Tag: School Vacation’s

  • تعلیمی اداروں کی بندش ، آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز کا بڑا مطالبہ

    تعلیمی اداروں کی بندش ، آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز کا بڑا مطالبہ

    کراچی : آل سندھ پرائیویٹ اسکولزاینڈکالجز نے شیڈول کے مطابق اسکول کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کیلئےگرانٹ ان ایڈکااعلان کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق آل سندھ پرائیویٹ اسکولزاینڈکالجز کی تعلیمی اداروں کی بندش کی مخالفت کرتے ہوئے شیڈول کے مطابق اسکول کھولنے کا مطالبہ کردیا

    چیئرمین پرائیویٹ اسکولز حیدرعلی نے کہا کہ بورڈکےامتحانات کی منسوخی سےمیرٹ ختم ہوجائےگا، امتحانات نہ ہونےسےبہت پیچیدگیاں پیدا ہوں گی، پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کیلئےگرانٹ ان ایڈکااعلان کیاجائے۔

    گذشتہ روز آل پاکستان پرائیویٹ اسکولزفیڈریشن نے یکم جون سےملک میں تمام اسکولز کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ
    حکومت ایس اوپیزجاری کرے، حکومت اپنےایس اوپیزجاری نہیں کرتی تواسکولزکھولنےپرمجبورہوں گے۔

    کاشف مرزا کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے باعث 2کروڑ طلبا کے تعلیمی نقصان کاازالہ ناممکن ہے، 15 جولائی تک تعلیمی اداروں کی بندش سے50فیصدتعلیمی ادارےبندہوجائیں گے، تعلیمی اداروں کی بندش سے10لاکھ لوگ بےروزگارہوجائیں گے۔

    یاد رہے آل سندھ پرائیویٹ اسکولزاینڈکالجزایسوسی ایشن نے امتحانات کی منسوخی اور تعلیمی اداروں کی طویل بندش کومستردکردیا تھا اور کہا تھا طلبہ وطالبات کیلئےتمام ادارے15جون سےکھولےجائیں۔

    حیدر علی کا کہنا تھا کہ یکم جون سے تیرہ (13) جون تک تعلیمی اداروں میں اسٹاف کو SOPs کی تربیت، والدین کو آگہی اور ضروری آلات و انتظامات کو ممکن بنایا جائے، نمایاں مقامات پر احتیاطی تدابیر کے چارٹ آویزاں کیے جائیں جبکہ داخلی راستے پر تھرمل اسکینر اور سینیٹائزنگ واک تھرو گیٹ، ہر بچے اور اسٹاف کے لیے ماسک کا انتظام کیا جائے اور ہفتہ وار بنیادوں پر عمارتوں پر فیومیگیش کرائی جائے ۔

    چیئرمین آل سندھ پرائویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے کہا کہ اسکولز کےلئے کام کے دنوں کو پیر تا جمعرات چار دن فی ہفتہ کیا جاسکتا ہے، اسکول دو شفٹ میں کام کر سکتے ہیں تاکہ ایک ساتھ آنے اور ایک ساتھ بیٹھنے والے بچوں کی تعداد کو کم سے کم کیا جاسکے، عام طور پر ایک ڈیسک پر دو بچے بیٹھتے ہیں احتیاط کے طور پر ایک ڈیسک پر ایک بچے کو بٹھایا جائے۔

  • اسکول کی چھٹیوں کا دوبارہ اعلان کیا جائے،  والدین کا مطالبہ

    اسکول کی چھٹیوں کا دوبارہ اعلان کیا جائے، والدین کا مطالبہ

    کراچی : ملک بھر میں شدید سردی کے باوجود پنجاب سندھ اور خیبرپختونخواہ میں بچے تھرتھراتے ہوئے اسکول جانے پر مجبور ہیں لیکن طالبعلموں کی مشکلات کا کسی نے نوٹس لیا جبکہ والدین نے محکمہ تعلیم سے مزید تعطیلات کا مطالبہ کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے ، جس کے باعث بچوں کا اسکول جانا محال ہوگیا ہے، معصوم بچے اپنے والدین سمیت موسم سرما کی تعطیلات کے شیڈول میں ترمیم کرانے کے لئے سراپا احتجاج ہیں، تاہم انتظامیہ ان کے مطالبے پر کا ن نہیں دھر رہی ہے۔

