Tag: Saudi king

  • سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان سے معاہدوں کا اختیار وزرا‌‌ء کو دے دیا

    سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان سے معاہدوں کا اختیار وزرا‌‌ء کو دے دیا

    ریاض : سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز پاکستان سے معاہدوں کا اختیاروزرا کودے دیا، سعودی وزیر پیڑولیم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کریں گے، سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان میں20 ارب کے معاہدے متوقع ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیزکی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس ریاض میں ہوا، جس میں کابینہ نے آئل ریفائنری سمیت پاکستان سے معاہدوں کا اختیاروزرا کو دے دیا۔

    سعودی خبرایجنسی کے مطابق سعودی وزیرپیڑولیم خالد الفالح پاکستان کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کریں گے، پاکستان کے ساتھ عجائب گھراورآثار قدیمہ کے شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کوسیاحت وقومی ورثے کے سربراہ دیکھیں گے۔

    یاد رہے سعودی ولی عہد سولہ فروری کو پاکستان پہنچیں گے، محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں آئل ریفائنری سمیت بیس ارب کے معاہدے متوقع ہیں۔

    مزید پڑھیں : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے تاریخی استقبال کی تیاریاں

    سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر تاریخی استقبال کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں ، وزیر اعظم ہاؤس آمد پر ولی عہد کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا ، جہاں عمران خان اور شہزادہ محمد بن سلمان کی ون آن ون ملاقات بھی ہوگی جبکہ مہمانوں کو ظہرانہ بھی دیا جائےگا۔

    صدر مملکت عارف علوی بھی سعودی ولی عہد کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے جبکہ ایوان صدر میں ثقافتی پروگرام بھی سجے گا۔

    سعودی ولی عہد کے قیام و طعام کا مکمل بندوبست وزیر اعظم ہاؤس میں کیا جا رہا ہے ، کھانے پینے کی اشیاء بھی سعودی عرب سے لائی جا رہی ہیں۔

    دوسری جانب سعودی آرمی اور اسلامی فوجی اتحاد کے 235اراکین پر مشتمل دستہ پاکستان پہنچ گیا ہے، سعودی ولی عہد کے ساتھ ایک سو تیس شاہی گارڈز بھی آئیں گے جبکہ اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈز ان چیف جنرل (ر) راحیل شریف پہلے ہی پاکستان میں ہیں۔

    سعودی ولی عہد کے ہمراہ 40 سعودی کاروباری شخصیات بھی پاکستان آئیں گی، یہ وفد مقامی کاروباری شخصیات سے بالمشافہ ملاقات کرے گا، جس سے دورے کے دوران نجی سطح پر بھی کچھ معاہدے متوقع ہیں۔

    خیال رہے شہزادہ محمد بن سلمان دورہ جہاں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان نئے دورکا آغاز ہے ، وہیں پاکستان کے معاشی مستقبل کے لیے بھی اہم سمجھا جارہا ہے۔

  • سعودی عرب : ’رونالڈو کی مداح ہوں انہیں دیکھنے آئی تھی‘

    سعودی عرب : ’رونالڈو کی مداح ہوں انہیں دیکھنے آئی تھی‘

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں منعقد ہونے والے عالمی فٹبال میچ کو دیکھنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں خواتین اسٹیڈیم پہنچیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے دو برس قبل خواتین کے اسٹیڈیم جاکر میچ دیکھنے پر پابندی ختم کی گئی تھی جس کے بعد انہوں نے پہلی بار 2017 میں اپنے محرم کے ساتھ مقامی ٹیموں کے مابین کھیلا جانے والا میچ گراؤنڈ میں جاکر دیکھا تھا۔

    سعودی گزیٹ کی رپورٹ کے مطابق جدہ کے کنگ عبداللہ اسٹیڈیم میں عالمی ٹیموں کے مابین فٹبال میچ کا انعقاد بدھ کے روز کیا گیا جس کو دیکھنے کے لیے 15 ہزار سے زائد خواتین گراؤنڈ پہنچیں اور انہوں نے انگلوژر میں بیٹھ کر میچ دیکھا۔

    سپر کراؤن کپ کے سلسلے میں اٹلی اور میلان کی ٹیموں کے مابین میچ کھیلا گیا جس میں بین الاقوامی شہرت یافتہ فٹبالرز نے حصہ لیا، سعودی عرب کی تاریخ میں عالمی مقابلے کا انعقاد  کیا گیا۔ میچ کا واحد گول نامور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے 61 ویں منٹ میں کیا۔

