Tag: Secret

  • جب شادی کی انگوٹھی گُم ہوئی تو ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ؟ فہیمہ اعوان نے راز کی بات بتا دی

    جب شادی کی انگوٹھی گُم ہوئی تو ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ؟ فہیمہ اعوان نے راز کی بات بتا دی

    شادی کے شروع دنوں میں اکثر لڑکیاں لااُبالی یا غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتی ہیں اس کی وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ میکے میں وہ ذمہ داریاں نہیں ہوتیں جو سسرال میں نبھانا پڑتی ہیں۔

    ان ہی ذمہ داریوں کی وجہ سے بہت سی غلطیاں اور کوتاہیاں بھی سرزد ہو جاتی ہیںِ تاہم یہ کوئی اتنی بری بات بھی نہیں کیونکہ انسان غلطیوں سے ہی سیکھ کر آگے بڑھتا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ فہیمہ اعوان نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بارے میں بتایا۔

    انہوں نے بتایا کہ شادی کے کچھ ہی دن بعد مجھ سے دو انگوٹھیاں کھو گئیں، میں بہت پریشان تھی کہ شوہر اور ساس کو کیسے بتاؤں کہ کیسے کھو گئیں کہ ڈانٹ پڑے گی۔

    فہیمہ اعوان نے کہا کہ تین چار دن بعد جب میں نے ڈرتے ڈرتے ساس سے کہا تو انہوں نے کچھ نہیں کہا اور تھوڑی دیر بعد کہا کہ یہ دیکھو یہ رہیں تمہاری انگوٹھیاں۔ انہوں نے مجھے سمجھاتے ہوئے کہا کہ جس کی چیز گُم ہوتی ہے دراصل وہی چور ہوتا ہے اس لیے اپنی چیز کی حفاظت خود کرو۔

    اداکارہ فہیمہ اعوان نے کہا کہ جب ہماری کوئی چیز گم ہوتی ہے تو ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے سوا سب چور ہیں جبکہ حقیقت میں اس بات کے ذمہ دار ہم خود ہوتے ہیں۔

  • اداکارہ غزالہ کیفی نے کئی سال بعد ڈرامہ "شمع” کا راز کھول دیا

    اداکارہ غزالہ کیفی نے کئی سال بعد ڈرامہ "شمع” کا راز کھول دیا

    کراچی : پاکستان ٹیلی ویژن کے ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری کی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والی ماضی کی معروف اداکارہ غزالہ کیفی نے بتایا ہے کہ شمع ڈرامے میں اداکار شکیل کے بجائے جاوید شیخ کو کیوں لیا گیا تھا؟

    ٹی وی ڈراموں میں اپنی منفرد اداکاری سے نمایاں مقام حاصل کرنے والی اداکارہ غزالہ کیفی نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں شرکت کی اور اپنی زندگی میں پیش آنے والے حالات و واقعات سے ناظرین کو آگاہ کیا۔

    پروگرام کی میزبان ندا یاسر کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال پر کہ ٹی وی پر پہلی بار کیسے آئیں یا اس کی شروعات کیسے ہوئی؟ جس کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پہلے تو مجھے گھر والوں کی جانب سے شوبز میں جانے کی قطعی اجازت نہیں تھی، پھر فاطمہ ثریا بجیا نے گھر آکر میرے امی ابو سے بات کی تب کہیں جاکر کام کا آغاز کیا۔

    غزالہ کیفی نے بتایا کہ شمع ڈرامے کیلیے فاطمہ ثریا بجیا نے پہلے اداکار شکیل کو ہی لیا تھا لیکن انہوں نے مجھے دیکھے بغیر یہ کہہ کرمنع کردیا کہ میں کسی نئی لڑکی کے ساتھ کام نہیں کروں گا کیونکہ اس وقت یہ بہت مشہور اور کامیاب اداکار تھے جس کے بعد جاوید شیخ کو لے لیا گیا۔

    جب بعد میں شکیل کو پتہ چلا اور ڈرامہ آن اسکرین ہوا تو انہوں نے بجیا سے جا کر کہا کہ ری پلیس کردیں جس پر بجیا کا کہنا تھا کہ اب کچھ نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے بتایا کہ میرا نام غزالہ ہی ہے لیکن مجھے گھر میں راحیلہ کہہ کر پکارا جاتا ہے۔

  • نتاشہ حسین کی خوبصورتی اور فٹنس کا کیا راز ہے؟

    نتاشہ حسین کی خوبصورتی اور فٹنس کا کیا راز ہے؟

    معروف ماڈل نتاشہ حسین نے اپنی خوبصورت جلد اور فٹنس کا راز مداحوں سے شیئر کیا اور بتایا کہ انہیں بچپن ہی سے اپنی خوبصورتی کا خیال رکھنے کا شوق تھا۔

