Tag: Sea storm

  • ساحل پر اونچی لہریں پانچ لڑکوں کو بہا کر لے گئیں

    ساحل پر اونچی لہریں پانچ لڑکوں کو بہا کر لے گئیں

    ممبئی : سمندری طوفان نے بھارت میں بھی تباہی مچائی ہوئی ہے، تیز اور اونچی لہریں پانچ لڑکوں کو بہا لے گئیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سمندری طوفان بیپر جوائے سے گجرات کے درجن بھر ساحلی اضلاع طوفانی بارشوں اور ہواؤں سے متاثرہوں گے، گجرات کی بندرگاہوں پر الرٹ جاری کر تے ہوئے ساحلی علاقوں میں امدادی ٹیموں کے اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

    بحیرہ عرب میں سمندری طوفان بیپر جوائے پاکستان اور بھارت کے ساحلی علاقوں کی جانب تیزی بڑھنے لگا ہے۔ ممبئی کے جوہو بیچ پر تیز اور اونچی لہریں وہاں موجود پانچ لڑکوں کو اپنے ساتھ بہا کر لے گئیں، ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو کو بچا لیا تاہم ایک لڑکا جان سے گیا، جبکہ دو کی تلاش جاری ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ طوفان کا جمعرات کی شام بھارتی ریاست گجرات کے ساحلی علاقوں اور پاکستانی علاقے کیٹی بندر سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق13سے 15جون کے درمیان طوفان سے ساحلی اضلاع کچھ، جام نگر، موربی، پوربندر، گیر سومناتھ اور دیوبھومی دوارکا متاثر ہوسکتے ہیں۔

    متاثرہ علاقوں میں 150کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور شدید بارش بھی متوقع ہے، ریاست گجرات کے مختلف اضلاع سے 07 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اکیس ہزار کشتیاں ساحل پر کھڑی کردی گئیں۔

  • امریکہ : خطرناک سمندری طوفان نے تباہی مچادی، 10 افراد ہلاک

    امریکہ : خطرناک سمندری طوفان نے تباہی مچادی، 10 افراد ہلاک

    الاباما :امریکی ریاستوں الاباما میسی سیپی اور دیگر میں تیز ہوا کے تھپیڑوں اور سمندری طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 10ہوگئی، متعدد علاقوں میں ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ کی متعدد ریاستوں کو لپیٹ میں لینے والے تیز ہوا کے جھکڑوں اور سمندری طوفان کے نتیجے میں 10افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریاست الاباما میں تیز ہوا کے ساتھ جڑوں سے اکھڑنے والے درختوں کے گرنے سے 3افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

    اس کے علاوہ ریاست میسی سیپی میں گاڑی پر درخت گرنے کی وجہ سے گاڑی میں موجود ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ ریاست آرکنساس میں موسلا دھار بارش کے بعد سیلابی ریلے کی لپیٹ میں آ کر ایک شخص ہلاک ہو گیا

    علاوہ ازیں ریاست ٹینیسی میں بھی درخت گرنے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ طوفان سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست کنٹکی میں 3 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکی محکمہ موسمیات نے جمعہ کے دن 128 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والے بادی جھکڑوں کو تاریخی قرار دیا تھا۔ ملک میں نامساعد موسمی حالات کی وجہ سے کنٹکی، ٹینیسی اور مشی گن میں دس لاکھ سے زائد افراد بجلی کی ترسیل سے محروم ہوگئے۔

  • نیوزی لینڈ میں طوفان کی تباہیاں جاری، متعدد ہلاک

    نیوزی لینڈ میں طوفان کی تباہیاں جاری، متعدد ہلاک

    ویلنگٹن : نیوزی لینڈ میں آنے والے تباہ کن سمندری طوفان گبرائیل میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 8 ہوگئی جب کہ متعدد افراد زخمی ہیں۔

    عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کی تاریخ کے تباہ کن طوفان پر ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، امدادی کاموں کے دوران فوج نے بھی حصہ لیا۔

    سمندری طوفان گبرائیل کی شدت قدرے کم ہوگئی لیکن امدادی کاموں کے دوران لاشیں اور زخمیوں کے ملنے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

    فوجی ہیلی کاپٹرز نے گھروں کی چھتوں پر پھنسے شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا، گزشتہ روز امدادی کاموں کے دوران چھتوں سے 4 لاشیں برآمد ہوئی تھیں جب کہ مزید دو لاشیں ملیں جن میں ایک شیر خوار بچے کی ہے۔