    مزید پڑھیں: سعودی حکام نے سرکاری ٹی وی پر خاتون نیوز کاسٹر متعارف کروا دی

    سعودی میڈیا کے مطابق خواتین کی اسٹیڈیم آمد پر انتظامیہ کی جانب سے محرم یا پردے کی شرط عائد نہیں کی گئی تھی، ہزاروں کی تعداد میں خواتین نے فٹبال میچ دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔

    جدہ میں منعقد ہونے والے سپر کپ فٹ بال کے فائنل میچ میں 62ہزار تماشائی اسٹیڈیم میں موجود تھے جن میں 15ہزار سے زائد خواتین بھی شامل تھیں۔

    خواتین شرکاء نے بین الاقوامی فٹبال میچ دیکھنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس روز کو اپنے لیے تاریخی قرار دیا۔ عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 20 سالہ ایدہ کا کہنا تھا کہ ’یہ میری زندگی کا سب سے خوشگوار لمحہ ہے کہ میں اپنی بہنوں کے ساتھ اسٹیڈیم میں بیٹھ کر میچ دیکھ رہی ہوں‘۔

    عقیلہ الحمادی نامی خاتون کا کہناتھا کہ وہ صرف رونالڈو کی بہت بڑی مداح ہیں اور انہیں ہی دیکھنے کے لیے اپنے بچوں کے ساتھ اسٹیڈیم آئیں تھیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’کرسٹیانو کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، یہ میرا ایک خواب تھا جو حقیقت میں تبدیل ہوگیا‘۔

    یہ بھی پڑھیں: اٹھارہ سالہ تلیدہ تمر سعودی عرب کی پہلی سپر ماڈل

    یاد رہے کہ سعودی حکومت وژن 2025 کے تحت مسلسل روشن خیالی کی طرف گامزن ہے، اس ضمن میں خواتین کو نہ صرف خود مختار بنایا جارہا ہے بلکہ انہیں ملازمتوں کے مواقع بھی فراہم کیے جارہے ہیں۔

    یہ بھی یاد رہے سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ایک سال قبل خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دی تھی جس کے بعد بڑی تعداد میں خواتین نے ڈرائیونگ لائسنس بھی بنوایا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس 5 اکتوبر میں سعودی حکومت نے روشن خیالی میں ایک اور قدم آگے بڑھاتے ہوئے سرکاری چینل پر میوزک کنسرٹ نشر کیا تھا جبکہ دسمبر 2018 میں پہلی بار سعودی عرب میں میوزیکل کنسرٹ کا انعقاد بھی کیا گیا تھا۔

  • سعودی قیادت کا صحافی جمال خاشقجی کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت

    سعودی قیادت کا صحافی جمال خاشقجی کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت

    ریاض: خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مقتول صحافی جمال خاشقجی کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جمال خاشقجی کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جمال خاشقجی کے صاحبزادے صلاح خاشقجی سے ٹیلیفون پر ان کے والد کے استنبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل پر تعزیت کی اور لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔

    اس موقع پر صلاح خاشقجی نے شاہ سلمان کی جانب سے تعزیت پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

    دوسری جانب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے بھی ٹیلیفون پر مقتول جمال خاشقجی کے بیٹے صلاح جمال خاشقجی اور ان عزیز و اقارب سے تعزیت کی۔

    سعودی ولی عہد نے یقین دلایا کہ حکومت خاشقجی کے قتل میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتے گی بلکہ انہیں کٹہرے میں لایا جائے گاَ۔

    یاد رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کو 2 اکتوبر 2018 کو استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے میں داخل ہونے کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔

    سعودی عرب کا کہنا ہے کہ جمال خاشقجی کی موت وہاں پر موجود افراد کے ساتھ لڑائی کا نتیجہ تھی تاہم ترک حکام اسے ایک سوچا سمجھا منصوبہ قرار دے رہے ہیں۔

  • صحافی کی گمشدگی، امریکی وزیر خارجہ کی شاہ سلمان سے ملاقات

    صحافی کی گمشدگی، امریکی وزیر خارجہ کی شاہ سلمان سے ملاقات

    ریاض: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات کی جس میں سعودی امریکی تعلقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی کے معاملے پر امریکی وزیر خارجہ ریاض پہنچے جہاں انہوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات کی جس میں سعودی امریکی تعلقات، خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں کی ملاقات ریاض کے شاہی محل قصر الیمامہ میں ہوئی۔

