Tag: saudia

  • سعودی ایئر لائن کے حوالے سے حیران کن اعداد و شمار سامنے آ گئے

    سعودی ایئر لائن کے حوالے سے حیران کن اعداد و شمار سامنے آ گئے

    کراچی (11 اگست 2025): سعودی ایئر لائن نے 6 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی سعودی ایئر لائن سے 2025 کی پہلی ششماہی کے دوران 17.5 ملین سے زائد مسافروں نے سفر کیا، جو 2024 کی اسی مدت کے مقابلے میں 7.2 فی صد زائد ہے۔

    ہر سال پاکستان سے بڑی تعداد میں مسافر سعودی عرب کا سفر کرتے ہیں، یوں پاکستان سعودیہ کے عالمی نیٹ ورک میں ایک اہم منزل ہے، سعودیہ کی قابل اعتماد سروس کی وجہ سے پاکستانی مسافر اس کا انتخاب کرتے ہیں کیوں کہ یہ پاکستانی مسافر کی حج، عمرہ اور غیر ملکی سفر کی مخصوص ضرورتیں بھی پوری کر رہی ہے۔

    مسافروں کی یہ ترجیح نہ صرف سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان گہرے تعلقات کو مضبوط کرتی ہے بلکہ سعودیہ کی جاری عالمی توسیع کو آگے بڑھانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ ایئر لائن کی آپریشنل کارکردگی میں بہتری اس لیے بھی ممکن ہوئی ہے کیوں کہ اس کا فضائی آپریشن ایک لاکھ سے زائد پروازوں پر مشتمل ہے، اور اس کا نیٹ ورک چار براعظموں پر محیط ہے۔


    پیرس میں طیارہ گراؤنڈ ہونے سے پی آئی اے کو ہزاروں ڈالر کے نقصان کا سامنا


    ایوی ایشن انڈسٹری سے متعلق مستند اعداد و شمار فراہم کرنے والے ادارے سیریم کی ایک رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر سعودیہ نے اس مدت کے دوران پرواز کے 293,500 سے زیادہ گھنٹے ریکارڈ کیے، جب کہ پروازوں کی بروقت آمد و روانگی کی 89.6 فی صد کی غیر معمولی شرح کو بھی برقرار رکھا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایئر لائن مارچ اور جون 2025 دونوں میں پروازوں کی بروقت آمد و روانگی کے اعتبار سے دنیا بھر میں پہلے نمبر پر رہی۔

    سعودیہ نے 2025 کی پہلی ششماہی میں سالانہ 5 فیصد اضافے کے ساتھ 9.6 ملین سے زیادہ بین الاقوامی مسافروں کو سفری خدمات فراہم کیں، یہ اضافہ 43,700 سے زیادہ بین الاقوامی پروازوں پر مشتمل آپریشن کے باعث ممکن ہوا، جو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3 فی صد اضافے کو ظاہر کرتی ہیں۔ ڈومیسٹک سطح پر سعودیہ سے اس دوران 10 فی صد اضافے کے ساتھ 56,400 سے زائد پروازوں کے ذریعے 7.9 ملین سے زیادہ مسافروں نے سفر کیا۔

    پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اہم روٹ پر سعودیہ کے آپریشنز سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ حجاج، تارکین وطن اور آرام دہ سفر کے خواہش مند مسافروں کے لیے مسلسل ترجیح اختیار کرتا جا رہا ہے۔ اور سعودی ایئرلائن کا موجودہ 148 طیاروں پر مشتمل فضائی بیڑہ ملکی اور بین الاقوامی دونوں نیٹ ورکس پر مضبوط آپریشنل کارکردگی کا باعث ہے۔

    سعودیہ کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں اس فضائی بیڑے میں مزید 117 نئے طیارے بھی شامل کیے جائیں گے۔

  • السعودیہ نے مسافروں کو خاص سہولت فراہم کردی

    السعودیہ نے مسافروں کو خاص سہولت فراہم کردی

    سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی السعودیہ نے مسافروں کی سہولت کے پیش نظر گم شدہ سامان کو ٹریک کرنے لیے نئی سہولت فراہم کردی ہے، ’شیئر آئٹم لوکیشن‘ کا نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس نئی سہولت کے ذریعے مسافر اپنے سامان کو’ایئرٹیگ‘ سے ٹریک کرسکتے ہیں جس کے لیے ’فائنڈ مائی نیٹ ورک‘ کا آپشن فراہم کیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق مسافر اپنے آئی فون، آئی پیڈ یا میک پر’فائنڈ مائی‘ ایپلی کیشن کے ذریعے سامان کا ٹریکنگ لنک حاصل کرسکتے ہیں جسے السعودیہ کے ڈیجیٹل پورٹل پربا آسانی شیئرکیا جاسکتا ہے۔

