Tag: saudi-led-coalition

  • عرب اتحادی فوج نے رہائشی آبادی پر داغا گیا میزائل مار گرایا

    عرب اتحادی فوج نے رہائشی آبادی پر داغا گیا میزائل مار گرایا

    ریاض : سعودی عرب کے محکمہ دفاع کےحکام نے سرحدی علاقےخمیس مشیط کی فضاء میں یمن کے حوثی باغیوں کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ دفاع کے حکام نے یمن کی سرحد سے متصل علاقے خمیس مشیط میں ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں کا ایک مسلح ڈرون طیارہ مار گرایا تاہم اس کارروائی کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

    عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہاکہ یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے منگل اور بدھ کی درمیانی شب رات 10 بج کر34 منٹ پر خمیس مشیط میں شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی تاہم ایران نواز حوثیوں کا ڈرون حملہ ناکام بنا دیا گیا۔

    کرنل ترکی کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا سعودی عرب کے اندر دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے، اہم تنصیبات کو تباہ کرنے اور شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے پالیسی پرعمل پیرا ہے جب کہ عرب اتحادی فوج اور سعودی محکمہ دفاع حوثیوں کی دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار ہے۔

    خیال رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر ڈرون حملے روز کا معمول بن چکے ہیں۔ حالیہ ایام میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب پر ڈرون اور میزائل حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

  • امریکا یمن کے خلاف جنگ میں سعودیہ کی حمایت جاری رکھے گا، جنرل ڈیوڈ ہل

    امریکا یمن کے خلاف جنگ میں سعودیہ کی حمایت جاری رکھے گا، جنرل ڈیوڈ ہل

    واشنگٹن : امریکی سینٹرل کمان کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ امریکا یمن میں انتہا پسندوں کے خلاف جاری عرب اتحاد کی کارروائیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سینٹرل کمان کے ڈپٹی ڈائریکٹر میجر جنرل ڈیوڈ سی ہل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا یمن میں امن و امان کی بحالی اور حوثیوں اور القاعدہ کے خلاف جاری جنگ میں سعودی عرب کی پر ممکن معاونت کرے گا۔

    متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں ملٹری ایگزبیشن میں میجر جنرل ڈیوڈ سی ہل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یمن میں آئینی حکومت کے خلاف مسلح کارروائیاں کرنے والوں کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانے کیلئے خصوصی تعاون جاری رہے گا۔

    امریکی سینٹرل کمانڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ امریکا کا اصل ہدف القاعدہ اور داعش ہیں اور ان کے خلاف اپنے اتحادی ممالک کو تمام وسائل و ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔

    امریکی جنرل ڈیوڈ ہل کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے شام میں داعش کی خلافت کا مکمل خاتمہ ہوچکا ہے، اس لیے گزشتہ برس دسمبر میں امریکی صدر ٹرمپ نے شام سے 2000 امریکی افواج کے انخلاء کا اعلان کیا تھا۔

    مزید پڑھیں  : یمن میں دھڑ جڑے بچے طبی امداد نہ ملنے پر جاں بحق

    خیال رہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کی یمن میں آئینی حکومت کے خلاف برسرپیکار ایرانی حمایت یافتہ حوثی جنگجوؤں کے خلاف جنگ جاری ہے جس کےلیے امریکا سعودی اتحاد کی مسلسل امداد کررہا ہے۔

  • یمنی بچوں کی بس پر حملہ غلطی تھی، عرب اتحاد کا اعتراف

    یمنی بچوں کی بس پر حملہ غلطی تھی، عرب اتحاد کا اعتراف

    ریاض : عرب اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے 9 اگست کو یمن کے صوبے صعدہ میں اسکول بس پر فضائی بمباری کا اعتراف کرتے ہوئے حملے کو فورسز کی غلطی قرار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی سربراہی یمن میں حوثی جنگجوؤں کے خلاف لڑنے والے عرب اتحاد کی جانب سے گذشتہ ماہ یمن کے صوبے صعدہ میں اسکول کے بچوں سے بھری ہوئی بس پر فضائی بمباری کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 40 بچوں سمیت 51 افراد جاں بحق جبکہ 79 زخمی ہوئے تھے۔

    عرب خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ عرب اتحاد کی جانب سے یمن میں اسکول بس پر حملے کو غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ فضائی بمباری میں ہونے والی اموات پر افسوس ہے۔

    عرب اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے کہا ہے کہ 9 اگست کو بس پر کیے گئے حملے کے حوالے سے ہونے والی تحقیقات میں اعتراف کیا گیا ہے کہ صوبہ صعدہ میں فضائی حملوں کے دوران عسکری فورسز سے کچھ غلطیاں ہوئی تھیں۔

    ترجمان ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ عوامی ہجوم کے درمیان موجود بس کو نشانہ بنانے سے منع کیا گیا تھا تاہم حکم تاخیر سے پہنچا۔

    ترجمان عرب اتحاد کا کہنا تھا کہ خفیہ ذرائع سے بس میں حوثی جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ عرب اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے تسلیم کیا کہ بس میں بچے موجود تھے اور بس پر فضائی بمباری کرنا عرب اتحاد کی غلطی تھی۔

    یاد رہے کہ 9 اگست کو بس پر فضائی بمباری کے بعد عرب اتحاد کے ترجمان نے کہا تھا کہ مذکورہ کارروائی حوثیوں کے سعودی شہر جازان پر بیلسٹک میزائل حملوں کا جواب تھا۔

    ریڈ کراس کے مطابق صعدہ میں موجود ریڈ کراس کے اسپتال میں 29 بچوں کی لاشیں لائی گئی تھیں جن کی عمریں 15 برس سے کم تھیں۔ جبکہ حملے میں زخمی ہونے والے 79 افراد میں بھی 56 بچے تھے۔

  • یمن میں بچوں کی ہلاکتیں، اقوام متحدہ نے سعودی اتحاد کو بلیک لسٹ کردیا

    یمن میں بچوں کی ہلاکتیں، اقوام متحدہ نے سعودی اتحاد کو بلیک لسٹ کردیا

    نیویارک : اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے سعودی اتحاد کو یمن میں بچوں کی ہلاکتوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے بلیک لسٹ کردیا ہے۔

    اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون بان کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 60 فی صد بچوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کے لئے سعودی اتحاد ذمہ دار ہے، اس اتحاد نے حملے کرکے 785 بچوں کو ہلاک جبکہ 1168 کو زخمی کیا ہے، جبکہ نصف حملے اسکولوں اور اسپتالوں پر کئے گئے۔

    یمن کے شیعہ حوثی باغی جنہوں نے ستمبر 2014 میں دارالحکومت صنعا پر قبضہ کرلیا تھا، انکو بھی بچوں کے حقوق کی خلاف ورزی کرنے کی فہرست میں شامل کر دیاگیا ہے۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ شروع ہونے والے اس سعودی اتحاد میں اب تک 6400 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جن میں نصف عام شہری شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ یمن کے بے گناہ شہری گذشتہ سال سے سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں میں شہید ہو رہے ہیں، سعودی اتحاد نے چھبیس مارچ سے سابق اور مفرور صدر منصورہادی کو دوبارہ اقتدار میں واپس لانے کے لئے یمن پر تباہ کن حملے شروع کئے تھے جو اب بھی جاری ہے، یمن پر جاری سعودی اتحاد کے حملوں میں اب تک ہزاروں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