Tag: section 144

  • مری میں خاتون سے بدتمیزی،نو ہوٹل گائیڈ گرفتار، دفعہ ایک سو چوالیس نافذ

    مری میں خاتون سے بدتمیزی،نو ہوٹل گائیڈ گرفتار، دفعہ ایک سو چوالیس نافذ

    مری : پولیس نے خاتون سے بدتمیزی کرنے والے نو ملزمان کو گرفتارکرکے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کردی، اب کوئی بھی ہوٹل گائیڈ یونیفارم اور نیم پلیٹ کے بغیر ڈیوٹی نہیں دے سکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ملکہ کوہسار میں مہمانوں کے ساتھ ایک بار پھر ناروا سلوک کے واقعات پیش آنے لگے۔ گزشتہ روز مری میں خاتون سیاح سے بدتمیزی کا واقعہ سامنے آنے کے بعد مقامی انتظامیہ بھی حرکت میں آ گئی۔

    پولیس نے خاتون سے بدتمیزی کرنے والے نو ملزمان کو گرفتارکرلیا۔ اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر مری امتیاز احمد نےبتایا ہے کہ ہوٹلوں کے لیے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کردی گئی ہے۔

    کوئی بھی ہوٹل گائیڈ یونیفارم اور نیم پلیٹ کے بغیر ڈیوٹی نہیں دے سکے گا۔ واضح رہے کہ اتوار کے روز مری میں ہوٹل ایجنسی کے ملازموں نے تفریح کے لیے آئےجوڑے کو تشدد کا نشانہ بنایاتھا، پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ تو درج کرلیا تھا لیکن کوئی کارروائی نہیں کی تھی۔

    اس حوالے سے عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ہوٹل ملازمین نے ایک فیملی کی خواتین پر آوازیں کسیں جس پر تلخ کلامی ہوئی اور ملزمان نے سیاح خاندان کو دھکے دیئے۔

    موقع پر موجود شہریوں اور ٹریفک پولیس اہلکاروں نے معاملہ رفع دفع کرایا، سیاحوں کا کا کہنا ہے کہ مقامی افراد چھوٹی چھوٹی باتوں پر پریشان کرتے ہیں اور اہل خانہ کے ساتھ ہونے کا بھی خیال نہیں کرتے، سیاحوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ واقعہ کے ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    مزید پڑھیں: مری میں خاتون سیاح پر ہوٹل مالکان کے تشدد کا واقعہ، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

    واضح رہے کہ اس سے قبل مری میں اس طرح کے واقعات کیخلاف سوشل میڈیا پر کامیاب مہم کے بعد عوام نے مری کا بائیکاٹ کردیا تھا، جس کے باوجود ایجنٹوں کا رویہ تبدیل نہیں ہوا ہے۔

  • لاہور میں دفعہ 144 نافذ، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا فیصلہ

    لاہور میں دفعہ 144 نافذ، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا فیصلہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جس کے تحت شہر میں جلسے جلوس پر پابندی ہوگی۔

    مقامی انتظامیہ نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں سے 1 ہزار کے قریب افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد کو نقص امن کے باعث گرفتار کیا گیا، گرفتار افراد املاک کو نقصان پہنچانے میں ملوث ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی کو حفاطتی تحویل میں لیا گیا تھا، جس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اپنے ٹویٹ میں بتایا تھا کہ حسین رضوی کو حفاظتی تحویل میں لے کر مہمان خانے منتقل کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ یہ کارروائی 25 نومبر کی احتجاجی کال واپس نہ لینے پر کی گئی ہے۔

    فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال اور املاک کی حفاظت حکومت کا اولین فرض ہے، تحریک لبیک عوام کے جان و مال کے لیے خطرہ بن گئی ہے اور مذہب کی آڑ لے کر سیاست کر رہی ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے، عوام پر امن رہیں اور حکام سے مکمل تعاون کریں۔

  • وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ

    وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔ انتظامیہ کی جانب سے مخصوص مقامات پر پرامن احتجاج کی اجازت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی جگہ احتجاج کرنے کے لیے این او سی کا حصول لازمی ہے۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اسلام آباد کے مختلف مقامات پر مظاہرہ کرنے والے افراد کو مراسلہ بھی بھیجا گیا ہے جس میں مظاہرین کو آخری وارننگ دی گئی۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی جگہ احتجاج کے لیے این او سی کا ہونا لازمی ہے، بغیر اجازت لیے احتجاج کرنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ مظاہرین کو تاحال کسی قسم کا این او سی جاری نہیں کیا گیا، خلاف ورزی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

    خیال رہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر گزشتہ روز صوبہ سندھ میں بھی دفعہ 144 نافذ کردی گئی تھی۔

    سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ دفعہ 144 کے تحت صوبے بھر میں اسلحہ لے کر چلنے اور جلسے جلوسوں پر پابندی عائد رہے گی۔