    سمندری طوفان نے 51 لاکھ آبادی کے ملک میں بڑی تباہی مچائی۔ ساڑھے دس ہزار افراد بے گھر ہوگئے جب کہ املاک کو بھی کافی نقصان پہنچا۔

    نیوزی لینڈ کے وزیراعظم نے سمندری طوفان میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے نسلوں بعد ایسا تباہ کن طوفان دیکھا ہے۔

  • ترکی میں خوفناک سمندری طوفان، 6 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    ترکی میں خوفناک سمندری طوفان، 6 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    استنبول : موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی دنیا کے مختلف ممالک میں طوفانوں نے تباہی مچا دی، ترکی میں طوفانی ہواؤں اور تیز بارش کے باعث مختلف حادثات میں 4 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے۔

    طوفانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ آنے والے طوفان نے تباہی مچادی، استنبول میں طوفانی ہواؤں کی شدت سے کلاک ٹاور گرگیا، ہائی وے پر ٹرک الٹ گیا، سرکاری نشریاتی ادارے انادولو کے مطابق، پیر کو ترکی میں شدید آندھی کے طوفان کے بعد کم از کم چھ افراد ہلاک اور 52 زخمی ہو گئے اور منگل کو بھی ملک کے کچھ حصوں میں تباہی مچا دی۔

    ترکی کے شہر استنبول کے ایک ساحل پر چلنے والی تیز ہواؤں اور بپھرتی سمندری لہروں کے باعث وہاں کھڑا بحری جہاز ہچکولے کھانے لگا۔

    طوفانی ہواؤں کے باعث آبنائے باسفورس میں کشتیوں اور جہازوں کی آمد و رفت پر عارضی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ استنبول اور ترکی کے دیگر حصوں میں شدید طوفان کے باعث نظامِ زندگی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ طوفانی موسم سے استنبول اور اردگرد کے حصوں میں عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طوفانی ہواؤں کی رفتار 129 کلومیٹرفی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، طوفان کے باعث آبنائے باسفورس میں جہازوں کی آمد ورفت روک دی گئی، استنبول آنے والی پروازوں کا رُخ ملک کے دیگر حصوں کی جانب موڑ دیا گیا۔

  • کراچی سمیت سندھ بھر میں 4 دن تک شدید بارشوں کی پیش گوئی

    کراچی سمیت سندھ بھر میں 4 دن تک شدید بارشوں کی پیش گوئی

    کراچی : محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر سندھ بھر میں بارشوں کی پیش گوئی کردی، آج بروز بدھ سے 2اکتوبر تک موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان گلاب کے اثرات سندھ پر بھی پڑنے لگے صوبے میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے 2 اکتوبر تک شدید بارشیں متوقع ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق مکران کے ساحلی علاقوں میں بھی طوفانی بارشوں کاامکان ہے، بارشوں کا سسٹم بھارتی گجرات کی جانب گامزن ہے۔

    سسٹم بحیرہ عرب میں آکر دوبارہ تقویت حاصل کرے گا، بحیرہ عرب میں سسٹم کی موجودگی کی وجہ سے سندھ میں بارشیں متوقع ہیں، کراچی میں ماہی گیروں کو بھی ریڈ الرٹ کردیا گیا ہے۔

    پی ڈی ایم اے کی جانب سے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ادارے اپنے وسائل تیار رکھیں اور سڑکوں پر مشینری اور عملے کے ساتھ موجود رہیں ، جن علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے وہاں پیشگی انتظامات کیے جائیں ،انسانی جان اور املاک کی حفاظت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

    عمرکوٹ، سانگھڑ، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، شہید بینظیر آباد، ضلع دادو اور کراچی ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش جبکہ سکھر لاڑکانہ، اور جیکب آباد میں بھی 30 ستمبر تک کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔

    کراچی کو تباہی سے بچانے کیلئے الرٹ جاری

    دوسری جانب محکمہ فشری نےماہی گیروں کو سمندری طوفان کا الرٹ جاری کرتے ہوئے ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔

    محکمہ فشریز کا کہنا تھا کہ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندرمیں طوفان بن رہا ہے، سمندر میں 2 اکتوبر تک تیز ہوائیں چلنے کے قوی امکانات ہیں، ماہی گیری 2 اکتوبر تک ماہی گیر گہرے سمندرمیں نہیں جائیں۔

