Tag: Saudi Schools

  • ریاض سمیت متعدد شہروں میں منگل کو اسکول بند رہیں گے

    ریاض سمیت متعدد شہروں میں منگل کو اسکول بند رہیں گے

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سمیت متعدد شہروں میں بارش کے امکان کی وجہ سے منگل کے روز اسکول بند رہیں گے، محکمہ تعلیم نے ہدایات جاری کردیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض، مدینہ منورہ، ینبع، المہد، الحناکیہ، بدر اور خیبر میں منگل 3 جنوری کو اسکول بند رہیں گے، طیبہ یونیورسٹی اور اس کی تمام شاخیں بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، تدریس آن لائن ہوگی۔

    ریاض محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ منگل کو تمام اسکول بند رکھنے کا فیصلہ طلبہ، اساتذہ اور انتظامی عملے کی صحت و سلامتی کی خاطر کیا گیا ہے۔

    محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ موسمیات کے قومی مرکز سے رپورٹ کے مطابق منگل کو ریاض میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، مدینہ منورہ محکمہ تعلیم نے بھی بیان میں کہا ہے کہ منگل کو بارش کے امکان کی وجہ سے اسکول بند رہیں گے اور آن لائن تدریس ہوگی۔

    طیبہ یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ منگل کو مدینہ منورہ کے یونیورسٹی کیمپس نیز ینبع، المہد، الحناکیہ، بدر اور خیبر کی یونیورسٹی شاخوں میں تعلیم آن لائن ہوگی۔

    امیرہ نورہ یونیورسٹی امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی، کنگ سعود یونیورسٹی اور کنگ عبد العزیز یونیورسٹی میں بھی آن لائن تدریس کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: اسکولوں کے اوقات تبدیل کرنے پر غور

    سعودی عرب: اسکولوں کے اوقات تبدیل کرنے پر غور

    ریاض: سعودی عرب میں ٹریفک جام کا مسئلہ حل کرنے کے لیے اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی پر غور کیا جا رہا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں محکمہ ٹریفک کے ترجمان کرنل منصور الشکرۃ کا کہنا ہے کہ ریاض میں ٹریفک اژدہام کا مسئلہ حل کرنے کے لیے اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی اور بعض اداروں کے لیے آن لائن ڈیوٹی نظام اپنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

    کرنل منصور کا کہنا تھا کہ محکمہ ٹریفک ریاض میں اژدہام کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی ورکشاپ کا انعقاد کرے گا۔

    ورکشاپ ریاض کی شاہراہوں پر ٹریفک سلامتی کا معیار بلند کرنے، ٹریفک کو رواں دواں کرنے اور رکھنے کے حوالے سے سفارشات پیش کرے گا۔

    محکمہ ٹریفک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ماہرین نے تجویز دی ہے کہ ٹریفک اژدہام کا مسئلہ حل کرنے کے لیے اسکولوں کے اوقات تبدیل کیے جائیں، کالجوں اور جامعات میں تعلیم کے نئے نظام الاوقات جاری ہو جبکہ بعض کمپنیوں و اداروں اور سرکاری محکموں کو اس امر کا پابند بنایا جائے کہ وہ آن لائن ڈیوٹی سسٹم رائج کریں۔

    انہوں نے کہا کہ ریاض میٹرو پروجیکٹ کے تناظر میں شہر کی بعض شاہراہوں کی تنظیم نو ہونی چاہیئے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ورکشاپ میں وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور، کنگ سعود یونیورسٹی، امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی، امیر نائف یونیورسٹی برائے علوم سلامتی اور ریاض ڈیولپمنٹ رائل اتھارٹی کے نمائندے شریک ہوں گے۔

  • سعودی عرب کے اسکولوں میں نرسز کیوں تعینات کی جارہی ہیں؟

    سعودی عرب کے اسکولوں میں نرسز کیوں تعینات کی جارہی ہیں؟

    ریاض: سعودی عرب کے اسکولوں میں نرسز کی تعیناتی کا عمل شروع کردیا گیا، ابتدائی طور پر مشرقی ریجن کے اسکولوں میں نرسز تعینات کی جارہی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں مشرقی ریجن کے تمام اسکولوں میں نرسوں کی تعیناتی کا پروگرام جاری کیا گیا ہے، پروگرام کے پہلے مرحلے میں ریجن کے 28 اسکولوں میں میل و فی میل نرسز متعین کی جائیں گی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مشرقی ریجن کے اسکولوں میں اس وقت تقریباً 4 لاکھ طلبہ ہیں، اس اعتبار سے ہر ایک ہزار طالبہ پر ایک نرس کو متعین کیا جائے گا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق نرسوں کی تعیناتی کے پروگرام سے قبل تمام اسکولوں میں ہیلتھ کیئر کے حوالے سے ایک اسامی موجود تھی جبکہ نرسوں کی تعیناتی نہیں ہوتی تھی۔

