Tag: Saudi Markets

  • سعودی عرب: حکام قیمتوں کی نگرانی کے لیے مستعد

    سعودی عرب: حکام قیمتوں کی نگرانی کے لیے مستعد

    ریاض: سعودی وزرات تجارت مارکیٹس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی کے لیے مستعد ہے اور وزارت کی ٹیمیں باقاعدگی سے مارکیٹس کے دورے کر رہی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت تجارت کی ٹیموں نے مارکیٹوں میں ہر قسم کے اسٹاک کی موجودگی اور فراوانی کو مستحکم بنانے کے لیے مختلف علاقوں کے دورے کیے، ٹیمز نے مارکیٹوں میں موجود کھانے پینے اور دیگر مصنوعات کے اسٹاک کے معیار کی جانچ پڑتال کی ہے۔

    معائنہ ٹیموں نے گذشتہ روز کرفیو کی پابندیوں سے مستثنیٰ دکانوں کے دورے کر کے وہاں پر موجود اشیائے خورد و نوش کا معیار اور وافر موجودگی کو یقینی بنائے رکھنے کے لیے یہ اقدام کیا۔

    وزارت تجارت کی ٹیمیں اپنے عہدیداروں کے ہمراہ مختلف علاقوں کے دورے کر کے کرونا وائرس کے خلاف لاک ڈاؤن کے دوران مارکیٹوں کی ہر قسم کی خدمات کے تسلسل کی نگرانی کر رہی ہیں۔

    عہدیداروں نے ہائپر مارکیٹوں کے علاوہ، پھلوں اور سبزیوں کی دکانوں، کھانے پینے کے سامان کی دکانوں، بیکریوں، گوشت اور مچھلی کی دکانوں کے علاوہ گیس اسٹیشنوں کے بھی دورے کیے۔

    ان دوروں کا مقصد مارکیٹ میں اشیا کی دستیابی کے ساتھ ساتھ قیمتوں کو مستحکم رکھنا بھی ہے، وزارت تجارت کی ٹیموں نے ایک دن میں 27 مقامات کے دورے کر کے مختلف اقسام کی اشیا کا معائنہ کیا۔

    یہ خصوصی ٹیمیں جدید ترین پرائس مانیٹرنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے خورد و نوش کے علاوہ دیگر اہم اشیا کی قیمتوں کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کر رہی ہیں۔

  • مہنگائی کا خدشہ: سعودی حکام 24 گھنٹے بازاروں کی نگرانی کرنے لگے

    مہنگائی کا خدشہ: سعودی حکام 24 گھنٹے بازاروں کی نگرانی کرنے لگے

    ریاض: کرونا وائرس کے پیش نظر تاجروں کی جانب سے اشیائے ضرورت کی قیمتیں بڑھائے جانے کے خدشے کے تحت، وزیر تجارت اور وزارت کی ٹیمیں مختلف بازاروں کے دورے کر رہی ہیں، وزارت کی ٹیمیں 24 گھنٹے قیمتوں کی نگرانی کر رہی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر تجارت ماجد القصبی نے منگل کو اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ مارکیٹوں کا دورہ کر کے اشیائے ضرورت کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

    سعودی وزیر تجارت نے خبردار کیا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر عوام میں ضرورت کی اشیا خریدنے کا بڑھتا ہوا رجحان دیکھ کر سامان کی قیمتیں بڑھانے یا سامان نہ ہونے کا بہانہ کر کے صارفین کو پریشان کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ایسے ہر تاجر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    وزیر تجارت نے صارفین کو اطمینان دلایا ہے کہ سعودی عرب میں ضرورت کی تمام اشیا وافر مقدار میں موجود ہیں، حد سے زیادہ اشیا خریدنے کے چکر میں نہ پڑیں۔ قیمتوں کی نگرانی 24 گھنٹے کی جارہی ہے۔

    انہوں نے مختلف بازاروں اور تجارتی مراکز میں ضرورت کی اشیا کی وافر مقدار میں موجودگی پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ اشیا کے نرخوں میں ٹھہراؤ ہے، کسی کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق وزارت تجارت کے افسران نے تقریباً تمام علاقوں میں اب تک 4 ہزار سے زائد مارکیٹس کے تفتیشی دورے کیے ہیں۔

    وزارت کی ٹیمیں مملکت کے مختلف علاقوں میں 24 گھنٹے ڈیوٹی پر ہیں جو خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی تاجر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتیں گی۔