    ٹریکنگ لنک سامان کی وصول کے بعد از خود ختم ہوجاتا ہے جبکہ مسافرجب چا ہیں اسے لاگ آف کرسکتے ہیں۔

    سعودیہ گروپ کے چیف ڈیٹا اینڈ ٹیکنالوجی آفیسرعبدالقادر عطیہ نے بتایا کہ نیا فیچر گروپ کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے عزم اور مسافروں کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی عکاسی کرتا ہے۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ سعودیہ گروپ کی جانب سے عالمی معیار کی خدمات کی فراہمی اور اپنے صارفین کے فضائی سفر کو بہتر بنانے کیلیے کوشش ہمیشہ جاری رہتی ہے۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں رواں ماہ کے دوران فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فضائی ٹکٹوں کی قیمت میں اس اضافے کی وجہ مقامی اور بین الاقوامی عوامل کا مجموعہ ہے جنہوں نے مارکیٹ پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق سال 2025 کی پہلی ششماہی میں بین الاقوامی ٹکٹ کی اوسط لاگت میں تقریباً 20 فیصد اضافہ ہوا ہے جو 2024 کی اسی مدت کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔

    اس کے اہم اسباب میں ہوائی اڈوں کی فیسوں میں اضافہ، آپریٹنگ اخراجات، اجرتیں اور دیکھ بھال کے اخراجات شامل ہیں۔

    ایک اور یورپی ملک کا غزہ کیلیے فضائی امدادی آپریشن شروع کرنے کا اعلان

    ایئرلائنز کی تجزیاتی رپورٹس کے مطابق سعودی مارکیٹ میں ٹکٹوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی بنیادی وجہ عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتیں بڑھنا ہے۔

  • 7 سال سے قتل کیس میں مطلوب اشتہاری سعودی عرب سے گرفتار

    7 سال سے قتل کیس میں مطلوب اشتہاری سعودی عرب سے گرفتار

    ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے بڑی کارروائی کرکے سات سال سے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم کو سعودی عرب سے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت بسم اللہ کے نام سے ہوئی ہے، ملزم کو سعودی عرب سے گرفتار کر کے اسلام آباد ایئرپورٹ منتقل کر دیا گیا۔

    ترجمان ایف آئی سے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے پی پولیس کو مطلوب تھا ملزم کے خلاف سال 2018 میں قتل، اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا ملزم کے خلاف تھانہ کھل، لوہر دیر میں مقدمہ درج تھا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ملزم قتل کر کے بیرون ملک فرار ہو گیا تھا ملزم کو بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد نے کے پی پولیس حکام کے حوالے کر دیا ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزم کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔

    حکام کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول ریاض کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ این سی بی انٹرپول 24/7 پوری دنیا کے ساتھ رابطے میں ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔

  • سعودیہ نے بڑا اعزاز حاصل کر لیا، پاکستانی مسافروں کے لیے بھی اہم سنگ میل

    سعودیہ نے بڑا اعزاز حاصل کر لیا، پاکستانی مسافروں کے لیے بھی اہم سنگ میل

    سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی سعودیہ نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے، ایوی ایشن انڈسٹری کی معتبر اور آزاد سائٹ سیریم کی ایک رپورٹ کے مطابق سعودیہ پروازوں کی بر وقت روانگی کے حوالے سے 88.82 فی صد کی متاثر کن شرح کے ساتھ دنیا میں پہلے نمبر پر رہی ہے۔

    پروازوں کی بروقت آمد کی کارکردگی میں سعودیہ محض 0.35 فی صد شرح کی کمی کے مارجن سے دوسرے نمبر پر رہی، اور پروازوں کی بر وقت آمد کی شرح 86.35 فی صد رہی۔

    سعودیہ نے 2024 میں چار بر اعظموں میں 100 سے زائد مقامات پر مشتمل نیٹ ورک پر کامیابی کے ساتھ 192,560 پروازیں چلائیں۔

