Tag: school

  • سری لنکا میں اسکول ایک بار پھر بند

    سری لنکا میں اسکول ایک بار پھر بند

    کولمبو: سری لنکا میں شدید معاشی اور ایندھن بحران کی وجہ سے 2 ہفتوں کے لیے اسکول بھی بند کردیے گئے، ملک میں صرف 10 دن کا ایندھن باقی رہ گیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سری لنکا نے شدید اقتصادی اور ایندھن بحران کی وجہ سے تمام اسکولوں کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے اور منگل سے دو ہفتوں کے لیے صرف ضروری خدمات جیسے صحت، ٹرینوں اور بسوں کے لیے ایندھن کی فراہمی کی اجازت دی ہے۔

    حکومتی کابینہ کے ترجمان بندولا گناوردھنے نے کہا کہ ایندھن صرف ملک میں چلنے والی ٹرینوں اور بسوں، طبی خدمات اور گاڑیوں کے لیے فراہم کیا جائے گا جو منگل سے 10 جولائی تک کھانا پہنچاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکام نے ایندھن کے بحران کے پیش نظر شہری علاقوں میں اسکولوں کو بند کرنے کا حکم دیا ہے اور سب کو گھر سے کام کرنے کی تاکید کی ہے۔

    خیال رہے کہ سری لنکا گزشتہ چند مہینوں سے شدید اقتصادی بحران کا شکار ہے، ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ کم سطح پر پہنچ گئے ہیں جس کی وجہ سے ملک خوراک، ادویات اور ایندھن کی ضروری درآمدات کی ادائیگی کے قابل نہیں ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ملک میں ایندھن صرف 10 دن کا رہ گیا ہے جو کہ معمول کی طلب کے لحاظ سے صرف ایک ہفتے میں ختم ہو جائے گا۔

  • خبردار! اسکول کا اسٹاف مسلح ہے: اسکول کے باہر بورڈ لگ گیا

    خبردار! اسکول کا اسٹاف مسلح ہے: اسکول کے باہر بورڈ لگ گیا

    امریکی ریاست ٹیکسس کے اسکول میں فائرنگ سے 19 بچوں اور 2 اساتذہ کی ہلاکت کے بعد ٹیکسس میں ہی ایک ایسا سکول سامنے آیا ہے جہاں کے اساتذہ اور عملے کے ارکان اپنے پاس اسلحہ رکھتے ہیں۔

    یوٹوپیا کا اسکول چلانے والے مائیکل ڈیری کا کہنا ہے کہ اگرچہ ایسے واقعات کو رونما ہونے سے 100 فیصد روکنا کافی مشکل ہے لیکن صرف یہی بات حملہ آوروں کو روک سکتی ہے جب ان کو معلوم ہو کہ وہاں موجود لوگ اسلحہ رکھتے ہیں اور اپنے بچوں کو بچانے کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں۔

    بچوں کو کلاس رومز میں گولیاں مارے جانے کے بعد ایسا دفاعی اقدام موضوع بحث ہے کہ کس طرح ایسے واقعات کو روکا جائے۔

    اسکول کے سربراہ 56 سالہ ڈیری کے مطابق یوٹوپیا کے اسکول کے اساتذہ اور عملے کے لیے ضروری ہے کہ اگر وہ سکول میں اسلحہ لانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے درخواست دیں، جس کے ساتھ لائسنس کی کاپی منسلک کی جائے۔

    اس کے بعد بورڈ درخواست دینے والے کے ماضی وغیرہ کا جائزہ لینے کے بعد اجازت دیتا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اس قدم کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ علاقے میں سکیورٹی اہلکاروں کی کمی کو پورا کیا جائے۔

