Tag: Saudi Govt

  • سعودی عرب: طلبا کے لیے بڑا اعلان

    سعودی عرب: طلبا کے لیے بڑا اعلان

    ریاض : سعودی وزارت تعلیم نے پرائمری اور نرسری کے طلبہ کیلئے 30 اکتوبر سے اسکول کھولنے کا اعلان کردیا۔

    سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارت تعلیم کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 12 سال سے کم عمر کے وہ طلبہ جو پرائمری اور نرسری میں زیر تعلیم ہے، انھیں 24 ربیع الاول بمطابق 30 اکتوبر سے اسکولوں میں حاضری کی اجازت ہوگی۔

    یاد رہے کہ رواں تعلیمی سال کے آغاز سے اب تک پرائمری اور کے جی کے طلبہ کی آن لائن تدریس جاری تھی ، صرف مڈل اورہائی سکولوں کے ان طلبہ کو حاضری کی اجازت دی گئی تھی۔

    وزارت تعلیم کا کہنا تھا کہ مڈل اور ثانوی اسکولوں کے 12 سال اور اس سے زائد عمر کے بچوں کو اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کی اجازت اس صورت میں ہو گی جبکہ وہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں۔

    خیال رہے وزارت تعلیم نے رواں تعلیمی سال کا جدول جاری کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ 30 اکتوبر تک ویکسین لینے والوں کی شرح 70 فیصد ہونے پر تمام مراحل کے طلبہ کی اسکولوں کو واپسی ہوگی۔

    اس سے قبل کورونا سے بچاؤ کے لیے وزارت تعلیم نے مملکت کے اگلے تعلیمی سال کے دوران طلبہ وطالبات کیلئے ہدایات جاری کی تھیں اور کہا تھا کہ اسکولوں میں محفوظ واپسی کے لیے آٹھ امور کی پابندی ناگزیر ہے۔

  • عمرے پر جانے کے خواہشمند افراد کیلئے سعودی حکومت کا بڑا اعلان

    عمرے پر جانے کے خواہشمند افراد کیلئے سعودی حکومت کا بڑا اعلان

    مکہ مکرمہ : سعودی حکومت نے کل سے عمرے کیلئے اجازت نامے جاری کرنے کا اعلان کردیا ، عمرہ پرمٹ اعتمرنا اور توکلنا ایپ سے جاری ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ عمرےکیلئےاجازت نامے اتوار سے جاری ہوں گے تاہم عمرہ زائرین کو کورونا سے متعلق ایس اوپیزپرعمل کرنا ہوگا۔

    وزیرحج وعمرہ کا کہنا تھا کہ کل سے یومیہ 20ہزارعمرہ زائرین کواجازت نامےجاری ہوں گے، عمرہ پرمٹ اعتمرنااورتوکلناایپ سے جاری ہوں گے، غیرملکی اورسعودی شہری عمرہ پرمٹ حاصل کر سکیں گے۔

    سعودی وزیر نے واضح کیا کہ عمرہ کے پرمٹ صرف ان لوگوں کو جاری کیے جائیں گے جنہوں نے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوا رکھی ہوگی۔

    یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں سعودی عرب کی حکومت نے عمرے کی ادائیگی پر پابندی عائد کی تھی ، پابندی کا مقصد رواں سال کورونا ایس او پیز کے ساتھ حج کی ادائیگی کو ممکن بنانا تھا۔

  • حج انتظامات ، سعودی حکومت نے تیاریاں شروع کردیں

    حج انتظامات ، سعودی حکومت نے تیاریاں شروع کردیں

    مکرمہ: سعودی حکومت نے حج سیزن کے لیے تیاریاں شروع کردیں ، اس سلسلے میں 13اسپتال مخصوص کئے جائیں گے جب کہ تمام حجاج کوکھانا انکے کمروں میں ہی پہنچایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت صحت کی جانب سے حج سیزن کے لیے تیاریاں شروع کردی گئیں ، ڈائریکٹرامورصحت نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں 13اسپتال مخصوص کیے جائیں گے اور حجاج کے رہائشی خیموں میں سماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے گا جبکہ تمام حجاج کوکھانا ان کے کمروں میں ہی پہنچایا جائے گا۔

    یاد رہے سعودی عرب نے کورونا کی صورتحال کے پیش ںظر رواں سال بھی حج محدود رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے بیرون ملک زائرین کو حج کی اجازت نہیں دی۔

