Tag: school

  • پختونخواہ کے کن شہروں میں اسکول بند کیے جارہے ہیں؟

    پختونخواہ کے کن شہروں میں اسکول بند کیے جارہے ہیں؟

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا ہے کہ پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، مالا کنڈ، سوات اور لوئر دیر میں کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد اسکول بند کیے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے جلد از جلد رمضان پیکج کی تیاری کی ہدایت کی ہے، اجلاس میں سب سے زیادہ توجہ تعلیم، صحت اور گڈ گورننس پر رہی۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ این ٹی ایس کے ٹیسٹ دوبارہ منعقد کروائے جائیں گے، ٹیسٹ مشاورت کے بعد منعقد کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ 5 فیصد کرونا کیسز پر متاثرہ اضلاع میں اسکولوں کو بند کیا جائے گا، متاثرہ اضلاع میں اسکول بند کیے جا رہے ہیں جو 28 مارچ تک بند رہیں گے۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ اضلاع میں پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، مالا کنڈ، سوات اور لوئر دیر شامل ہیں، 28 مارچ کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

  • کراچی: ایک اور اسکول میں کرونا وائرس کیسز رپورٹ، اسکول بند کردیا گیا

    کراچی: ایک اور اسکول میں کرونا وائرس کیسز رپورٹ، اسکول بند کردیا گیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایک اور اسکول میں کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہونے کے بعد اسکول کو 5 روز کے لیے بند کردیا گیا، کلاسز اور عملے سمیت پوری بلڈنگ کو ڈس انفیکٹ کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع شرقی میں مزید ایک اسکول میں کرونا وائرس کیسز کی رپورٹ کے بعد حکام نے ایکشن لے لیا، ضلع شرقی انتظامیہ نے سچل گوٹھ میں واقع اسکول کو 5 دن کے لیے بند کر دیا۔

    ڈپٹی کمشنر شرقی نے اسکول کی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر کو مراسلہ لکھ دیا۔

    مراسلے میں کرونا کیسز سامنے آنے کے بعد اسکول کو 16 نومبر تک بند رکھنے کے احکامات جاری کردیے گئے۔

    مراسلے میں کہا گیا کہ 5 دنوں میں کلاسز اور اسٹاف روم سمیت پوری بلڈنگ کو ڈس انفیکٹ کرنے کے انتظامات کیے جائیں، جو طلبہ اور اسٹاف ممبرز اس دوران متاثرہ لوگوں سے ملے ہیں وہ خود کو 14 دن کے لیے قرنطینہ کرلیں۔

    انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام ایس او پیز پر عملدر آمد کو یقینی بنانے کے بعد ہی اسکول کو کھولا جائے گا۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کے پھیلاؤ کے بعد کوویڈ کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، ملک میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 48 ہزار 184 ہوچکی ہے۔

    ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے مزید 21 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ملک میں مجموعی اموات کی تعداد 7 ہزار 21 ہوگئی۔

    اس وقت اسپتالوں میں زیر علاج اور گھروں میں قرنطینہ فعال کوویڈ کیسز کی تعداد 21 ہزار 98 ہے جبکہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 20 ہزار 65 ہے۔

  • مالی مشکلات کا شکار طلبا فیس کی جگہ ناریل دے سکتے ہیں

    مالی مشکلات کا شکار طلبا فیس کی جگہ ناریل دے سکتے ہیں

    کرونا وائرس نے دنیا بھر کی معیشت کو متاثر کیا ہے، خصوصاً کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات میں بے حد اضافہ کردیا ہے، ایسے میں کچھ ادارے اپنے صارفین کو بھی آسانی فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    انڈونیشیا میں بھی ایسے ہی ایک اسکول نے معاشی مشکلات کا شکار اپنے طلبا سے کہا ہے کہ وہ فیس کی جگہ اسکول کو ناریل کا تحفہ دے سکتے ہیں۔

    انڈونیشین جزیرے بالی میں قائم وینس ون ٹور ازم اکیڈمی کا کہنا ہے کہ طلبا کے لائے ہوئے ناریلوں کو تیل بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

    طلبا سے کہا گیا ہے کہ وہ ناریل کے علاوہ مورنگا کے پتے بھی جمع کروا سکتے ہیں جو ہربل صابن سمیت دیگر اشیا بنانے میں استعمال ہوتے ہیں۔

    اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ناریل اور مورنگا سے بنے تیل اور صابن وغیرہ کو کیمپس میں فروخت کیا جائے گا جس سے اسکول کے اخراجات پورے کیے جائیں گے۔