    یہ کامیابی خاص طور پر پاکستان کے مسافروں کے لیے اہمیت کی حامل ہے، جو سعودیہ کے لیے ایک اہم مارکیٹ ہے۔ سعودیہ ایئر لائن پاکستان کے بڑے شہروں بشمول کراچی، لاہور، اسلام آباد اور ملتان کو سعودی عرب سے ملانے والی باقاعدہ پروازیں آپریٹ کرتی ہے۔ یہ کنکشنز پاکستانی مسافروں، خاص طور پر حج اور عمرہ کرنے والے زائرین کے ساتھ ساتھ کاروباری اور تفریحی مقاصد کے لیے سفر کرنے والوں کے لیے بہت اہم ہیں۔

    سعودیہ گروپ کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر ابراہیم العمر نے اس کامیابی کے حوالے سے کہا کہ ”ہمیں عالمی سطح پر پروازوں کی بروقت روانگی اور آمد کے حوالے سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ پیش کرنے پر انتہائی فخر ہے، یہ ہماری قومی نقل و حمل اور لاجسٹکس حکمت عملی اور قومی ایوی ایشن سیکٹر کی حکمت عملی سے ہم آہنگ ہے۔‘‘ انھوں نے کہا ’’یہ کامیابی مکمل طور پر سعودیہ گروپ کے ملازمین کی اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ ہے اور عمدہ کارکردگی کے مظاہرہ کے حوالے سے مختلف شعبوں کے کردار کو اجاگر کرتی ہے، جو مسافروں کے سفر کو یادگار اور آرام دہ بنانے کے عزم سے منسلک ہیں۔“

    انھوں نے مزید کہا کہ 2024 میں سال بھر اور خاص کر سیزن کے دوران چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا، اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈیجیٹل سسٹم کی بدولت بروقت کارکردگی کو یقینی بنایا گیا۔ سعودیہ 2024 میں جولائی اور نومبر میں بروقت کارکردگی کے حوالے سے 3 مرتبہ اول نمبر پر رہی۔

    فی الوقت، سعودیہ 144 طیاروں پر مشتمل جدید فضائی بیڑے کے ساتھ چار بر اعظموں میں 100 سے زائد مقامات کے لیے یومیہ 530 سے زائد پروازیں آپریٹ کر رہی ہے۔ اس وسیع آپریشن میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی مزید مضبوطی اور پاکستانی مسافروں کو اہم کنکشنز کی فراہمی کے لیے باقاعدہ پروازیں شامل ہیں۔

    یہ خدمات سعودی ویژن 2030 کے اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، اور خاص طور پر سیاحت، تفریح، کھیل اور حج و عمرہ کے شعبوں کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ساتھ ثقافتی تبادلے اور اقتصادی تعاون کے مواقع کو بھی فروغ دیتی ہیں۔

  • حج 2023: سعودی ایئر لائنز کے 164 طیارے مختص

    حج 2023: سعودی ایئر لائنز کے 164 طیارے مختص

    ریاض: سعودی عرب میں رواں برس حج آپریشن کے لیے سعودی عریبین ایئر لائنز (السعودیہ) نے 164 طیارے مختص کیے ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی فضائی کمپنیوں کے گروپ نے اس سال حج موسم 1444 ہجری کے حوالے سے اپنا آپریشنل پروگرام جاری کردیا۔

    ااس سال سعودی عریبین ایئر لائنز (السعودیہ) ادیل ایئر اور پرائیویٹ سعودی ایئر لائن کے ذریعے دنیا کے مختلف ممالک سے 12 لاکھ سے زیادہ نشستیں عازمین حج کے لیے مختص کی گئی ہیں، 164 طیارے حج آپریشن کے لیے مخصوص کیے گئے ہیں۔

    عازمین حج کو سو سے زیادہ شیڈول ہوائی اڈوں اور 14 سیزنل ہوائی اڈوں سے سفر حج کروایا جائے گا۔

    8 ہزار سے زیادہ پائلٹ حج پروازوں پر تعینات کیے گئے ہیں، سعودی فضائی کمپنیوں نے گزشتہ دنوں متعدد ممالک کے حج اداروں کے ساتھ اس ضمن میں معاہدے کیے ہیں۔

    سعودی عریبین ایئر لائنز (السعودیہ) نے حج پروازوں سے سفر کرنے والوں کے لیے سپیشل اسلامی آگاہی سروس کا بھی اہتمام کیا ہے۔

