Tag: Sawat

  • مختلف ٹریفک حادثات میں باپ بیٹے سمیت گیارہ افراد جاں بحق

    مختلف ٹریفک حادثات میں باپ بیٹے سمیت گیارہ افراد جاں بحق

    لاہور / سرگودھا / سوات : لاہور سرگودھا اور سوات میں ٹریفک حادثات نے باپ بیٹے سمیت گیارہ افراد کی جان لے لی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے فیصل ٹاؤن میں ٹریفک حادثہ تین دوستوں کی جان لے گیا ۔ پولیس کے مطابق فیصل ٹاؤن کے رہائشی آفتاب، عثمان اور نعمان گاڑی میں جارہے تھے کہ بیدیاں روڈ پر مخالف سمت سے آنے والی گاڑی سے ٹکر ہوگئی۔

    تینوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، پولیس نے واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ سرگودھا میں تیزرفتار مسافر بس نے موٹر سائیکل کو ٹکر دے ماری جس سے باپ بیٹا جاں بحق اور خاتون شدید زخمی ہوگئی.

    سوات میں بھی ٹریفک حادثہ چھ افراد کو موت کی نیند سلاگیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

     

  • سوات میں زلزلے کے جھٹکے، لوگ گھروں سے باہرنکل آئے

    سوات میں زلزلے کے جھٹکے، لوگ گھروں سے باہرنکل آئے

    سوات اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گیے جس کے بعد لوگ خوف زدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت کا اندازہ 4 لگایا جارہا ہے تاہم اس کے مرکز کے بارے میں معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ہلکی نوعیت کے تھے تاہم لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے۔ بعض  مساجد نے اس آسمانی آفت سے بچائو کے لیے اذانیں بھی دیں۔ زلزلے کے جھٹکوں سے  خواتین اور بچے زیادہ خوف زدہ نظر آئے۔

    واضح رہے کہ 20اپریل اور یکم مئی کو بھی سوات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن میں لوگ گھروں سے باہر نکل آئے تھے۔ 20 اپریل کو ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.1 اور یکم مئی کو 4.1 کی شدت ریکارڈ کی گئی تاہم ان زلزلوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

  • میاں صاحب قومیں موٹروے سے نہیں تعلیم سے بنتی ہیں، عمران خان

    میاں صاحب قومیں موٹروے سے نہیں تعلیم سے بنتی ہیں، عمران خان

    سوات : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میاں صاحب جہاں جاتے ہیں موٹر وے بنانے کی بات کرتے ہیں، میں میاں صاحب کو بتانا چاہتا ہوں کہ قومیں موٹر وے بنانے سے نہیں تعلیم سے بنتی ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ میں جلسے میں عوام کی اتنی بڑی تعداد میں آنے پرعوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    آپ کی آمد وزیر اعظم نواز شریف کیلئے پیغام ہے،انہوں نے کہا کہ میں نے پہلا الیکشن سوات سے ہی جیتا تھا، سوات کے لوگوں نے جو عزت دی وہ کبھی نہیں بھول سکتا۔

    انہوں نے کہا کہ میاں صاحب آپ کونیا خیبرپختونخواہ نظرنہیں آئےگا کیوں کہ نیا پاکستان اسکولوں میں بنے گا۔جہاں ڈھائی کروڑ بچے اسکول نہ جاتے ہوں وہاں ملک موٹر وے سے نہیں بنتا۔


    Mian Sahib will be sent to jail if PTI makes… by arynews

    عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو ہیلی کاپٹر سے خیبر پختونخواہ میں تبدیلی نظر نہیں آرہی تو میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم نے خیبر پختونخواہ میں اداروں کو مضبوط کیا ہے۔

    نیا پختونخواہ اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں بنے گا ۔سب سے زیادہ پیسہ ہمارے صوبے میں تعلیم پر خرچ کیا گیا اور اس کے بعد ہسپتالوں میں پیسہ خرچ کیا گیا ۔

    پولیس ہماری سب سے بہتر ہے اور کرپشن ہمارے صوبے میں سب سے کم ہے ،لیکن جب ہم نے حکومت سنبھالی تھی تو صوبے میں سب سے زیادہ کرپشن تھی ۔

    خیبر پختون خواہ کو ماڈل صوبہ بنائیں گے،انہوں نے کہا کہ میاں صاحب نے سوات اور ڈی آئی خان میں بھی ایئرپورٹ بنانے کا اعلان کر دیاہے۔ میاں صاحب آپ اتنی دیر رہیں گے تو ایئرپورٹ بنے گا ،آپ تیسری دفعہ وزارت عظمیٰ پر ہیں لیکن ابھی تک آپ نے باری پوری نہیں کی۔

