی آر ٹیسٹ ضروری قرار دیے ہوئے ہیں۔

    مملکت واپسی کے وقت سفر کے لیے دیگر پابندیوں کی بابت بھی ایئرلائن سے رابطہ کیا جائے، اندرون ملک فضائی اور بحری سفر کے دوران کورونا ایس او پیز کی پابندی کی جائے۔

    مالدیپ میں قیام کے دوران کورونا وائرس میں مبتلا ہوجانے پر7 دن کے لیے قرنطینہ کیا جاتا ہے اور اس کے اخراجات سیاح کو ادا کرنا ہوتے ہیں۔

  • ویزا درخواستیں، سعودی سفارت خانے کا اہم اعلان

    ویزا درخواستیں، سعودی سفارت خانے کا اہم اعلان

    ڈھاکا : بنگلہ دیش میں سعودی سفارت خانہ اتوار 27 ستمبر سے ویزے کے لیے کارروائی شروع کرے گا، سفارت خانے میں رجسٹرڈ ایجنسیوں کے ذریعے ویزوں کی توسیع اور منسوخی کی درخواستیں وصول کی جائیں گی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈھاکا میں سعودی سفارت خانے نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ ویزے کے امیدواروں کو بنگلہ دیشی حکومت کے یہاں رجسٹرڈ میڈیکل سینٹر سے پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔

    ترجمان سفارت خانے کے کہنا ہے کہ ایسے امیدوار کو ہی ویزا جاری کیا جائے گا جو کورونا وائرس سے متاثر نہ ہونے کا سرٹیفکیٹ پیش کرسکیں گے۔

    اس کے علاوہ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ٹیسٹ کی کارروائی کا دورانیہ مملکت پہنچنے تک 48 گھنٹے سے زیادہ کا نہ ہو۔ اس حوالے سے سعودی ائیر پورٹس پر سفری کارروائی کے دورانیے کو مدنظر رکھنا ہوگا۔

    سعودی سفارت خانے سے ملازمت کے خواہاں اور خروج و عودہ (ایگزٹ ری انٹری) کے ان ویزوں کے بارے میں دریافت کیا گیا جن کی میعاد سفری پابندیوں کی وجہ سے ختم ہوگئی ہے۔ سفارت خانے کے مطابق مقررہ ضوابط اس حوالے سے نافذ کیے جائیں گے۔

  • ترکی میں سعودی سفارت خانے کا اپنے شہریوں پر مسلح حملے کے بعد انتباہ

    ترکی میں سعودی سفارت خانے کا اپنے شہریوں پر مسلح حملے کے بعد انتباہ

    انقرہ /ریاض : ترکی میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے استنبول میں نامعلوم مسلح افراد کے سعودی شہریوں کے ایک گروپ پر حملے کے بعد انتباہ جاری کیا ہے اور سعودی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے تحفظ کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے اتوار کو ایک بیان میں بتایا کہ استنبول کے علاقے سسلی ( صقلیہ) میں واقع ایک کیفے میں سعودی سیاح بیٹھے ہوئے تھے،اس دوران میں اچانک مسلح افراد نے ان پر حملہ کردیا اور ان میں سے ایک کو گولی مار دی، پھر ان کا سامان لُوٹ کر چلتے بنے۔

    وزارت کے مطابق ایک سعودی شہری گولی لگنے سے زخمی ہوگیا تھا لیکن اس نے یہ نہیں بتایا ہے کہ اس کا زخمی کتنا گہرا یا شدید ہے۔

    وزارت نے ترکی میں موجود سعودی شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے قیام کے دوران میں حفظ ماتقدم کے طور پر تمام ضروری حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، وہ سسلی یا تقسیم اسکوائر میں سورج غروب ہونے کے بعد جانے سے گریز کریں۔،یہ دونوں غیر ملکی سیاحوں کی مقبول جگہیں ہیں۔

    ترکی میں سعودی سفارت خانے نے جولائی میں بھی اپنے شہریوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ اس ملک کی سیاحت کے دوران میں اپنے سامان ومال متاع کا خود تحفظ کریں، تب استنبول میں سعودی پاسپورٹس چوری ہونے کے متعدد واقعات پیش آئے تھے۔

    سعودی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ترکی کی سیاحت کے لیے جانے والے شہریوں نے بعض علاقوں میں اپنے ساتھ ہونے والی چھینا جھپٹی کی وارداتوں کی شکایت کی تھی اور ان میں سے بعض کو ان کے پاسپورٹس اور زادِ راہ سے محروم کردیا گیا تھا۔

