Tag: Second Hand Clothing Merchant

  • لنڈے کے تاجروں نے دکانیں بند کرنے کی دھمکی دے دی

    کراچی : پاکستان میں لنڈے کے تاجروں نے بیرون ملک سے درآمد کیلئے جانے والے لنڈے کے کپڑوں پر عائد ڈیوٹی میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے بصورت دیگر دکانیں بند کرنے کی دھمکی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سیکنڈ ہینڈ کلاتھنگ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل محمد عثمان فاروقی نے کہا ہے کہ استعمال شدہ کپڑوں کی درآمدی ویلیو ایشن میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

    ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے،لوگوں کا روٹی کھانا مشکل ہوگیا ہے ایسے میں ویلیو ایشن ڈپارٹمنٹ نے ویلیو ایشن میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

    پیرکو کراچی پریس کلب میں حنیف نثار اور امیر محمد کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ غریب لوگوں کے استعمال کے سیکنڈ ہینڈ کپڑوں کی ویلیو ایشن بڑھا کر لوگوں کی دسترس سے دور کردیا گیا ہے، ہم باہر ممالک سے جو سیکنڈ ہیںڈ کپڑے منگواتے ہیں ان کی انکوائری کرسکتے ہیں کہ ہم کس قیمت پر مال منگواتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ہماری درخواست ہے کہ وہ اس کا نوٹس لیں، عثمان فاروقی نے کہا کہ سابقہ حکومت نے 10 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھادی تھی اب ویلیو 36 سینٹ سے بڑھا کر 1 ڈالر کردی گئی ہے۔

    اس اضافے سے سیکنڈ ہینڈ کلاتھنگ 300 فیصد تک مہنگا ہوکر غریب کی پہنچ سے دور ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پورٹس پر موجود کنٹینرز پر 40 ہزار ڈیٹینشن کی بنیاد پر لیا جارہا ہے، پاکستان میں پرانے کپڑے کی درآمدات100 ملین ڈالر ہے لیکن اس وقت پرانے کپڑوں کے 300 کنٹینرز تاحال پورٹ پر موجود ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسی ایف بی آر کے خراب نظام کے سبب صورتحال گھمبیر ہے،12 لاکھ ڈالرز کا مال اس وقت پورٹ پر موجود ہے، زیادہ تر پرانے کپڑوں کے کنٹینرز امریکہ اور یورپ سے آتے ہیں۔

    حکومت سے ہمارا مطالبہ ہے کہ پرانے کپڑوں کی ویلیو ایشن میں کیا گیا اضافہ واپس لیا جائے اور پرانے ریٹ بحال کئے جائیں ورنہ کاروبار بالکل نہیں رہے گا اور ہم تمام دکانیں بند کردیں گے۔