Tag: school roof collapse

  • اسکول کی چھت گرنے سے 15 بچے ملبے تلے دب کر زخمی

    اسکول کی چھت گرنے سے 15 بچے ملبے تلے دب کر زخمی

    گگومنڈی : نجی اسکول کی چھت گرنے سے 15 بچے ملبے تلے دب کر زخمی گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، زخمیوں میں دو بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گگومنڈی کے نواحی گاؤں171ای بی میں واقع نجی اسکول کی چھت گرنے سے15بچے زخمی ہوگئے، اسکول میں تدریس کا عمل جاری تھا اسی دوران زوردار دھماکے کے ساتھ چھت طلباء پر آگری۔

    اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبنے والے بچوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے اسکول کا مالک قربان علی اسکول کی چھت پر ایک اور کمرہ تیار کروا رہا تھا کہ چھت اس کا وزن برداشت نہ کرسکی اور اچانک گر گئی۔

    زخمی ہونے والے بچوں میں محمد رمضان، مدثر، افضل اور عبداللہ اور دیگر شامل ہیں باقی بچوں کے نام معلوم نہیں ہوسکے۔ اس موقع پر بچوں کے لواحقین نے اسکول انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ اسکول کو فوری طور پر بند کرکے مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

  • ملتان: نجی اسکول کی چھت گر گئی، بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا

    ملتان: نجی اسکول کی چھت گر گئی، بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا

    ملتان: نجی اسکول کی چھت گر گئی تمام بچوں کو باحفاظت نکال لیا گیا، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    خادم اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے پڑھا لکھا پنجاب کے دعوے تو کیے جاتے ہیں لیکن پنجاب میں اسکولوں کی مخدوش عمارتوں کی وجہ سے آئے روز کوئی نہ کوئی حادثہ رونما ہورہا ہے۔

    ملتان کے محلے شریف پورا میں واقع نجی سکول میں پلے گروپ کے پندرہ بچے پڑھ رہے تھے کہ اچانک چھت گر گئی، اسکول میں موجود ٹیچر نے بچوں کو باحفاظت باہر نکال لیا، تمام بچے مکمل طور پر محفوظ رہے۔

    پولیس کے مطابق اسکول مالک کے خلاف کاروائی کی جائے گی، اہلہ علاقہ کا کہنا تھا کہ اسکول کی عمارت تقریباً چالیس سال پرانی ہے۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل بھی ملتان میں مظفرگڑھ روڈ پر ایک نجی اسکول کی چھت گرنے سے بارہ بچے زخمی ہوگئے تھے۔

  • ڈی جی خان:اسکول کی چھت گرگئی، 20سے زائد طالبات ملبے تلے دب گئیں

    ڈی جی خان:اسکول کی چھت گرگئی، 20سے زائد طالبات ملبے تلے دب گئیں

    ڈی جی خان: سرکاری اسکول کی چھت گر گئی، بیس سے زائد طالبات ملبے تلے دب گئیں۔

    غیر معیاری تعمیرات نے ایک اور اسکول کو ملبے میں ڈھیر کردیا، پنجاب کےشہر ڈیرہ غازی خان کے گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول شکورآباد کی چھت گرگئی، جس میں بیس طالب علم ملبے تلے آگئیں۔

    چھت گرنے کی اطلاع ملتے ہی پولیس سمیت ریسکیوٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جبکہ ٹیچنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

    ریسکیوانچارج ڈاکٹر ناصر حیات کے مطابق اب تک پانچ بچیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ دیگر بچوں کو بھی ملبے سے نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    ریسکیو انچارج کا کہنا ہے واقعہ عمارت کے بوسیدہ ہونے کی وجہ سے پیش آیا، واقعے کی اطلاع سنتے ہی والدین پریشان ہوکر اسکول کی طرف دوڑےاوراپنی بچیوں کو ڈھونڈتے رہے۔