    سعودی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ رواں سال مجموعی طور پر 60 ہزار سعودی عرب کے شہریوں اور رہائش پذیر افراد کو حج ادا کرنے کی اجازت دی جائے گی، لوگوں کی حفاظت اور صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس وقت کچھ احتیاطی اقدامات کیے ہیں۔

    خیال رہے سعودی عرب میں مقیم ملکی و غیر ملکی شہریوں کی جانب سے اب تک حج کے لیے 4 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، ملنے والی درخواستوں میں سے 60 فیصد مرد حضرات کی ہیں جبکہ 40 فیصد خواتین کی ہیں۔

    درخواستوں کی حتمی منظوری کا مرحلہ 13 ذی القعد تک جاری رہے گا جس کے بعد صرف 60 ہزار افراد کو اگلے مرحلے کے لیے منتخب کیا جائے گا۔

  • سعودی حکومت کا اقتصادی سرگرمیاں بتدریج بحال کرنے پر غور

    سعودی حکومت کا اقتصادی سرگرمیاں بتدریج بحال کرنے پر غور

    ریاض: کرونا وائرس نے دنیا بھر کی معیشتوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور کاروبار زندگی ٹھپ ہوچکا ہے تاہم سعودی حکومت اقتصادی سرگرمیاں بتدریج بحال کرنے پر غور کررہی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ سعودی حکومت اقتصادی سرگرمیاں بتدریج بحال کرنے کی تجویز پر غور کررہی ہے۔

    وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت صحت عامہ کو نقصان پہنچائے بغیر اقتصادی سرگرمیاں بتدریج بحال کرے گی، اس حوالے سے جائزے تیار کیے جارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا بحران کے نقصانات کا مقابلہ کرنے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کرونا کی تازہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

    وزیر خزانہ نے بتایا کہ شاہ سلمان نے جی 20 کے قائدین سے درخواست کر کے پہلی ہنگامی آن لائن سربراہی کانفرنس طلب کی تھی، کانفرنس کے موقع پر جی 20 کے قائدین نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ تمام ممالک مل کر وبا سے پیدا ہونے والے سماجی اور اقتصادی نقصانات کی تلافی کریں گے اور معیشت کی بحالی کے لیے اقدامات کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ خدشہ ہے کہ کرونا بحران کئی ماہ تک چلے گا، ممکن ہے کہ اس سے پیدا ہونے والے صحت مسائل 2020 کے آخر تک چلتے رہیں، اگر صحت حالات نے اجازت دی تو حکومت اقتصادی سرگرمیاں بتدریج بحال کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ سرگرمیوں کی بحالی کے حوالے سے احتیاط، مسلسل نگرانی اور ضروری فیصلے جلد کرنے کا اہتمام کیا جائے گا۔

    وزیر خزانہ نے بتایا کہ سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی صحت سلامتی سعودی حکومت کی پہلی ترجیح ہے، وائرس سے نمٹنے کے لیے صحت کے شعبے کو 47 ارب ریال کا اضافی بجٹ دیا گیا ہے۔

    ان کے مطابق سعودی حکومت مزید مدد کے لیے کرونا بحران سے زیادہ متاثر ہونے والے شعبوں کے حالات کا مسلسل جائزہ بھی لے رہی ہے، فیسوں کی ادائیگی یا بعض فیسیں نہ لینے کی تجاویز زیر غور ہیں۔

    وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ فیسوں کی وصولی 6 ماہ سے 9 ماہ تک ملتوی کی جاسکتی ہے، جن فیسوں کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے انہیں مکمل طور پر معاف کرنے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔

  • رمضان کی آمد ، سعودی ولی عہد کا پاکستانی عوام کیلئے بڑا تحفہ

    رمضان کی آمد ، سعودی ولی عہد کا پاکستانی عوام کیلئے بڑا تحفہ

    اسلام آباد : سعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان کی جانب سے پاکستانیوں کیلئے 150 ٹن کھجوروں کاتحفہ بھجوادیا گیا، ڈی جی کابینہ ڈویژن بریگیڈیئرطاہر رشید نے سعودی تحفہ وصول کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے رمضان المبارک کی آمد سے قبل پاکستانیوں کیلئے 150 ٹن کھجوروں کا تحفہ بھجوایا ، تحفہ سعودی  ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان کی ہدایت پر پاکستانی حکومت کے سپرد کیا گیا۔

    سعودی سفیرنواف بن سید المالکی اور ڈائریکٹرکنگ سلمان ریلیف نے پیش کیا اور ڈی جی کابینہ ڈویژن بریگیڈیئر طاہر رشید نے سعودی عرب کا تحفہ وصول کیا۔