    معروف ماڈل نتاشہ خان نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں شرکت کی اور اپنی خوبصورت جلد کا راز بتایا۔

    نتاشہ کا کہنا تھا کہ انہیں بچپن سے ہی اپنی خوبصورتی اور کھانے پینے کا خیال رکھنے کا شوق تھا، شادی کے بعد ان کے شوہر بھی اسی مزاج کے نکلے اور وہ بھی کھانے پینے کے حوالے سے بے حد محتاط ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ جب وہ کام سے گھر واپس آتی تھیں تو انہیں میک اپ کلینز کرنے میں وقت لگتا تھا اور اس بات پر شوہر سے باقاعدہ لڑائیاں ہوتی تھیں کہ وہ گھر آنے کے بعد بھی مصروف رہتی ہیں اور فیملی کے ساتھ بیٹھنے میں وقت لگاتی ہیں۔

    نتاشہ کا کہنا ہے کہ ان کی بڑی بہنیں بھی اپنی جلد اور صحت کا خیال رکھتی تھیں جس کی وجہ سے وہ بھی اس روٹین کی عادی ہوگئیں اور آج تک اس پر قائم ہیں۔

  • چمکتی ہوئی جلد کا راز کیا ہے؟

    چمکتی ہوئی جلد کا راز کیا ہے؟

    کراچی: معروف ماڈل مشال خان نے اپنی چمکتی ہوئی جلد کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے طویل عرصے سے گوشت کھانا چھوڑ رکھا ہے، جس کے بعد ان کی جلد کے مسائل ختم ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف ماڈلز اور اداکاراؤں انمول بلوچ اور مشال خان نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں شرکت کی اور اپنی چمکتی جلد کا راز بتایا۔

    مشال نے بتایا کہ انہوں نے طویل عرصے سے گوشت کھانا چھوڑ رکھا ہے، جب وہ گوشت کھاتی تھیں تو انہیں ایکنی کا مسئلہ تھا جبکہ ان کے چہرے پر چمک بھی نہیں تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ وہ صرف سبزیاں کھاتی ہیں جبکہ مشرومز، ریڈ بینز (سرخ لوبیہ)، مٹر اور زیتون بہت زیادہ کھاتی ہیں۔

    انمول بلوچ نے بتایا کہ وہ گوشت، پھل، سبزیاں سب کھاتی ہیں ساتھ میں ان کی خوراک میں مکھن اور دیسی گھی بھی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روزانہ میک اپ اتارنے کے بعد وہ چہرے پر بادام کا تیل لگاتی ہیں جس سے ان کی جلد چمک اٹھتی ہے۔

    مشال نے بتایا کہ وہ روزانہ چہرے پر برف کی ٹکور کرتی ہیں، اس کے بعد اسے خشک کر کے ٹونر اور وٹامن سی کا سیرم لگاتی ہیں، یہ ان کی روزانہ کی روٹین ہے۔

    دونوں نے اپنے چہرے پر استعمال کیے جانے والے بیسز کے بارے میں بھی بتایا۔

  • شادی نہ کرنا میری طویل عمر کا راز ہے، 107سالہ خاتون کا انکشاف

    شادی نہ کرنا میری طویل عمر کا راز ہے، 107سالہ خاتون کا انکشاف

    واشنگٹن : امریکی خاتون نے اپنی107ویں سالگرہ مناتے ہوئے انکشاف کیا کہ ’میری لمبی زندگی کا راز شادی نہ کرنا،صحت مند غذا کھانا،روزانہ ورزش کرنا اور زیادہ اطالوی غذا کھانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیو یارک کے شہر برونز سے تعلق رکھنے والی لوئس سگنور نے کہاکہ ان کی طویل زندگی کا راز روزانہ ورزش کے ساتھ ساتھ ہمیشہ صحت مندانہ غذا اور زیادہ تر اطالوی کھانوں کا استعمال کرنا ہے ، مگر ان کے خیال میں ایک صدی سے زائدزندگی گزارنے کی اصل وجہ ان کا غیر شادی شدہ رہناہے۔

    لوئس سگنور نے بتایا کہ میں ابھی بھی روزانہ ورزش اور میوزک کے ساتھ ڈانس کرتی ہوں، دوپہر کے کھانے کے بعد بنگو گیم کھیلنا بہت پسندہے، میرا سارا دن بہت خوشگوار ہوتا ہے، 107 سال کی عمر میں بھی میں بھرپور متحرک زندگی گزار رہی ہوں۔

