Tag: Security Meeting

  • کراچی میں جلاؤ گھیراؤ: کتنے افراد کو گرفتار کیا گیا؟

    کراچی میں جلاؤ گھیراؤ: کتنے افراد کو گرفتار کیا گیا؟

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گزشتہ دنوں جلاؤ گھیراؤ، دہشت گردی اور پھر ملزمان کی گرفتاری کے معاملات پر اہم اجلاس طلب کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف مقامات پر جلاؤ گھیراؤ اور دہشت گردی کے معاملے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اہم اجلاس طلب کرلیا۔

    اجلاس میں شعبہ تفتیش کے تمام ایس ایس پیز کو طلب کیا گیا ہے، ایڈیشنل آئی جی کراچی 9 مئی کو ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ لیں گے۔

    اجلاس میں شعبہ تفتیش کے افسران کو پروگریس رپورٹ ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے جس میں اس حوالے سے تفصیلات ہوں گی کہ کتنے ملزمان گرفتار ہوئے اور کتنے مفرور ہیں۔

    پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ایسٹ پولیس نے دہشت گردی ایکٹ کے تحت 3 مقدمات درج کیے، 75 ملزمان کو نامزد کرنے کے بعد 31 کو گرفتار کر کے جیل بھجوایا گیا۔

    دہشت گردی میں ملوث 44 ملزمان تاحال مفرور ہیں۔

    ان کے علاوہ 6 مقدمات میں 97 ملزمان کو نامزد کر کے 88 کو گرفتار کیا گیا، 54 ملزمان ضمانت پر، 30 کو سیکشن 63 کے تحت رہا کیا گیا۔

    اجلاس میں پیش کیے جانے کے لیے شارع فیصل پر موجود تمام کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی جائیں گی جس کے لیے پولیس حکام کی جانب سے کمانڈ اینڈ کنٹرول کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

  • پنجاب میں امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کے لیے قانونی اقدامات اٹھانے کا حکم

    پنجاب میں امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کے لیے قانونی اقدامات اٹھانے کا حکم

    لاہور: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت سیکیورٹی جائزہ اجلاس میں، وزیر اعلیٰ نے امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کے لیے قانونی اقدامات اٹھانے کا حکم دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبے میں قانون کی عمل داری کو یقینی بنانے کے لیے جائزہ اجلاس ہوا۔

    اجلاس میں انسپکٹر جنرل (آئی جی پنجاب) نے امن و امان کی صورتحال اور شرپسندوں کے خلاف جاری آپریشن پر بریفنگ دی۔ صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کے لیے قانونی اقدامات اٹھانے کا حکم دیا گیا۔

    نگراں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بلوائیوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کی جائے گی، سرکاری املاک پر حملہ کرنے والوں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ سرکاری املاک میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کر کے دہشت گردی کا بدترین مظاہرہ کیا گیا، ہر حملہ آور کی شناخت کر کے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔

    نگراں وزیر اعلیٰ نے شرپسندوں اور حملہ آوروں کی جلد از جلد شناخت مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ صوبے میں قانون کی حکمرانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

  • سی پیک سیکیورٹی گروپ اجلاس: کراچی یونیورسٹی دھماکے سے متعلق گفتگو ہوگی

    سی پیک سیکیورٹی گروپ اجلاس: کراچی یونیورسٹی دھماکے سے متعلق گفتگو ہوگی

    اسلام آباد: پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سیکیورٹی گروپ کا اجلاس عید کے بعد طلب کر لیا گیا، اجلاس میں سی پیک منصوبوں، چینی شہریوں کی سیکیورٹی، کراچی یونیورسٹی دھماکے اور اس کی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سیکیورٹی گروپ کا اجلاس عید کے بعد طلب کر لیا گیا، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ بھی شرکت کریں گے جبکہ سیکیورٹی اداروں کے سینئر افسران بھی شریک ہوں گے۔

    اجلاس میں سی پیک منصوبوں اور چینی شہریوں کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ کراچی یونیورسٹی میں ہونے والے دھماکے اور اس کی پیشرفت کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

  • اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کی اہم ہدایت

    اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کی اہم ہدایت

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کے دوران سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے صوبے بھر میں مہم چلانے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں چیف سیکریٹری، آئی جی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری اور متعلقہ حکام شریک ہوئے۔

    اجلاس میں امن و امان اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ نے سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے صوبے بھر میں مہم چلانے کا حکم دے دیا اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کردی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں، قتل، ڈکیتی، راہزنی و دیگر جرائم کے سدباب کے لیے حکمت عملی بنائی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کا خود جائزہ لے رہا ہوں، عوام کے تحفظ میں غفلت برتنے والے افسروں کو جواب دینا ہوگا، کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ امن و امان کے حوالے سے اجلاس منعقد کیے جائیں، پولیس سیاسی دباؤ کے بغیر فرائض سر انجام دے، زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت کارروائیاں کی جائیں۔

  • انسدادِ دہشتگردی کیلئے ہنگامی اقدامات پراتفاق

    انسدادِ دہشتگردی کیلئے ہنگامی اقدامات پراتفاق

    اسلام آباد: وزیرِاعظم نواز شریف کی صدارت میں قومی سلامتی سے متعلق اعلی سطح کے اجلاس میں انسداد دہشت گردی کے لیے ہنگامی طور پر فوری اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔

    وزیرِاعظم ہاوٴس میں چھ گھنٹے جاری رہنے والے اس اجلاس میں وفاقی وزراء ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی ، ڈی جی ملٹری آپریشنز ، اٹارنی جنرل آف پاکستان سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ایکشن پلان کے تمام نکات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، دہشت گردوں کی مالی معانت روکنے، ان کے مواصلاتی نظام کو تباہ کرنے، غیرقانونی سموں کو بند کرنے اور فوجی عدالتوں کے فوری قیام سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا گیا۔

    اجلاس میں انسدادِ دہشت گردی کے لیے فوری اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا، وزیرِاعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم ایک ہوچکی ہے، اس جنگ کو ہم ہر حالت میں جیتیں گے، ہماری جنگ نفرت اور تشدد پر مبنی قوتوں کے خلاف ہے۔

    وزیرِاعظم نے کہا کہ قوم کے اتحاد کے باعث دہشت گرد تنہا ہوچکے ہیں، قومی اتحاد کو برقرار رکھا جائے گا، تفریق کی صورت میں کسی بھی طور شہداء کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ معصوم شہریوں ، بچوں اور سیکورٹی اہلکاروں کو شہید کرنے والے مجرموں کے مقدمات فوجی عدالتوں کو بھیجے جائیں گے، تمام ادارے فوجی عدالتوں کو کیس بھیجنے سے قبل مکمل چھان بین کریں گے۔

    وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ محفوظ پاکستان اور پُرامن پاکستان ہمارا مستقبل ہے، ہماری مسلح افواج نے آپریشن ضربِ عضب کے ذریعے اس راستے کا تعین کردیا ہے۔