    یاد رہے چند روز قبل ہی پاکستان کے صدر ڈاکٹرعارف علوی سے سعودی عرب کے سفیرنواف بن سعید المالکی کی ملاقات ہوئی تھی، سعودی سفیر المالکی نے کہا تھا کہ سعودی عرب کی قیادت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے اور وہ پاکستان اور اس کے عوام کی حمایت کی خواہش رکھتی ہے، ایک کامیاب اور مستحکم ملک بننے کے لیے اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    گزشتہ برس سعودی سفارت خانے میں منعقدہ تقریب میں سعودی حکومت کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے 80 ٹن کھجوروں کا تحفہ دیا گیا تھا۔

    خیال رہے سعودی حکومت کی جانب سے ہر سال فوڈ پروگرام منعقد کیا جاتا ہے جس کے تحت اسلامی ممالک میں راشن، کپڑوں اور غذائی تقسیم کی جاتی ہے، جنگ زدہ شام سمیت دیگر ممالک سعودی عوام کی جانب سے گزشتہ برس خطیر رقم بھیجی گئی تھی۔

  • وزٹ ویزے پر سعودی عرب جانے والوں کیلئے اہم خبر

    وزٹ ویزے پر سعودی عرب جانے والوں کیلئے اہم خبر

    اسلام آباد : سعودی حکومت نے وزٹ ویزا کی پا لیسی تبدیل کر دی ، 2 سال کا ملٹیپل وزٹ ویزہ ختم کر کے صرف 1 سال کا کردیا گیا ہے، جو کے ہر 3 مہینے میں تجدید کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے وزٹ ویزہ کی پا لیسی تبدیل کر دی ، نئی ویزہ پالیسی کے تحت ویزہ ایک ماہ کے لئے جاری کیا جائے گا، 2 سال کا ملٹیپل وزٹ ویزہ ختم کر کے صرف 1 سال کا کردیا گیا ہے۔

    پہلے سعودی سنگل انٹری وزٹ ویزہ کی معیاد 6 ماہ کی تھی اور ہر 3 ماہ بعد تجدید خرا نا لازمی تھا تاہم اب نئے نظام کے مطابق سنگل انٹری ویزہ اب صرف 30 دن کا کردیا گیا ہےجو کے ہر 3 مہینے میں تجدید کرنا ہوگا۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ سعودی وزارت حج نے عمرہ اور حج ویزہ فیس سے متعلق نمایاں تبدیلیاں کیں تھیں ، جس کے مطابق45دن کے لیے عمرہ اور حج ویزہ کی فیس 300ريال مقرر جبکہ دوبارہ عمرہ کرنے جانے والوں پر دو ہزارریال کی شرط ختم کردی گئی تھی۔

    مزید پڑھیں : سعودی عرب نے سیاحت کو فروغ دینے کے لئے سیاحتی ویزا پا لیسی کا اعلان کر دیا

    اس سے قبل سعودی عرب نے سیاحت کو فروغ دینے کے لئے سیاحتی ویزا پا لیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی عرب27 ستمبر کو نیا سیاحتی ویزا پالیسی شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس سے51 ممالک کے شہریوں کو مملکت کا دورہ کرنے کی اجازت مل سکے گی۔

  • سعودی حکومت رضامند، پاکستانی حجاج کے لیے دو بڑی خوش خبریاں

    سعودی حکومت رضامند، پاکستانی حجاج کے لیے دو بڑی خوش خبریاں

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب نے رواں برس کے لیے پاکستان کا حج کوٹہ بڑھا دیا جبکہ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے کہا ہے کہ سعودی حکومت نے پاکستانی حجاج کو ای ویزہ دینے کی تجویز تسلیم کرلی۔

    سرکاری نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اُن کی سعودی وزیر خارجہ سے گفتگو ہوئی جس میں انہوں نے حج کوٹہ بڑھانے کا اعلان کیا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نے رواں برس حج کوٹہ 1 لاکھ 84 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ کردیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے وزیر خارجہ عادل الجبیر کو فون کر کے اُن کا اور سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

    وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں‘۔

    مزید پڑھیں: قومی حج پالیسی 2019 منظور، سبسڈی نہ دینے کا فیصلہ، سہولیات پر سمجھوتا نہ کرنے کا اعلان