    ابتدائی طور پر مشرقی ریجن میں تجرباتی بنیادوں پر اسکولوں میں طبی خدمات انجام دینے کے لیے ہیلتھ کلینک میں نرس کو متعین کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری طبی امداد مہیا کی جا سکے۔

    مشرقی ریجن میں تجرباتی طور پر نرسوں کی تعیناتی کاپ روگرام کامیاب ہونے کے بعد اسے دیگر علاقوں میں بھی نافذ کیا جائے گا۔

  • سعودی عرب: اسکولوں میں پہلے سمسٹر کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان

    سعودی عرب: اسکولوں میں پہلے سمسٹر کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان

    ریاض: سعودی عرب کے تمام سرکاری، نجی اور انٹرنیشنل اسکولوں میں پہلے سمسٹر کے امتحانات کا آغاز 17 نومبر سے ہوگا، مڈل اور ہائی اسکولوں کے طلبہ کے پریکٹیکل امتحانات اتوار 14 نومبر سے ہوں گے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت تعلیم نے تمام سرکاری، نجی اور انٹرنیشنل اسکولوں میں پہلے سمسٹر کے امتحان کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ تمام تعلیمی مراحل کے اسکولوں میں امتحان کا آغاز 17 نومبر سے ہوگا۔

    شیڈول کے مطابق مڈل اور ہائی اسکولوں کے طلبہ کے پریکٹیکل امتحان اتوار 14 نومبر سے ہوں گے۔

    وزارت کا کہنا تھا کہ پریکٹیکل امتحان کی مدت 3 دن ہوگی اور یہ آن لائن لیے جائیں گے۔ پرائمری کے طلبہ کے تمام امتحان آن لائن ہوں گے اور تمام اسکولوں میں ان کا آغاز 4 بجے عصر کے بعد ہوگا۔

    وزارت کے مطابق مڈل اور ہائی اسکول کے وہ طلبہ جن کی عمریں 12 سال سے زیادہ ہیں اور جنہوں نے ویکسین کی 2 خوراکیں لے رکھی ہیں وہ امتحان دینے کے لیے اسکولوں میں حاضر ہوں گے۔

    وزارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے اسکول انتظامیہ حاضری کا شیڈول مقرر کرے گی جس میں طے شدہ وقت پر طلبہ حاضری دیں گے نیز اس بات کا خیال رکھا جائے گا کہ ایک دن میں دو سے زیادہ مضامین کا امتحان نہ ہو۔

    مڈل اور ہائی اسکولوں کے وہ طلبہ جنہوں نے ویکسین کی خوراکیں مکمل نہیں کیں یا جن کی عمریں 12 سال سے کم ہیں ان کا امتحان آن لائن ہوگا۔ تمام اسکولوں میں امتحانات کے نتائج کا اعلان جمعرات 25 نومبر کو ہوں گے۔

  • اسکول کھولنے کے حوالے سے سعودی وزارت تعلیم کا اہم بیان

    اسکول کھولنے کے حوالے سے سعودی وزارت تعلیم کا اہم بیان

    ریاض: سعودی وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ جلد اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ مملکت میں اسکول کھول دیے جائیں یا آن لائن تدریس ہی جاری رکھی جائے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق وزارت تعلیم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزارت آئندہ ہفتے طلبہ کی اسکولوں میں واپسی کے امکانات کا جائزہ لے گی۔

    وزارت تعلیم کا کہنا تھا کہ آن لائن تعلیم کے 5 ہفتے گزرنے کے بعد وزارت کے ماہرین آن لائن تدریس کے مثبت اور منفی پہلوؤں پر غور کریں گے۔ ماہرین کی ٹیم اس بات کے امکانات پر بھی غور کرے گی کہ آیا 7 ہفتے گزر جانے کے بعد طلبہ کو اسکولوں میں واپس آنا چاہیئے یا آن لائن تدریس جاری رکھی جائے۔

    دوسری جانب وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ کا کہنا ہے کہ آن لائن تدریس کا مستقبل انتہائی روشن ہے، ہمیں اس کے لیے مستقل بنیادوں پر منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔

    انہوں نے آن لائن تعلیم کو آسان بنانے اور طلبہ کو سہولتیں فراہم کرنے پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

    وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ 60 لاکھ طالب علم اس وقت آن لائن تدریس سے مستفید ہو رہے ہیں، ہم مائیکرو سافٹ کے ساتھ مزید سہولتیں فراہم کرنے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