Tag: seized

  • جدید لیبارٹری سے 300 کروڑ روپے کی منشیات ضبط

    جدید لیبارٹری سے 300 کروڑ روپے کی منشیات ضبط

    بھارت میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے منشیات بنانے والی تین جدید ترین لیبارٹری سے بھارتی 300 کروڑ روپے سے زیادہ کی منشیات ضبط کرلی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے گجرات پولیس کے ہمراہ بڑی کارروائی کی ہے اس دوران راجستھان میں منشیات بنانے والی تین جدید ترین خفیہ لیبارٹریوں کا پردہ فاش کیا ہے اور 300 کروڑ روپے سے زیادہ کی منشیات ضبط کرلی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق متعدد ریاستوں میں رات بھر کی کارروائی میں 149 کلو میفیڈرون (پاؤڈر اور مائع کی شکل میں)، 50 کلوگرام ایفیڈرین اور 200 لیٹر ایسیٹون ضبط کی گئی جبکہ کارروائی کے دوران 7 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    بھارتی حکام کے مطابق نیٹ ورک کے سرغنہ کی شناخت بھی کر لی گئی ہے جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا، ان ادویات کی تقسیم کے نیٹ ورک، قومی اور بین الاقوامی روابط کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔

  • برطانوی پولیس نے معروف ماڈل کا موبائل ضبط کرلیا

    برطانوی پولیس نے معروف ماڈل کا موبائل ضبط کرلیا

    معروف برطانوی ماڈل کیٹی پرائس کا موبائل فون پولیس حکام کی جانب سے ضبط کرلیا گیا ہے، ماڈل نے اپنے سابق شوہر کی منگیتر کو دھمکی آمیز پیغامات بھیجے ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ماڈل کیٹی پرائس نے عدالتی احکامات کے خلاف ورزی کی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ماڈل نے اپنے سابق شوہر کی منگیتر کو دھمکی آمیز پیغامات بھیجے ہیں جس کے لیے انہیں عدالت نے منع کیا تھا۔

    خیال رہے کہ کیٹی پرائس پہلے بھی ایسا کرچکی ہیں جس کے بعد ان کے سابق شوہر کیئر ہیلن کی منگیتر نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

    عدالت نے ماڈل کو وارن کیا تھا کہ آئندہ وہ ایسی کوئی حرکت نہ کریں اور مشعل سے دور رہیں لیکن ماڈل اپنی حرکت سے باز نہ آئیں جس کے بعد پولیس نے ان کا موبائل ضبط کرلیا۔

    پولیس کے مطابق ماڈل کا موبائل ضبط کرنے پر وہ بری طرح رونے لگیں، فون ان کے خلاف ثبوت کے طور پر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    ماڈل کی ذہنی کیفیت پر جاری کی جانے والی رپورٹ کے مطابق انہیں ذہنی سکون کی ضرورت ہے جس کے لیے انہیں ری ہیب سینٹر جانے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔

  • ایران جلد ہی برطانوی تیل بردار جہاز چھوڑ دے گا، سویڈن

    ایران جلد ہی برطانوی تیل بردار جہاز چھوڑ دے گا، سویڈن

    اسٹاک ہوم : سویڈش وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران قبضے میں لیے برطانوی تیل بردار بحری جہاز کو چھوڑنے کی تیاری کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سویڈن کے سرکاری ٹی وی چینل نے وزارت خارجہ کے ذمہ دار ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران قبضے میں لیا برطانوی تیل بردار جہاز اسٹینا امپیرو جلد چھوڑ دے گا۔

    ایران نے گذشتہ ماہ آبنائے ہرمز سے برطانیہ کا ایک آئل ٹینکر قبضے میں لے لیا تھا جس کے بعد برطانیہ اور ایران میں کشیدگی پیدا ہو گئی تھی۔

    سوئس ٹی وی چینل نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اس بات کے قوی اشارے ملے ہیں کہ ایران قبضے میں لیے برطانوی تیل بردار بحری جہاز کو چھوڑنے کی تیاری کر رہا ہے۔

    خیال رہے کہ رواں ہفتے ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے سویڈن کا دورہ کیا اور اپنے سوئس ہم منصب مارگوٹ والسٹروم سے ملاقات کی،اس کے علاوہ اس موقع پران کی ملاقات ایرانی زیر قبضہ تیل بردار جہاز کی مالک کمپنی اسٹینا پالک کے چیف ایگزیکٹیو پاریک ھنیل سے بھی ملاقات کی تھی۔

