Tag: Security

  • صوبائی کابینہ کا اجلاس: تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی سیکیورٹی کا جائزہ

    صوبائی کابینہ کا اجلاس: تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی سیکیورٹی کا جائزہ

    اسلام آباد: صوبائی وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا گیا، لانگ مارچ میں آتشبازی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئندہ سدباب کی ہدایت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا لا اینڈ آرڈر کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چیف سیکریٹری عبد اللہ سنبل، قائم مقام آئی جی اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔

    اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا گیا جبکہ کمشنرز اور آر پی اوز نے بریفنگ دی۔

    کابینہ کمیٹی نے لانگ مارچ میں آتشبازی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئندہ سدباب کی ہدایت کی۔

    اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لانگ مارچ کا آج ایک پروگرام کھاریاں اور دوسرا فیصل آباد میں ہوگا۔ فیصل آباد میں ساڑھے 3 ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

    راجہ بشارت نے سیکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے پولیس اور انتظامیہ کی کارکردگی کی تعریف کی۔ لانگ مارچ میں ریڑھیوں سمیت غیر متعلقہ افراد کی نقل و حرکت روکنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

    راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں لانگ مارچ کی تاریخ اور پلان کا تعین قبل از وقت کیا جائے گا، تحریک انصاف قیادت سے رابطہ کر کے پلان کا حتمی فیصلہ کریں گے۔

  • واٹس ایپ کے تین نئے پرائیویسی فیچرز کا اعلان

    واٹس ایپ کے تین نئے پرائیویسی فیچرز کا اعلان

    واٹس ایپ صارفین گزشتہ طویل عرصے سے اپنی آن لائن سرگرمیوں کو ان کی رضامندی کے بغیر دوسرے واٹس ایپ صارفین کے سامنے ظاہر کیے جانے کے حوالے سے پریشان ہیں۔

    اس حوالے سے میٹا کے بانی نے صارفین کی اس پریشانی کو بھانپ لیا اور اس کے مطابق واٹس ایپ میں چند خصوصیات کو اپ ڈیٹ کردیا ہے۔

    میٹا کے بانی اور سی ای او مارک زکربرگ نے گزشتہ ماہ واٹس ایپ کے لیے تین نئے فیچرز کا اعلان کیا تھا۔ جو صارفین کی ذاتی سرگرمیوں کو مزید تحفظ دیں گے۔

    Thumbnail image

    واٹس ایپ کے نئے پرائیویسی فیچرز واٹس ایپ صارفین کو بغیر بتائے گروپ چیٹس سے باہر نکلنے کی اجازت دیں گے۔ نئے فیچرز کے ذریعے آپ آسانی سے آن لائن اسٹیٹس کو چھپا سکتے ہیں۔ اس پر آپ کا پورا کنٹرول ہوگا۔ واٹس ایپ نے اس فیچر کا اعلان اس سال اگست میں کیا تھا۔

    سیکیورٹی کی ان نئی فیچر کے بارے میں تشہیر کرنے کے لیے چیٹ ایپ نے اپنی بلاگ پوسٹ پر لکھا ہے کہ ہم لوگوں کو واٹس ایپ کے نئے فیچرز کی معلومات دینے کے لیے ایک مہم کا آغاز کر رہے ہیں۔

    واٹس ایپ پر آپ کی نجی بات چیت کو سکیورٹی فراہم کرنا ہمارا مستقل عزم ہے۔ واٹس ایپ کے پاس پہلے سے ہی ویو ونس فیچر موجود ہیں جس کا مقصد ایپ پر شیئر کی گئی تصویر یا ویڈیو کے غلط استعمال کو روکنا ہے۔

    اگست 2022 سے، آپ کو صبح 2 بجے کسی واٹس ایپ گروپ سے اس امید پر باہر نکلنے کی ضرورت نہیں ہوگی کہ کسی کو نظر نہیں آئے گا۔

  • آئی جی اسلام آباد کا عمران خان کی حفاظت کے لیے 2 کروڑ ماہانہ اخراجات کا دعویٰ

    آئی جی اسلام آباد کا عمران خان کی حفاظت کے لیے 2 کروڑ ماہانہ اخراجات کا دعویٰ

    اسلام آباد: آئی جی اسلام آباد کے عمران خان کی حفاظت کے لیے 2 کروڑ ماہانہ اخراجات کے دعوے پر پاکستان تحریک انصاف نے وزیر داخلہ سے عمران خان کی سیکیورٹی اخراجات کی تفصیلات مانگ لیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ تحریک انصاف کا چیئرمین کی سیکیورٹی کے لیے بندوبست کا مراسلہ ریکارڈ پر ہے، وزیر داخلہ 266 اہل کاروں سمیت سیکیورٹی اخراجات کی باضابطہ تفصیلات دیں۔