    کے پی کے پولیس میں سیاسی بھرتیاں نہیں کی گئیں، میرٹ پر نوکریاں دی گئیں ہیں، گزشتہ تین سالوں میں پانچ ہزار کرپٹ پولیس اہلکاروں کو نوکریوں سے بر طرف کیا گیا۔

    ہمیں کے پی کے کی پولیس پر فخر ہے، اس نے ایک دن میں سردار سورن سنگھ کے قاتلوں کو گرفتارکرلیا۔

    انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ملک کا مستقبل ہیں اور نیا پاکستان آپ نے ہی بنانا ہے، جو قومیں اپنے بچوں کو تعلیم نہیں دیتیں وہ کبھی ترقی نہیں کر سکتیں۔

    انہوں نے کہا کہ نوازشریف تیس سال سے حکومت کر رہے ہیں پنجاب میں آپ نے کوئی ادارہ ٹھیک نہیں کیا ،عمران خان نے کہا کہ پنجاب پولیس سے چھوٹو گینگ نہیں سنبھل رہا، کے پی کے کی پولیس طالبان سے لڑ رہی ہے،ہم پولیس کی تنخواہوں میں مزید اضافہ کریں گے، ادارے تباہ کرنے والے ادارے ٹھیک نہیں کر سکتے۔

    ان کا  کہنا تھا کہ پاکستان گلوبل وارمنگ سے متاثر ہونے والا آٹھواں ملک ہے ، ہم نے خیبر پختونخواہ میں ایک ارب درخت لگا نے کا فیصلہ کیا ہے۔

    پاناما لیکس کے حوالے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو کرپشن کا جواب دینا پڑے گا، دوسروں پر الزام لگانے سے آپ بچ نہیں سکتے، اگر ہم کرپٹ ہیں تو آپ نے پکڑا کیوں نہیں ؟ ہماری حکومت آئی تو کرپشن کا پوچھیں گے نہیں بلکہ سیدھا جیل میں ڈالیں گے۔

    وزیراعظم کے جلسوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان انہیں نہیں بچا سکتے۔ کپتان نے دعویٰ کیا کہ ہم اگر تنہا بھی رہ گئے تو پاناما کے معاملے پر آخری حد تک جائیں گے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کا کہناتھا کہ ہم نے اس ملک کے طاقت ور ڈاکوﺅں کا احتساب کرنا ہے ،دو سو ارب ڈالر پاکستانیوں کا پاکستان سے باہر پڑا ہواہے اگر وہ پیسہ پاکستان میں واپس آ جاتاہے تو ہمارے سارے قرضے اتر جائیں گے ۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ پیسہ لانے کیلئے ایسی لیڈر شپ چاہئیے جو کرپٹ نہ ہو ،نوازشریف کا اپنا پیسہ باہر پڑا ہے وہ کیسے چوری کا پیسہ پاکستان لائیں گے ،بیرون ملک میں پڑا پیسہ تحریک انصاف ملک میں واپس لائے گی۔

     

  • خیبرپختونخواہ میں اب حقیقی تبدیلی آئے گی، وزیراعظم نوازشریف

    خیبرپختونخواہ میں اب حقیقی تبدیلی آئے گی، وزیراعظم نوازشریف

    سوات : وزیر اعظم نوا شریف نے کہا ہے کہ لوگ کہتے ہیں ہم سڑکوں پر آئیں گے، میں کہتا ہوں ہوں اگر تم نے سڑکیں بنائیں ہوتیں تو تم سڑکوں پر آتے، ہم سڑکیں بناتے جائیں گے تم سڑکوں پر آتے رہنا یہ اپنا اپنا مقدر ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ جس تبدیلی کا خواب مینگورہ اور سوات کے لوگ دیکھ رہے تھے بدقسمتی سے وہ تبدیلی نہیں آئی، وہ تبدیلی اب ہم لائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے پورے علاقے کا فضائی دورہ کیا مجھے کہیں بھی تبدیلی نظر نہیں آئی، وہی ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، وہی اسپتال نظرآئے، یہ مجمع بتا رہا ہے کہ 2013 کے انتخابات میں کی جانے والی غلطی پر آپ لوگ پچھتا رہے ہیں، سوات والے جھانسے میں نہ آتے تو تبدیلی اب تک آ چکی ہوتی۔