    سوئس ٹی وی کے مطابق باخبر ذرائع سے خبر ملی ہے کہ ایران چند ایام میں برطانوی تیل بردار جہاز کو چھوڑ دے گا۔

  • سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا بنگلہ سرکاری تحویل میں لے لیا گیا

    سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا بنگلہ سرکاری تحویل میں لے لیا گیا

    لاہور: قومی ادارہ احتساب (نیب) کے احکامات پر ضلعی انتظامیہ نے سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا بنگلہ سرکاری تحویل میں لے لیا، بنگلے پر سرکاری اہلکار تعینات کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مفرور شدہ سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا لاہور میں واقع بنگلہ سرکاری تحویل میں لے لیا گیا، اسحٰق ڈار کا 4 کنال 17 مرلے کا بنگلہ 7 ایچ ماڈل گلبرگ تھری میں ہے۔

    مذکورہ کارروائی لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن کی سربراہی میں کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق نیب کی جانب سے فوری طور پر بنگلے کو قبضے میں لینے کی ہدایت دی گئی تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ بنگلہ سرکاری تحویل میں لے کر سرکاری اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثہ جات کا ریفرنس نیب میں زیر سماعت ہے، اسحٰق ڈار کافی عرصے سے مفرور ہیں اور عدالتوں سے بچنے کے لیے بیرون ملک مقیم ہیں۔

    اس سے قبل اسحٰق ڈار کے اکاؤنٹس سے 36 کروڑ روپے پنجاب حکومت کو منتقل کیے جاچکے ہیں۔ اسحٰق ڈار کے مختلف کمپنیوں کے بینک اکاؤنٹس چند ماہ پہلے منجمد کیے گئے تھے۔ اس سے قبل بھی عدالت کے حکم پر اسحٰق ڈار کی جائیداد قرقکی جاچکی ہے۔

    اسحٰق ڈار کیس کے تفتیشی افسر نادر عباس کے مطابق اسحٰق ڈار کی موضع ملوٹ اسلام آباد میں واقع 6 ایکڑ اراضی فروخت کی جاچکی ہے، اراضی کیس کی تفتیش شروع ہونے سے پہلے فروخت کی گئی۔

  • برطانوی آئل ٹینکر پر ایرانی قبضہ،18 بھارتی بھی تحویل میں

    برطانوی آئل ٹینکر پر ایرانی قبضہ،18 بھارتی بھی تحویل میں

    تہران : ایران نے آبنائے ہرمز سے جس برطانوی آئل ٹینکر کو اپنی تحویل میں لیا ہے، اس میں سوار عملے کے 23 افراد میں سے اٹھارہ کا تعلق بھارت سے ہے، جنہیں رہا کروانے کے لیے بھارت نے کوششیں شروع کردی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت اور فلپائن کی حکومتوں نے تصدیق کر دی ، آبنائے ہرمز سے ایرانی قبضے میں لیے جانے والے برطانوی آئل ٹینکر کے عملے میں ان کے شہری بھی شامل ہیں۔

    بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے بتایا کہ بھارتی حکام ایران میں متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ بھارتی شہریوں کی بازیابی جلد از جلد ممکن بنائی جائے، انہوں نے کہا کہ اس بحری جہاز میں اٹھارہ بھارتی موجود ہیں۔

    منیلا میں وزرات خارجہ نے کہا کہ تہران میں ان کے سفیر کوشش میں ہیں کہ اس ٹینکر میں سوار ایک فلپائنی شہری کو جلد از جلد رہا کر دیا جائے۔

    بتایا گیا کہ ہے کہ فلپائنی حکام کی کوشش ہے کہ فلپائنی شہری کی محفوظ واپسی یقینی بنائی جائے، اس برطانوی آئل ٹینکر میں سوار عملے کے دیگر چار ارکان میں سے تین کا تعلق روس جبکہ ایک کا لیٹویا سے ہے۔

  • سندھ میں ضبط اثاثے آصف زرداری کے ہیں، نعیم الحق کی تصدیق

    سندھ میں ضبط اثاثے آصف زرداری کے ہیں، نعیم الحق کی تصدیق

    اسلام آباد : وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے تصدیق کی کہ سندھ میں ضبط اثاثے آصف زرداری کے ہیں، منی لانڈرنگ کیس کی جےآئی ٹی رپورٹ میں یہ کمپنیاں اومنی گروپ کی بتائی گئی ہیں، ندیم خان کا نام آصف زرداری کے فرنٹ مین کے طور پر جے آئی ٹی میں بھی شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے تصدیق کی کہ سندھ میں ضبط اثاثےآصف زرداری کے ہیں،

