Tag: School fee

  • متحدہ عرب امارات: نجی اسکولوں نے فیسوں میں کمی کردی

    متحدہ عرب امارات: نجی اسکولوں نے فیسوں میں کمی کردی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں نجی اسکولوں نے اپنی فیسوں میں کمی کردی، اس کا مقصد مشکل معاشی دور میں زیادہ سے زیادہ طلبہ کو اپنی طرف راغب کرنا ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق ابو ظہبی کے نجی اسکولوں نے زیادہ سے زیادہ طلبہ کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے 30 فیصد تک رجسٹریشن فیس اور آن لائن تعلیم کی صورت میں 50 فیصد تک فیس کم کرنے کی پیشکش کی ہے۔

    ابو ظہبی میں ایک اسکول کے پرنسپل کا کہنا ہے کہ نئے تعلیمی سال میں طلبہ کی تعداد کم ہے، بہت سارے طلبہ کے والدین نرسری میں بچوں کو داخل کروانے سے خوفزدہ ہیں۔

    ان کے مطابق ایک اور رجحان یہ بھی سامنے آرہا ہے کہ والدین اپنے بڑے بچوں کو ایسے اسکولوں میں داخلہ دلانے کی تگ و دو میں لگ گئے ہیں جہاں فیسیں کم ہوں۔

    چنانچہ نجی اسکولوں نے داخلہ لینے والے طلبہ کے لیے سوشل میڈیا پر مختلف ترغیباتی پیکجز کی تشہیر شروع کی ہے، سرپرستوں سے کہا جا رہا ہے کہ اگر اسکول میں بھائی اور رشتہ دار داخلہ لیں گے تو انہیں خصوصی رعایت دی جائے گی۔

    اسکولوں نے کہا ہے کہ وہ رجسٹریشن فیس معاف کردیں گے جبکہ تعلیمی فیس میں بھی رعایت دی جائے گی، تعلیم مکمل آن لائن ہونے کی صورت میں مزید رعایتیں پیش کی جائیں گی۔

  • سپریم کورٹ کا حکم نظر انداز: اسکول مالکان نے جون جولائی کی فیس طلب کرلی

    سپریم کورٹ کا حکم نظر انداز: اسکول مالکان نے جون جولائی کی فیس طلب کرلی

    کراچی : عدالتی حکم نظر انداز کرتے ہوئے اسکول مالکان کی ہٹ دھرمی برقرار ہے، اسکول انتطامیہ نے سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود جون جولائی کے فیس واچرز جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے نجی اسکولوں نے عدالتی احکامات کے باوجود جون جولائی کی فیسیں طلب کرنا شروع کردی ہیں، والدین پر سے اسکول فیسوں کا بوجھ اب تک کم نہ ہوسکا۔

    اسکولوں نے ہٹ دھرمی دکھاتے ہوئے جنوری کے ساتھ جون اور جولائی کی فیس واؤچرز والدین کو تھما دیئے، عدالتی احکامات پرڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹیوشن حکومت سندھ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا۔

    مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ اسکول انسٹیٹیوشنز کی جانب سے عدالتی احکامات کی پامالی پر کوئی نوٹس نہیں لیا گیا، پریشان حال والدین نے ایک بار پھرسپریم کورٹ سے نوٹس لینے کی اپیل کردی ہے۔

    مزید پڑھیں: پانچ  ہزار سے زیادہ فیس لینے والے نجی اسکولوں کو 20 فی صد کمی کرنا ہوگی: سپریم کورٹ

    خیال رہے کہ گذشتہ برس سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے صوبے بھر میں موجود پرائیوٹ اسکولز کو موسمِ گرما کی تعطیلات کی فیس وصول نہ کرنے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔

