Tag: school

  • فیس کی جگہ پلاسٹک کی اشیا طلب کرنے والا اسکول

    فیس کی جگہ پلاسٹک کی اشیا طلب کرنے والا اسکول

    ہماری زمین کو آلودہ کرنے والی سب سے بڑی وجہ پلاسٹک اس وقت دنیا بھر کے ماہرین کے لیے درد سر بن چکا ہے، اس پلاسٹک کے کچرے کو ختم کرنے کے لیے دنیا بھر میں مختلف کوششیں کی جارہی ہیں۔

    ایسی ہی کوشش بھارت کا ایک اسکول بھی کر رہا ہے جو بچوں کو تعلیم دینے کے عوض ان سے فیس کے بجائے استعمال شدہ پلاسٹک وصول کر رہا ہے۔

    بھارتی ریاست آسام کا یہ گاؤں غریب افراد پر مشتمل ہے اور یہاں کے لوگ اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ جب یہاں پر یہ اسکول کھولا گیا تو صرف 20 بچوں کا داخلہ ہوا۔

    صورتحال کو دیکھتے ہوئے اسکول نے تمام بچوں کے لیے تعلیم مفت کردی تاہم شرط رکھ دی گئی کہ ہر بچہ ہر ہفتے کم از کم 25 پلاسٹک کی اشیا اسکول میں جمع کروائے گا۔

    یہ پلاسٹک شہر میں ری سائیکلنگ فیکٹریوں کو دے دیا جاتا ہے جو اس سے نئی اشیا بنا لیتی ہیں۔

    ریاست آسام میں لوگ موسم سرما میں آگ جلانے کے لیے پلاسٹک کا استعمال کرتے ہیں جس سے نہایت زہریلے دھوئیں کا اخراج ہوتا ہے۔ اس اسکول کی پلاسٹک وصول کرنے کی پالیسی سے اب اس رجحان میں کمی آرہی ہے جبکہ گلی کوچوں کی بھی صفائی کی جارہی ہے۔

    ایک اندازے کے مطابق بھارت میں روزانہ 26 ہزار ٹن پلاسٹک پیدا کیا جارہا ہے جو استعمال کے بعد پھینک دیا جاتا ہے اور یوں بھارت میں کچرے اور آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے۔

    تاہم بھارت اب سلسلے میں اقدامات کر رہا ہے اس کا عزم ہے کہ سنہ 2022 تک سنگل استعمال پلاسٹک کو ختم کردیا جائے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے دریا اور سمندر پلاسٹک سے اٹ چکے ہیں اور سنہ 2050 تک ہمارے سمندروں میں آبی حیات اور مچھلیوں سے زیادہ پلاسٹک موجود ہوگا۔

    نیدر لینڈز کے ماحولیاتی ادارے گرین پیس کے مطابق دنیا بھر میں 26 کروڑ ٹن پلاسٹک پیدا کیا جاتا ہے جس میں سے 10 فیصد ہمارے سمندروں میں چلا جاتا ہے۔

  • اسکول کی فیس کیوں نہیں دی؟ استاد نے طالبعلم کے بازو پر ٹھپّا لگا دیا

    اسکول کی فیس کیوں نہیں دی؟ استاد نے طالبعلم کے بازو پر ٹھپّا لگا دیا

    نئی دہلی : لدھانیا میں نجی اسکول میں فیس کی عدم ادائیگی پر استاد کے ذلت آمیز رویّے کے بعد طالب علم نے اسکول جانے سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی صوبہ پنجاب میں ایک سکول نے فیس نہ دینے پر طالب علم کے بازو پر ادائیگی نہ کرنے سے متعلق مہر لگا دی، جس کے بعد حکام نے اس واقعے پر تحقیق شروع کر دی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 13 سالہ لڑکے کے خاندان کا کہنا ہے کہ اس ’ذلت آمیز‘ واقعے کے بعد اس نے سکول جانے سے انکار کر دیا ہے۔

    لدھانیا میں اس نجی سکول کے پرنسپل نے یہ واقعہ تسلیم کیا، لیکن ان کا کہنا ہے کہ بچے کے بازو پر ٹھپہ صرف اس لیے لگایا گیا تھا کیونکہ وہ ’اپنی نوٹ بُک بھول گیا تھا۔

    انھوں نے کہا حالانکہ ٹھپہ دھویا جا سکتا ہے، استاد کا یہ عمل پھر بھی غلط تھا، سکول کا کہنا ہے کہ طالب علم کے خاندان نے متعدد بار یاد دہانی کے باوجود دو مہینے سے فیس نہیں بھری تھی۔

    دوسری جانب خاندان کے مطابق یہ واقعہ نامناسب تھا، لڑکے کے والد خود رکشا چلاتے ہیں۔ انھوں نے بی بی سی پنجابی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیس مانگنے کا کوئی طریقہ نہیں ہے۔

    ان کے مطابق انھوں نے اسکول سے فیس بھرنے کے لیے وقت بھی مانگا تھا لیکن اب ان کا پورا خاندان شرمندگی محسوس کر رہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ضلع کے تعلیمی افسر سورنجیت کور نے کہا ہے کہ سکول نے بالکل غلط کیا اور انھوں نے اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے کا عہد کیا۔

  • امریکا: اسکول میں فائرنگ، 8 طالب علم شدید زخمی

    امریکا: اسکول میں فائرنگ، 8 طالب علم شدید زخمی

    واشنگٹن: امریکا میں ایک بار پھر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، مقامی اسکول میں اندھادھن فائرنگ سے 8 طالب علم شدید زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی ریاست کولوراڈو میں ایک اسکول میں دو مشتبہ افراد کی فائرنگ سے آٹھ طالب علم زخمی ہوگئے، پولیس نے بروقت کارروائی کرکے حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کولوراڈو میں دو مشتبہ افراد نے اسٹیم اسکول ہائی لینڈزرنچ میں فائرنگ کرکے کئی طالب علوں کو یرغمال بھی بنائے رکھا، بعد ازاں پولیس نے حملہ آوروں کو گرفتار کیا۔

    پولیس نے ابتدائی طور پر انکشاف کیا ہے کہ حملہ کرنے والے دونوں طالب علم ہیں، جن میں سے ایک کی عمر 18 سال سے کم بتائی جاتی ہے، ملزمان کی شناخت جلد سامنے لائی جائے گی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے طالب علموں کی عمریں پندرہ سال کے لگ بھگ ہیں، جنہیں مقامی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    کولوراڈو حکام نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کے والدین سے گھہرے دکھ کا اظہار کیا، ان کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔

    امریکا، فلوریڈا اسکول فائرنگ میں ساتھیوں کی جان نہ بچانے پر افسردہ طالبہ نے خودکشی کرلی

    یاد رہے کہ گذشتہ سال مئی میں امریکا کے سانٹا فے ہائی اسکول میں طالبعلم کی فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ سمیت 10 طالبعلم جاں بحق ہوگئے تھے، بعد ازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔

  • پچاس سال پر انے طالب علم دوبارہ اسکول میں کیوں داخل ہوگئے؟

    پچاس سال پر انے طالب علم دوبارہ اسکول میں کیوں داخل ہوگئے؟

    ریاض : سعودی عرب کے ایک اسکول میں 50 برس قبل زیور تعلیم سے آراستہ ہونے والے طلباء ایک مرتبہ پھر اپنی پرانی یادیں تازہ کرنے کے اسکول میں جمع ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنی نوعیت کی اس منفرد اور خوبصورت سرگرمی کا مقصد اسکول دور کی یادیں تازہ کرنا ہے۔ سعودی عرب کی الزلفی گورنری کے اسکول کے پہلے پرنسپل جنہوں نے 1391ھ میں اسکول کھولا اور اس میں داخل ہونے والی پہلی کلاس کے طلباء کو دوبارہ اسکول آنے کی دعوت دی۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس موقع پر الشیخ عبدالعزیز المندیل نے اپنے طلباء کو 50 سال پرانی یادیں تازہ کرنے کے لیے درس بھی دیا۔

    اس موقع پر اسکول کی انتظامیہ نے اسکول کی پہلی جماعت کے طلباء کی آمد پر ان کا خیر مقدم کیا، اسکول کی پہلی جماعت کے سوائے ایک طالب علم کے تمام موجود تھے۔ غیر حاضر رہنے والے ان کے ساتھی وفات پا چکے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اسکول کی موجودہ انتظامیہ نے اس کے پہلے پرنسپل اور طلباء کی خوب خاطر مدارت کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برسوں بعد اسکول میں آنے والے 50 سال پرانے طلباء کا کہنا تھا کہ وہ اسکول کا دورانیہ کبھی نہیں بھول سکتے کیونکہ آج وہ اسی اسکول کی بدولت زندگی کے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

  • اٹلی میں ڈرائیور نے بچوں سے بھری اسکول وین کو آگ لگا دی

    اٹلی میں ڈرائیور نے بچوں سے بھری اسکول وین کو آگ لگا دی

    روم: یورپی ملک اٹلی میں ڈرائیور نے اسکول کے 51 طالب علموں سے بھری بس کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں 12 بچے جھلس گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اٹلی کے شہر میلان کے قرب اسکول وین ڈرائیور نے بچوں سے بھری بس کو آگ لگا دی، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم 12 طالب علم معمولی زخمی ہوئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نے پہلے بچوں کو چاقو دکھاکر ڈرانے کی کوشش کی، لیکن پولیس کو پیچھے آتا دیکھ کر اس نے بس پر آتشگیر مادہ چھڑک کر آگ لگا دی۔

    پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچوں کو بس کے شیشے توڑ کا بحفاظت نکالا، جبکہ اس دوران بارہ بچے جھلس کر معمولی زخمی ہوئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 47 سالہ بس ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، فوری کارروائی نہ کی جاتی تو بہت برا سانحہ ہوجاتا، اور درجنوں بچے لقمہ اجل بن جاتے۔

    گرفتار ملزم اسکول کے بچوں کو غیرنصابی سرگرمیوں کے سلسلے میں میلے میں لےجارہا تھا کہ اسی دوران اس نے معصوم بچوں کی جان لینے کی کوشش کی۔

    خیال رہے کہ ڈرائیور کے خلاف ماضی میں بھی جرائم میں ملوث ہونے کے مقدمات درج ہیں، نشے میں دھت گاڑی چلانے پر جرمانہ بھی ہوچکا ہے۔

  • اسکولوں کے باہر گاڑیوں کی آمد و رفت روکنے پر غور

    اسکولوں کے باہر گاڑیوں کی آمد و رفت روکنے پر غور

    لندن: انگلینڈ میں طبی و ماحولیاتی ماہرین نے اسکولوں کے باہر کاروں کی موجودگی پر پابندی عائد کرنے کی تجویز دے دی تاکہ اسکول کے قریب فضائی آلودگی میں کمی کی جاسکے۔

    پبلک ہیلتھ انگلینڈ کی جانب سے تجویز دی گئی ہے کہ اسکولوں کے قریب گاڑیاں کھڑی کرنے پر پابندی عائد کی جائے اور الیکٹرک کارز کے لیے ترجیحی بنیادوں پر پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے۔

    اسکولوں کے باہر سے گاڑیوں کو ہٹانے کی تجویز اس لیے دی گئی ہے تاکہ بچے پیدل چلیں، سائیکل پر سفر کریں اور فضائی آلودگی کے خطرناک نقصانات سے کسی حد تک محفوظ رہیں۔

    ادارے کے ڈائریکٹر ہیلتھ پروٹیکشن پروفیسر پال کوسفورڈ کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں ہر سال 35 سے 40 ہزار افراد فضائی آلودگی سے پیدا ہونے والی مختلف بیماریوں کے سبب ہلاک ہوجاتے ہیں۔

    ان کے مطابق نہ صرف اسکول بلکہ اسپتالوں اور کیئر ہومز کے باہر بھی کاروں کی آمد و رفت کو کم سے کم کیا جائے۔

    خیال رہے کہ اس وقت برطانیہ میں فضائی آلودگی کو صحت کے لیے بڑا خطرہ سمجھا جاتا ہے اور برطانیہ کے شہری اس سے امراض قلب، فالج، سانس کے امراض اور پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہورہے ہیں۔

    کچھ عرصہ قبل اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ فضائی آلودگی سے ہر سال دنیا بھر میں 70 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہورہے ہیں۔

    رپورٹ کےمطابق آلودگی پر قابو نہ پایا گیا تو سنہ 2030 سے 2050 کے درمیان فضائی آلودگی سے مرنے والوں کی سالانہ تعداد 70 لاکھ سے دگنی ہوجائے گی۔

  • برطانوی اسکولوں میں‌ ہم جنس پرستی کی تعلیم دینے پر مسلم والدین کا احتجاج

    برطانوی اسکولوں میں‌ ہم جنس پرستی کی تعلیم دینے پر مسلم والدین کا احتجاج

    لندن : برطانوی والدین نے پرائمری اسکول میں ہم جنسی پرستی سے متعلق تعلیم دینے پر ہفتہ وار مظاہروں کا آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہر برمنگھم کے ایک اسکول میں مسلمان بچوں کو مذہبی قوانین کی خلاف ورزی کے باوجود ہم جنس پرستی کی تعلیم دی جارہی ہے جس کے خلاف والدین نے اسکول انتظامیہ کے خلاف ہفتہ وار احتجاج شروع کا آغاز کردیا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ برمنگھم میں پارک فلیڈ کمیونٹی اسکول میں ایک فیصد غیر مسلم بچے زیر تعلیم ہیں اس کے باوجود اسکول میں ’نو آؤٹ سائڈر‘ نامی پروگرام کے تحت بچوں اسکول میں زیر تعلیم بچوں کو کہانیوں پر مبنی کتابوں کے ذریعے ہم جنس پرستی کی تعلیم دی جارہی ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق اسکول انتظامیہ کی جانب سے ہفتہ وار احتجاج کرنے والے والدین پر زور دیا جارہا ہے کہ وہ سلسلہ وار مظاہرے منعقد کرنے سے گریز کریں۔

    میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ پروگرام کے سربراہ اینڈریو موفت ہیں جنہیں ورکی گلوبل ٹیچر پرائز کی جانب سے بہترین ٹیچر ایوارڈز کےلیے منتخب کیے گئے پہلے دس اساتذہ میں شامل کیا گیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کہنا ہے کہ اینڈریو موفت جو خود ایک ہم جنس پرست ہیں، جس کے باعث انہیں والدین کے شدید غم و غصے کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، والدین کا کہنا ہےکہ مذکورہ نظریات اینڈریو ذاتی نظریات ہیں۔

    دوسری جانب برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ والدین نے احتجاج کے دوران اینڈریو موفت کے خلاف شدید نعرے بازی کیا اور اسکول انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اینڈریو موفت کو اسکول سے بے دخل کیا جائے۔

  • ٹیکساس پرائمری اسکول ملالہ یوسفزئی سے موسوم

    ٹیکساس پرائمری اسکول ملالہ یوسفزئی سے موسوم

    ٹیکساس : ملالہ یوسفزئی کی تعلیم کےلیے خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے امریکی ریاست ٹیکساس میں پرائمری اسکول کا ملالہ یوسفزئی کے نام سے موسوم کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر شوگرلینڈ کی فورٹ بینڈ کاؤنٹی نے اپنے ایک نئے پرائمری اسکول کا نام پاکستان کی گل مکئی ملالہ یوسف زئی سے منسوب کردیا ہے۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ فورٹ بینڈ انڈیپنڈنٹ اسکول ڈسٹرکٹ کی جانب سے ضلع کے ’ایلیمنٹری اسکول نمبر 51‘ کا نام تجویز کرنے کےلیے اساتذہ، والدین، اسٹاف طلبہ، کمیونٹی اور بورڈ ارکان سمیت دیگر افراد پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔

    کمیٹی نے اسکول کےلیے 100 کے قریب نام تجویز کیے تھے جس میں تعلیم باالخصوص بچیوں کی تعلیم کےلیے ملالہ یوسفزئی کے نام کا انتخاب کیا گیا جس کیلئے کمیٹی اجلاس میں باقاعدہ ووٹنگ بھی کی گئی تھی۔

    ملالہ یوسفزئی ایلیمنٹری اسکول تاحال زیر تعمیر ہے جس میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز سنہ 2020 میں کیا جائے گا۔

    اسکول ڈسٹرکٹ کے سربراہ ڈاکٹر چارلس لوبر کا کہنا ہے کہ اسکول کے افتتاح کے موقع پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا جائے اور ہماری خواہش ہے کہ ملالہ یوسفزئی اس تقریب میں شریک ہوں۔

    ڈاکٹر چارلس لوبر کا کہنا تھا کہ ملالہ یوسفزئی کی شرکت ہمارے لیے اعزاز اور کمیونٹی کیلئے ضروری ہے۔

    مزید پڑھیں : ملالہ یوسفزئی نے امن کا نوبل انعام جیت لیا

    یاد رہےکہ دسمبر 2014 میں لڑکیوں کےتعلیم کےلیے بےمثال جدوجہد کرنےوالی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے امن کا نوبل انعام جیت کر ہر پاکستانی کا سرفخرسے بلند کردیاتھا۔

    مزید پڑھیں : ملالہ یوسفزئی کو امریکا کا لبرٹی میڈل بھی دے دیا گیا

    خیال رہے کہ 2014 میں ہی سوات کی ڈائری گرل ملالہ یوسفزئی کو امریکا کا لبرٹی میڈل اور ایک لاکھ ڈالرکی انعامی رقم دی گئی تھی، ملالہ کو یہ میڈل تعلیم کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

  • سو سالہ اماراتی شہری تعلیم مکمل کرنے اسکول پہنچ گیا

    سو سالہ اماراتی شہری تعلیم مکمل کرنے اسکول پہنچ گیا

    دبئی : سیکھنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی ، مہد سے لحد تک علم حاصل کرو جیسے محاورے کو امارتی شہری نے 100 برس کی عمر میں تعلیم دوبارہ شروع کرکے درست ثابت کردیا ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے رہائشی بزرگ شہری کا 100 سال سے زائد عمر میں تعلیم حاصل کرنے کے عمل نے ثابت کردیا کہ حصول تعلیم کی کوئی عمر نہیں ہوتی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 100 برس سے زائد عمر کے حامل بزرگ شہری کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر ہوئی وہ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بزرگ شہری تدریسی کمرے میں دیگر طاب علموں کے ہمراہ نظم پڑھ رہے ہیں۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اماراتی حکومت کی جانب سے بزرگ شہریوں کو تعلیم کی سہولت دینا بہترین اقدام ہے کیوں کہ متحدہ عرب امارات میں نا خواندہ بزرگ شہریوں کی آبادی بہت زیادہ ہے۔

    عرب لیگ ایجوکیشنل، کلچرلر اور سائنٹیفک آرگنائزیشن (اے ایل ای سی ایس او) کی شماریات کے مطابق سنہ 2018 میں پوری دنیا بھر میں ناخواندگی کی شرح 13.6 فیصد تھی جس کےمقابلے میں عرب ممالک میں 15 سال اور اس سے زائد عمر کے ناخواندہ افراد کی شرح 21 فیصد تھی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کچھ عرب ممالک میں تعلیم کے لیے عائد شرائط کی وجہ سے ناخواندگی کی شرح میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

    مزید پڑھیں : اماراتی شہری نے 75 برس کی عمر میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرلی

    شماریات کے مطابق ناخواندہ عرب مردوں کی شرح 14.6 فیصد جبکہ ناخواندہ عرب خواتین کی شرح 25.9 فیصد ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سنہ 2016 میں عرب دنیا 6 کروڑ 50 لاکھ ناخواندہ افراد کا گھر تھی، جس کی وجہ کم عمری میں شادی، اہل خانہ میں علیحدگی اور طلاق، خاندان کے مالی معاملات اور بے روزگاری تھی۔

  • ایبٹ آباد: اسکول میں ساتھی کی فائرنگ، طالب علم جاں بحق

    ایبٹ آباد: اسکول میں ساتھی کی فائرنگ، طالب علم جاں بحق

    ایبٹ آباد: صوبہ خیبرپختونخواہ کے اسکول میں ساتھی کی فائرنگ سے نویں جماعت کا طالب علم جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے شہر ایبٹ آباد میں قائم ایک اسکول میں ساتھی کی فائرنگ سے نویں جماعت کا طالب علم عثمان شبیر جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کلاس روم میں معمولی تکرار پر گولی چلا دی گئی، ملزم حیدر علی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    ایبٹ آباد، نجی اسکول میں ایڈمن افسر نے احتجاجی طلباء پر فائرنگ کردی

    پولیس حکام کے مطابق طالب علم کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے، جبکہ ناقص سکیورٹی پر اسکول انتظامیہ کو بھی شامل تفتیش کرلیا گیا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال اپریل میں لاہور کے اسکول میں فائرنگ سے طالب علم جاں بحق ہوگیا تھا۔

    واضح رہے کہ لاہور کے علاقے بہار کالونی میں نجی اسکول کے باہر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی تھی، جس کے نتیجے میں ایک طالبعلم جاں بحق جبکہ سکیورٹی گارڈ زخمی ہوگیا تھا۔