    لوئس سگنو کی بہن کی عمر 102 سال ہے، اپنی عمر کے حوالے سے ان کا کہناتھا کہ کاش میں بھی شادی نہ کرتی۔

    لوئس سگنور نے اپنی سالگرہ کے لیے خریدوفروخت بھی خود کی جبکہ ان کی سالگرہ میں 100 سے زائد افراد نے شرکت کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارےکے مطابق لوئس سگنور کی طویل عمری کا ایک راز جینیاتی بھی ہوسکتا ہے کیوں کہ ان کی 102 سالہ بہن ابھی تک زندہ اور بہتر حالت میں ہیں۔

    واضح رہے کہ لوئس سگنور اور ان کی بہن نیویارک میں رہنے والی سب سے عمر رسیدہ خواتین ہیں،اس وقت دنیا کی سب سے عمر رسیدہ 114 سالہ خاتو ن الیلیا مرفی ہیں جن کاتعلق امریکا سے ہے، مگر وہ نیویارک کے شہر ہارلم میں رہائش پزیر ہیں۔

  • زندگی کو خوبصورت اور پرسکون بنانے کے راز چینیوں سے جانیں

    زندگی کو خوبصورت اور پرسکون بنانے کے راز چینیوں سے جانیں

    چین زمانہ قدیم سے ہی حیرت و اسرار کی سر زمین رہا ہے جہاں کے طور طریقے ہمیشہ ہی الگ رہے ہیں۔ دنیا کی معیشت پر راج کرنے والی چینی قوم ہمیشہ سے ہی عقل و دانش کا مرقع رہی ہے۔

    یہ قوم نہایت محنتی اور امن پسند ہے جس کا ایک ثبوت دنیا کے عجائبات میں سے ایک دیوار چین ہے۔ یہ دیوار چین بیرونی حملہ آوروں سے تحفظ اور اپنا دفاع کرنے کے لیے بنائی گئی۔

    مزید پڑھیں: جاپان کو ترقی یافتہ بنانے والے 10 حقائق

    دیوار چین آج بھی جوں کی توں برقرار ہے اور اس کی بناوٹ کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ چینی قوم کس قدر جفاکش اور محنتی تھی جو کئی صدیوں قبل بھی ایسی مضبوط دیوار بنا گئی جو آج بھی موسموں کے آگے سینہ تانے کھڑی ہے۔

    چین میں 2 مذاہب کنفیوشس ازم اور تاؤ ازم کی بنیاد بھی پڑی۔ ان دونوں مذاہب کی تعلیمات نے دنیا کی تاریخ اور فلسفہ پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ ارشاد نبویﷺ ہے، ’علم حاصل کرو چاہے اس کے لیے تمہیں چین جانا پڑے‘۔ یہ حدیث نبوی اس دور میں چین کے تعلیمی مرکز ہونے کا واضح ثبوت ہے۔

    مزید پڑھیں: عظیم فلسفی کنفیوشس کے 12 رہنما افکار

    چین کے رہنے والے اپنی صحت کا بھی بے حد خیال رکھتے تھے۔ آج ہم آپ کو چینیوں کے وہ راز بتارہے ہیں جو انہوں نے تا دیر صحت مند رہنے کے لیے صدیوں چھپا کر رکھے۔


    اپنی عمر کو فراموش کردو

    انسان کی عمر اسے کوئی بھی کام کرنے سے نہیں روکتی۔ زندگی سے لطف اندوز ہونا ہو، کچھ نیا سیکھنا ہو، یا کوئی نیا تجربہ کرنا ہو، یہ بھول جاؤ کہ تمہاری عمر اس کے لیے زیادہ یا بہت کم ہے۔


    کسی کو اس کی عمر سے مت جانچو

    ذہانت اور دانش مندی عمر کی قید نہیں ہوتی۔ یہ ایک خدا داد صلاحیت ہے اور کسی بچے میں بھی موجود ہوسکتی ہے۔ لہٰذا کسی کو اس کی عمر سے نہ جانچا جائے، بلکہ کوئی چھوٹا ہو یا بڑا، اس کی گفتگو کو سمجھنے کی کوشش کی جائے، کیا خبر اس میں علم کے خزانے چھپے ہوں۔


    اپنے لیے ضروری چیزیں

    قدیم چینی تعلیمات کے مطابق چند چیزوں کو اپنی زندگی کا لازمی جز بنا لیا جائے۔ ورزش، موسم کے مطابق گرم یا سرد درجہ حرارت، اور درختوں اور گھاس کی خوشبو سے اپنے آپ کو محروم مت رکھو۔