    انھوں نے کہا کہ بظاہر درجن بھر اہل کاروں اور مراسلوں کے علاوہ تو حکومت کا کوئی بندوبست نہیں، جب کہ پی ٹی آئی کا مراسلہ بھی ریکارڈ پر ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا ہر شہری کی طرح عمران خان کی حفاظت حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، اور ریاستی وسائل پر جاہ و جلال کے سلسلے دراز کرنا شریفوں اور زرداریوں کی روایت ہے۔

    انھوں نے کہا شریفوں نے جاتی امرا کے محل کی حفاظت پر پنجاب کے عوام کے 364 ملین اڑائے، کم و بیش 3 ہزار اہل کار جاتی امرا کے محل کی حفاظت پر لگائے گئے، 6،6 کیمپ آفسز قائم کر کے سالانہ اربوں لٹانا شریفوں اور زرداریوں کا وطیرہ ہے۔

    فواد چوہدری نے مزید بتایا کہ عمران خان نے وزارتِ عظمیٰ میں قدم رکھتے ہی شاہانہ رواج کو نکال باہر پھینکا، اپنی تمام مدت اقتدار کے دوران عمران خان اپنی رہائش گاہ پر مقیم رہے، اپنے گھر کے گرد حفاظتی دیوار کے اخراجات بھی اپنی جیب سے ادا کیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے غیر ملکی دوروں اور وزیر اعظم ہاؤس کے اخراجات میں بھی سالانہ کروڑوں بچائے۔

  • کراچی بلدیاتی انتخابات: 40 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات

    کراچی بلدیاتی انتخابات: 40 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر 40 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جارہے ہیں، شہر کے 4 ہزار سے زائد تمام پولنگ اسٹیشنز حساس اور انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق پلان جاری کردیا گیا ہے، 40 ہزار سے زائد فورسز اہلکار کو ڈیوٹی پر تعینات کر رہے ہیں۔

    کراچی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ دوسرے اضلاع سے بھی نفری بلائی گئی ہے، پولیس کے ساتھ رینجرز بھی تعینات ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں 4 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز ہیں، تمام پولنگ اسٹیشنز حساس اور انتہائی حساس ہوں گے۔

    جاوید عالم کا کہنا تھا کہ 24 ہزار 968 اہلکار پولنگ اسٹیشنز پر تعینات ہوں گے، کیو آر ایف کے 5 ہزار سے زائد اہلکار بھی الرٹ ہوں گے۔

  • ‘بیوی کے تشدد سے بچایا جائے’ اسکول پرنسپل عدالت جاپہنچا

    ‘بیوی کے تشدد سے بچایا جائے’ اسکول پرنسپل عدالت جاپہنچا

    نئی دہلی: بھارتی عدالت نے بیوی کے ہاتھوں تشدد کا شکار ہونے والے اسکول پرنسپل کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق راجستھان کے الور ضلع میں ایک سرکاری اسکول کے پرنسپل اجیت یادو نے مقامی عدالت سے درخواست دائر کی تھی کہ انہیں اپنی بیوی کے .
    ہاتھوں مسلسل مار پیٹ اور زیادتی سے بچایا جائے۔

    اجیت یادو نے اپنی بیوی کے "ظلم و زیادتی” کے واقعات کے ویڈیوز بھی بطور ثبوت عدالت میں پیش کیں جس کے بعد عدالت نے پولیس کو ان واقعات کی تفتیش کرنے اور مظلوم شوہر کو سیکورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا۔

    یہ بھی پڑھیں: بیوی نے بیٹے کے سامنے شوہر کی پٹائی کردی

    متاثرہ شوہر نے جو ویڈیو عدالت میں پیش کی ان میں سے ایک گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک عورت انہیں کرکٹ کے بلے، لوہے کے توے اور دیگر "گھریلو اشیاء” سے پیٹ رہی ہے، اس دوران ان کا ایک بیٹا بڑی بے چارگی سے یہ سارا معاملہ دیکھ رہا ہے۔

    اجیت یادو نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ ان کی بیوی نے جو زیادتیاں کی ہیں اس کے لیے اسے سزاملنی چاہئے، جب اس نے مجھے بلے سے مارا تو مجھے سرکاری ہسپتال میں علاج کرانا پڑا لیکن جب اس کی زیادتیاں نہیں رکیں تب مجبوراً مجھے عدالت سے رجوع کرنا پڑا، میں نے جو ثبوت پیش کیے ہیں ان سے ثابت ہوگیا ہے کہ میری بیوی مجھ پر زیادتی کرتی ہے۔