    انہوں نے کہا کہ میں مینگورہ اورسوات کے عوام کوخوشخبری سناتا ہوں اورآپ لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ حقیقی تبدیلی اب آئے گی۔

    انہوں نے بتایا کہ میں یہاں کڈنی سینٹر کا افتتاح کرنے آیا تھا یہ کڈنی سینٹر بین الاقوامی طرز کا جدید اسپتال ہے اور یہ جدید اسپتال پنجاب کی جانب سے خیبر پختونخواہ کی عوام کیلئے تحفہ ہے۔

    پشاور کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے ان کا کہناتھا کہ انتخابات میں صوبائی حکمران جماعت چوتھے نمبر پر آئی۔ ہم پشاور جیتیں گے نہیں جیت چکے ہیں۔

    وزیراعظم نے مینگورہ میں سیدو شریف ایئر پورٹ کو دوبارہ فعال کرنے کا اعلان بھی کیا، انہوں نے کہا کہ خواتین کی یونیورسٹی کے سب کیمپس بھی بنائے جائیں گے، انہوں نے انتظامیہ کو چکدرہ کالام روڈ کو ایکسپریس وے بنانے بھی ہدایت کی۔

     

    وزیراعظم نے سوات میں جدید کڈنی سینٹر کا افتتاح کیا

    اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف نے سنگھوٹہ میں کڈنی سینٹر کا افتتاح کیا۔ 110 بستروں پر مشتمل اس اسپتال کی تعمیر پر 80 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔

    وزیراعظم نے کڈنی ہسپتال کے ساتھ ہی اس میں موجود شہباز شریف آپریشن تھیٹر کمپلیکس کا افتتاح بھی کیا۔ وزیراعظم نے افتتاح کے بعد مریضوں سے ملاقات کر کے ان کی خیریت بھی دریافت کی۔

    اسپتال کو پنجاب اسپتال ٹرسٹ نے تعمیر کیا ہے۔ اسپتال میں 14 ڈائیلیسز مشینیں، دو آپریشن تھیٹر، ایک سی ٹی اسکین مشین ، ایکس رے مشین اور دیگر جدید آلات موجود ہیں۔

     

     

  • دھرنے والے خود پانامہ لیکس کی فہرست میں شامل ہیں، مولانا فضل الرحمن

    دھرنے والے خود پانامہ لیکس کی فہرست میں شامل ہیں، مولانا فضل الرحمن

    سوات : جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ہمارا پانامہ لیکس سے کوئی سرو کار نہیں، ہم اس ملک میں اللہ کا قانون اور امن چاہتے ہیں، دھرنا دینے والے خود پانامہ لیکس کی فہرست میں شامل ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گراسی گراؤنڈ مینگورہ میں دستار فضیلت جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اسلام کو انتہاپسندی اور دہشت گردی کے نام پر بدنام کیا جارہا ہے حالانکہ اسلام اعتدال پسند اور امن پسند مذہب ہے۔

    اسلام کی اصولوں کے مطابق زندگی گزار نے والوں کو انتہا پسند جبکہ جہالت کی زندگی گزارنے والوں کو روشن خیال کہا جاتا ہے، لیکن جمعیت علمائے اسلام نے ہمیشہ کفری اور لادینی قوتوں کا مقابلہ کیا ہے۔

    اس موقع پر جے یو آئی کے صوبائی امیر مولانا گل نصیب خان ،مفتی غلام الرحمن ، مولانا شجاع الملک ، ایم پی اے مفتی فضل غفور ، مولانا محمد عزیز الرحمن ہزار وی ، ضلعی امیر قاری محمود ، جنرل سیکرٹری اسحاق زاہد اور دیگر علماء کرام نے بھی خطاب کیا ۔

    جلسہ کے دوران سوات کے مختلف دینی مدارس سے فارغ التحصیل 500 طالب علموں کو اسناد سے نوازا گیا ، مولانا فضل الرحمن نے خود سٹیج کی فرش پر بیٹھ کر اسناد حاصل کرنے والے علمائے کرام کو داد دی ، مولا نا فضل الرحمن نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں مذہب اسلام کی مضبوط جڑے کاٹنے کیلئے صوبے کی عوام پر یہودی لابی کو مسلط کردیا گیا ہے ، لیکن جے یو آئی کے ہوتے ہوئے یہودی لابی کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتی۔

