Tag: secretary

  • اسلام آباد ہائیکورٹ: چیف جسٹس کے سیکریٹری میں کرونا وائرس کی تشخیص

    اسلام آباد ہائیکورٹ: چیف جسٹس کے سیکریٹری میں کرونا وائرس کی تشخیص

    اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کے سیکریٹری اسد کھوکھر کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا، چیف جسٹس کے سیکریٹری بلاک کو سیل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈاکٹر عامر کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس اطہر من اللہ کے سیکریٹری اسد کھوکھر کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اسد کھوکھر کا چیک اپ ہائیکورٹ ڈسپنسری میں کیا گیا۔

    ڈاکٹر کے مطابق اسد کھوکھر کو کرونا وائرس ٹیسٹ کے لیے شفا انٹرنیشل اسپتال بھجوا دیا تھا، اسد کھوکھر میں کرونا وائرس کی علامات دیکھی گئیں جس کے بعد ان کا ٹیسٹ کروانے کے لیے شفا انٹرنیشل اسپتال میں اپوائنمنٹ طے کروایا گیا۔

    ان کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں یہ کرونا وائرس کا دوسرا کیس ہے۔

    دوسری جانب رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیف جسٹس اطہر من اللہ کے سیکریٹری برانچ کو سیل کر دیا ہے۔ رجسٹرار کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی کرونا وائرس کے حوالے سے ایس او پیز ہیں پر عمل ہوگا۔

    رجسٹرار کے مطابق چیف جسٹس اطہر من اللہ اس وقت کورٹ روم میں سماعت کر رہے ہیں، سماعت کے بعد معاملہ ان کے نوٹس میں لایا جائے گا جس کے بعد چیف جسٹس اور رجسٹرار آفس کے تمام ملازمین کے بھی کرونا وائرس کے ٹیسٹ کروائے جائیں گے۔

    ان کا کہنا ہے کہ 48 گھنٹے کے لیے چیف جسٹس کے سیکریٹری بلاک کو سیل کر دیا گیا ہے، بلاک کو سینی ٹائزر واش کے بعد اور ڈاکٹروں کی اجازت سے پھر کھولا جا سکتا ہے۔

  • ہمارے پاس مکمل اختیارات ہیں، تمام ادارے تعاون کر رہے ہیں: سیکریٹری الیکشن کمیشن

    ہمارے پاس مکمل اختیارات ہیں، تمام ادارے تعاون کر رہے ہیں: سیکریٹری الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس مکمل اختیارات ہیں، تمام ادارے تعاون کر رہے ہیں۔ واضح انداز میں کہہ رہا ہوں الیکشن کمیشن پر کسی کا دباؤ نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی سامان کی بر وقت ترسیل یقینی بنائی جا رہی ہے، روشنائی ختم ہونے کی شکایات کا تدارک کر دیا ہے۔ الیکشن کے لیے ضروری سامان ریٹرننگ افسران کو بھجوا دیا۔

    انہوں نے بتایا کہ پوسٹل بیلٹ کا غلط استعمال روکنے کے لیے مخصوص طریقہ اختیار کیا ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام جاری ہے۔ الیکشن کے دن پولنگ اسٹیشن پر کیمروں سے مانیٹرنگ ہوگی۔ پولیس اورفوج سمیت 8 لاکھ اہلکار پولنگ اسٹیشن پر سیکیورٹی کے لیے تعینات ہوں گے۔

    بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ نے 3 امیدواروں سے متعلق آگاہ کیا تھا۔ 3 افراد کو نوٹس دیا وہ کمیشن کے سامنے پیش ہو کر وضاحت دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اہلکار انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت کام کریں گے۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے چیف جسٹسز کے شکر گزار ہیں۔ ریٹرننگ افسران، ڈپٹی ریٹرننگ افسران ججز ہیں۔ عدلیہ کی جانب سے ججوں کی ڈیوٹی لگانے کی اجازت دی گئی۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن نہایت شفاف اور آئین کے مطابق ہوں گے۔ ووٹر ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لیے اپنا فرض ضرور ادا کریں۔ الیکشن 2018 شفاف اور غیر جانبدار ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پولنگ شروع اور ختم کروانا پریزائیڈنگ افسران کی ذمے داری ہے۔ عالمی مبصرین کو بھی الیکشن سے متعلق آگاہی دی ہے۔ پنجاب، اور پختونخواہ کے پولنگ اسٹیشن میں سہولتیں بہتر کردی گئی ہیں، سندھ اور بلوچستان کے پولنگ اسٹیشن میں بھی بہتری جاری ہے۔

    بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ تین دن میں 70 لاکھ ووٹرز نے ایس ایم ایس سروس سے معلومات لیں۔ پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی فوج اور پولیس کی ذمے داری ہوگی۔ آج گوگل میپ پر پولنگ اسکیم جاری کردیں گے۔ آر ٹی ایس نظام پر کام جاری ہے، 23 جولائی تک کام مکمل ہوجائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ تمام جماعتیں انتخابی مہم بھرپور طریقے سے چلا رہی ہیں۔ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کو لکھا کہ کسی کو انتخابی مہم سے نہ روکا جائے۔ یہ بات غلط ہے کہ کسی جماعت کی انتخابی مہم کو روکا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے حادثات ہوئے لیکن باوجود اس کے انتخابی مہم جاری ہے۔ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے پر فائرنگ کا نوٹس لیا۔ الیکشن سے متعلق کوئی شک و شہبات نہیں ہونے چاہیئں۔ اگر کسی سے متعلق کوئی شک ہے تو وزارت داخلہ ہمیں بتائے، وزارت داخلہ کی فراہم معلومات کو دیکھ کر نوٹس لیا جائے گا۔