    ڈیری کا مزید کہنا تھا کہ ہم ملک کے جنوب مشرقی کونے میں ہیں اور ملک سے الگ تھلگ ہیں اور پولیس ڈپارٹمنٹ کی زیادہ تر توجہ جنوبی حصے کی طرف ہے جو میکسیکو کے بارڈر کے ساتھ ہے جہاں سے لوگ اکثر بارڈر کراس کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ صرف 20 سے 30 منٹ میں ہی ہم وہ سب کچھ کر سکتے ہیں جو قانون کے مطابق ایسے کسی موقع پر ہونا چاہیئے۔

    50 سالہ ٹیچر برائسن ڈلرمپل کہتے ہیں کہ یہ بہت تکلیف دہ ہے کہ کوئی بچوں کو نشانہ بنائے، اساتذہ اسی لیے ہی اپنے پاس اسلحہ رکھتے ہیں کہ اس کو آغاز میں ہی ختم کر دیا جائے جو حالات کو خراب کرنا چاہتا ہے۔

    یوٹوپیا کے اسکول میں ایسا بورڈ لگایا گیا ہے جس پر لکھا ہے، خبردار، اس اسکول کا اسٹاف اسلحہ رکھتا ہے۔

  • اسکولوں میں گرمی کی چھٹیاں کب سے ہوں گی؟

    اسکولوں میں گرمی کی چھٹیاں کب سے ہوں گی؟

    لاہور: پنجاب میں محکمہ تعلیم نے گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی محکمہ تعلیم پنجاب نے یکم جون سے اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    محکمہ تعلیم نے بچوں کو گرمی کی چھٹیوں کا کام 31 مئی تک دینے کی ہدایت جاری کر دی، پہلی سے آٹھویں جماعت کے نتائج کا اعلان بھی 31 مئی سے قبل کیا جائے گا۔

    محکمہ تعلیم کے مطابق گرمی کی چھٹیوں کا سلسلہ 31 جولائی تک جاری رہے گا، سرکاری اسکولوں کے بچوں کو نیا سلیبس گرمی کی چھٹیوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

    چھٹیوں کے بعد یکم اگست سے نیا تعلیمی سال شروع ہوگا، ذرائع کا کہنا ہے کہ گرمی کی چھٹیوں کا نوٹفیکیشن آئندہ ہفتہ جاری ہونے کا امکان ہے۔

  • ٹنڈو محمد خان : گھاس پھوس سے بنا اسکول اور طلباء طالبات کی حالت بھی خراب

    ٹنڈو محمد خان : گھاس پھوس سے بنا اسکول اور طلباء طالبات کی حالت بھی خراب

    کراچی : گزشتہ مالی سال میں صوبہ سندھ کا تعلیمی بجٹ اربوں  روپے رکھا گیا تھا اس کے باوجود صوبے میں تعلیم کی ابتر حالت میں کوئی بہتری نہیں آسکی ہے۔

    اندرون سندھ تعلیم تو دور کی بات وہاں کے عوام بنیادی سہولیات سے ابھی تک محروم ہیں، اگر صرف تعلیمی اداروں کی حالت زار کا جائزہ لیا جائے تو صورتحال کسی بھی صورت تسلی بخش نہیں۔

    سندھ کے ضلع ٹنڈو محمد خان میں تعلیمی نظام تباہ حالی کا شکار ہے، بنیادی سہولیات کے محروم پرائمری اسکول خیر محمد مگسی اس کی زندہ مثال ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے شوکت سولنگی کی رپورٹ کے مطابق گھاس اور لکڑیوں سے بنایا گیا مذکورہ اسکول اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت بنایا ہے۔ اسکول میں ایک سو طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں۔

    اساتذہ کا کہنا تھا کہ ہمیں حکومت سندھ کی جانب سے کسی قسم کی کوئی سہولت میسر نہیں حتیٰ کہ یہ ٹوٹی ہوئی کرسیاں بھی اپنی جیب سے خرید کر لائے تھے۔

    سرد موسم میں بچوں کی حفاظت کیلئے چار دیواری تک نہیں ہے، اس کے علاوہ یہاں اکثر سانپ وغیرہ بھی نکل آتے ہیں جس کی وجہ سے کئی بار بچے خوف ہراس میں مبتلا ہوئے۔