    انہوں نے کہا کہ دھرنا دینے والے برطانیہ میں پاکستانی نژاد مسلمان کی بجائے اپنے یہودی سالے کی مئیر شپ پر کامیابی کیلئے کمپین چلا رہے ہیں جس پرہم نے دھرنے کے وقت کہا تھا کہ یہ یہودیوں کے ایجنٹ ہیں اور آج بھی انہیں یہودیوں کا ایجنٹ کہتے ہیں ۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے نام پر جنگ شروع کرکے مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا، اسلام کو بے حد نقصان پہنچایا گیا ، انہوں نے کہا کہ آج یوم مزدور ہے اور ہم نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے ، انہوں نے کہا کہ دنیا بدل رہی ہے آج امریکہ کے عوام بھی اسلام معیشت اور اسلامی انصاف چاہتے ہیں۔

    سرمایہ دار طبقہ اپنی مرضی کے مطابق پاکستانی عوام پر حکمران مسلط کرتے ہیں ، معین قریشی جیسے لوگوں کو پاکستان لاکر حکمران بنا یا جا تا ہے ، جے یو آئی کے کارکن سرمایہ دار طبقے سے نجات دلانے کیلئے جے یو آئی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔

    جلسہ کے دوران عریانی و فحاشی ختم کرنے ، کسٹم ایکٹ واپس لینے ، سوات کو ٹورازم زون قرار دینے ، سڑکوں اور سوات جیل کو تعمیر کرنے سمیت 50 بستروں پر مشتمل ہسپتال کو جلد از جلد مکمل کرانے کی قرار دادیں متفقہ طور پر منظور کرلی گئیں ۔

     

  • سوات ، چترال ، مالاکنڈ میں زلزلے کے جھٹکے، شدت پانچ ریکارڈ کی گئی

    سوات ، چترال ، مالاکنڈ میں زلزلے کے جھٹکے، شدت پانچ ریکارڈ کی گئی

    سوات /چترال /مالاکنڈ : زمین ایک با ر لرز اٹھی، سوات، چترال، مالاکنڈ شہر اور گردو نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ریکٹر اسکیل پر زلزلے کے شدت پانچ ریکارڈ کی گئی۔

    شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے،زلزلہ کے نتیجے میں تاحال کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں.

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلےکےجھٹکوں کی گہرائی بہتر کلو میٹر تھی جبکہ مرکز ہندو کش ریجن افغانستان تھا ۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کے شدت پانچ ریکارڈ کی گئی۔

    ڈائریکٹرزلزلہ پیما مرکز زاہد رفیع کا کہنا ہے گزشتہ سال کے دوران زلزلے کے جھٹکوں سے زمین کے کھسکنے کے باعث زلزلے کے مزید جھٹکوں کا امکان ہے.

    پچیس اکتو برکے زلزلے کے بعد سوات اور گرد نواح میں زلزلے کے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے جس سے لوگوں خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔

  • دہشت گردوں کو دوبارہ سوات نہیں آنے دیں گے، جنرل راحیل شریف

    دہشت گردوں کو دوبارہ سوات نہیں آنے دیں گے، جنرل راحیل شریف

    سوات : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ سوات میں سیاحتی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوں گی اور دہشت گردوں کو دوبارہ ان علاقوں میں نہیں آنے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے سوات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کالام فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں شرکت کی ، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سوات میں امن اور استحکام کیلئے مقامی لوگوں کے سکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کو سراہا۔

     انہوں نےکہا کہ سوات کے عوام نے علاقے میں امن و استحکام اور سیاحتی سرگرمیوں کی بحالی کیلئے بھرپور تعاون کیا، جنرل راحیل شریف نے کہا کہ مالاکنڈ ڈویژن پر چند سال پہلے دہشت گردی اور انتہا پسند ی کے سیاہ بادل چھائے ہوئے تھے ۔

     جس کے دوران کالام فیسٹیول جیسی تقریبات منعقد نہیں کی جاسکتی تھیں ، تاہم سکیورٹی فورسز اور مقامی لوگوں کی قربانیوں اور تعاون سے یہ سیاہ بادل چھٹ چکے ہیں اور اب دہشت گردوں کیلئے دوبارہ ان علاقوں میں آنا ممکن نہیں۔

    ۔توقع ہے کہ سوات میں سیاحتی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوں گی ، اور دہشت گردوں کو دوبارہ ان علاقوں میں نہیں آنے دیں گے