    غذا

    چینی تعلیمات جن غذاؤں پر زور دیتی ہے ان میں چاول، چائے اور سبزی کے ساتھ گوشت شامل ہے۔


    گردوں کو فعال اور سر کو پرسکون رکھو

    چینی تعلیمات کے مطابق انسان کو صحت مند ہونے کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے گردوں کو فعال رکھے اور سر کو پرسکون اور ٹھنڈا رکھے، یعنی غصہ سے پرہیز کرے۔


    کھل کر ہنسو

    ہنسنے کے بے شمار فوائد ہیں۔ ہنسی انسانی دماغ سے دباؤ اور تناؤ پیدا کرنے والے کیمیائی عناصر کو ختم کر کے دماغ کو پرسکون کرتی ہے اور خون کی روانی کو بہتر بناتی ہے۔ قدیم چینی تعلیمات کے اس اصول کی جدید سائنس نے بھی تصدیق کردی ہے۔

    مزید پڑھیں: کیا آپ ہنسنے کے فوائد جانتے ہیں؟


    برے وقت کو بھول جاؤ

    برے وقت کو یاد کر کے اداس، پریشان اور مایوس رہنا ہرگز دانش مندی نہیں۔ یہ زندگی میں نئی آنے والی خوشیوں اور کامیابیوں کی طرف توجہ کرنے سے روک دے گی۔ لہٰذا برے وقت کی تکلیف کو ذہن سے نکال دیا جائے۔


    رحمدلی

    ہر انسان، جانور اور پودے سے رحمدلی کا برتاؤ کرو۔ یہ بہت سے نقصانات سے محفوظ رکھے گا۔ لیکن یاد رہے کہ دماغ پرسکون ہوگا تو رحمدلانہ جذبات پیدا ہوں گے، اور جسمانی طور پر صحت مند رہو گے تو دماغ پرسکون ہوگا۔


    دوسروں سے محبت کرو

    دنیا میں موجود ہر شے سے محبت کرو اور جو لوگ دوسروں سے محبت نہیں کرسکتے ان سے کوئی تعلق نہ رکھو۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • یہ 5 چیزیں ہمیشہ راز رکھیں

    یہ 5 چیزیں ہمیشہ راز رکھیں

    بعض لوگ ہمارے بے حد قریب ہوتے ہیں اور ہم ان سے اپنی کوئی بات نہیں چھپاتے۔ کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جن سے بات کیے بغیر رہا نہیں جاتا اور باتوں باتوں میں وہ اپنے سارے راز دوسرے شخص کے حوالے کردیتے ہیں۔

    لیکن ماہرین کہتے ہیں کہ کچھ چیزیں ایسی ہیں جنہیں آپ کو ہمیشہ راز میں رکھنا چاہیئے اور وقت آنے سے قبل انہیں کبھی بھی نہیں بتانا چاہیئے۔

    آئیے آپ بھی ان چیزوں کو جانیں۔


    منصوبے

    اپنے مستقبل کے منصوبے کبھی بھی کسی کو مت بتائیں کہ آپ کیا کرنے جارہے ہیں۔ صرف اسی صورت میں انہیں ظاہر کریں جب وہ تکمیل کے قریب ہوں۔


    ذہانت

    ہر جگہ ہر شخص کے سامنے اپنی علمیت مت جھاڑیں۔ اپنے علم اور ذہانت کا اظہار صرف اسی وقت کریں جس وقت آپ کے قریب افراد اسے سننا چاہتے ہوں۔


    طرز زندگی

    اپنے طرز زندگی کے بارے میں گفتگو مت کریں۔ اکثر افراد شیخیاں بگھارتے ہوئے اپنے اعلیٰ طرز زندگی کا تذکرہ کرتے ہیں لیکن یہ غلط ہے۔


    جراتمندی

    اپنی جراتمندی و بہادری کا ذکر مت کریں۔ ہر شخص کی زندگی میں برا وقت آتا ہے اور وہ اسے اپنے طریقہ سے نمٹتا ہے۔ لیکن اسے دوسروں کو مت بتائیں اور یہ ظاہر کرنے کی کوشش مت کریں کہ آپ نے کسی سپر ہیرو کی طرح اپنی مشکلات پر قابو پایا۔


    گھریلو مسائل

    گھر سے باہر گھر میں ہونے والی پریشانیوں اور مسائل کا ذکر مت کریں۔ لوگ اسے آپ کی کمزوری بنا سکتے ہیں۔ گھر سے باہر کے افراد کو آپ کے خاندان کے بارے میں جتنی کم معلومات ہوں گی، آپ کے لیے یہ اتنا ہی اچھا ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