    عازمین حج کو مذہبی پروگرام اور حج سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی، 134 گھنٹے سے زیادہ دورانیے پر مشتمل مختلف دینی پروگراموں کا انتظام کیا گیا ہے۔

    590 گھنٹے کی قرآن کریم کی تلاوت کا بھی بندوبست کیا گیا ہے، اسلامی پروگرام عربی کے علاوہ انگریزی، انڈونیشی اور چینی زبانوں میں پیش کیے جائیں گے۔ عازمین حج کے لیے دیگر زبانوں میں بھی دینی پروگراموں کا انتظام کیا گیا ہے۔

  • فیفا ورلڈکپ: سعودی ایئرلائنز نے شائقین کو بڑی خوشخبری سنادی

    فیفا ورلڈکپ: سعودی ایئرلائنز نے شائقین کو بڑی خوشخبری سنادی

    دوحہ: سعودی عریبین ایئر لائنز (السعودیہ) نے فٹ بال ورلڈکپ کے شائقین کو بڑی خوشخبری سنادی

    میڈیا رپورٹ کے مطابق قطر ایئرویز (القطریہ) کے ایگزیکٹیو چیئرمین اکبر الباکر نے بتایا کہ سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) چالیس پروازوں کے ذریعے فٹ بال ورلڈ کپ کے شائقین کو قطر آنے جانے کی سہولت فراہم کرے گی۔

    اخبار ٹوئنٹی فور کے مطابق الباکر نے بتایا کہ ’فلائی دبئی فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے ساٹھ ، الکویتیہ بیس اور عمان ایئر اڑتالیس پروازیں چلائے گی، اس حوالے سے مذکورہ چاروں فضائی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے طے پاچکے ہیں۔الباکر نے مزید بتایا کہ الاتحاد ایئر اور العربیہ ایئرویز بھی فٹ بال ورلڈ کپ کے شائقین کو قطر پہنچانے کا کام انجام دیں گی، جلد ہی ان خلیجی فضائی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے طے پاجائیں گے۔

    القطریہ کا کہنا ہے کہ ’خلیجی ممالک کی فضائی کمپنیاں اس سال قطر میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ کے میچوں کے شائقین کو روزانہ کی بنیاد پر قطر لانے لے جانے کا کام انجام دیں گی۔

    معاشی حکام کا کہنا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ فٹبال سے قطر کو بیس بلین ڈالر تک آمدنی متوقع ہے۔

  • خاشقجی قتل کیس نے سعودیہ اور ترکی میں دوریاں پیدا کیں، ترک وزیر خارجہ

    خاشقجی قتل کیس نے سعودیہ اور ترکی میں دوریاں پیدا کیں، ترک وزیر خارجہ

    انقرہ : ترک وزیر خارجہ جاویش اوگلو امریکی پابندیوں سے متعلق کہا ہے کہ اگرامریکا نے ترکی پر پابندیاں عائد کیں تو انقرہ بھی جوابی قدامات کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے وزیرخارجہ جاویش مولود اوگلو نے کہا ہے کہ صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے واقعے نے سعودی عرب اور ترکی کے تعلقات پر منفی اثرات مرتب کیے جس کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے درمیان دوریاں پیدا ہوئیں اور تعلقات میں کمزوری آئی۔

    ایک بیان میں ترک وزیرخارجہ نے کہا کہ ان کا ملک روس سے فضائی دفاعی نظام ایس 400 ضرور خرید کرے گا۔

    ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگرامریکا نے ترکی پر پابندیاں عائد کیں تو انقرہ بھی جوابی قدامات کرے گا۔خیال رہے کہ امریکا نے ترکی کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے روس سے ایس 400 دفاعی نظام خرید کیا تو امریکا ایف 35 جنگی طیاروں کی ڈیل منسوخ کردے گا۔

    ترک وزیرخارجہ نے کہا کہ قضیہ فلسطین ان کے لیے انتہائی اہمیت کاحامل ہے اور فلسطینیوں کے حقوق اور قضیہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لیے جدو جہد جاری رکھیں گے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ امریکا کی طرف سے اس دھمکی کے بعد ترکی کی کرنسی لیرہ کی قیمت میں ڈالر کے مقابلے میں 5.93 لیرہ کی کمی واقع ہوئی ہے، امکان ہے کہ آئندہ ماہ ترکی روس سے ایس 400 دفاعی نظام خرید لے گا۔