  • ہالی ووڈ میں ملالہ یوسف زئی پر بننے والی فلم کا ٹریلر ریلیز

    ہالی ووڈ میں ملالہ یوسف زئی پر بننے والی فلم کا ٹریلر ریلیز

    لاس اینجلس : پاکستانی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی پر بننے والی ہالی ووڈ کی دستاویزی فلم۔ ہی نیمڈ می ملالہ۔ کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی شان سوات کی پہچان ملالہ یوسف زئی کی زندگی کے گرد گھومتی ہالی ووڈ کی دستاویزی فلم کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ۔

    فلم کی کہانی تعلیم کیلئے جدوجہد کرنے والی ملالہ کی حقیقی زندگی کے گرد گھومتی ہے ۔ جو ہر خطرات کا سامنا ڈٹ کے کرتی ہے۔اور تعلیم عام کرنے کیلئے اپنی زندگی داؤ پر لگا دیتی ہے۔

    دستاویزی فلم کے ہدایت کار آسکر ایوارڈ یافتہ ڈیوس گوگنھم ہیں۔ فلم دو اکتوبرکو ریلیز کی جائیگی، یاد رہے کہ ملالہ یوسفزئی بارہ جنوری 1997 کو سوات میں پیدا ہوئی۔

    پاکستان میں پیدا ہونے والی خواتین کی تعلیم کی سرگرم رکن ہے اور اسے کسی بھی شعبے میں نوبل انعام وصول کرنے والے سب سے کم سن فرد ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

    اس کی وجہ شہرت اپنے آبائی علاقے سوات اور خیبر پختونخواہ میں انسانی حقوق، تعلیم اور حقوق نسواں کے حق میں کام کرنا ہے جب مقامی طالبان کے لڑکیوں کو اسکول جانے سے روک دیا تھا۔

    اب ملالہ کی تحریک بین الاقوامی درجہ اختیار کر چکی ہے۔10اکتوبر 2014 کو ملالہ کو بچوں اور کم عمر افراد کی آزادی اور تمام بچوں کو تعلیم کے حق کے بارے جدوجہد کرنے پر 2014 کے نوبل امن انعام دیا گیا جس میں ان کے ساتھ انڈیا کے کیلاش ستیارتھی شامل ہیں۔

    ڈاکٹر عبدالسلام کو 1979 میں طبعیات کے نوبل انعام کے بعد ملالہ نوبل انعام پانے والی دوسری پاکستانی بن گئی ہے۔

  • سوات: استاد کی فائرنگ، ایک طالبعلم جاں بحق ایک زخمی

    سوات: استاد کی فائرنگ، ایک طالبعلم جاں بحق ایک زخمی

    سوات: مینگورہ کے نواحی علاقے میں استاد کی اتفاقیہ فائرنگ سےایک طالب علم جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مینگورہ سے 20 کلومیٹر کے فاصلے پرسنگوٹہ کے علاقے میں واقع ایک نجی اسکول میں تعینات استاد سے صفائی کے دوران حادثاتی طورپرپستول چل گئی۔

    پستول سے نکلنے والی گولی نجی اسکول کے کلاس روم میں موجود دو طالب علموں کو لگ گئی۔

    گولی لگنے سے طالب علم معاذ موقع پرجاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرا زخمی ہے جسے اسپتال منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پہنچ گئی اورحادثے میں ملوث استاد کو گرفتار کرکے آلۂ قتل کو قبضےمیں لے لیا ہے۔

  • پاکستان کے شمالی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

    پاکستان کے شمالی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

    سوات: مالاکنڈ ڈیویژن کے کئی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیےگئے، جن کے سبب عوام میں خوف وہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے شمالی علاقے جن میں سوات، مینگورہ اور دیگر ملحقہ علاقے شامل ہیں ان میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    ذرائع کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹراسکیل پر5.5 ریکارڈ کی گئی زلزلے کے سبب مقامی آبادی خوف میں مبتلا ہوگئی اور عوام کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    پاکستانی علاقوں میں آنے والا یہ زلزلہ دراصل نیپال میں آنے والے اس ہولناک زلزلے کے آفٹر شاکس کا حصہ ہے جس کے سبب نیپال میں چار ہزار کے لگ بھگ افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    واضح رہے کہ 2005 میں شمالی علاقہ جات کی وادی کشمیر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ملکی تاریخ کا سب سے ہولناک زلزلہ آیا تھا جس میں نوے ہزار کے لگ بھگ انسانی جانوں کا ضیاع ہوا تھا جب کہ بیس لاکھ افراد بے گھر ہوئے تھے۔