  • کورونا وائرس : سعودی حکومت کا اسکولوں سے متعلق اہم فیصلہ

    کورونا وائرس : سعودی حکومت کا اسکولوں سے متعلق اہم فیصلہ

    ریاض : سعودی عرب میں کورونا وائرس کے تعلیمی سرگرمیوں پر تباہ کن اثرات کے باعث حکومت نجی اسکول مالکان کی پریشانیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کی مالی مدد کرنے پر غور کررہی ہے۔

    سعودی عرب میں ریاض ایوان تجارت میں نجی تعلیمی کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالرحمان الحقبانی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث اس سال کے دوران ایک لاکھ سے زیادہ طلبہ و طالبات نجی اسکولوں سے نکل گئے ہیں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق الحقبانی نے کہا ہے کہ ان طلبہ نے سرکاری اسکولوں میں داخلے لیے ہیں، ڈاکٹر عبدالرحمان الحقبانی نے ریاض ایوان تجارت میں نجی تعلیم کمیٹی کے زیر انتظام ورکشاپ کے دوارن کہا کہ موجودہ صورت حال میں نجی اسکول مشکل میں آگئے ہیں۔

    ایک طرف تو ایک لاکھ سے زیادہ طلبہ نے داخلے ختم کرائے تو دوسری جانب ہزاروں طلبہ اسکولوں سے تعلیم مکمل کرکے نکل گئے اور ان کی جگہ نئے داخلہ نہیں ہوئے، دوسری جانب تعلیمی فیس ستر فیصد تک کم ہوگئی ہے جس سے سکول اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے سے قاصر ہیں۔

    الحقبانی نے بتایا کہ نجی اسکولوں کو بحرانی حالات سے نکلنے کے لیے کئی تجاویز دی گئی ہیں، ان میں سے ایک تجویز یہ ہے کہ انہیں 5 ارب ریال تک کے قرضے دیے جائیں اور مقابل مالی فیس سے استثنٰی دیا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نجی اسکولوں کے قرضوں کی ری شیڈولنگ کی جائے۔ پہلی قسط کی وصولی وبا ختم ہونے کے چھ ماہ بعد وصول کی جائے۔

    الحقبانی نے کہا کہ کمیٹی نے چار ورکنگ ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ ہر ایک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے الگ الگ ٹاسک دیے گئے ہیں، ریاض ایوان تجارت میں نجی تعلیم کمیٹی کے زیرانتظام ورکشاپ میں کمیٹی کی حکمت عملی پر بحث بھی ہوئی۔

  • پنجاب میں تعلیمی سرگرمیاں : کل اسکول آنے والے طلبا آج چھٹی کریں گے

    پنجاب میں تعلیمی سرگرمیاں : کل اسکول آنے والے طلبا آج چھٹی کریں گے

    لاہور : ملک بھر کی طرح پنجاب میں بھی تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوچکی ہیں، اس سلسلے میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئی ہیں،6ماہ بعد،اسکول، کالجز اور یونیورسٹیاں کھل گئیں، پہلےدن اسکول آنے والےطلبا آج چھٹی کریں گے اور کل چھٹی کرنے والے50فیصد طلبا آج سکول آئیں گے۔

    پہلے مرحلے میں میٹرک، انٹرمیڈیٹ کے طلبا کیلئے تعلیمی ادارے کھولے گئے، ذرائع کے مطابق تعلیمی اداروں میں طلبا اور اساتذہ کیلئے کورونا ایس او پیز پرعملدرآمد کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    تعلیمی اداروں میں نوٹس بورڈز پر کورونا ایس او پیز چسپاں کردیئے گئے، تعلیمی اداروں میں طلبا کیلئے ماسک کے بغیر داخلے پر پابندی ہے، اسکول میں داخلے کے دوران طلبا کا بخار بھی چیک کیا جارہا ہے۔

    انسپیکشن ٹیمز تعلیمی اداروں میں جا کر ایس او پیز چیک کریں گی، ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے ادارے کیخلاف کارروائی کی جائے گی، محکمہ تعلیم نے اسکول انتظامیہ کو سختی سے ہدایت جاری کی ہے کہ کلاس میں بچوں کے درمیان 3فٹ کا سماجی فاصلہ یقینی بنایا جائے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ایس او پیز کے مطابق ایک کلاس روم میں اگر 40 بچے پڑھتے ہیں تو ایک دن 20 بچے آئیں گے اور اگلے دن 20 بچوں کو اسکول بلایا جائے گا۔

    ایس او پیز کے مطابق بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر والدین انہیں اسکول نہ بھیجہں، طبعیت خراب ہو تو ٹیسٹ کرائیں اور اگر ٹیسٹ مثبت آئے تو اسکول انتظامیہ کو آگاہ کریں۔

    حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر عمل ہو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں اسکولوں کا دورہ کریں گی اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گے۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے سبب رواں سال مارچ میں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے تھے اور 6 ماہ کے بعد آج 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں۔