  • سعودیہ، چین کی معاونت سے بیلسٹک میزائل پروگرام تیار کررہا ہے، امریکی میڈٰیا کا دعویٰ

    سعودیہ، چین کی معاونت سے بیلسٹک میزائل پروگرام تیار کررہا ہے، امریکی میڈٰیا کا دعویٰ

    ریاض/واشنگٹن: امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی حکومت صحرا چین کے تعاون سے بیلسٹک میزائل پروگرام تیار کررہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کا شمار امریکا کے خاص اتحادیوں میں ہوتا ہے جو مشرق وسطیٰ میں امریکی ہتھیاروں کا بڑا خریدار بھی ہے تاہم امریکی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیاہےکہ سعودی عرب امریکی حریف چین کی معاونت سے صحرا کے وسط میں ایک خفیہ پروگرام پر عمل پیرا ہے جس کے تحت بیلسٹک میزائل کی تیاری کو تیزی سے عملی جامہ پہنایا جارہا ہے۔

    امریکی نشریاتی ادارے نے مختلف ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سعودی رژیم بیلسٹک میزائل کی تیاری کے خواب کو شرمندہ تعبیر بنانے کے لیے بنیادی ڈھانچے اور ٹیکنالوجی کو جدید کرچکا ہے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا تھا کہ امریکی خفیہ اداروں کو موصول ہونے والی خفیہ اطلاعات سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ سعودی عرب بیلسٹک میزائل منصوبے پر عمل پیرا ہے۔

    سی این این کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خفیہ ایجنسیوں کو موصولہ اطلاعات سے کانگریس کو لاعلم رکھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی سفارتے خانے نے مذکورہ واقعے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا تاہم چینی حکام کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک عسکری سمیت تمام تزویراتی شعبوں میں ایک دوسرے کے معاونت کار ہیں اور یہ تعاون عالمی قوانین کی خلاف وزری کے زمرے سے باہر ہے۔

    مزید پڑھیں : ٹرمپ انتظامیہ سعودیہ میں ایٹمی پلانٹ تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، رپورٹ

    خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی کانگریس نے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ  امریکا سعودی عرب میں جوہری ری ایکٹر تعمیر کرنے کی تیاری کررہا ہے، ایٹمی ری ایکٹر کی سعودی عرب منتقلی کا معاملہ ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر نگرانی چل رہا ہے۔

  • خاشقجی کے بچوں کو خون بہا میں گھر، لاکھوں ڈالر دئیے گئے، امریکی اخبار کا دعویٰ

    خاشقجی کے بچوں کو خون بہا میں گھر، لاکھوں ڈالر دئیے گئے، امریکی اخبار کا دعویٰ

    واشنگٹن : امریکی اخبار نے دعوی کیا ہے کہ سعودی عرب نے مقتول صحافی جمال خاشقجی کے چاربچوں کو خون بہامیں لاکھوں ڈالر مالیت کے گھر اور ماہانہ بنیادوں پر لاکھوں ڈالر رقم دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکام اور دیگر افراد نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جمال خاشقجی کے دو بیٹوں اور دوبیٹیوں کو آئندہ چند ماہ میں سعودی صحافی کے قاتلوں کا ٹرائل مکمل ہونے پر خون بہا سے متعلق مذاکرات کے تحت مزید لاکھوں ڈالر دیئے جاسکتے ہیں۔

    حکام کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت، جمال خاشقجی کے اہلخانہ سے طویل المدتی مفاہمت کی کوشش کر رہی ہے تاکہ انہیں سعودی صحافی کے قتل پر تنقید سے باز رہنے پر آمادہ کیا جاسکے۔

    سابق عہدیدار کے مطابق گزشتہ برس کے آخر میں شاہ سلمان کی جانب سے ان گھروں اور 10 ہزار ڈالر یا اس سے زائد ماہانہ آمدن کی منظوری دی گئی تھی اور اس حوالے سے کہا گیا تھا کہ ایک بڑی ناانصافی ہوچکی ہے اور یہ غلط کو صحیح کرنے کی کوشش ہے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ شاہی خاندان محمد بن سلمان اور کی پالیسیوں کے سخت ناقد صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دولت کا سہارا لے رہا ہے۔