    دوسری جانب وفاقی وزیر برائے مذہبی امور  اور بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے عمران خان کی درخواست منظور کرتے ہوئے پاکستانی حجاج کو ای ویزہ سروس فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

    وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے دورہ پاکستان کے دوران ولی عہد محمد بن سلمان سے درخواست کی تھی کہ سعودی پاکستانی حجاج کو آسان سہولیات فراہم کرے تاکہ سب آسانی کے ساتھ فریضہ مقدس ادا کرسکیں۔

    نورالحق قادری کا کہنا تھاکہ پاکستانی حجاج کو ویزہ اُن کی دہلیز پر ہی مل جائے گا، ابتدائی مرحلے میں ای ویزہ سروس لاہور اور اسلام آباد میں شروع کی جائے گی بعد ازاں کراچی میں بھی اسے شروع کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: دوسری بار عمرے پر جانے والے کو 2 ہزار ریال اضافی ادا کرنا ہوں گے، وفاقی وزیر

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی حجاج کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ انہیں ای ویزہ فراہم کیا جائے کیونکہ سعودی عرب کے ائیرپورٹس پر انتظار میں بہت زیادہ وقت لگ جاتا ہے۔

  • عمرہ ویزا ختم ہونے پر سعودی عرب میں قیام پر 6 ماہ قید اور بھاری جرمانہ کی سزا

    عمرہ ویزا ختم ہونے پر سعودی عرب میں قیام پر 6 ماہ قید اور بھاری جرمانہ کی سزا

    ریاض: سعودی عرب نے ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود قیام کرنے والے زائرین پر6 ماہ قید اور بھاری جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں حکام نے خبردار کیا ہے کہ عمرے کے ویزے کی معیاد ختم ہونے کے بعد قیام کرنے والی زائرین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    سعودی ڈائریکٹریٹ جنرل آف پاسپورٹس کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے کہ وہ عمرہ زائرین جو ویزا کی معیاد ختم ہونے کے باوجود سعودی عرب میں قیام کررہے ہیں، ان زائرین کو ملک بدر کرنے سے پہلے 50 ہزار ریال کا جرمانہ اور چھ ماہ قید کی سزا بھگتنا پڑے گی۔

    اعلامیہ میں تمام غیر ملکی عمرہ زائرین کو تلقین کی گئی ہے کہ وہ اپنے طے شدہ سفری شیڈول کے مطابق ویزے کی معیاد ختم ہونے سے قبل واپس چلے جائیں، انہیں یہاں قیام یا کام کرنے کی اجازت نہیں تاہم عمرے کے ویزے پر آنے والوں کو مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ جانے کی اجازت ہے البتہ کسی چوتھے شہر جانے کی اجازت نہیں۔

    حکام نے شہریوں اور رہائشیوں کو خبردار کیا کہ عمرے کے ویزے کی معیاد ختم ہونے کے بعد زائرین کو ملک میں رہنے میں مدد دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    سعودی ادارہ برائے شماریات کے مطابق سال 2017ء کے دوران ایک کروڑ 90 لاکھ 79 ہزار 306 افراد نے عمرہ ادا کیا۔ ان افراد میں سے 65 لاکھ 32 ہزار 74 افراد بیرون ملک سے آئے تھے۔

    یاد رہے کہ لاکھوں کی تعداد میں مسلمان عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • شام: سعودی عرب نے امریکی اتحادیوں کے حملوں کی حمایت کردی

    شام: سعودی عرب نے امریکی اتحادیوں کے حملوں کی حمایت کردی

    ریاض: سعودی حکومت نے شام میں ہونے والے امریکی اتحادیوں کے حملوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین ملکی اتحاد نے حالیہ حملوں میں صرف کیمیائی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

    سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم امریکی اتحاد میں ہونے والی فوجی کارروائیوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں کیونکہ شامی حکومت نہتے عوام پر بے دریغ کیمیائی ہتھیار استعمال کررہی ہے‘۔

    وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اُس کے اتحادیوں نے  رجیم حکومت کو مسلسل متنبہ کیا کہ وہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے باز رہیں تاہم انہوں نے احکامات کو نظر انداز کیا اور گذشتہ کئی برسوں سے سنگین جرائم کا ارتکاب کیا‘۔

    مزید پڑھیں: شام میں حملے کا ہدف کیمیائی ہتھیاروں کو ختم کرنا تھا‘ برطانوی وزیراعظم

    سعودی وزارتِ خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری بھی شامی حکومت کو کیمیائی ہتھیار کے استعمال  سے باز رکھنے میں ناکام رہی جس کے بعد امریکا اور اتحادیوں کو مجبوراً کارروائی کرنی پڑی۔