  • سری لنکا میں موجود سعودی شہریوں کو وہاں سے کوچ کرنے کی ہدایت جاری

    سری لنکا میں موجود سعودی شہریوں کو وہاں سے کوچ کرنے کی ہدایت جاری

    کولمبو : سری لنکا میں پائی جانے والی کشیدہ صورت حال میں سعودی سفارت خانے کی طرف سے وہاں پر موجود تمام سعودی شہریوں کو ملک سے نکل جانے کی ہدایت کی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا میں قائم سعودی سفارت خانے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں باشندوں سے کہا گیا کہ وہ ملک میں جاری موجودہ کشیدہ حالات کے پیش نظر ملک چھوڑ دیں۔

    قبل ازیں سعودی عرب کی طرف سے سری لنکا میں موجود اپنے شہریوں سے کہا گیا تھا کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر کے بعد پیدا ہونےوالے حالات میں سعودی باشندے سری لنکا کے قانون کا احترام کریں اورسیکیورٹی کے حوالے سے اٹھائے گئے نئے اقدامات میں سری لنکا کی حکومت کا ساتھ دیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سری لنکن وزیرصحت  راجیتا سیناراٹنا نے وارننگ جاری کی تھی کہ ایسٹر سنڈے کے موقع پر خودکش حملے کرنےوالے گروہ کی جانب سے ایک مرتبہ پھر اسی طرز کے حملوں کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

    سری لنکا میں گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں ہونے والے خودکش دھماکوں کے نتیجے میں 300 سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد برقع پر پابندی عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

    مزید پڑھیں : سری لنکا میں برقع پر پابندی لگنے کا امکان

    خیال رہے کہ سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں ہونے والے 8 خودکش دھماکوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔

    واضح رہے کہ سری لنکا میں ایسٹر کے روز ہلاکت خیز دھماکوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کی کوششوں میں خواتین کے برقعہ پہننے پر پابندی لگادی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: ہنگامی قانون کے تحت سری لنکا میں نقاب پر پابندی عائد کردی گئی

    برقع پر پابندی ایسٹر پر ہونے والے خودکش حملوں کے ایک ہفتے بعد لگائی گئی تھی، اس حملے میں 250 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

  • دمشق میں سفارت خانہ کھولنے کی خبریں بے بنیاد ہیں، سعودی وزارت خارجہ

    دمشق میں سفارت خانہ کھولنے کی خبریں بے بنیاد ہیں، سعودی وزارت خارجہ

    ریاض : سعودی حکومت نے خانہ جنگی کا شکار ملک شام کے دارالحکومت میں دوبارہ سفارت خانہ سے متعلق خبروں کی تردید کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے دفتر خارجہ نے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شامی دارالحکومت دمشق میں دوبارہ سفارت خانہ کھولنے سے متعلق خبر رساں اداروں کی رپورٹس بے بنیاد اور من گھرٹ ہیں۔

    سعودی عرب کے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ خبر رساں ادارے شام کے ساتھ دوبارہ سفارتی تعلقات شروع کرنے کی خبریں وزیر خارجہ ڈاکٹر ابراہیم العساف کے نام سے منسوب کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : دمشق میں 7 سال بعد یو اے ای کا سفارت خانہ آج سے دوبارہ کھولا جائے گا

    یاد رہے کہ سعودی عرب کے اہم اتحادی متحدہ عرب امارات نے 7 سال بعد گزشتہ ماہ شام کے ساتھ سفارتی تعلقات دوبارہ شروع کرتے ہوئے دمشق میں سفارت خانہ کھولا تھا جبکہ بحرین نے جلد دمشق میں سفارت خانہ کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

    متحدہ عرب امارات اور بحرین سمیت کئی سعودی اتحادیوں نے سفارت خانے 2011 کے اوائل میں شامی صدر بشار الاسد کے خلاف احتجاجی تحریک کے آغاز کے بعد بند کردئیے تھے۔

    واضح رہے کہ بائیس عرب ممالک پر مشتمل عرب لیگ نے 2011 میں شام کی رکنیت معطل کردی تھی۔

    عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے رواں سال اپریل میں کہا تھا کہ شام کی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ عجلت میں کیا گیا تھا جبکہ مصر کے سرکاری میڈیا نے بھی حال ہی میں شام کی رکنیت کی بحالی کے حق میں تحریریں شائع کی تھیں۔

  • عمرہ زائرین کے فنگرپرنٹس دینے کی شرط یکم دسمبر تک مؤخر

    عمرہ زائرین کے فنگرپرنٹس دینے کی شرط یکم دسمبر تک مؤخر

    اسلام آباد: سعودی سفارتخانے نے بائیو میٹرک سسٹم دسمبرتک مؤخر کرنے کا اعلان کردیا، عمرہ زائرین پرانے سسٹم کے تحت ویزا حاصل کرسکتےہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی سفارتخانہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی حکومت نے بائیو میٹرک سسٹم کو فی الحال مؤخر کردیا ہے۔

