Tag: save money

  • معمولی عادات اپنائیں اور نئے سال کے پہلے ہی ماہ سے پیسوں کی بچت کریں

    معمولی عادات اپنائیں اور نئے سال کے پہلے ہی ماہ سے پیسوں کی بچت کریں

    کراچی: پیسے بچانا اور انہیں محفوظ کرنا ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے مگر کسی بھی شخص کے لیے یہ کام بہت مشکل ہے کیونکہ بظاہر آسان سمجھی جانے والی عادت پر عمل کرنا دشوار بھی ہوتا ہے تاہم ہم آپ کو بتاتے ہیں وہ آسان طریقے جن پر عمل کرتے ہوئے آپ نئے سال کے پہلے ہی ماہ سے پیسے محفوظ کرسکتے ہیں۔

    نئے سال کو اچھا ، یادگار اور خوشحال بنانے کے لیے لوگ مختلف عہد کرتے ہیں کچھ تو اس میں کامیاب ہوجاتے ہیں مگر کچھ کو خاطر خواہ کامیابی نہیں مل پاتی۔

    آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ نئے سال کے پہلے ہی ماہ سے کفایت شعاری کرتے ہوئے پیسے کس طریقے سے محفوظ کیے جائیں۔

    رقم محفوظ کریں

    سب سے پہلے تو آپ یہ پکا عہد کریں کہ تنخواہ یا جیب خرچ میں سے یومیہ کچھ رقم علیحدہ سے محفوظ کریں گے تاکہ ضرورت کے وقت کچھ رقم آپ کے پاس موجود رہے۔

    ہفتہ وار بجٹ

    مہینے کا آغاز ہوتے ہی ہفتہ وار بجٹ شیٹ تیار کریں اور اس بات کو مدنظر رکھیں کہ صرف ضروری اشیاء ہی اس میں شامل کریں اور اس شیٹ پر پابندی سے عمل کریں۔

    اخراجات لکھیں اور موازنہ کریں

    یومیہ اور ہفتہ وار اخراجات لکھیں تاکہ آپ کو اندازہ ہو کہ دن بھر میں یا پھر ہفتے میں آپ نے کتنی رقم خرچ کی اور ان میں سے کتنے پیسے غیر ضروری خرچ ہوئے۔

    سگریٹ نوشی ترک کریں

    سگریٹ یا تمباکو نوشی کرنے والے حضرات اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ اُن کے بجٹ کی ایک تہائی رقم فضول اخراجات میں خرچ ہوتی ہے، سگریٹ نوشی ویسے بھی اچھا فعل نہیں اس لیےنئے سال میں اس بری لت سے ضرور چھٹکارا حاصل کریں۔

    خریداری سے پہلے سوچیں

    آپ نے بجٹ شیٹ تیار کرلی اور حساب کتاب لکھنا شروع کردیا اُس کے باوجود بھی اکثر اوقات غیر ضروری چیز آپ کو اپنی طرف راغب کرے گی مگر کوئی بھی چیز خریدنے سے پہلے ایک بار ضرور سوچیں کہ آیا اس کی آپ کو کتنی ضرورت ہے؟۔

    مقدار پر نہ جائیں بلکہ معیاری اشیاء خریدیں

    کوئی بھی چیز خریدتے وقت اُس کے معیار (کوالٹی) کو ضرور دیکھیں جیسے کہ اگر آپ کپڑے خریدنے کے خواہش مند ہیں تو معیار کو مدنظر ضرور رکھیں کیونکہ غیر معیاری چیز کم عرصے چلتی ہے اس کے برعکس کوالٹی پروڈکٹ کی معیاد زیادہ ہوتی ہے۔

    غیر ضروری خوبصورتی پر توجہ نہ دیں

    ایک اور عادت جس پر قابو پانا ضروری ہے وہ یہ ہے کہ آپ غیر ضروری خوبصورتی کے پیچھے نہ بھاگیں کیونکہ اس معاملے میں آپ ہزاروں روپے خرچ کر بیٹھتے ہیں، اگر آپ پہلے مہینے میں دو بار بیوٹی پارلر یا حجام کے پاس جاتے تھے تو اسے ایک بار کردیں اور اسی میں وہ کام کروائیں جو پورا مہینہ آسانی سے چل سکے۔

