Tag: Sawat Blast

  • سوات دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار

    سوات دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار

    پشاور: کبل میں سی ٹی ڈی تھانے میں ہونے والے دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار ہوگئی جس کے تحت سانحہ مال خانے میں رکھا بارودی مواد پھٹنے سے ہوا۔

    تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ایک روز قبل سی ٹی ڈی تھانے میں 2 مشتبہ دہشت گرد لائے گئے تھے، دونوں مشتبہ دہشت گرد دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہوئے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کبل سی ٹی ڈی تھانے میں ملاکنڈ ریجن کا مال خانہ تھا، گزشتہ تین سے چار سالوں کا بارودی مواد اس تھانے میں موجود تھا۔ کبل تھانے میں باجوڑ، دیر، سوات، بونیر سے بارود بھی لاکر رکھا گیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق مال خانےمیں 300سے400کلوگرام بارودی مواد موجود تھا، جس میں مارٹر گولے ،آئی ای ڈیز اور ڈیٹونیٹر شامل تھے۔

    تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کبل سی ٹی ڈی تھانہ محفوظ ترین جگہ پر واقع ہے، تھانے سے پہلے دو سیکیورٹی چیک پوسٹ موجود ہیں، تھانے کی سیکیورٹی پر 5اہلکارموجود تھے۔

    تھانے میں کسی کے داخلے کی کوئی اطلاع نہیں ملی، پہلا دھماکا8:20اوردوسرا8:25پرہوا، پہلا دھماکا معمولی نوعیت کا تھا جبکہ دوسرے میں تمام بارودی مواد پھٹ گیا۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق تھانہ سی ٹی ڈی میں شارٹ سرکٹ سے دھماکا ہونے کا زیادہ امکان ہے ، باہر سے حملے کا ابھی تک کوئی ثبوت نہیں ملا۔ تھانے کے مال خانہ میں گولہ بارود کو آگ لگی، دھماکے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ رات پیر کو سوات کے علاقے کبل میں سی ٹی ڈی تھانے میں ہونے والے دھماکے سے سی ٹی ڈی کے افسران سمیت 17 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ 57 زخمیوں میں سے 8 کی حالت تشویشناک ہے۔

  • سوات دھماکے :  وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی رپورٹ‌ طلب کرلی

    سوات دھماکے : وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی رپورٹ‌ طلب کرلی

    اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے سوات میں سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

    شہباز شریف کا کہنا ہے سوات کے علاقے کبل میں ہونے والے دھماکے کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جیسے ہی سکیورٹی ادارے کسی نتیجے پر پہنچتے ہیں، اس بارے میں عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ سوات میں سی ٹی ڈی تھانے پر خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پولیس اہلکاروں کی شہادت پر قوم شدید غمزدہ ہے۔

    ہماری پولیس دہشت گردی کے خلاف دفاع کی پہلی لائن رہی ہے۔ ہم اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہم اس لعنت کو ختم نہیں کر دیتے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی۔

    وزیر اعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور جیسے ہی سیکیورٹی ادارے کسی نتیجے پر پہنچیں گے اسے قوم سے شیئر کیا جائے گا۔

    وزیراعظم نے متعلقہ حکام سے دھماکوں کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، سکیورٹی فورسز اور پولیس دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گی۔

  • پاکستان دہشت گردوں کےسامنے کبھی نہیں جھکے گا، خرم دستگیر

    پاکستان دہشت گردوں کےسامنے کبھی نہیں جھکے گا، خرم دستگیر

    پشاور : وزیردفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کےسامنے کبھی نہیں جھکے گا، پاک فوج کی بہادری اور بلند حوصلوں سے قوم مضبوط ہوئی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ایم ایچ پشاور کے دورہ کے موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیردفاع نے اسپتال میں داخل سوات بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔

    وزیر دفاع خرم دستگیر نے زخمی اہلکاروں کی جرات اور بہادری کو سراہا، انہوں نے زخمیوں کے علاج معالجے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ٹراماسنٹر میں شاندار طبی سہولیات کی فراہمی اور عملہ کی صلاحیتوں کی تعریف بھی کی۔

    اس موقع پر دہشت گردی کے خاتمے کی جدوجہد جاری رکھنے کا اعادہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے سپاہیوں کا حوصلہ بلند ہے، فوجیوں کی بہادری اور بلند عزم اورحوصلے سے قوم مضبوط ہوئی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردوں کے سامنے کبھی نہیں جھکے گا، دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا، حکومت نے دہشت گردی کو جڑسے اکھاڑنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔

    بعد ازاں وزیر دفاع خرم دستگیر نے کوہاٹ میں شہید ہونے والے کیپٹن جاذب رحمان کے گھر جاکر شہید کے والدین اور اہلخانہ سے تعزیت کی، لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں، اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر نے 9ڈویژن کے شہداء کیلئےبھی فاتحہ خوانی کی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

     

  • سوات یکے بعد دیگرے دو بم دھماکے 1 سیکورٹی اہلکار شہید 2 افراد زخمی

    سوات یکے بعد دیگرے دو بم دھماکے 1 سیکورٹی اہلکار شہید 2 افراد زخمی

    سوات : اتروڑ میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے 1 سیکورٹی اہلکار شہید 2 افراد زخمی ہوگئے۔

    ابتدائی معلومات کے مطابق سوات کے علاقے اتروڑ میں پہلے سے نصب شدہ بم پھٹنے کے دو افراد زخمی ہوئے، دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچنے کے بعد دوسرا بم دھماکہ ہوا، سیکورٹی فورسز کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ دوسرے دھماکے میں 1 سیکورٹی اہلکار جامِ شہادت نوش کرگیا ہے تاہم پہلے دھماکے میں دو شہری زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کےلیے اسپتال روانہ کردیاگیاہے۔

    بم ڈسپوزبل اسکواڈ کے اہلکاروں نے بتایا ہے کہ جائے حادثہ پر دو بم نصب کیے گیے تھے پہلے دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز کے پہنچنے پر ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے دوسرا دھماکہ کیا گیا، جائے وقوعہ سے ریسکیو کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے اور سیکورٹی فورسز کی بھاری تعداد نے جائے وقوعہ پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاشی شروع کردی ہے، جب کے بم ڈسپوزبل کا عملہ شواہد اکھٹے کرنے میں مصروف ہے۔

    علاقہ مکینوں کے مطابق دھماکہ شدید نوعیت کا تھا جس کی آواز دور دور تک سنائی گئی تھی۔