    صوبائی حکومت نے آئندہ 10 روز تک کے لیے صوبے بھر میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

  • سندھ میں آئندہ 10 روز کے لیے ڈبل سواری پر پابندی عائد

    سندھ میں آئندہ 10 روز کے لیے ڈبل سواری پر پابندی عائد

    کراچی: سندھ حکومت نے ملک کی حالیہ صورتحال کے پیش ِ نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی، آئندہ 10 روز تک کے لیے ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ دفعہ 144 کے تحت صوبے بھر میں اسلحہ لے کرچلنےاورجلسےجلوسوں پر بھی پابندی عائد رہے گی۔

    دفعہ 144 کے تحت 4سےزائدافرادکے ایک جگہ جمع ہونےپرپابندی رہے گی، یہ پابندی آئندہ دس روز کے لیے نافذ کی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ رات بھی صوبے میں امام حسین ؓ کے چہلم کے سلسلے میں سندھ حکومت نے کراچی میں ڈبل سوار عائد کرکے متعدد اضلاع میں موبائل سروس بھی جزوی معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    نوٹی فکیشن میں واضح نہیں کیا گیا ہے کہ صوبے میں ڈبل سوار ی پر پابندی اور دفعہ 144 کس سبب نافذ کی گئی ہے لیکن خیال کیا جارہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے آسیہ بی بی کے رہائی کے بعد عوامی ردعمل کے پیش ِ نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

    صوبے بھرمیں ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق خواتین ، 12 سال سے کم عمر بچوں ، بزرگ شہریوں ، صحافیوں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں پر نہیں ہوگا۔

  • محرم الحرام، قانون شکن عناصر سے کوئی رعایت نہ کی جائے، آصف زرداری

    محرم الحرام، قانون شکن عناصر سے کوئی رعایت نہ کی جائے، آصف زرداری

    کراچی/لاہور : آصف زرداری نے سندھ حکومت کو محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ  قانون شکن عناصر سے کوئی رعایت نہ کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری نے محرم الحرام کے دوران امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے سندھ حکومت کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

    پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران شر پسندوں پر کڑی نظر رکھی جائے، فتنہ کا باعث بننے والے عناصر کو گرفت میں لایا جائے۔

    سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ امن بحال رکھنے کے لئے اداروں کو حرکت میں لایا جائے، قانون شکن عناصر سے کوئی رعایت نہ کی جائے، مذہبی اور عبادت کی آزادی کو ہر صورت میں برقرار رکھا جائے۔

    محرم الحرام کے دوران لاہور میں دفعہ 144 نافذ

    دوسری جانب لاہور کے ڈی نے محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی پلان کے حوالے سے پولیس افسران سے ملاقات کی ہے، ملاقات کے دوران ڈی سی نے محرم الحرام میں شہری میں سخت حفاظتی انتظامات کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

    رواں برس محرم الحرام کے دوران لاہور شہر میں دفعہ 144 نافذ رہے گی۔

    خیال رہے کہ محرم الحرام کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 10 ستمبر کو ہوگا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پیر کے روز محرم الحرام کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔

  • عام انتخابات سے پہلے پنجاب میں دفعہ 144 نافذ

    عام انتخابات سے پہلے پنجاب میں دفعہ 144 نافذ

    لاہور : حکومت پنجاب نے الیکشن میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق 29 جون سے 28 جولائی تک اسلحے کی نمائش، آتشبازی، فائر کریکر اور پٹاخے چلانے پر پابندی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق عام انتخابات سے پہلے پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی، دفعہ 144 انتخابات میں امن وامان کی صورتحال کے پیش نظرلگائی گئی، اور 29 جون سے 28 جولائی 2018 تک نافذ رہے گی۔

    محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق اس دوران اسلحے کی نمائش ،آتش بازی ، فائرکریکراور پٹاخے چلانے اور پولنگ اسٹیشنز کی حدود میں 5 سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی ہوگی۔

    دفعہ 144 کے مطابق وال چاکنگ ،لاؤڈاسپیکر کے غلط استعمال،اشتعال انگیز تقاریر منع ہے جبکہ بغیر اجازت ریلیاں نکالنے اور الیکشن آفس کے باہر جشن منانے پر بھی پابندی ہوگی۔

    الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی کسی بھی شق کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔

    واضح رہےکہ ملک میں 25 جولائی کو عام انتخابات ہوں گے اس حوالے سے انتظامات حتمی مراحل میں داخل ہوچکے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • سابق نااہل وزیر اعظم کی بارہ کہو آمد، قانون کی دھجیاں اڑا دیں

