Tag: sc-decision

  • ‘سپریم کورٹ کا فیصلہ سر آنکھوں پر، مختلف بحران پیدا ہونگے’

    ‘سپریم کورٹ کا فیصلہ سر آنکھوں پر، مختلف بحران پیدا ہونگے’

    ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ سرآنکھوں پر ہے لیکن موجودہ سیاسی صورتحال میں مختلف بحران پیدا ہوں گے۔

    سپریم کورٹ کی جانب سے ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی کی رولنگ کالعدم قرار دینے، اسمبلیاں بحال اور تحریک عدم اعتماد برقرار رکھنے کے فیصلے پر ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ سر آنکھوں پر ہے اور عدالت کا فیصلہ ماننے کے علاوہ اور کوئی حل بھی نہیں ہے لیکن موجودہ سیاسی صورتحال میں مختلف بحران پیدا ہونگے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آرٹیکل 69،64 پر آیا، سندھ ہاؤس میں آئین کی پامالی ہورہی تھی محترم جج صاحبان کم ازکم آرٹیکل63 پر بھی بات کرتے۔

    ترجمان کے پی حکومت کا کہنا تھا کہ انصاف کسی ایک پارٹی کیلئےنہیں ہوتا سب کیلئے ہوتا ہے، شاید شہباز شریف وزیراعظم بن جائے لیکن اب کرپشن، منی لانڈرنگ میں ملوث شخص وزیراعظم بنےگا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ نے 3 اپریل کی ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے تحریک عدم اعتماد کو برقرار رکھا تھا۔

    عدالت نے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے کابینہ کو بھی بحال کر دیا تھا۔

    مزید پڑھیں: رولنگ کالعدم، عدم اعتماد برقرار، قومی اسمبلی بحال

    چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے نگراں حکومت کے قیام کیلئے صدر اور وزیراعظم کے اقدامات کو بھی کالعدم قرار دیتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ سے پہلےکی صورتحال بحال کر دی تھی۔

  • سزا معطل ہونے سے نااہل شخص الیکشن کیلئے اہل نہیں ہو سکتا،سپریم کورٹ نے واضح کردیا

    سزا معطل ہونے سے نااہل شخص الیکشن کیلئے اہل نہیں ہو سکتا،سپریم کورٹ نے واضح کردیا

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے سزا معطلی اور انتخابی اہلیت سے متعلق اہم فیصلہ سناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سزا معطل ہونے سے نااہل شخص الیکشن کیلئے اہل نہیں ہو سکتا، سزا کالعدم ہونے تک نااہلی برقرار رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے سزا معطلی اور انتخابی اہلیت سے متعلق اہم فیصلہ جاری کر دیا، آٹھ صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس اعجاز الاحسن نے تحریر کیا ہے۔

    سپریم کورٹ نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ اپیل معطل ہونے سے سزا پر کوئی اثر نہیں پڑتا، سزا معطلی سے جرم ثابت ہونے کی وجوہات ختم نہیں ہوتیں، سزا معطل ہونے سے نااہل شخص الیکشن کیلئے اہل نہیں ہو سکتا۔

    فیصلے میں سپریم کورٹ نے واضح کیاہے کہ سزا کالعدم ہونے تک نااہلی برقرار رہے گی اور انتخابی اہلیت سزا معطلی کے وقت عدالت کی تحریری اجازت سے ہو سکتی ہے۔

    سپریم کورٹ نے فیصلہ گجرات کے بلدیاتی امیدوار کی درخواست پر سنایا۔

    یاد رہے چند روز قبل چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف کھوسہ نے گرانٹ کی رقم ادا ئیگی مہلت میں توسیع کی درخواست کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ ہائی کورٹ کےمعاملات میں مداخلت نہیں کرسکتی ، ستر سالہ تاریخ ہے نچلی عدالتوں کے معاملات میں دخل نہیں دیتے۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا نچلی عدالتوں میں بہت زیادہ ناانصافی پر سپریم کورٹ مداخلت کا سوچ سکتی ہے۔