    دوسری جانب سعودی عہدیدار نے جمال خاشقجی کے اہلخانہ کو دی گئی رقم کو ملک میں طویل عرصے سے انتہا پسند جرائم یا قدرتی آفات کے متاثرین کو فراہم کی جانے والے مالی تعاون کی روایت قرار دیا۔

    انہوں نے اس بات کو مسترد کردیا کہ ان ادائیگیوں کے بدلے جمال خاشقجی کے خاندان کو خاموشی اختیار کرنی ہوگی۔

    عہدیدار کا کہنا تھا کہ یہ تعاون ہماری روایت اور ثقافت کا حصہ ہے یہ کسی اور چیز سے نہیں جڑا ہوا۔

    ابتدائی طور پر جمال خاشقجی کے تمام بچوں کو جدہ میں گھر دیئے گئے ہیں اور ہر گھر کی مالیت 40 لاکھ ڈالر ہے، یہ جائیدادیں ایک ہی کمپانڈ میں موجود ہیں جن میں ان کے بڑے بیٹے صلاح خاشقجی کو مرکزی حصہ دیا گیا ہے۔

    جمال خاشقجی کے اہل خانہ کے قریبی ذرائع کے مطابق صلاح خاشقجی جدہ میں بینکر کے طور پر کام کررہے ہیں اور مستقبل میں سعودی عرب میں ہی رہنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی صحافی کے باقی بچے امریکا میں مقیم ہیں اور ان کی جانب سے یہ نئی جائیدادیں بیچنے کی توقع ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جمال خاشقجی کے بڑے بیٹے صلاح سمیت دیگر بچوں سے اس معاملے پر رابطے کی کوشش کی گئی تھی تاہم انہوں نے کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا تھا یہاں تک کہ ان کے وکیل ولیم ٹیلر نے بھی اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد کے بھائی اور امریکا میں سعودی عرب کے سابق سفیر خالد بن سلمان نے صحافی کے اہلخانہ سے مذاکرات کیے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: جمال خاشقجی قتل کیس، تحقیقاتی رپورٹ جون میں جاری ہوگی، تحقیقاتی ٹیم اقوام متحدہ

    یاد رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی گزشتہ سال ترکی کے شہر استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے میں داخل ہوئے جس کے بعد وہ گمشدہ ہوگئے تھے، بعد ازاں اُن کے قتل کی خبر آئی۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے بھی سعودی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے صحافی کے قتل کی ترکی میں شفاف تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

  • سعودی جیلوں میں قید 126 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    سعودی جیلوں میں قید 126 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    لاہور: سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کا وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، سعودی ائیر لائن کی پرواز سے مزید 126 پاکستانی پاکستان واپس پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد کے حکم پر رہائی پانے والے قیدیوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا، گزشتہ روز لاہور ائیرپورٹ پر 5 پاکستانی شہری پہنچے جنہیں کلیئرنس کے بعد ایف آئی اے نے گھر جانے کی اجازت دی۔

    جدہ سے سعودی ائیرلائن کی پرواز سے مزید 126 پاکستانی شہری لاہور پہنچ گئے جنہیں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے جانچ پڑتال کے بعد گھروں کو جانے کی اجازت دے دی۔

    مزید پڑھیں: سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کا وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا

    پاکستان پہنچنے والے تمام پاکستانیوں نے ائیرپورٹ پر اترتے ہی سجدہ شکر کیا اور عمران خان کی قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے کاوش پر خیرمقدم بھی کیا۔

    یاد رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے درخواست کی تھی کہ سعودی عرب کی مختلف جیلوں میں پاکستانی قید ہیں۔

    عمران خان کی درخواست پر ولی عہد نے حکومت کو چھوٹے جرائم میں جیل کاٹنے والے 2107 پاکستانیوں کی رہائی کا حکم دیا تھا جس کے بعد اُن کے اہل خانہ خوشی سے آبدیدہ ہوگئے تھے۔ نمائندہ اے آر وائی حسن حفیظ کے مطابق اب تک 150 سے زائد پاکستانی وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: سعودی جیلوں سے پاکستانیوں کی رہائی، جدہ جیل کی ویڈیو وائرل

    جدہ کے جیل میں قید پاکستانیوں کو جب اپنی رہائی کی خبر ملی تو وہاں جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے تھے، تمام قیدی زاروقطار رونے لگے تھے۔