    ملاقات میں سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود، امریکا میں سعودی سفیر شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر مملکت اور کابینہ کے رکن ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان، وزیر خارجہ عادل الجبیر اور امریکی وزیر خارجہ کے سیاسی امور کے نائب ڈیوڈ ہل بھی موجود تھے۔

    امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے صحافی جمال خاشقجی کے لاپتا ہونے کی مفصل، شفاف اور بروقت تفتیش کی حمایت کے اظہار پر شاہ سلمان کا شکریہ ادا کیا۔

    امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو بدھ کو ترکی پہنچیں گے۔

    مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو ٹیلی فون، لاپتا صحافی کے معاملے پر گفتگو

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹرمپ نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے، شاہ سلمان نے کہا ہے کہ لاپتا صحافی جمال خاشقجی کے ساتھ کیا ہوا کچھ نہیں پتا۔

    ٹرمپ نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے استنبول میں لاپتا ہونے کے واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں سعودی عرب اور ترکی کے درمیان تعاون کو سراہا تھا۔

    یاد رہے کہ جمال خاشقجی امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے کالم نویس ہیں اور وہ دو اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصلیٹ میں جانے کے بعد سے لاپتا ہیں۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ کا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو ٹیلی فون، لاپتا صحافی کے معاملے پر گفتگو

    ڈونلڈ ٹرمپ کا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو ٹیلی فون، لاپتا صحافی کے معاملے پر گفتگو

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، لاپتا صحافی جمال خاشقجی کے معاملے پر گفتگو کی گئی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے، شاہ سلمان نے کہا ہے کہ لاپتا صحافی جمال خاشقجی کے ساتھ کیا ہوا کچھ نہیں پتا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق شاہ سلمان نے ترک حکومت کے ساتھ لاپتا صحافی کے معاملے پر تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    امریکی صدر نے کہا کہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو چند گھنٹوں میں سعودی عرب کے لیے روانہ ہوں گے، پومپیو ریاض میں لاپتا سعودی صحافی کے بارے میں بات چیت کریں گے، ضرورت پیش آنے پر پومپیو دیگر ممالک کا بھی دورہ کریں گے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر یہ ثابت ہوگیا کہ لاپتا سعودی صحافی جمال خاشقجی استنبول میں سعودی قونصل خانے میں ہلاک کیے گیے ہیں تو ریاض حکومت کو سخت سزا دی جائے گی۔

    سعودی حکام کا کہنا تھا کہ صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی کے معاملے پر سعودی عرب کے خلاف کسی بھی کارروائی کے جواب میں اس سے بڑا ردعمل سامنے آئے گا۔

    یاد رہے کہ جمال خاشقجی امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے کالم نویس ہیں اور وہ دو اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصلیٹ میں جانے کے بعد سے لاپتا ہیں۔

  • امریکی حمایت کے بنا سعودی حکومت دو ہفتے سے زیادہ نہیں ٹک سکتی،ٹرمپ

    امریکی حمایت کے بنا سعودی حکومت دو ہفتے سے زیادہ نہیں ٹک سکتی،ٹرمپ

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے بڑے اتحادی سعودی عرب سے بھی الجھ پڑے اور کہا کہ سعودی حکومت امریکی حمایت کے بغیر 2 ہفتے سے زیادہ نہیں ٹک سکتی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست مِسسِسپی کے شہر ساؤتھ ہیون میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے بارے میں خلاف مصلحت بیان دیتے ہوئے کہا کہ سعودی حکمران شاہ سلمان کو تنبیہ کی تھی کہ اُن کی بادشاہت امریکی فوج کی وجہ سے قائم ہے اور امریکی فوج کی حمایت کے بغیر وہ ’دو ہفتے‘ بھی اقتدار میں نہیں رہ سکتے۔

    امریکی صدر نے کہا سعودی فرمانروا کو بتایا امریکا سعودی عرب کا محافظ ہے اور امریکی فوجی شاہی خاندان کا تحفظ کر رہے ہیں، انہیں فوج کی قیمت ادا کرنی ہوگی۔