  • بھارت میں سمندری طوفان "گلاب” اب کیا ہونے جارہا ہے؟

    بھارت میں سمندری طوفان "گلاب” اب کیا ہونے جارہا ہے؟

    نئی دہلی : بھارت میں سمندری طوفان گلاب نے تین جانیں لے لیں، طوفان کی شدت بھارتی ریاست اڑیسہ اور آندھرا پردیش سے ٹکرانے کے بعد کم ہوگئی۔

    اب تک کی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سمندری طوفان کے نتیجے میں دو ماہی گیروں سمیت ایک شہری ہلاک ہوگیا۔ 3ریاستوں کے ساحلی علاقوں سے2 لاکھ سے زائد افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں کو منتقل کیا گیا۔

    بھارت میں سمندری طوفان گلاب کی شدت میں کمی آگئی اور اب یہ طوفان ہوا کے کم دباؤ میں تبدیل ہو گیا ہے، آندھرا پردیش کے ساحلی علاقوں میں بھی تیز اور دیگر علاقوں میں معتدل بارش کی توقع ہے۔

    گلاب بھارتی ریاستوں سے ٹکرایا تو پچانوے کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی تھیں۔ خلیج بنگال میں بننے والا یہ طوفان کل شام بھارتی ساحلوں سے ٹکرایا تھا۔

    طوفان کی تباہ کاریوں سے بچنے کے لیے تین ریاستوں کے ساحلی علاقوں سے دو لاکھ سے زائد افراد کو منتقل کردیا گیا۔ ایسٹ کوسٹ ریلوے کی جانب سے طوفان گلاب کی وجہ سے چونتیس ٹرینوں کی روانگی کو منسوخ کر دیا گیا۔

    سمندر میں ہوا کے کم دباؤ کے باعث ریاست تلنگانہ کے کئی حصوں میں تیز بارش ہوئی جس سے سڑکیں زیر آب آگئیں۔ بھارتی محکمہ موسمیات نے ریاست کے14 اضلاع میں مزید شدید بارشوں کا ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔

  • سمندری طوفانوں کی رفتار، ماہرین نے دنیا کو خبر دار کردیا

    سمندری طوفانوں کی رفتار، ماہرین نے دنیا کو خبر دار کردیا

    ماہرینِ ماحولیات نے خبردار کیا ہے کہ حالیہ چند برسوں کے دوران سمندری طوفانوں کی تعداد میں 2گنا اضافہ ہوچکا ہے جبکہ ان کی رفتار بھی تیز ہوچکی ہے جس کی وجہ سے وہ پہلے کی نسبت کہیں زیادہ تباہی پھیلا رہے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق1955اور2019 کے درمیانی عرصے میں56 کلومیٹر فی گھنٹہ سے 117 کلو میٹر رفتار فی گھنٹہ تک بڑھنے کا تعین کیا گیا ہے۔

    اگرچہ یہ تحقیق صرف پچھلے65 سال کے دوران آنے والے طوفانوں کے بارے میں ہے لیکن اس سے دنیا بھر میں ماحول کی بدلتی صورتِ حال اور متوقع نتائج کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

    اٹلس اوقیانوس میں موجود برمودا جزائر کے گرد و نواح میں موسمی تبدیلیوں سے منسلک درجہ حرارت میں اضافے کے باعث حالیہ برسوں میں سمندری طوفانوں کی رفتار میں دو گنا اضافہ  ہوا ہے۔

    لائیو سائنس ویب سائٹ کی خبر کے مطابق برطانیہ کے اوشین سائنس انسٹیٹیوٹ کے نیشنل اوشینو گرافی سینٹر اور ساؤتھ ہمپٹن یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ چند برسوں سے موسمی تغیرات کے باعث سمندری طوفانوں کی رفتار میں قابل ذکرحد تک تیزی آئی ہے۔

    تحقیق دانوں نے برمودا اور اس کے قرب و جوار میں پیدا ہونے والے طوفانوں کی رفتار کے 1955 اور 2019 کے درمیانی عرصے میں 56 کلو میٹر فی گھنٹہ سے 117 کلو میٹر فی گھنٹہ تک بڑھنے کا تعین کیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس تحقیق کے نتائج انوائرنمنٹل ریسرچ لیٹرز(ای آر ایل) میں شائع ہوئے ہیں۔