    بابر یعقوب نے کہا کہ الیکشن صاف شفاف اور آئین کے مطابق ہوں گے۔ آر ٹی ایس نظام پر موصول نتیجہ پی ٹی وی کے ذریعے شیئر کریں گے۔ ہمارے پاس مکمل اختیارات ہیں، تمام ادارے تعاون کر رہے ہیں۔ واضح انداز میں کہہ رہا ہوں الیکشن کمیشن پر کسی کا دباؤ نہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فوج پریزائیڈنگ افسر کے ماتحت کام کرے گی: سیکریٹری الیکشن کمیشن

    فوج پریزائیڈنگ افسر کے ماتحت کام کرے گی: سیکریٹری الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا کہنا ہے کہ الیکشن کے روز فوج پریزائیڈنگ افسر کے ماتحت کام کرے گی۔ تاثر دیا گیا فوج آزاد حیثیت میں کام کرے گی یہ غلط ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ انتخابات میں واٹر مارک بیلٹ پیپرز دیے جائیں گے۔ تمام پولنگ اسٹیشن پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں گے۔ ہمارے پاس 85 ہزار پریذائیڈنگ افسران ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ تمام انتخابی مبصرین پاکستان پہنچ چکے ہیں، مبصرین سے متعلق منفی رپورٹس کو مسترد کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے اسٹاف کو بلوچستان میں سیکیورٹی دی گئی ہے۔ گزشتہ انتخابات میں ہمارے افسر کو شہید کیا گیا تھا۔

    بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ نیکٹا کے ساتھ اجلاس ہوا 20 ہزار کے قریب حساس پولنگ اسٹیشن ہیں۔ صوبوں کو کہا ہے وہاں پر سی سی ٹی وی کیمرے ضرور لگائیں، الیکشن کمیشن نے فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ فوج پریزائیڈنگ افسر کے ماتحت کام کرے گی۔ تاثر دیا گیا فوج آزاد حیثیت میں کام کرے گی یہ غلط ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انتخابات کے موقع پر دہشت گردی کا خطرہ ہوتا ہے۔ امیدواروں کا تحفظ، عملے اور پولنگ اسٹیشنز کا تحفظ ضروری ہے۔ 18 ہزار پولنگ اسٹیشنز پر کیمرے لگائے جائیں گے۔

    سیکریٹری کا کہنا تھا کہ طے شدہ طریقہ کار پر چلا جائے گا، پھر کارروائی کی جائے گی۔ ضابطہ اخلاق تحریری طور پر رکھا گیا ہے۔ بعض سیاسی جماعتوں کے قابل اعتراض اشتہارات کا نوٹس لیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بیلٹ بکس بھرنے کی کوشش پر فوجی جوان آر او اور پی او کو بتائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کویت میں فلپائنی سفیر کو ملک چھوڑنے کے حکم پر دفتر خارجہ نے وضاحت طلب کر لی

    کویت میں فلپائنی سفیر کو ملک چھوڑنے کے حکم پر دفتر خارجہ نے وضاحت طلب کر لی

    کویت: خلیجی ریاست کویت کی جانب سے فلپائنی سفیر کو ایک ہفتے کے اندر ملک چھوڑنے کے حکم پر فلپائنی دفتر خارجہ نے وضاحت طلب کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق کویت اور فلپائن کے سفارتی تعلقات شدید بحران کا شکار ہیں، گذشتہ دنوں کویت حکام نے فلپانئی سفیر کو ایک ہفتے کے اندر اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد فلپائنی حکام نے معاملے سے متعلق وضاحت طلب کر لی ہے۔

    فلپائنی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ خارجہ نے کویت کے سفارت خانے کو ایک سفارتی مراسلہ بھیجا ہے جس میں کویت میں متعین فلپائنی سفیر ریناٹو پیڈرو ویلا کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دینے اور ملک چھوڑنے سے متعلق وضاحت طلب کی گئی ہے۔

    کویت اور فلپائن میں سفارتی بحران شدید: فلپائنی سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم

    مذکورہ مراسلے میں فلپائنی وزیر خارجہ ایلن پیٹر کیٹانو نے کویتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلپائنی سفارت خانے کے چار ملازمین کو حراست میں رکھنے اور تین سفارتی اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی بھی وضاحت کرے۔

    خیال رہے کہ فلپائن کے سفارتی عملے نے گھروں میں کام کرنے والی ملازماؤں کو ناروا سلوک کی اطلاعات پر ریسکیو کے نام پر کویتی حکومت کو اطلاع دیے بغیر نکالنے کی کارروائیاں کی تھیں جس پر کویت نے سفارت خانے سے شدید احتجاج کیا تاہم عملے نے باضابطہ طور پر معذرت کرلی تھی۔

    کویت: حکومت کی جانب سے جارحانہ بیانات پر فلپائنی سفیر دفتر خارجہ طلب

    واضح رہے کہ کویت نے ملازماؤں کو نکالنے کی کارروائیوں میں مصروف سفارتی عملے کے دو ارکان کو گرفتار بھی کیا تھا، فلپائن کے وزیر برائے امور خارجہ نے ہنگامی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ایسے واقعات کا اعادہ نہیں ہوگا اور دونوں ممالک تارکین وطن کے تحفظ کے ایک معاہدے پر کام کر رہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