  • مزدوروں کے بچوں کیلئے اسکولوں کا قیام، پنجاب حکومت کا بڑا اقدام

    مزدوروں کے بچوں کیلئے اسکولوں کا قیام، پنجاب حکومت کا بڑا اقدام

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی ہدایت پر میانوالی میں بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی تعلیم کیلئے چار خصوصی اسکول قائم کیے گئے ہیں۔

    پنجاب میں اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے مزرودوں کے بچوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس حوالے سے خصوصی پیکیج کی منظوری دی تھی۔

    اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ غریب بھٹہ مزدوروں کے بچوں کیلئےعلم کے دروازے کھولے گئے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ بچوں اور بچیوں کو مفت کتابیں اور یونیفارم بھی مہیا کیا جارہا ہے، ہماری حکومت نےان معصوم ہاتھوں میں قلم اور کتاب دی ہے۔

    حکومت نے بھٹہ مزدور بچوں کی تعلیم کا چراغ روشن کیا ہے، ڈپٹی کمشنر نےاسکولوں میں بچوں وبچیوں کے لئے تعلیمی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

  • جدہ : اسکول میں خوفناک واقعہ : طالبہ خنجر کے وار سے زخمی

    جدہ : اسکول میں خوفناک واقعہ : طالبہ خنجر کے وار سے زخمی

    جدہ : سعودی عرب کے شہر جدہ کے ایک گرلز اسکول کی طالبہ نے اپنی ساتھی کو تیز دھار آلے سے زخمی کردیا، طالبات میں کسی بات پر اختلاف ہو گیا تھا۔

    خون ریزی سے بھرپور اور اخلاقیات سے گری ہوئی وڈیوز اور گیمز نے نوعمر بچوں اور نوجوانوں کو خطرناک حد تک اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

    ان وڈیو گیمز کے لئے جنون کی کیفیت رکھنے والے بچوں میں برداشت کا مادہ ختم ہوتا جا رہا ہے جس کے باعث شدید ذہنی دباؤ کا شکار رہتے ہوئے نفسیاتی مرض بننے لگے ہیں۔

    اس حوالے سے جدہ کے ایک اسکول میں طالبات کے درمیان جھگڑے کا خوفناک واقعہ پیش آیا ہے جسے دیکھکر لوگوں میں خوف وہراس پایا جارہا ہے۔

    سعودی اخبار نے اپنے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ جدہ کے ایک گرلز اسکول میں دو طالبات کے درمیان کسی بات پر تنازعہ ہوگیا جس پر ایک طالبہ نے تیز دھار آلے سے اپنی ساتھی پر حملہ کرکے اسے زخمی کردیا۔

    اسکول انتظامیہ نے فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے حملہ آور طالبہ کو حراست میں لے کر اسے متعلقہ ادارے کے سپرد کیا جبکہ زخمی طالبہ کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

    اطلاعات کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے لیے ایجوکیشن آفس کی جانب سے فوری طور پر ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جو تمام پہلوؤں سے جائزہ لینے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

  • اسکول نے اسکوئڈ گیم دیکھنے والے بچوں کے والدین کو خبردار کردیا

    اسکول نے اسکوئڈ گیم دیکھنے والے بچوں کے والدین کو خبردار کردیا

    امریکی اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس پر اس وقت جنوبی کورین سیریز اسکوئڈ گیم چھائی ہوئی ہے، تاہم اس سیریز کی وجہ سے بچوں میں پرتششد رجحانات فروغ پانے کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    انگلینڈ میں ایک اسکول نے والدین کو خط لکھا ہے اور اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ اسکوئڈ گیم دیکھنے والے بچے اسی سیریز کی طرز پر کھیلنے لگے ہیں جس میں بچے فرضی طور پر ایک دوسرے کو گولیاں مارتے ہیں۔