  • سعودی عرب : سمندری طوفان کا خدشہ، راستے بند

    سعودی عرب : سمندری طوفان کا خدشہ، راستے بند

    مکہ مکرمہ : سعودی عرب میں جدہ محکمہ ٹریفک نے میونسپلٹی کے حکم پر ساحل سمندر جانے والے راستے سمندری طوفان کے پیش نظر بند کردیے ہیں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جدہ سی فرنٹ ٹریفک متبادل راستوں پر موڑ دیا گیا ہے۔

    مکہ مکرمہ گورنریٹ نے ٹوئٹر کے اپنے سرکاری اکاؤنٹ پر بیان میں مزید کہا کہ جدہ محکمہ ٹریفک کے اہلکار ساحل سمندر جانے والے راستے بند کرکے متبادل راستوں کی رہنمائی کررہے ہیں۔

    محکمہ ٹریفک کے اہلکار گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو متنبہ کررہے ہیں کہ سمندر میں طغیانی کے باعث ساحل پر جانا خطرے سے خالی نہیں ہے لہٰذا سمندر جانے والے راستے بند کردیے گئے ہیں۔

    محکمہ ٹریفک کی جانب سے مذکورہ راستے استعمال کرنے والے ڈرائیوروں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی جارہی ہے۔

  • امریکہ : سمندری طوفان کے ٹکرانے سے تباہی، 6 افراد ہلاک ہزاروں بے گھر

    امریکہ : سمندری طوفان کے ٹکرانے سے تباہی، 6 افراد ہلاک ہزاروں بے گھر

    لوئزیانا : امریکا میں سمندری طوفان نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، 6 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی رہاست لوئیزیانا کے ساحل پر سمندری طوفان لارا ٹکرانے کے بعد بڑے پیمانے پر تباہی پھیل گئی، تیز ہواؤں اور موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں6 افراد ہلاک ہوگئے، متعدد زخمی اور ہزاروں بے گھر ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سمندری طوفان لارا امریکا کی ریاست لوئیزیانا کے ساحلی علاقے میں پوری قوت کے ساتھ داخل ہوگیا،220کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والے تیز ہواؤں نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو مٹا کر رکھ دیا۔

    سمندری طوفان سے کئی درخت، ہورڈنگز اور کھمبے گر گئے، ایک کار پر بڑا اور بھاری درخت گرنے سے14 سالہ لڑکی سمیت 4افراد ہلاک ہوگئے جب کہ دیگر مختلف مقامات سے دو لاشیں ملی ہیں، دو درجن سے زائد زخمیوں کو اسپتال لایا گیا ہے اور ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

    لوئیزیانا کے بعد سمندری طوفان لارا کا رخ اب ریاست آرکنساس کی طرف ہے تاہم اس کی شدت کم ہونے کی وجہ سے وہاں نقصان کا اندیشہ کم ہے جب کہ لوئیزیانا میں لارا طوفان کے نقصانات میں اضافے کا خدشہ بدستور برقرار ہے۔

  • امریکہ میں خوفناک سمندری طوفان ساحل سے ٹکرا گیا، الرٹ جاری

    امریکہ میں خوفناک سمندری طوفان ساحل سے ٹکرا گیا، الرٹ جاری

    نیویارک : امریکہ میں خوفناک سمندری طوفان نے تباہی مچادی کیٹیگری 4 کی شدت والے سمندری طوفان ” لورا ” امریکی ریاست لوزیانا سے ٹکرا گیا۔

    لوزیانا کے شہر لیک چارلس میں طوفانی ہواؤں کےساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ لوزیانا اور ٹیکساس میں ایک لاکھ سے زائد افراد کو بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کیٹیگری چار کے طوفان کے راستے میں آنے والے ٹیکساس اور لوزیانا کے علاقوں سے 6 لاکھ سے زائد افراد کو انخلا کی وارننگ جاری کی گئی ہے جبکہ سمندری طوفان کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

    امریکہ کی جنوبی ریاستوں کو ملانے والی مرکزی شاہراہ آئی ٹین کئی مقامات پر ٹریفک کیلئے بند کردی گئی، بحر اوقیانوس میں رواں سال ریکارڈ 25 بڑے طوفان آنے کا امکان ہے۔ لورا اس سیزن کا بارہواں بڑا طوفان ہے۔

    لوزیانا کے گورنر نے خبردار کیا ہے کہ طوفان سے ریاست کے متاثرہ حصے پانی میں ڈوب سکتے ہیں، طوفان کے باعث 150 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ واضح رہے کہ دوسرے بڑے سمندری طوفان لورا کے باعث ہیٹی میں 21 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