    ادھر پولیس نے بھی تصدیق کی ہے کہ انہیں ایک مقامی عدالت کی جانب سے اجیت یادو پر ان کی بیوی کی زیادتی کے الزامات کی تفتیش کرنے کا حکم ملا ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت میں بیوی کے ہاتھوں شوہر کے خلاف زیادتیوں کے واقعات کوئی نئی بات نہیں ہے، جہیز کے نام پر شوہروں کے خلاف مقدمات اور ذہنی اذیت پہنچانے کی خبریں سننے کو ملتی رہتی ہیں۔

    ایک مطالعے کے مطابق بھارت میں ہزار مردوں میں سے 51.5 فیصد کو اپنی زندگی میں کم از کم ایک بار بیوی کے ہاتھوں تشدد کا شکار ہونا پڑتا ہے، اس کے باوجود بھارتی قانون میں شوہر کے خلاف گھریلو تشدد کو جرم تسلیم نہیں کیا گیا ہے۔

  • لاشوں کی بے حرمتی کے واقعات: قبرستانوں کی سیکیورٹی کے لیے اقدامات کا فیصلہ

    لاشوں کی بے حرمتی کے واقعات: قبرستانوں کی سیکیورٹی کے لیے اقدامات کا فیصلہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہروں گجرات اور اوکاڑہ میں لاشوں کی بے حرمتی کے واقعات کے بعد قبرستانوں کی سیکیورٹی کے لیے مؤثر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں لاشوں کی بے حرمتی کے واقعات کے پیش نظر قبرستانوں کی سیکیورٹی اور انتظام بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ قبرستانوں کی سیکیورٹی کے لیے چوکیدار رکھے جائیں گے، قبرستانوں کا انتظام سنبھالنے کے لیے منیجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔

    اجلاس میں واقعات میں ملوث مجرموں کو فوری گرفتار کرنے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی۔ چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ مجرموں کے فنگر پرنٹس کا ڈیٹامرتب کیا جائے۔

    آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ عدم توجہ کے باعث قبرستان جرائم کی آماجگاہ بن رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل گجرات کے ایک گاؤں کے قبرستان میں خاتون کی لاش کو قبر سے نکال کر برہنہ حالت میں پھینک دیا گیا تھا۔

    گاؤں چک کمالہ کا رہائشی محمد نذیر اپنی اٹھارہ برس کی ذہنی معذور بیٹی کی قبر پر فاتحہ خوانی کے لیے پہنچا جہاں اس نے قبر کھلی ہوئی اور میت غائب دیکھی، تلاش پر قریبی جھاڑیوں سے لاش بغیر کفن کے برآمد ہوئی۔

    پولیس نے لاش کا میڈیکل کروا کر رپورٹ پنجاب فرانزک لیب بھجوا دی، پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے، لاش سے زیادتی کی تصدیق نہیں ہوئی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے لاش کی بے حرمتی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کی تھی۔

  • ممکنہ احتجاج: الیکشن کمیشن  نے فول پروف سیکیورٹی مانگ لی

    ممکنہ احتجاج: الیکشن کمیشن نے فول پروف سیکیورٹی مانگ لی

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج کے باعث حکام نے بڑا مطالبہ کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن سندھ نے چیف سیکرٹری سندھ،آئی جی کو مراسلہ بھیج دئیے ہیں جس میں فول پروف سیکیورٹی مانگ لی گئی ہے۔

    الیکشن کمیشن سندھ نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر سیکورٹی انتظامات کیے جائیں اور پولیس،رینجرز کو تعینات کیاجائے،کسی بھی صورتحال سے نمٹنےکیلئےفول پروف انتظامات کیےجائیں۔

    ادھر مرکزی الیکشن کمیشن نے باہرپی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے باعث سیکیورٹی کیلئے افسران کو ذمہ داری سونپ دی ہے، مختلف پوائنٹس پر افسران کی ڈیوٹی لگادی گئی ہے جہاں ہمہ وقت چودہ افسران موجود رہیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا احتجاج: اسلام آباد میں ریڈزون سیل

    الیکشن کمیشن نے باقاعدہ سرکلر جاری کر دیا ہے جس کے تحت الیکشن کمیشن کیلئےمارگلہ روڈاور سریناچوک کے راستے استعمال ہونگے، گاڑیوں کی پارکنگ پر پابندی ہوگی۔

    سرکلر کے مطابق الیکشن کمیشن کےمتعلقہ افسران پولیس افسران سےرابطےمیں ہوں گے، کوئی افسر بھی دفتری کارڈ کے بغیر سیکرٹریٹ میں داخل نہیں ہوسکےگا، تمام ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرلز اپنےدفاتر سےصورتحال پر نظررکھیں گے، اس کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن سیکیورٹی کےتمام صورتحال پرنظررکھیں گے۔