    امریکی صدر نے ہفتے کو سعودی فرمانرواں سے ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی ، جس میں علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا تھا جبکہ شاہ سلمان کے ساتھ امریکی صدر نے خام تیل کی عالمی منڈیوں میں فراہمی کے تسلسل اور عالمی اقتصادی پیداوار کی شرح پر بھی بات چیت کی۔

    گذشتہ ماہ ڈونلڈ ٹرمپ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب میں  کہا تھا کہ اوپیک ممالک دنیا کو لوٹ رہے ہیں، امریکا تیل کی قیمتوں میں اضافہ برداشت نہیں کرے گا، تیل مہنگا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

    جولائی 2018 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ سعودی عرب سے تیل کی پیداوار بڑھانے کی درخواست کی ہے تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی کمی کو پورا کیا جاسکے۔

    یاد رہے کہ شہزاد ہ محمد بن سلمان نے ولی عہد کی حیثیت سے امریکا کا پہلا دورہ کیا تھا اور امریکی صدر ٹرمپ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ اپنی دوستی کو عظیم قرار دیا تھا۔

    واضح رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منصب سنبھالنے کے بعد اپنا غیر ملکی دوروں کے سلسلے کا آغاز سعودی عرب سے کیا تھا۔

  • شاہ سلمان کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے اہم ملاقات

    شاہ سلمان کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے اہم ملاقات

    جدہ: سعودی عرب کے شاہ فرمانرواں اور خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل آنتونیو گوتیریس سے ملاقات ہوئی  جس میں دونوں رہنماؤں نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اتوار کے روز جدہ میں اقوام متحدہ کے دفتر کا دورہ کیا اور سیکریٹری جنرل سے تفصیلی ملاقات کی۔

    دوران ملاقات دونوں رہنماؤں نے عالمی امن و استحکام کو یقینی بنانے اور بین الاقوامی سطح پر پیش آنے والے واقعات سے متعلق سعودی عرب کی جانب سے کی جانے والے کوششوں کا جائزہ لیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی فرمانرواں نے جدہ کے دورے پر آئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو ملاقات کی دعوت دی تھی۔

    واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل آنتونیو گوتیریس ایتھوپیا اور اریٹیریا کے مابین ہونے والے امن معاہدے کی تقریب میں شرکت کے لیے جدہ پہنچے تھے۔

    ایتھوپیا اور اریٹیریا نے دو ماہ قبل 20 برس سے جاری سرحدی تنازعات کو ختم کرنے کی رضامندی ظاہر کرتے ہوئے فوری طور پر جنگ کے خاتمے کا اعلان کیا تھا جسے عالمی ممالک نے سراہا تھا۔

  • سعودی فرمانروا کی جانب سے صدرعارف علوی کوعہدے کا حلف اٹھانے پرمبارکباد

    سعودی فرمانروا کی جانب سے صدرعارف علوی کوعہدے کا حلف اٹھانے پرمبارکباد

    ریاض : سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کو عہدے کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صدر ڈاکٹرعارف علوی کو عہدے کا حلف اٹھانے پرمبارکباد دی اورکہا کہ سعودی عرب پاکستانی عوام کی مزید ترقی اور کامیابی کی خواہش مند ہے۔

    سعودی فرمانروا نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی کوششیں جاری ہیں۔

    دوسری جانب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے بھی صدر ڈاکٹرعارف علوی کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کا صدر بننے پر مبارکباد دی گئی انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لیے دعاگو ہیں۔

    ڈاکٹرعارف علوی نےصدرپاکستان کےعہدے کا حلف اٹھا لیا

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے 9 ستمبر کو صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے ملک کے 13 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔ ایوان صدر میں تقریب حلف برداری میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے صدرڈاکٹرعارف علوی سے حلف لیا تھا۔

    صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی پیشے کے اعتبار سے ڈینٹسٹ ہیں، وہ پہلی بار 2013 کے انتخابات میں کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

  • سعودی بادشاہ شاہ سلمان کی ننھے شہزادے کے تصاویر وائرل

    سعودی بادشاہ شاہ سلمان کی ننھے شہزادے کے تصاویر وائرل

    ریاض: سعودی عرب کے شاہ فرمانرواں شاہ سلمان  بن عبدالعزیز ننھے شہزادے کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جس کے بعد ہر کوئی اُس کے بارے مٰں جاننے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی بادشاہ شاہ سلمان گزشتہ دنوں تعطیلات کے سلسلے میں ’نیوم‘ پہنچے جہاں انہوں نے دو روز گزارے اس دوران اُن کی چند تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر ہوئیں جس میں اُن کے ہمراہ ایک ننھا شہزادہ موجود تھا۔