    سابق نااہل وزیر اعظم کی بارہ کہو آمد، قانون کی دھجیاں اڑا دیں

    اسلام آباد: سابق نا اہل وزیر اعظم نواز شریف کی بارہ کہو آمد کے موقع پر قانون کی دھجیاں بکھری دکھائی دیں۔ دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود ن لیگی کارکنان نے ریلی نکالی اور ہلڑ بازی کی۔ پولیس سیکیورٹی کے نام پر سابق وزیر اعظم کو پروٹوکول دیتی رہی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق نا اہل وزیر اعظم نواز شریف مری سے بارہ کہو پہنچے۔

    ان کی آمد کے موقع پر شہر اقتدارمیں دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود لیگی کارکنان نے ریلی نکالی۔ پابندی کے باوجود کوئی روکنے والا نہیں تھا۔ پولیس والے بھی خاموش تماشائی بنے رہے۔

    قانون کے احترام کا دعویٰ کرنے والے میاں صاحب ریلی کے شرکا کو قانون کے احترام کا درس تو کیا دیتے، خود ہی گاڑی سے باہر آگئے اور نعروں کا جواب دیا۔

    سابق وزیر اعظم کی جانب سے قانون کی اس خلاف ورزی پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ سسٹم گرانا چاہتے ہیں۔ یہ لوگ ریفرنسز سے پہلے چاہتے ہیں کوئی راستہ نکل آئے، قوم اطمینان رکھے یہ لوگ اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

    تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے بھی ن لیگ اور نواز شریف پر سخت تنقید کی۔

    مزید پڑھیں: بہت کچھ سمجھ میں آرہا ہے لیکن خاموش رہنا چاہتا ہوں، نواز شریف

    انہوں نے کہا کہ پہلے بھی سپریم کورٹ کے فیصلوں کا مذاق اڑایا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن نواز شریف کو ن لیگ کی صدارت سے ہٹانے پر عمل نہیں کر رہا۔

    انہوں نے سوال کیا کہ نااہل شخص کو کیسے حکومت کی جانب سے استقبالیہ مل رہا ہے۔


  • کراچی: دفعہ 144 نافذ، سمندر میں نہانے پر پابندی

    کراچی: دفعہ 144 نافذ، سمندر میں نہانے پر پابندی

    کراچی: سندھ حکومت نے عیدالفطر کے موقع پر سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے شہریوں کو سمندر میں جانے سے روکنے کے لیے کلفٹن اور سی ویو کے راستوں پر بینرز آویزاں کیے گئے ہیں جن پر شہریوں کو سمندر پر نہانے سے روکنے کے احکامات درج ہیں۔

    بینرز پر ہدایت درج کی گئی کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، شہری ہدایت پر عمل کرتے ہوئے سمندر میں نہانے سے پرہیز کریں۔

    سندھ حکومت کی جانب سے عائد ہونے والی پابندی کے بعد ساحل سمندر پر پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے اور انہیں احکامات دیے گئے ہیں کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں۔

    واضح رہے عید الفطر، عید الضحیٰ اور مخصوص دنوں میں سندھ حکومت کی جانب سے حفاظتی تدابیر کو پیش نظر رکھتے ہوئے سمندر پر نہانے کی پابندی عائد کی جاتی ہے کیونکہ ان ایام میں منچلے نوجوان بڑی تعداد میں سمندر کا رخ کرتے ہیں اور جذبات میں آکر اپنی جان تک گنوا بیٹھتے ہیں۔

  • دفعہ 144کی پابندی پرسختی سے عمل یقینی بنایا جائے‘آئی جی سندھ

    دفعہ 144کی پابندی پرسختی سے عمل یقینی بنایا جائے‘آئی جی سندھ

    کراچی: آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا پولیس کی اولین ذمے داری ہے، ہم اپنی ذمے داری کو ادا کریں‌ گے.

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا ہے کہ ٹرانسپور ٹ اورتجارتی مراکزکی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی، شرپسند اورامن دشمنوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں۔

    انہوں نے اپنے عملے کو مزید ہداہات کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس پیزعوام کی جان ومال کےتحفظ کے اقدامات کی نگرانی کریں، اینٹی رائٹس پلاٹونزکو تیار حالت میں رکھا جائے، نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سادہ لباس اہلکاروں کوٹاسک دیا جائے.

    مزید پڑھیں:کراچی کی سڑکوں پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ کل سے بند

    تربیت یافتہ افسران وجوانوں کو اسنیپ چیکنگ کا حصہ بنایا جائے،دفعہ 144کے تحت عائد پابندی پرسختی سے عمل یقینی بنایا جائے۔

    مزید پڑھیں:جدید رپورٹنگ روم تھانہ کلچر کی تبدیلی کی طرف پہلا قدم ہے، آئی جی سندھ

    چند روزقبل آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے اسی حوالے سے کہا تھا کہ پولیس کا کام صرف لوگوں کو سزا دلوانا نہیں ہے بلکہ مجرموں کی ذہن سازی کرنا بھی ہے جس کے لیے تھانوں کے کلچر میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