    واضح رہے کہ 13 اور 14 اپریل کی درمیانی شب امریکا نے برطانیہ اور فرانس کے تعاون کے ساتھ شام میں کیمیائی تنصیبات پر تقریباً 110  میزائل حملے کیے تھے، جس کے نتیجے میں شامی دارالحکومت دمشق دھماکوں کی آوازوں سے گونج اٹھا تھا۔ بعد ازاں برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ شام میں حملے کا ہدف کیمیائی ہتھیاروں کو ختم کرنا تھا جو بڑی حد تک کامیاب رہا۔

    تھریسامے کا کہنا تھا کہ بطوروزیراعظم شام میں فوجی کارروائی کا حکم دینا مشکل مگر درست فیصلہ تھا، آئندہ بھی ضرورت پڑی تو اس اتحادی افواج عوام کے خاطر اس طرح کے حملے کرسکتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: امریکا اور اس کے اتحادیوں نے شام پرحملہ کردیا

    قبل ازیں بحرین نے بھی شام میں ہونے والے امریکی حملوں کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ  شامی شہریوں کے تحفظ اور کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو روکنے کے لیے یہ اقدام کیا گیا۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کی شب امریکا، برطانیہ اور فرانس کے اتحاد سے شام میں مشترکہ آپریشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ بشار الاسد اور روس کے اتحادیوں نے کیمیائی حملے کیے جس کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوا، اب ہم اُن کے اڈوں کو نشانہ بنائیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سعودی حکومت کا سیاحتی ویزے دینے کا اعلان

    سعودی حکومت کا سیاحتی ویزے دینے کا اعلان

    ریاض: سعودی حکومت نے آئندہ برس 2018 سے سیاحت کے لیے ویزہ جاری کرنے کا اعلان کردیا، خواہش مند افراد بذریعہ آن لائن ویزے کی درخواست جمع کروا سکیں گے۔

    امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے سعودی کمیشن برائے سیاحت او رقومی ورثہ کے سربراہ سلطان بن سلمان کا کہنا تھاکہ ’آئندہ برس 2018 سے ہم سیاحتی ویزے جاری کریں گے تاکہ لوگ سعودی عرب آکر یہاں کی اہمیت کا خود اندازہ کریں‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ’ویزے جاری کرنے کا مقصد سیاحوں کی تعداد میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کرنا ہے کیونکہ اس وقت سعودی عرب کے مقامی شہری سیاحت کی مد میں سالانہ 20 ارب ڈالر خرچ کرتے ہیں‘۔

    سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ ’سیاحتی مقامات کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنانے کے لیے کام جاری ہے اور اب ویزوں کے اجرا سے سالانہ آمدنی میں اضافہ بھی ہوگا جس کے ذریعے مختلف مسائل پر قابو پایا جائے گا‘۔

    مزید پڑھیں: سعودیہ میں دبئی جیسا شہر جسے مصر، اردن اور افریقہ سے منسلک کیا جائے گا

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ ویزے کا حصول آسان بنانے کے لیے اب خواہش مند افراد آن لائن درخواستیں جمع کرواسکیں گے۔

    واضح رہے سعودی حکومت نے تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مملکت میں مختلف سیاحتی منصوبوں کا آغاز کردیا ہے، حکومت کی جانب سے سیاحت کے فروغ کے لیے بحیرہ احمر میں واقع جزیروں پر منصوبہ تیار کیا جارہا ہے جس کا پہلا مرحلہ 2022 تک مکمل ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب:‌ طالبات کو یونیورسٹیز میں موبائل کے استعمال کی اجازت

    علاوہ ازیں سعودی حکومت کی جانب سے انٹرٹینمنٹ سٹی، تھیم پارک سمیت دیگر سیاحتی منصوبوں کے قیام کا اعلان بھی کیا جاچکا ہے۔

    واضح رہے کہ 2022 کے روشن خیال وژن کے تحت سعودی حکومت نے خواتین کا گاڑی چلانے، لڑکیوں کو یونیورسٹی میں موبائل فون استعمال کرنے اور خواتین کو اسٹیڈیم جانے کی اجازت دے دی ہے۔

    دوسری جانب 5 اکتوبر کو سعودی حکومت نے روشن خیالی میں ایک اور قدم آگے بڑھاتے ہوئے سرکاری چینل پر میوزک کنسرٹ نشر کیا تھا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں ۔