Tag: saudi-visa

  • سعودی محکمہ پاسپورٹ کا ویزے سے متعلق اہم اعلان

    سعودی محکمہ پاسپورٹ کا ویزے سے متعلق اہم اعلان

    ریاض : سعودی محکمہ پاسپورٹ نے عوام الناس کو مطلع کیا ہے کہ فائنل ایگزٹ (خروج نہائی) ویزے کی مدت میعاد 60 دن ہے اور اس کا تعلق اقامے کے مؤثر ہونے یا نہ ہونے سے ہر گز نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ فائنل ایگزٹ (خروج نہائی) ویزے کی مدت میعاد 60 روز کی ہے۔

    غیر ملکی افراد فائنل ایگزٹ ویزا لینے کے بعد 60 دن کے اندر سفر کرنے کے پابند ہو نگے۔ اس حوالے سے ویزا ہولڈرز کو اپنے اقامے کے مؤثر ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں پریشان ہونے کی قطعی ضرورت نہیں ہے۔

    اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے سوال کا جواب دیتے ہوئے محکمہ پاسپورٹ نے واضح کیا کہ اگر کسی غیر ملکی شخص نے فائنل ایگزٹ کا ویزا حاصل کیا ہے تو اس کا یہ ویزا اس کے اہلِ خانہ، ساس، سسر، ڈرائیور اور ملازمہ وغیرہ کے لیے بھی مؤثر ہوگا۔

    مزید پڑھیں : سعودی عرب کا فوری ویزا سروس شروع کرنے کا اعلان

    واضح رہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ ماہ دسمبر میں فوری ورک ویزا سروس شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، ویزا سروس شروع کرنے کا مقصد چھوٹے کاروباری افراد کو مملکت میں کاروبار کے لیے مدد فراہم کرنا ہے۔

    اس حوالے سے لیبر اور سوشل ڈیولپمنٹ کے وزیر احمد ال راجھی نے کہا کہ یہ ویزا پروگرام نوجوان سعودی شہریوں سمیت دیگر ممالک کے تاجروں کو چھوٹے کاروبار کھولنے، معاشی نمو کو فروغ دینے اور کاروباری توسیع کے منصوبوں کو تیز کرنے کے قابل بنائے گا اور سعودی عرب کی ترقی پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔

  • سعودی عرب کا سیاحتی ویزہ 3 منٹ میں آن لائن دستیاب

    سعودی عرب کا سیاحتی ویزہ 3 منٹ میں آن لائن دستیاب

    ریاض : سعودی عرب ”جدہ سیزن“ کے پروگرام کے تحت سیاحتی ویزہ تین منٹ میں دستیاب ہوگا، پروگرام کا مقصد سعودی عرب میں ترقیاتی مواقع کا کو نمایاں کرنے کے ساتھ عالمی سطح پر سعودی عرب کے سیاحتی مقامات کواجاگر کرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں سیاحت کے فروغ کے لیے قائم ”جدہ سیزن“پروگرام کے تحت صرف تین منٹ میں آن لائن سیاحتی ویزہ جاری کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    انتہائی مختصر وقت میں ویزے کے حصول کا یہ منفرد پروگرام ہے، جس کا مقصد سعودی عرب میں ترقیاتی مواقع کا کو نمایاں کرنے کے ساتھ عالمی سطح پر سعودی عرب کے سیاحتی مقامات کواجاگر کرنا ہے۔

    عرب ٹی وی کے مطابق جدہ سیزن پروگرام کی طرف سے آن لائن سیاحتی ویزہ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ تعداد میں سیاحوں کو جدہ لانا اور انہیں ساحلی شہر کی دل فریب خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

    جدہ پروگرام کے جنرل سپروائزر انجینیر رائد ابو زنادہ نے کہا کہ ان کے سیاحتی پروگرام سے بالعموم پورے سعودی عرب بالخصوص جدہ میں سیاحت کے پھلنے پھولنے میں مدد ملے گی۔

    رائد ابو زنادہ نے کہا کہ آن لائن سیاحتی ویزہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیاح حضرات جدہ میں ہونے والی موسمی سرگرمیوں میں شرکت کی ٹکٹ بھی حاصل کرسکتے ہیں، یہ ٹکٹ ویزہ کے حصول کے فوری بعد حاصل کی جا سکیں گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی غیرملکی سیاح کوجدہ کا سیاحتی ویزہ صرف تین منٹ میں فراہم کیا جائے گا، سیاحوں کے لیے sharek.sa پر خود کو رجسٹرڈ کرانا ہوگا اور رجسٹریشن کے دوران دی گئی معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔

    ایک سوال کے جواب میں جدہ سیزن 8 جون سے 18 جولائی 2019ء تک جاری رہے گا۔ سیاحتی ویزہ کے حصول کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں۔ سیاح حضرات خاندان کے ہمراہ اور انفرادی طورپر بھی ویزہ حاصل کرسکتے ہیں۔