     ان معمولی عادات کو اپنا کر آپ ماہانہ رقم کو محفوظ بناسکتے ہیں۔

  • بچت کرنا چاہتے ہیں؟ یہ اصول اپنا لیں

    بچت کرنا چاہتے ہیں؟ یہ اصول اپنا لیں

    بڑھتی ہوئی مہنگائی، بلند ہوتے طرز زندگی اور ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی دوڑ میں آج کل پیسہ بچانا ایک مشکل کام ہوگیا ہے۔ روز بروز بلند ہوتے افراط زر کے باعث یہ ایک مشکل کام ہے۔

    لیکن پیسہ بچانا بھی ضروری ہے۔ یہ آپ کے مستقبل میں کسی برے وقت میں کام آسکتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق کچھ طریقے ایسے ہیں جن کو اپنا کر آپ اپنے مستقبل کے لیے رقم بچا سکتے ہیں۔

    رقم کی اہمیت جانیں

    جب بھی آپ کوئی چیز خریدیں تو اپنے آپ سے سوال کریں کہ کیا یہ وہ چیز ہے جس کو حاصل کرنے کے لیے میں دن رات محنت کرتا ہوں؟ اگر آپ کا جواب نفی میں ہے تو اس چیز کو مت خریدیں اور آگے بڑھ جائیں۔

    خواہشات کو کم کریں

    اگر آپ اپنی تمام خواہشات کو پورا کرتے ہیں تو آپ کبھی پیسہ نہیں بچا سکتے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ اپنی خواہشات سے دستبردار ہوجائیں اور زندگی سے لطف اندوز نہ ہوں۔ صرف ان کو کم کردیں۔

    مثال کے طور پر اگر آپ اچھا کھانے کے شوقین ہیں تو ہر ویک اینڈ پر کسی مہنگی جگہ کھانا کھانے کے بجائے مہینے میں ایک یا دو بار باہر جائیں۔ اگر آپ کو شاپنگ کا شوق ہے تو ہر ہفتے خریداری کے بجائے مہینے میں ایک یا دو بار شاپنگ کریں۔

    اضافی کام کو نہ ٹھکرائیں

    اگر آپ کو اوور ٹائم کی پیشکش کی جارہی ہے تو اسے کبھی مت ٹھکرائیں۔ گھر جا کر اپنے پسندیدہ ٹی وی شو دیکھنے یا سونے کو اوور ٹائم پر ترجیح مت دیں۔

    اس سے آپ کا پیسہ تو ضائع نہیں ہوگا لیکن آپ کی توانائی ضرور ضائع ہوسکتی ہے جو آپ استعمال کر کے پیسہ کمانے میں خرچ کر سکتے تھے۔

    پیسے کے بارے میں مختلف نظریہ

    آپ جو پیسہ بچاتے ہیں اسے یہ مت سمجھیں کہ آپ نے بچایا، بلکہ یوں سمجھیں کہ آپ نے یہ کمایا۔

    مثال کے طور پر اگر آپ سال کے آخر تک 50 ہزار روپے بچاتے ہیں تو یوں خیال کیجیئے کہ آپ نے 50 ہزار روپے اضافی کمائے۔

    ضروری جگہ خرچ کریں

    پیسہ اس وقت تک بے معنی ہے جب تک آپ اس سے کوئی بامعنی چیز نہ خرید لیں۔ اس بات کو سمجھیں کہ پیسہ کو کہاں خرچ کرنا چاہیئے۔

    فیملی کے ساتھ باہر کھانا کھانا فضول خرچی نہیں ہے کیونکہ یہ آپ اور آپ کے بچوں کو خوشگوار یادیں دے گا اور آپ ان لمحات سے ایک عرصہ تک لطف اندوز ہوں گے۔

    کہا جاتا ہے کہ پیسہ بچانے کا سب سے بہترین طریقہ کوئی سرمایہ کاری کرنا ہے لیکن یاد رکھیں کہ سرمایہ کاری میں لگایا جانے والا پیسہ آپ کے ہاتھ میں نہیں ہوتا نہ ہی وہ کسی ایمرجنسی میں آپ کے کام آسکتا ہے۔

    لہٰذا ہر وقت ایک مناسب رقم کو قابل رسائی جگہ پر ضرور رکھیں تاکہ کسی ایمرجنسی کو صورت میں اسے استعمال کیا جاسکے۔