    سعودی عرب میں جانے والے پاکستانی عمرہ زائرین یکم دسمبر تک پرانے نظام کے تحت فنگر پریںٹس کی شرط کے بغیر ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔

    مذکورہ شرط زائرین کی مشکلات کے پیش نظر مؤخر کی گئی ہے، تاہم عمرہ زائرین کے لئے چار دسمبر کے بعد سے فنگرپرنٹس دینا لازمی ہوں گے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستانی قوم کے مفادات کو تمام معاملات پر فوقیت دیتا ہے، اعتماد کمپنی کا بغیرتیاری فنگر پرنٹس لینا پریشانی کاباعث بنا، انہوں نے کہا کہ بائیومیٹرک سہولت سے پاکستانی جدہ ایئرپورٹ پرطویل انتظارسے بچ سکیں گے۔

    واضح رہے کہ سعودی حکومت نے چند روز قبل یہ ہدایات جاری کی تھیں کہ تیس اکتوبر سے بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر کوئی پاسپورٹ وصول نہیں کیا جائے گا، بائیو میٹرک صرف اعتماد کمپنی کا چلے گا، جس کے صرف کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں دفاتر ہیں۔


    مزید پڑھیں: حج وعمرہ زائرین کیلئے بائیو میٹرک کی تصدیق لازمی قرار


    اس شرط  کے بعد مذکورہ دفاتر پر صبح سویرے ہی زائرین کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں اور سہولیات نہ ہونے کے باعث عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔


    مزید پڑھیں: عمرہ زائرین کی سعودیہ میں غیر قانونی سکونت، پاکستانی سرفہرست


    فنگرپرنٹس کے نام پرفی کس ساڑھے چھ سو روپے کی وصولی کی گئی، زائرین کے احتجاج کے بعد سعودی حکومت کو اس فیصلے پر نظر ثانی کرنا پڑی۔

  • سعودی حکام نے ویزا اسٹمپنگ اسٹیکر بھیج دیے، عمرہ زائرین کی مشکلات کم ہونے کا امکان

    سعودی حکام نے ویزا اسٹمپنگ اسٹیکر بھیج دیے، عمرہ زائرین کی مشکلات کم ہونے کا امکان

    کراچی: پاکستانی عمرہ زائرین کو ویزا ملنے میں مشکلات پر سعودی حکام نے کراچی اور اسلام آباد میں ویزا اسٹمپنگ اسٹیکر بھیج دیے، اسٹیکر نہ ہونے سے زائرین عمرہ کی سعادت حاصل نہیں کرپارہے تھے، اب ان کی مشکلات کم ہونے کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ صلاح الدین کے مطابق اے آر وائی نیوز نے عمرہ زائرین کی مشکلات پر خبر نشر کی تھی کہ ویزا اسٹیکر نہ ہونے سے 55 ہزار سے زائد پاکستانی زائرین عمرے کی سعادت پر روانہ نہیں ہوسکے تھے۔

    خبر کا نوٹس لیتے ہوئے سعودی حکام نے ہنگامی بنیادوں پر آج ویزا اسٹیکر بھیج دیے ہیں اور آج سے کراچی اور اسلام آباد قونصلیٹ سے ویزوں کا اجرا شروع کردیا گیا ہے۔


    انہوں نے بتایا کہ ویزا نہ ملنے سے بیشتر زائرین نے اپنی فلائٹس اور ہوٹل کی بکنگ بھی منسوخ کرادی تھی۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک لاکھ ویزا اسٹیکر پاکستان بھیج دیے ہیں، 28 گھنٹوں کے اندر ویزا جاری کردیا جائے گا۔

  • آرمی چیف کی سعودی سفارتخانے آمد، شاہ عبداللہ کی وفات پر تعزیت

    آرمی چیف کی سعودی سفارتخانے آمد، شاہ عبداللہ کی وفات پر تعزیت

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے سعودی سفارتخانے کا دورہ کیا اور سعودی سفیر سے شاہ عبداللہ کے انتقال پر تعزیت کی۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے پہنچے تو سعودی سفیر نے ان کا استقبال کیا، آرمی چیف نے شاہ عبداللہ کی وفات پر تعزیت کی، آرمی چیف نے سفارتخانے میں تعزیتی کتاب میں تحریری افسوس کا بھی اظہار کیا۔

    آرمی چیف جنرل جنرل راحیل شریف نے کہا کہ شاہ عبداللہ پاکستان کے عظیم دوست تھے ، پاکستانی قوم سعودی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

    دوسری جانب وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار بھی سعودی سفارتخانے پہنچے اور سعودی سفیر سے تعزیت کے بعد تحریری افسوس قلمبند کیا، اُن کا کہنا تھا کہ شاہ عبداللہ ایک وژنری لیڈر تھے۔