  • پشاور: اسکولوں کی فیس تین فیصد سے زیادہ بڑھانے پر پابندی عائد

    پشاور: اسکولوں کی فیس تین فیصد سے زیادہ بڑھانے پر پابندی عائد

    پشاور : عدالت نے اسکولوں کی ماہانہ فیسیں تین فیصد سے زیادہ بڑھانے پر پابندی عائد کردی اس کے علاوہ چھٹیوں کے دوران طلبہ سے ٹرانسپورٹ فیس بھی نہیں لی جا سکے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے والدین کی فریاد سن لی، نجی تعلیمی ادارے طلباو طالبات کی ماہانہ فیسیں تین فیصد سے زیادہ نہیں بڑھاسکتے۔

    چھٹیوں کے دوران طلبہ سے ٹرانسپورٹ فیس لینے پر بھی پابندی ہوگی، فیسوں میں اضافے سے متعلق تفصیلی فیصلہ سنا دیا گیا۔ پشاور ہائیکورٹ نے مہنگے نجی اسکولوں کو لگام ڈال دی۔

    عدالت عالیہ نے حکم جاری کیا ہے کہ نجی تعلیمی ادارے فیسوں میں تین فیصد سے زیادہ اضافہ نہیں کر سکتے۔ اضافی فیس لینے والے اسکول کے خلاف علاقے کا تھانیدار کارروائی کر سکے گا۔

    اس کے علاوہ چھٹیوں کے دوران طلبہ سے ٹرانسپورٹ فیس لینے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اسکولوں کے سمر کیمپ بھی بند کردیئے گئے۔

    عدالت نے تفصیلی فیصلے میں ریگولیٹری اتھارٹی کی منظوری کے بغیر نئے نجی تعلیمی ادارے کھولنے پرپابندی لگا دی ہے۔


    مزید پڑھیں: اسکول فیسوں میں5 فیصد سے زائد اضافہ غیرقانونی قرار


    اسکول وینوں کے المناک حادثے روکنے کیلئے عدالت کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ سے لٹک کر جانے پر اسکول مالکان کا چالان ہوگا، ٹریفک اہلکار اساتذہ اور پرنسپل کو بھی چالان دینے کےمجاز ہوں گے۔

  • اسکولوں کی فیسوں میں5 فیصد سے زائد اضافہ غیرقانونی قرار

    اسکولوں کی فیسوں میں5 فیصد سے زائد اضافہ غیرقانونی قرار

    کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے پرائیویٹ اسکولوں کی جانب سے فیسوں میں پانچ فی صد سے زیادہ اضافے کو غیر قانونی قرار دے دیا، عدالت نےاسکول مالکان کی درخواستیں مسترد کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسکو ل فیسوں میں ہوشربا اضافہ کی شکایت پر عدالت نے اپنا فیصلہ سنادیا، سندھ ہائیکورٹ میں چیف جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پرائیویٹ اسکولوں کی طرف سے فیسوں میں پانچ فی صد سے زائد اضافے کے خلاف طلبہ و طالبات کے والدین کی درخواستوں پر سماعت کی۔

    مزید پڑھیں : پنجاب کے نجی اسکول من مانی فیسیں نہیں بڑھاسکیں گے

     چیف جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فیسوں میں اضافے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسکول مالکان کی درخواستیں مسترد کردیں۔

    مزید پڑھیں : نجی اسکولوں کی فیس میں اضافہ نہیں ہوگا: وزیراعظم

     اسکول مالکان کامؤقف تھا کہ فیسوں میں اضافہ قانون کے مطابق کیا گیا ہے۔ عدالت نے محکمہ تعلیم کو پرائیویٹ اسکولوں کے لیےنافذ قواعد پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت کردی۔

     

  • اسکول کی فیسوں میں اضافہ، لاہورہائیکورٹ نے جواب طلب کرلیا

    اسکول کی فیسوں میں اضافہ، لاہورہائیکورٹ نے جواب طلب کرلیا

    لاہور :عدالت نے نجی اسکولوں کی جانب فیسوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے پرائیویٹ اسکولوں کی فیسوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر پنجاب حکومت سمیت فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