  • پارلیمنٹ ہاؤس اور ریڈ زون میں سخت سیکیورٹی انتظامات

    پارلیمنٹ ہاؤس اور ریڈ زون میں سخت سیکیورٹی انتظامات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس اور ریڈ زون کے ارد گرد سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس اور ریڈ زون میں فول پروف سیکیورٹی کی گئی ہے۔

    ریڈ زون کےارد گرد پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے، پارلیمنٹ ہاؤس اور دیگر عمارتوں کی سیکیورٹی رینجرز اور ایف سی کے سپرد کردی گئی ہے۔

    ریڈ زون میں بھی رینجرز اور ایف سی اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں۔

  • پی ایس ایل7: کھلاڑیوں کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کرنے کا عزم

    پی ایس ایل7: کھلاڑیوں کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کرنے کا عزم

    لاہور: پی ایس ایل کے دوسرے مرحلے کا آغاز آج لاہور میں ہونے جارہا ہے، ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لئے صوبائی حکومت نے بھرپور اقدامات کئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سی سی پی او فیاض احمد نے کھلاڑیوں،شائقین کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کرنےکے عزم کا اظہار کیا ہے اور انہوں نے بتایا کہ ڈی آئی جی آپریشنز، سی ٹی او لاہور کی زیر نگرانی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

    سی سی پی او لاہور نے بتایا کہ میچز کی سیکیورٹی کے لئے پہلے سے زیادہ بہتر حکمت عملی اپنائی ہے، میچز کے لئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے لئے تمام اداروں سےکوآرڈینیشن ہے، میچ کی سیکیورٹی پر 8ہزار سے زائدافسران،جوان، لیڈیز اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

    سی سی پی او لاہور نے بتایا کہ ہوٹل، اسٹیڈیم اور روٹ پر102 ڈولفن،82پی آریو،73 ایلیٹ ٹیمیں اور اسنائپرز بھی مامور کئے گئے ہیں جبکہ اہم مقامات کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ جاری ہے۔

    لاہور چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) منتظر مہدی نے بھی میڈیا کو بتایا کہ ٹیم موومنٹ کےدوران 6 سے 9منٹ ٹریفک کو بند رکھاجائےگا، موومنٹ گزرتے ہی ڈائیورشن کو ٹریفک کےلئےکھول دیا جائےگا، ٹیموں کے روٹس،متبادل راستوں پرساڑھے 7سوسےزائد وارڈنز تعینات کئے گئے ہیں جبکہ آج11ڈی ایس پیز،90 انسپکٹرز اپنے فرائض انجام دیں گے۔

    منتظرمہدی نے بتایا کہ غلط پارکنگ کےخاتمےکیلئے20 لفٹرز،5 بریک ڈاؤنز بھی تعینات کئے گئے ہیں، شائقین کی سہولت اور باآسانی اسٹیڈیم تک رسائی کیلئے5 پارکنگ اسٹینڈز مختص کردئیے گئے ہیں، پارکنگ اسٹینڈز سے شٹل سروس کے ذریعےشائقین اسٹیڈیم پہنچ سکیں گے۔

  • نیو ایئر نائٹ: ہوائی فائرنگ کرنے والوں پر اقدام قتل کا مقدمہ ہوگا

    نیو ایئر نائٹ: ہوائی فائرنگ کرنے والوں پر اقدام قتل کا مقدمہ ہوگا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سال نو کے موقع پر سخت سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں، سی ویو جانے والے راستے پر اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ بغیر سائلنسر والی کسی موٹر سائیکل کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سال نو کے موقع پر ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں سخت سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں، ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نذیر کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 2 ہزار 250 اہلکار تعینات کیے جائیں گے، مختلف راستوں پر 1 ہزار 557 افسران و اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے۔

    ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں 6 پولیس لائنز ہیں، کوئی پولیس اہلکار یا اس کا رشتہ دار فائرنگ نہ کرے، پولیس لائنز سے باقاعدہ سرٹیفکٹ لیے گئے ہیں، مختلف راستوں پر ناکے لگائے جائیں گے۔

    ایس ایس پی کے مطابق حساس مقامات کی چھتوں پر پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، سی ویو پر ایس ایس یو کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔ تمام حساس مقامات پر نفری تعینات کی جائے گی۔ بغیر سائلنسر والی کسی موٹر سائیکل کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پولیس سیکیورٹی کو مجموعی طور پر 9 سیکٹرز پر بنایا گیا ہے، ایف ٹی سی سے دو دریا، 3 تلوار سے اختر کالونی کالا پل تک 11 افسران موجود ہوں گے۔