Tag: sayyah

  • بھارتی وزیر نے سیاحوں کومکمل لباس پہننے کی ہدایت کردی

    بھارتی وزیر نے سیاحوں کومکمل لباس پہننے کی ہدایت کردی

    نئی دہلی : انڈیا کے مرکزی وزیر ثقافت اورسیاحت کا کہنا ہے کہ بیرونی ممالک سے آنے والی خواتین سیاحوں کو اپنے تحفظ کے لیے چھوٹے کپڑے اور اسکرٹ پہننے سے گریز کرنا چاہئیے۔

    مرکزی وزیر ثقافت اور سیاحت مہیش شرما کا کہنا ہے کہ خواتین کو رات کے وقت تنہا باہر نہیں نکلنا چاہیے۔
    انہوں نے کہا کہ جب بھی بیرونی ممالک کے سیاح انڈیا پہنچتے ہیں تو انہیں اس بارے میں بعض خصوصی مشورے بھی دیئے جاتے ہیں۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق مہیش شرما نے کہا کہ ’جب سیاح ایئر پورٹ پر پہنچتے ہیں تو انہیں کیا کریں اور کیا نہ کریں اس کے لیے ایک پمفلٹ دیا جاتا ہے، اس پر اس طرح کی ہدایات درج ہوتی ہیں کہ اگر آپ کسی چھوٹے شہر میں ہوں تو تنہا نہ پھریں اور اسکرٹ نہ پہنیں۔ جس ٹیکسی میں سفر کریں اس کی تصویر لے کر اپنے دوستوں کو بھیج دیں۔‘

    انہوں نے کہا کہ انڈیا ایک ثقافتی ملک ہے اور ’مندروں میں جانے کے لیے ہمارا ایک مختلف ڈریس کوڈ ہوتا ہے۔ تو برائے مہربانی لباس زیب تن کرتے وقت اس کا خیال رکھیں۔

    وزیر ثقافت نے یہ باتیں آگرہ شہر میں خواتین اور سیاحوں کے تحفظ سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہیں۔
    آگرہ شہر تاج محل اور فتح پور سیکری میں مغلیہ دور کی تعمیرات دیکھنے کے لیے آنے والے سیاحوں کا جمگھٹا رہتا ہے جہاں بیرونی ممالک کے بھی سیاح بڑی تعداد میں آتے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں مہیش شرما نے کہا کہ وہ سیاحوں سے یہ نہیں کہہ رہے ہیں کہ وہ کیا پہنیں اور کیا نہیں لیکن اپنے تحفظ کے مقصد سے انھیں احتیاط برتنی چاہیے۔

    بھارتی میڈیا میں مرکزی وزیر کے اس بیان کے کافی تذکرے ہیں اور مختلف ویب سائٹوں پر اس پر نکتہ چینی سے پر خبریں بھی شائع ہو رہی ہیں۔

     

  • سوات میں عید کےچھٹے روز بھی سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری

    سوات میں عید کےچھٹے روز بھی سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری

    سوات : عید الفطر کے چھٹے روز بھی سوات میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور لاکھوں کی تعداد میں سیاحوں کی آمد سے سوات کی رونقوں کو چار چاند لگ گئے ہیں۔

    عید کی چھٹیاں ہو اور اوپر سے ملک میں جھلسا دینے والی گرمی میں سوات کا خوشگوار موسم تو ایسے میں ملک بھر کے سیاحوں کو سوات آنے سے کون روک سکتا ہے اور پانچ دنوں میں ملک بھر سے ایک لاکھ گاڑیوں میں پانچ لاکھ سیاحوں نے سوات کارخ کرلیا ہے۔

    انہوں نے سوات میں ڈیرے ڈال دئیے ہیں ،اور آنے والے سیاح پُر فضاء مقامات پر خوشگوار موسم اور عید کی خوشیوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

    سیاحوں کی آمد کے بعد ہوٹلوں میں جگہ کم پڑگئی ہے ،بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد کے وجہ سے ٹریفک کا نظام بری طرح مفلوج ہوگیاہے، جس کو کنٹرول کرنے کیلئے پاک فوج کے جوان میدان میں نکل آئے اور ٹریفک کو رواں دواں کیا۔

    آنے والے سیاحوں نے جگہ جگہ پر ڈھول کے تاپ پر بھنگڑے ڈالے اور خوب موج مستی کی۔

  • ایبٹ آباد میں برفباری، سیاح محصور ہوگئے

    ایبٹ آباد میں برفباری، سیاح محصور ہوگئے

    ایبٹ آباد : سیاحتی مقامات گلیات نتھیا گلی اور ٹھنڈیانی میں جاری حالیہ برف باری نے جہاں سفید چادر اوڑھ لی وہیں دوسری جانب برف باری کے باعث سیاحوں کی بڑی تعداد سڑکوں کی بندش کے باعث محصور ہو کر رہ گئی ہے۔

    گلیات اور ٹھنڈیانی میں اب تک دو سے اڑھائی فٹ تک برف ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث شاہراہ مری ، ایبٹ آباد ٹھنڈیانی، بکوٹ اور دیگر علاقوں کو جانے والی رابطہ سڑکیں مکمل طور پر بند ہو گئی ہیں، گلیات میں ہزاروں سیاح محصور ہو کر رہ گے ہیں۔

    جبکہ جی ڈی اے ، فرنٹئیر ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے سڑکوں سے تاحال برف ہٹانے کا کام شروع نہیں کیا جا سکاجس سے سیاحوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

    سڑکوں کی بندش کے باعث شاہراہ مری پر سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئی ہیں، برف باری کے باعث ان علاقوں کے مکینوں کو اشیاء خوردونوش کی ترسیل میں مشکلات کا سامنا ہے،جبکہ ان علاقوں کے ساتھ ایبٹ آباد شہر بھی برفانی ہواؤں کی لپیٹ میں ہے۔