    مذککورہ کیس کی سماعت جسٹس اعجاز الاحسن نے کی۔ درخواست گزار بیرسٹر ظفراللہ کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ آئین کے مطابق پانچ سے سولہ سال تک کے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

    تاہم حکومت اس ذمہ داری کو پوار کرنے ناکام ہے، جس کی وجہ سے عوام مجبوراً نجی تعلیمی اداروں کا رخ کرتے ہیں، مگر پرائیویٹ اسکولوں نے اپنی اجارہ داری قائم کررکھی ہے۔

    آئے روز فیسوں میں من مانا اضافہ کردیا جاتا ہے جو غیر قانونی ہے کیوں کہ مسابقتی کمیشن کی اجازت کے بغیر فیسوں میں اضافہ نہیں کیا جاسکتا۔

    لہذا عدالت نجی اسکولوں کی جانب سے فیسوں میں اضافے کو کالعدم قرار دے اور جو اسکولز اس پر عمل نہ کریں ان کے خلاف کارروائی کی جائے، عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے دوہفتوں میں پنجاب حکومت سمیت فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

  • نجی اسکولوں کی فیس میں اضافہ نہیں ہوگا: وزیراعظم

    نجی اسکولوں کی فیس میں اضافہ نہیں ہوگا: وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے نجی اسکولوں کی فیسیں نا بڑھانے کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج بروز اتوار وزیراعظم نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ سال 2015 میں نجی اسکولوں کی فیسوں میں اضافہ نہیں کیا جائے۔

    وزیراعظم نے وزارت تعلیم اورکیڈ کواحکامات جاری کردئیے ہیں، انکا کہنا ہے کہ وزارتِ تعلیم اور کیڈ اس معاملے پر دیگر تمام اسٹیک ہولڈرزسے مشاورت کرے گی۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ نجی اسکولوں نے فیس کی مد میں ہوشربا اضافہ کردیا تھا جس کے خلاف طلبہ اور والدین کی جانب سے احتجاج کیا جارہاتھا۔

    اس معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے سخت موقف اپناتے ہوئے نجی اسکولوں کو فیس نہ بڑھانے کی ہدایت کی تھی جبکہ سندھ حکومت نے نجی اسکولوں کی فیس میں 10 فیصد اضافہ منظورکرلیا تھا۔

  • اسکول فیسوں میں اضافے کیخلاف طلبہ اور والدین کی احتجاجی ریلی

    اسکول فیسوں میں اضافے کیخلاف طلبہ اور والدین کی احتجاجی ریلی

    کراچی : اسکول کی فیسوں میں اضافے کے خلاف طلبہ اور والدین سڑکوں پر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے نجی اسکولوں کے طلبہ اور والدین کی جانب سے فیسوں میں اضافے کیخلاف کے ڈی اے چورنگی نارتھ ناظم آباد سے ضیاء الدین اسپتال تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

    طلبہ اور والدین نے نجی اسکولوں کی جانب سے فیسوں میں اضافے کو مسترد کردیا ہے،طلبہ کا کہنا ہے کہ نجی اسکولوں نے سالانہ فیس میں ایک ہزار سے دو ہزار روپے تک اضافہ جبکہ ماہانہ اسکول فیس میں دو سو روپے سے ایک ہزار روپے تک کا اضافہ کردیا ہے۔

    محکمہ تعلیم پرائیوٹ انسٹی ٹیوشن کی جانب سے بھی فیسوں میں اضافے کا نوٹس نہیں لیا گیا ہے اور فیسوں میں اضافہ قواعد کے برعکس کیا گیا ہے،والدین کا کہنا ہے کہ وہ اضافی فیس ادا نہیں کریں گے، طلبہ و طالبات نے اس موقع پر بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس میں فیسوں میں اضافے کے خلاف نعرے درج تھے۔