    والدین کا کہنا ہے کہ شدت سردی میں صبح صبح بچوں کو اسکول کے لئے تیار کرنا ان کے ساتھ ظلم کرنا لگتا ہے۔ شدت سردی کی وجہ سے بچے بیمار ہورہے ہیں، سخت سردی میں بچوں کو صبح صبح جانے میں شدید مشکل ہوتی ہے۔

    والدین نے محکمہ تعلیم کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اسکول کی چھٹیوں کا دوبارہ اعلان کرنا چاہیئے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اگلے سال کی موسم سرما کی تعطیلات کے شیڈول پر رواں سال میں ہی ترمیم کر لینی چا ہیئے کیونکہ اب سردی دسمبر کے بجائے جنوری میں آتی ہے ۔

    والدین کا مزید کہنا تھا کہ سردی نے اپنے شیڈول میں تبدیلی کرلی ہے ، تاہم محکمہ تعلیم اپنے معمولات میں ردوبدل نہیں لا سکی۔

    والدین نے حکومت وقت سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بچوں کو بیمار کرنے کا ذمے دار کون ہے ؟

    گذشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےمعاملے کا نوٹس لیتےہوئے جلدازجلد مسلے کے حل کیلئے احکامات جاری کئے تھے جبکہ اراکین سندھ اسمبلی نے بھی محکمہ تعلیم کو سردیوں اورگرمیوں کی تعطیلات میں تبدیلی کےحوالے سے والدین کے مطالبے کی حمایت کی تھی۔

    یہاں پڑھیں:کراچی :پرائیوٹ اسکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن کا سردی کی چھٹیوں میں ترمیم کا مطالبہ

    یاد رہے کہ کراچی میں پرائیوٹ اسکول مینجمنٹ ایسو سی ایشن نے محکمہ تعلیم کے متعلقہ حکام کو خط ارسال کیا ہے ۔ جس میں چیئرمین پسما شرف الزماں کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم روایتی انداز میں موسم سرما اور گرما کی تعطیلات پر ازسرنو غور کرے۔

    علاوہ ازاں مظفر آباد کے علاقے گوجرہ میں سرد موسم میں کیمپوں میں قائم اسکول میں طالبات یخ بستہ ہواوں کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ کمیپ اسکول انتظامیہ اور طالبات کے مطابق متعدد بارمطالبے کے باوجود حکومت نے یقین دھانی کے علاوہ اور کوئی ایکشن نہیں لیا۔

  • سندھ بھر میں نجی و سرکاری اسکول آج سے کھل جائیں گے

    سندھ بھر میں نجی و سرکاری اسکول آج سے کھل جائیں گے

    کراچی : سندھ بھر میں اسکولوں کی گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہوگیئں، تمام اسکول آج سے کھل جائیں گے، اسکول کے بچوں کی موجیں ختم ہوگئیں۔

    سندھ بھر کے تمام نجی و سرکاری اسکول آج سے کھل رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ بھر میں نجی و سرکاری اسکول گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد آج سے کھل رہے ہیں۔

    بارشوں اور سیلاب کے باعث صوبائی حکومت نے گرمیوں کی تعطیلات تین اگست سے بڑھا کر گیارہ اگست تک کردیں تو نجی اسکول تین اگست سے اسکول کھولنے پر بضد تھے، جس کی وجہ سے تنازعہ پیدا ہوگیا تھا۔

    بالاخر نجی اسکولوں کو صوبائی حکومت کی بات ماننی پڑی۔ بچوں کی موجیں جہاں ہوئی ختم وہیں اسکول ٹرانسپورٹر کو بھی اب اپنی گاڑیاں پیٹرول یا ڈیزل پر کروانی پڑے گی۔

    کیونکہ اسکول کی گاڑیوں میں حکومت کی جانب سے گیس کے استعمال پرپابندی لگ چکی ہے ۔ اسکول کی وین کا رنگ بھی اب نیلا ہوگا اس کے بعد بچوں کے ساتھ اسکول ٹرانسپوٹرز کی موجیں بھی ختم ہوگئیں۔