  • کورونا وائرس : بحرین میں اسکول کھولنے کا فیصلہ مؤخر

    کورونا وائرس : بحرین میں اسکول کھولنے کا فیصلہ مؤخر

    مناما : بحرینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھ جانے پر حفاظتی اقدامات کے تحت اسکول کھولنے کا فیصلہ دو ہفتوں کیلئے مؤخر کردیا گیا ہے۔

    بحرینی خبر رساں ادارے کے مطابق بحرینی وزارت تعلیم و تربیت نے بحرینی وزارت صحت کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسکول اب دو ہفتے بعد کھولے جائیں گے۔

    ترجمان وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس بڑھنے کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے اور یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ سرکاری اسکولوں کے تمام اساتذہ کا کورونا ٹیسٹ لے کر ہی تعلیمی ادارے کھولے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ بحرینی ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ جو وزیراعظم کے نائب اول بھی ہیں نے سرکاری اسکول کھولنے کے پروگرام پر نظر ثانی کا حکم دیا تھا۔

    اس کے علاوہ بحرین میں قومی طبی ٹیم نے بھی یہی سفارش کی تھی کہ فی الوقت اسکول نہ کھولے جائیں کیونکہ نئے کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔

    بحرینی خبررساں ادارے کے مطابق اسکولوں میں انتظامی، تعلیمی اور تکنیکی عملے کی ڈیوٹی بیس ستمبر سے شروع ہوگی۔
    ایک اطلاع یہ بھی ہے کہ وزارت تعلیم کا عملہ نئی ہدایات آنے تک سابقہ پوزیشن پر تعینات رہے گا۔ جہاں تک نجی اسکولوں کا تعلق ہے تو ان کی بحالی کے فیصلے میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا ہے۔

  • متحدہ عرب امارات: نجی اسکولوں نے فیسوں میں کمی کردی

    متحدہ عرب امارات: نجی اسکولوں نے فیسوں میں کمی کردی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں نجی اسکولوں نے اپنی فیسوں میں کمی کردی، اس کا مقصد مشکل معاشی دور میں زیادہ سے زیادہ طلبہ کو اپنی طرف راغب کرنا ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق ابو ظہبی کے نجی اسکولوں نے زیادہ سے زیادہ طلبہ کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے 30 فیصد تک رجسٹریشن فیس اور آن لائن تعلیم کی صورت میں 50 فیصد تک فیس کم کرنے کی پیشکش کی ہے۔

    ابو ظہبی میں ایک اسکول کے پرنسپل کا کہنا ہے کہ نئے تعلیمی سال میں طلبہ کی تعداد کم ہے، بہت سارے طلبہ کے والدین نرسری میں بچوں کو داخل کروانے سے خوفزدہ ہیں۔

    ان کے مطابق ایک اور رجحان یہ بھی سامنے آرہا ہے کہ والدین اپنے بڑے بچوں کو ایسے اسکولوں میں داخلہ دلانے کی تگ و دو میں لگ گئے ہیں جہاں فیسیں کم ہوں۔

    چنانچہ نجی اسکولوں نے داخلہ لینے والے طلبہ کے لیے سوشل میڈیا پر مختلف ترغیباتی پیکجز کی تشہیر شروع کی ہے، سرپرستوں سے کہا جا رہا ہے کہ اگر اسکول میں بھائی اور رشتہ دار داخلہ لیں گے تو انہیں خصوصی رعایت دی جائے گی۔

    اسکولوں نے کہا ہے کہ وہ رجسٹریشن فیس معاف کردیں گے جبکہ تعلیمی فیس میں بھی رعایت دی جائے گی، تعلیم مکمل آن لائن ہونے کی صورت میں مزید رعایتیں پیش کی جائیں گی۔

  • بھارت: خونخوار شیر اسکول میں گھس آیا

    بھارت: خونخوار شیر اسکول میں گھس آیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک شیر کھانے کی تلاش میں اسکول کی عمارت میں داخل ہوگیا، وائلڈ لائف اہلکاروں نے بے ہوشی کے انجکشن کے ذریعے شیر کو قابو کیا۔

    بھارتی فاریسٹ سروس کے مطابق ریاست گجرات کے ضلع گیر سومناتھ میں وائلڈ لائف اہلکاروں کو اطلاع ملی کہ ایک اسکول کی عمارت میں شیر دیکھا گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ شیر جنگل سے ایک بچھڑے کو پکڑنے کے لیے اس کے پیچھے پیچھے گاؤں میں داخل ہوگیا اور جب بچھڑے کے مالک نے اسے بھگانے کی کوشش کی تو وہ برابر میں واقع اسکول کی عمارت میں داخل ہوگیا۔