    خط میں والدین کو مخاطب کر کے کہا گیا کہ ہمارے علم میں آیا ہے کہ بچوں کی اکثریت نے نیٹ فلکس پر ویب سیریز اسکوئڈ گیم دیکھی ہے، ہم نے نوٹس کیا ہے بچے اسکول کے دوران اسی طرز کے کھیل کھیلنے لگے ہیں جس کے باعث دوستوں میں لڑائی جھگڑے کے واقعات بھی سامنے آرہے ہیں۔

    اسکول انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ سیریز میں پرتشدد مناظر دیکھنے کے بعد بچے بھی اسکول میں ایسے ہی رویے کا مظاہرہ کرنے لگے ہیں جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    خط میں کہا گیا کہ پرتشدد مناظر کی وجہ سے ہی اس سیریز کو 15 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے مخصوص کیا گیا ہے، یہ پرائمری اسکول کے بچوں کے لیے ہرگز موزوں پروگرام نہیں ہے۔

    اسکول کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ایسے بچے جو اس سیریز کی طرز پر کھیلتے ہوئے اور پرتشدد رویہ اپناتے ہوئے پائے گئے ان کے والدین کو طلب کیا جائے گا اور ضروری کارروائی کی جائے گی۔

    خط میں کہا گیا کہ یہ اقدام بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ کورین ویب سیریز اسکوئڈ گیم اس وقت دنیا بھر میں مقبول ہوچکی ہے اور یہ جلد ہی نیٹ فلکس کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی سیریز بننے جارہی ہے۔

  • پیدل چل کر ملازمت پر آنے والے اسکول چوکیدار کو تحفے میں کار مل گئی

    پیدل چل کر ملازمت پر آنے والے اسکول چوکیدار کو تحفے میں کار مل گئی

    امریکا میں ایک اسکول کے چوکیدار کو اس وقت نہایت حیرت کا سامنا ہوا جب اسکول کے عملے نے اسے ایک کار تحفے میں دی، چوکیدار روزانہ گھر سے پیدل اپنی ملازمت پر آیا کرتا تھا۔

    امریکا کی مختلف ریاستوں میں اسکول دوبارہ سے کھولے جارہے ہیں اور اسکولوں کا عملہ واپس ملازمتوں پر آرہا ہے۔ ایسے ہی ایک اسکول میں ایک معاشی طور پر پریشان ملازم کو اس وقت حیرت کا شدید جھٹکا لگا جب اسے ایک گاڑی گفٹ کی گئی۔

    کرس جیکسن نامی یہ ملازم روزانہ اپنے گھر سے ایک گھنٹے کی مسافت طے کر کے اسکول پہنچتا تھا اور شدید معاشی مشکلات کا شکار تھا۔

    اسکول کے تمام ملازمین کو اس کی پریشانی کا احساس تھا لہٰذا سب نے رقم جمع کی اور اس ملازم کو ایک گاڑی تحفے میں دی جسے دیکھ کر وہ نہایت خوش ہوا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیکسن کو اس تحفے کا یقین نہیں آیا۔

    اسکول کے ملازمین نے پیسے جمع کر کے صرف گاڑی ہی نہیں خریدی بلکہ جیکسن کے دیگر اخراجات کی رقم بھی اسے دی۔

    اسکول کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جیکسن مشکل حالات کا سامنا کر رہا ہے اس کے باوجود اس کے چہرے سے ہنسی غائب نہیں ہوئی، وہ نہایت خوش اخلاق ہے اور بچے بھی اسے بے حد پسند کرتے ہیں۔

    سوشل میڈیا صارفین نے بھی اسکول کے تمام عملے کے اس اقدام کی تعریف کی اور انہیں بے حد سراہا۔

