Tag: Save the Children

  • سیودی چلڈرن کے دفاترکی تاحکم ثانی بندش کامراسلہ جاری

    سیودی چلڈرن کے دفاترکی تاحکم ثانی بندش کامراسلہ جاری

    اسلام آباد: وزارتِ داخلہ نے غیرملکی این جی او ’’ سیو دی چلڈرن‘‘ کی بندش کا باقاعدہ حکم نامہ جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق این جی او کی بندش کا حکم نامہ 12 جون 2015 کو جاری کیا گیا ہے۔

    مراسلے میں تحریر کیا گیا ہے کہ ’’سیو دی چلڈرن‘‘ نامی غیرملکی این جی او کے دفاتراور آپریشنز بحکم وزارتِ داخلہ بند کردئیے گئے ہیں۔

    مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مذکورہ این جی او کے تمام دفاتر اوران کے پاکستان میں جاری تمام آپریشنز تاحکم ثانی بند رہیں گے۔

    iNTERIOR mINISTY ACTION

    واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے خفیہ اداروں کی رپورٹس کی بنیاد پر بین الاقوامی این جی او سیو دی چلڈرن کو 11 جون 2015 کو پاکستان میں بلیک لسٹ کرتے ہوئے غیرملکی عملے کو پندرہ دن میں پاکستان چھوڑنےکاحکم دیاگیا تھا۔


    چوہدری نثار نے پاکستان مخالف این جی اوز کو وارننگ دے دی


    سیود دی چلڈرن کو سن 2012 میں بھی وزارتِ داخلہ کے حکم پر پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن بعد ازاں امریکہ کی درخواست پر اسے دوبارہ کام کرنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔

  • چوہدری نثار نے پاکستان مخالف این جی اوز کو وارننگ دے دی

    چوہدری نثار نے پاکستان مخالف این جی اوز کو وارننگ دے دی

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثارعلی خان کا کہنا ہے کہ کسی بھی این جی او کو اچھے کاموں کی چھتری تلے غلط اور غیرقانونی کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آج بروز جمعہ چوہدری نثار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس این جی او پر پابندی عائد کی گئی ہے وہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے مجوزہ دائرہ کار سے باہرکام کررہی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ این جی اوز کو پاکستانی کی خودمختاری کا ہرصورت احترام کرناہوگا، چوہدری نثار نے مزید کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والی کچھ این جی اوز ملک کے خلاف کام کررہی ہے۔

    وفاقی وزیرِداخلہ نے واضح الفاظ میں پاکستان میں کام کرنے والی این جی اوزاورعالمی دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان کی قومی سلامتی پرکسی صورت سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ شام دفتری اوقات کے بعد حکومتی انتظامیہ کے ذمہ دارحکام پولیس کے ہمراہ پابندی کا شکار ہونے والی این جی او کے اسلام آباد کے قلب میں واقع دفترپہنچے اور دروازے پر تالا لگا کر نوٹس چسپاں کردیا کہ یہ عمارت سیل ہے۔

    چوہدری نثار نے شفقت محمود کی پھانسی کے حوالے سے کہا کہ کچھ مقامی این جی اوزعالمی دنیا کوغلط معلومات اوراعداد وشمار فراہم کررہی ہیں جن سے پاکستان کی بد نامی ہورہی ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ جس وقت شفقت حسین نے بچے کو قتل کیا اس وقت اس کی عمر 23 سال تھی جو کہ ثابت ہوچکا ہے اور اس کی پھانسی ہرحال میں ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ شفقت حسین کی پھانسی روکے جانے کے معاملے کی تحقیقات بھی ہوں گی۔

  • بین الاقوامی این جی او سیو دی چلڈرن کو پاکستان چھوڑنے کا حکم

    بین الاقوامی این جی او سیو دی چلڈرن کو پاکستان چھوڑنے کا حکم

    اسلام آباد: بین الاقوامی این جی او سیو دی چلڈرن پاکستان میں بلیک لسٹ قرار دے دی گئی۔

    وزارت داخلہ نے خفیہ اداروں کی رپورٹس کی بنیاد پر بین الاقوامی این جی او سیو دی چلڈرن کو پاکستان میں بلیک لسٹ کردیاہے، این جی او کا عملہ پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ غیرملکی عملے کو پندرہ دن میں پاکستان چھوڑنےکاحکم دیاگیا ہے۔

    سیو دی چلڈرن نے جعلی پولیو مہم چلانے کے لیے ڈاکٹرشکیل آفریدی کی خدمات دو ہزار دس میں حاصل کی تھیں۔ ڈاکٹرشکیل کو سیو دی چلڈرن کی جانب سے تیرہ لاکھ روپے دیئےگئے۔

     ذرائع کے مطابق سیو دی چلڈرن کی تمام سرگرمیوں کی مکمل چھان بین کے بعد اسے پاکستان میں کام کرنے سے روکا گیا، ڈاکٹر شکیل آفریدی کی گرفتاری کے بعد سیو دی چلڈرن کے رابطہ کار ذمہ دار کو شکیل آفریدی نے پہچاننے سے انکار کیا تھا۔

    اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کے مطابق وزارت داخلہ کی ہدایت پر سیکٹر ایف سکس ٹو میں سیو دی چلڈرن کا دفتر سیل کردیا گیا ہے، این جی او کا دفتر مشکوک سرگرمیوں پر بند کرکے دفتر کے باہر پولیس تعینات کردی گئی ہے۔

     سیو دی چلڈرن کو دو ہزار بارہ میں بھی کام سے روکا گیا تھا جس کے بعد امریکا کی مداخلت پر تنظیم کو دوبارہ کام کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