    وائلڈ لائف اہلکاروں نے دروازے کے باہر پنجرہ رکھ کر شیر کو وہاں متوجہ کرنے کی کوشش کی تاہم شیر سیڑھیاں چڑھ کر اسکول کی دوسری منزل پر چلا گیا۔

    بعد ازاں وائلڈ لائف حکام نے بے ہوشی کا انجکشن فائر کر کے اسے بے ہوش کیا اور پنجرے میں ڈالا، اس دوران شیر صحیح سلامت تھا اور اسے کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا، حکام نے بعد ازاں شیر کو جنگل میں چھوڑ دیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر واقعے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، ایک شخص نے تبصرہ کیا کہ شیر اسکول میں داخلہ لینے آیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے وائلڈ لائف حکام کی بہادری کو بھی سراہا۔

  • سعودی عرب : محکمہ تعلیم کا بڑا فیصلہ

    سعودی عرب : محکمہ تعلیم کا بڑا فیصلہ

    ریاض : سعودی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے اسکولوں کی بندش کے باعث تمام طلبا و طالبات کو بغیر امتحانات اگلی جماعتوں میں از خود ترقی دے دی جائے گی، عالمی سطح کے اسکول اپنا فیصلہ خود کرسکتے ہیں۔

    اس حوالے سے سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد بن محمد آل الشیخ نے میڈیا کو بتایا ہے کہ سعودی تعلیمی اداروں کے تمام طلبا و طالبات کو اگلی جماعتوں میں ترقی دے دی جائے گی، جبکہ انٹرنیشنل اسکولز کی انتظامیہ اپنا فیصلہ کرنے کی مجاز ہیں۔

    مملکت میں قائم انٹرنیشنل اور نجی اسکولز کی انتظامیہ سالانہ امتحانات منعقد کرنے یا نہ کرنے کا خود فیصلہ کرنے کے مجاز ہیں، امتحانات منعقد نہ کرنے کی صورت میں آخری امتحان کے رزلٹ کو ہی سالانہ رزلٹ ٓکے طور پر منظور کیاجاسکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزارت تعلیم نے بحرانی حالات کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ تمام طلبہ و طالبات کو اگلی جماعتوں میں ترقی دے دی جائے جبکہ یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ تعلیم کا سلسلہ آن لائن جاری رکھا جائے گا۔ مڈل سکول کے طلبہ و طالبات کو 14 مئی 2020 تک آن لائن تعلیم دی جاتی رہے گی۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں مختلف کمیونٹیز کے تعلیمی ادارے قائم ہیں جو قبل ازیں اپنے ملکوں کے سفارت خانوں کی زیر نگرانی ہوا کرتے تھے بعدازاں انہیں سعودی وزارت تعلیم کے زیر انتظام کر دیا گیا تھا۔

    وزیر تعلیم نے اپنے بیان میں اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ اساتذہ اور دفتری عملے کی مدد سے طلبہ اور طالبات نے آن لائن تعلیمی کورس مکمل کرلیا۔

  • بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلانے پر 2 نجی اسکولز کی رجسٹریشن معطل

    بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلانے پر 2 نجی اسکولز کی رجسٹریشن معطل

    کراچی: انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیم سے تعاون نہ کرنے اور بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلانے پر 2 نجی اسکولز کی رجسٹریشن معطل جبکہ 40 کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نجی اسکولوں کی جانب سے پولیو ٹیم کے ساتھ تعاون نہ کرنے پر ڈائریکٹر پرائیوٹ اسکولز نے کارروائی شروع کردی۔ ڈائریکٹر پرائیوٹ اسکولز کی جانب سے 2 نجی اسکولز کی رجسٹریشن معطل کردی گئی۔

    ڈائریکٹر اسکولز کی جانب سے 40 اسکولوں کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔

    ڈی جی اسکولز کا کہنا ہے کہ جو اسکول پولیو ٹیم کے ساتھ تعاون نہیں کریں گے، ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی اور پولیو ٹیم کے ساتھ تعاون نہ کرنے پر اسکول کی رجسٹریشن معطل کردی جائے گی۔

    ان کا کہنا ہے کہ درجنوں اسکولوں کے خلاف شکایتیں موصول ہو رہی ہیں، تمام نجی اسکولز کو آخری مرتبہ ہدایت کی جاتی ہے کہ پولیو ٹیم کے ساتھ تعاون کیا جائے۔

    خیال رہے کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں اس وقت انسداد پولیو کی مہم جاری ہے جو 10 سے 16 فروری تک چلائی جائے گی۔

    رواں برس سندھ سمیت ملک بھر میں اب تک پولیو کیسز کی تعداد 12 ہوچکی ہے جن میں سے 6 صوبہ خیبر پختونخواہ، 5 سندھ اور 1 بلوچستان سے سامنے آیا ہے۔