  • سندھ میں اسکول اپ گریڈیشن پالیسی منظور

    سندھ میں اسکول اپ گریڈیشن پالیسی منظور

    کراچی: سندھ کابینہ نے اسکول اپ گریڈیشن پالیسی کی منظوری دے دی، صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق ہائی اسکول میں اپ گریڈیشن کے لیے 40 بچے اور 30 بچیاں زیر تعلیم ہونا ضروری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ نے اسکول اپ گریڈیشن پالیسی کی منظوری دے دی، صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ کا کہنا ہے کہ پانچویں جماعت میں 20 لڑکے اور 15 لڑکیاں ہیں تو ایلیمنٹری اسکول بنایا جائے۔

    وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ہائی اسکول میں اپ گریڈیشن کے لیے 40 بچے اور 30 بچیاں ضروری ہیں، پانچویں جماعت میں 50 بچے اور 30 بچیاں ہیں تو ایلیمنٹری اسکول ڈکلیئر کیا جائے۔

    کابینہ اجلاس میں 200 ایکڑ اراضی پاکستان نیوی کو کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے لیے دینے پر بھی غور کیا گیا، وزیر اعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں ایڈووکیٹ جنرل بھی شامل ہوں گے۔

  • سعودی عرب : اسکولوں میں نئی پابندیاں عائد، سخت سزاؤں کا عندیہ

    سعودی عرب : اسکولوں میں نئی پابندیاں عائد، سخت سزاؤں کا عندیہ

    ریاض : سعودی حکومت نے اسکولوں میں طلباء کی اخلاقی تربیت اور اصلاح کیلئے نئی ہدایات جاری کی ہیں، جس پر عمل درآمد نہ کرنبے کی صورت میں سخت سزا کا بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

    اس حوالے سے سعودی عرب میں وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ بغیر اجازت اساتذہ کی تصویر بنانے پر طلبہ کو سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ترجمان وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ بغیر اجازت کسی استاد کی تصویر لینے پرطالب علم کو ایک ماہ کے لیے کلاس سے معطل اور سرپرست کی منظوری کے بعد اسے رضا کارانہ طور پر سماجی کاموں کا پابند بھی بنایا جاسکتا ہے۔

    ترجمان وزارت تعلیم نے حال ہی میں اسکولوں کے اندر خلاف ورزیوں کا ایک چارٹ جاری کیا ہے جو6 شعبوں پر مشتمل ہے۔ وزارت تعلیم نے خلاف ورزیوں کے اندراج اور ان کے ثبوت کی بابت بھی حکمت عملی متعین کی ہے، خلاف ورزی ثابت ہوجانے پرمرحلہ وار سزاؤں کی تفصیلات بھی دی گئی ہیں۔

    تفصیلات میں اول درجے کی خلاف ورزیوں کا تعین کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صبح کی اسمبلی میں فضول حرکتیں کرنا، یونیفارم کی پابندی نہ کرنا، دوسرے درجے کی خلاف ورزیوں میں انارکی پھیلانا اور کلاس سے بھاگ جانا وغیرہ ہے۔

    اس کے علاوہ تیسرے درجے کی خلاف ورزیوں میں طلباء کا آپس میں لڑائی جھگڑا کرنا، نماز میں لاپروائی برتنا اور سماجی آداب کا احترام نہ کرنا شامل ہے۔

    چوتھے درجے کی خلاف ورزیوں میں کسی ساتھی کو جان بوجھ کر جسمانی تکلیف پہنچانا یا اسکول میں سگریٹ پینا یا اپنے ساتھی کے ساتھ سختی سے پیش آنا وغیرہ شامل ہیں۔

    جہاں تک پانچویں درجے کی خلاف ورزیوں کا معاملہ ہے تو اس میں اسلحہ رکھنا، تیز دھار والے آلات لے کر آنا یا کسی ٹیچر یا دفتری کارکن کو دھمکانا یا اس کی لاعلمی میں اس کی تصویر لینا شامل ہے۔

    چھٹے درجے کی خلاف ورزی میں اسلام کی کسی علامت کا مذاق اڑانا یا انفارمیشن کرائم میں سے کسی ایک کا ارتکاب کرنا یا کسی استاد یا دفتری کارکن کے ساتھ لڑنا شامل ہے۔