    تصاویر سامنے آنے کے بعد صارفین نے اپنے اپنے اندازوں کے مطابق جوابات دیے البتہ عرب میڈیا سے اس معاملے کو خود حل کرتے ہوئے بتایا کہ ننھا شہزادہ دراصل شاہ فرمانرواں کا پوتا ہے۔

    العربیہ کے مطابق مذکورہ تصاویر 5 اگست کی ہیں اور ان میں نظر آنے والا بچہ امریکا میں تعینات سعودی سفیر شہزادہ خالد بن سلمان کا بیٹا ہے یعنی وہ شاہ سلمان بن عبد العزیز کا رشتے میں پوتا لگتا ہے۔

    دادا اور پوتے کی ہنستی مسکراتی تصاویر کو لوگوں نے بہت پسند کیا اور انہیں خوب شیئر کیا۔

    خیال رہے کہ سعودی فرمانرواں کو نہایت ہی سنجیدہ طبیعت کی شخصیت سمجھا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ اُن کی ہنستے مسکراتے ہوئے تصاویر شازونادر ہی سامنے آتی ہیں۔

    یہ پہلی بار نہیں کہ شاہ سلمان کی کسی بچے کے ساتھ تصویر وائرل ہوئی بلکہ اس سے قبل اُن کی بچوں کے ساتھ اُس وقت بھی تصویر سامنے آئیں تھیں جب وہ ریاض کے گورنر تھے۔

  • راحیل شریف نے نماز عید مسجد الحرام میں سعودی بادشاہ کے ساتھ ادا کی

    راحیل شریف نے نماز عید مسجد الحرام میں سعودی بادشاہ کے ساتھ ادا کی

    ریاض: پاک فوج کے سابق سپہ سالار جنرل (ر) راحیل شریف نے عید الفطر کی نماز سعودی بادشاہ شاہ سلمان کے ہمرہ مسجد الحرام میں ادا کی۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی حکومت کی سربراہی میں تشکیل دیے جانے والے اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کے سربراہ راحیل شریف نے عید الفطر سعودی عرب میں گزاری اور انہوں نے مسجد الحرام میں خادم الحرمین شریفین کے ساتھ نماز بھی ادا کی۔

    نجی ٹی وی چینل کے مطابق نماز عید کی ادائیگی کے بعد جنرل (ر) راحیل شریف کو بطور مہمان شاہی محل لے جایا گیا جہاں آپ کو سعودی بادشاہ شاہ سلمان اور امام کعبہ شیخ عبدالرحمان السدیس کے درمیان جگہ دی گئی۔

    واضح رہے کہ 30 دسمبر 2015 میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان سمیت 40 سے زائد اسلامی ممالک نے سعودی عرب کی قیادت میں ایک فوجی اتحاد تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا جس میں مصر، قطر،متحدہ عرب امارات،ترکی، ملائشیا، پاکستان اور کئی افریقی ممالک شامل ہیں۔

    اسلامی اتحاد میں ابتدائی طور پر 34 ممالک شامل تھے مگر  بعد میں دیگر ممالک نے بھی شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کردیا تھا، مشترکہ فوجی اتحاد کا ہیڈکوارٹر ریاض میں موجود ہے جب کہ اس کی سربراہی پاکستان کے سابق آرمی چیف کے پاس ہے، فوجی اتحاد دہشت گرد گروپوں کے خلاف تیار کیا گیاجو شدت پسندی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کررہا ہے۔

    پاکستانی حکومت نے گزشتہ برس جنرل (ر) راحیل شریف کو اتحادی افواج کی سربراہی کے لیے این او سی جاری کیا تھا، سابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ راحیل شریف نے حکومت سے سعودی عرب میں کام کرنے کی اجازت طلب کی جس کی انہیں حکومت نے باقاعدہ اجازت دی۔

    سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کو حکومتی اجازت ملنے کے بعد انہیں خصوصی لینے کے لیے آیا تھا جس میں بیٹھ کر وہ سعودی عرب روانہ ہوگئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں