Tag: Scorpio

  • سعودی عرب میں بچھو اور سانپوں کے نکلنے کا موسم

    سعودی عرب میں بچھو اور سانپوں کے نکلنے کا موسم

    ریاض: سعودی عرب میں بچھوؤں اور سانپوں کے بلوں سے نکلنے کا موسم شروع ہوگیا جس کے بعد ماہرین نے شہریوں کو محتاط رہنے کی تاکید کردی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے متعدد علاقوں میں بلوں سے بچھوؤں کے نکلنے کے مناظر کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔

    ماہر موسمیات صالح الشیخی نے خبردار کیا ہے کہ مملکت میں بچھوؤں اور سانپوں کے بلوں سے نکلنے کا موسم شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے شہریوں کو احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔

    صالح الشیخی کا کہنا تھا کہ بچھو اور سانپ اس موسم میں کثرت سے پیدا ہوتے ہیں اور یہ گھروں میں گھس جاتے ہیں۔ اس حوالے سے صحرا، قدیم محلوں اور کچی بستیوں کے باسیوں کو زیادہ احتیاط برتنی ہوگی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بلند و بالا عمارتوں کے مکین بچھوؤں اور سانپوں کے خطرات سے محفوظ ہوں گے، صحرائی علاقوں سے دور آبادی میں ان کا خطرہ محدود ہوتا ہے۔

    صالح الشیخی نے ٹویٹر پر بلوں سے بچھوؤں کے نکلنے کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔

  • بچھو کا زہر حاصل کرنے کے لیے مشین تیار

    بچھو کا زہر حاصل کرنے کے لیے مشین تیار

    بچھو کا زہر یوں تو انتہائی خطرناک ہوتا ہے اور یہ انسان کو لمحوں میں ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتا ہے، تاہم اگر اس زہر کے مالیکیولز کو توڑ دیا جائے تو یہ زہر کئی بیماریوں کی دوا بھی بن سکتا ہے۔

    بچھو کے زہر کی اسی خصوصیت کو مدنظر ہوئے مراکش میں سائنسدانوں نے ایسی مشین تیار کرلی ہے جو بچھو سے زہر حاصل کرنے میں مدد دے گی۔

    یہ مشین بچھو کے زہر پیدا کرنے والے غدود پر دباؤ ڈالے گی اور انہیں زہر خارج کرنے کی ترغیب دے گی۔

    تحقیقی عمل میں شامل کاسا بلانکا یونیورسٹی کے ایک محقق کا کہنا ہے کہ اس مشین کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ نہایت کم وقت میں بغیر کسی نقصان کے اس زہریلے تریاق کو حاصل کرنے میں مدد دے گی۔

    یاد رہے کہ بچھو کے کاٹنے کے باعث اگر اس کا زہر انسانی جسم میں منتقل ہوجائے تو یہ ناقابل برداشت تکلیف کا سبب بنتا ہے اور چند لمحوں بعد متاثرہ عضو کو ہمیشہ کے لیے مفلوج کر سکتا ہے۔

    تاہم تجربہ گاہ میں اس زہر کو کیمیائی عمل سے گزارنے کے بعد یہ دوا کی صورت اختیار کر جاتا ہے جو مختلف اقسام کے کینسر اور دل کی منتقلی کے مریضوں کی مسیحائی کر سکتی ہے۔

    ماہرین کے مطابق اس زہر کے فوائد کے باعث شعبہ طب میں یہ نہایت بیش قیمت ہے اور بچھو کے زہر کا ایک گرام 8 ہزار ڈالر میں فروخت ہوتا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ فی الحال اس مشین کو محدود استعمال کے لیے بنایا گیا ہے تاہم حکومت کی جانب سے باقاعدہ طور پر اسے منظور کیے جانے کے بعد بڑے پیمانے پر اس کا استعمال شروع کردیا جائے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