Tag: secretary aviation

  • ایئرپورٹ منیجرز نے سی اے اے اور اے این ایف کیخلاف شکایات کے انبار لگا دیئے

    ایئرپورٹ منیجرز نے سی اے اے اور اے این ایف کیخلاف شکایات کے انبار لگا دیئے

    کراچی : ایئرپورٹ منیجرز کانفرنس میں منیجرز نے شکوہ کیا کہ سی اے اے اور اے این ایف کا عملہ تعاون نہیں کرتا، سیکریٹری ایوی ایشن شاہ رخ نصرت کے سامنے منیجرز نے شکایات کے انبار لگادیئے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری ایوی ایشن شاہ رخ نصرت کی صدارت ایئرپورٹ منیجر کانفرنس ک اانعقاد کیا گیا، ایئرپورٹ منیجرز کانفرنس کی اندرونی کہانی اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی، کانفرنس میں ایئرپورٹ منیجرز نے سیکریٹری ایوی ایشن کے سامنے شکایات کے انبار لگادیے۔

    ایئرپورٹس منیجرز کا کہنا تھا کہ مختلف ایئرپورٹس پر اداروں کے درمیان رابطے کا فقدان ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے ایئرپورٹس پر قائم ون ونڈو کاؤنٹرپر اداروں کے اہلکار موجود نہیں ہوتے، بیرون ملک جانے والے مسافروں کو پریشانی کاسامنا رہتا ہے۔

    سی اے اے کے جوائنٹ سرچ بیگجز کاؤنٹر پر بھی کسٹم اور اے این ایف تعاون نہیں کررہے، ایئرپورٹس منیجرز کا مزید کہنا تھا کہ جوائنٹ سرچ بیگیجز کاؤنٹر پر کسٹم اور اے این ایف اپنی انا کا مسئلہ بناتے ہیں۔

    ایف آئی اے کے کاؤنٹر پر افرادی قوت کی کمی کاسامنا ہے، کاؤنٹرز پر مسافروں کا رش ہوتا ہے لیکن ایف آئی اے کا عملہ سست روی سے مسافروں کا امیگریشن کرتا ہے امیگریشن کاؤنٹرز پر مسافروں کو طویل قطاریں لگ جاتی ہیں چھ سے سات کے بجائے صرف دو پر عملہ موجود ہوتا ہے۔

    کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری ایوی ایشن شاہ رخ نصرت نے کہا کہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئرپورٹس پر سب سے زیادہ عوامی شکایات موصول ہوتی ہیں ،وزیراعظم کی واضح ہدایت ہے کہ تمام ایئرپورٹس پر مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔

    جو ادارے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ساتھ تعاون نہیں کررہے ان اداروں کے سربراہان کو خطوط لکھے جائیں گے، سیکریٹری ایوی ایشن نے ہدایت دی کہ تمام ایئرپورٹس پر ادارے ایئرپورٹ منیجر کے ساتھ رابطے میں رہیں۔

  • کراچی میں اے ایس ایف کی 46 ویں سالانہ پاسنگ آؤٹ پریڈ

    کراچی میں اے ایس ایف کی 46 ویں سالانہ پاسنگ آؤٹ پریڈ

    کراچی: سیکرٹری ایوی ایشن عرفان الہٰی نے کہا ہے کہ اے ایس ایف فضائی قزاقی اور دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما ہے، اے ایس ایف کی ان صلاحیتوں کا اعتراف ہوابازی کے بین الاقوامی ادارے بارہا کرچکے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اے ایس ایف کی 46 ویں سالانہ پاسنگ آؤٹ پریڈ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نو سو دس اہلکاروں میں سے ایک سو اننچاس خواتین کیڈٹس نے تربیت مکمل کی۔

    پاسنگ آؤٹ پریڈ میں سیکرٹری ایوی ایشن عرفان الہٰی ڈی جی اے ایس ایف میجرجنرل علی عباس حیدرنے بھی شرکت کی جنہیں تربیت حاصل کرنے والے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی اور جوانوں نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

    تقریب میں اے ایس ایف کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ایوی ایشن عرفان الہٰی نے کہا کہ اے ایس ایف اپنی حساس ذمہ داریوں کی وجہ سے ممتاز مقام رکھتی ہے یہ وجہ ہے کہ اے ایس ایف کا اعلیٰ معیار محنت کا واضح ثبوت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اے ایس ایف مسافروں کی جان ومال کی حفاظت یقینی بنانے میں کلیدی کردارادا کررہی یے اے ایس ایف فضائی قزاقی اور دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آٹھ جون2014کو اے ایس ایف کی ایئرپورٹ پرقربانی کوبھلایا نہیں جاسکتا، اے ایس ایف کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، پوری قوم کو اے ایس ایف کے شہدا پر فخر ہے، اے ایس ایف میں جدید ہتھیاروں کے ساتھ نئی ٹرانسپورٹ کو بھی لایا جارہا یے جبکہ اے ایس ایف ملازمین کی فلاح بہبود میں ایوی ایشن ڈویژن ساتھ ساتھ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایوی ایشن سیکورٹی میں شامل ہونے والے اہلکاروں پربھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں جبکہ یہ مسافروں اور جہازوں کے تحفظ کے لیے کلیدی کردار کی حامل ہے، اے ایس ایف نے اس مختصرعرصے میں اپنا اہم کردار ادا کیا جو قابل ستائش ہے۔

    انہوں نے پریڈ کے اعلیٰ معیار کو اے ایس ایف کی انتھک محنت کا واضح ثبوت قرار دیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ ایوی ایشن اے ایس ایف کے فلاح وبہبود کے منصوبوں پر کام کررہی ہے۔

    اس حوالے سے ملک بھر کے تمام ائرپورٹس کے اپ گریڈیشن کے منصوبوں پر سنجیدہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، تمام ایئر پورٹس کو مزید ہتھیاروں اور عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائیگا۔

  • ایوی ایشن میں اعلیٰ انتظامی تبدیلیاں

    ایوی ایشن میں اعلیٰ انتظامی تبدیلیاں

    ایوی ایشن ڈویژن میں بڑے پیمانے پرافسران کے تبادلوں کا فیصلہ کیا گیا ہے، سیکریٹری محمد علی گردیزی کوتین عہدے رکھنے پر تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، محمد علی گردیزی سمیت ایڈیشنل سیکریٹری ایوی ایشن امجد علی اور دیگر افسران کو بھی تبدیل کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق ایڈیشنل سیکریٹری وزارت داخلہ حامد خان کو چند روز قبل ہی گریڈ بائیس میں ترقی دی گئی ہے، انہیں سیکریٹری ایوی ایشن تعینات کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے وزیراعظم کی ہدایت پراسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے سمری تیارکرکے وزیراعظم ہاؤس بھجوادی ہے۔
    وزیراعظم کی وطن واپسی کے بعد ایوی ایشن ڈویژن کے نئے افسران کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا، ذرائع کے مطابق ایوی ایشن ڈویژن کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