    نعیم الحق نے بتایا بےنامی جائیداد میں مارشل ہومز اینڈبلڈرز کی سول لائنزکراچی میں پراپرٹی 126 ای ون اور ندیم احمدخان کا پلاٹ نمبر122بلاک5 کلفٹن شامل ہیں۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق ندیم احمد خان آصف زرداری کا فرنٹ مین ہے ، جن 6 کمپنیز کی جائیدادیں، اثاثے ضبط کئےگئے، ان کا تعلق اومنی گروپ سے ہے ، اومنی گروپ کی کراچی کی6کمپنیوں کا ذکر جے آئی ٹی رپورٹ میں بھی موجود ہے۔

    انھوں نے کہا بے نامی جائیدادوں میں کراچی سول لائنزمیں پلاٹ نمبر 18/2 ، پلازہ انٹرپرائزز پرائیویٹ لمیٹڈسول لائنز میں پلاٹ نمبر18/2 ، المفتاح ہولڈنگ پرائیویٹ کے ٹھٹھہ سیمنٹ فیکٹری میں 22 کروڑ کے شیئرز، اسکائی پاک ہولڈنگ کے ٹھٹھہ سیمنٹ فیکٹری میں22 کروڑ سے زائد کے شیئرز شامل ہیں۔

    نعیم الحق کے مطابق ضبط اثاثوں میں رائزنگ اسٹارہولڈنگ کے ٹھٹھہ سیمنٹ فیکٹری میں70لاکھ سے زائد شیئرز ، سیراکوم اسٹاک کے نجی بینک میں 30 ملین کے شیئرز اور پارک ویو اسٹاک کے 30ملین کے نجی بینک میں شیئرز بھی شامل ہیں۔

    سندھ میں ضبط شدہ جائیدادیں مبینہ طورپر اومنی گروپ کی بےنامی ہیں ، سندھ میں ضبطگی کیلئے جاری احکاما ت میں 2ارب سے زائد شیئرزبھی شامل ہیں۔

    گذشتہ روز ایف بی آر حکام نے ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والوں کی جائیدادیں ضبط کرنا شروع کردیں تھیں اور کراچی سے بھی ایف بی آر کو 8 بے نامی  جائیدادیں ضبط کرنے کی اجازت مل گئی تھی۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں ایف بی آر کو 8 بے نامی جائیدادیں ضبط کرنے کی اجازت مل گئی

    بے نامی جائیدادوں میں کراچی سول لائنز اور کلفٹن میں پلاٹس، ٹھٹھہ سیمنٹ فیکٹری اور نجی بینک میں شیئرز شامل ہیں جبکہ منی لانڈرنگ کیس کی جے  آئی ٹی رپورٹ میں یہ جائیدادیں اومنی گروپ کی کمپنیوں کی بتائی گئی۔

    اس سے قبل فیڈریل بیورو آف ریونیو کی جانب سے راولپنڈی میں بے نامی جائیدادوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے 7 ہزار کینال اراضی ضبط کرلی ہے،  سینیٹرچوہدری تنویرکی 6ہزار بےنامی اراضی کا پتا لگایا گیا، بےنامی جائیداد چوہدری تنویر نے اپنے ملازمین کےنام بنا رکھی تھیں۔

  • میکسیکو میں جرائم پیشہ افراد کی پُرتعیش گاڑیاں نیلامی کے لئے پیش

    میکسیکو میں جرائم پیشہ افراد کی پُرتعیش گاڑیاں نیلامی کے لئے پیش

    میکسیکو سٹی : شمالی امریکی میکسیکو نے درجنوں سپورٹس اور پُرتعیش گاڑیاں نیلام کرنے کا اعلان کیا ہے، جنہیں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے دوران ضبط کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکن پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن دوران اپنے قبضے میں لی گئی گاڑیوں کی نیلامی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ میکسیکو میں یہ فیصلہ صدر آندرے مینویل لوپز کے سادگی اپنانے سے متعلق پیغام کو عام کرنے کی غرض سے کیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو کے صدر آندرے مینویل لوپز نے کہا کہ ان 82 مہنگی ترین گاڑیوں کی نیلامی سے جمع ہونے والے رقم معاشرے کے گرے پڑے افراد کی بہبود پر لگائی جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان مہنگی گاڑیوں میں لیمبورگینی، پورش سمیت دیگر سپورٹس کار اور بلٹ پروف گاڑیاں بھی شامل ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نیلامی کا اہتمام حکومت کی جانب سے ایک منفرد نام کے تحت تشکیل دیئے گئے ادارے نے کیا ہے۔ ادارے کا نام عوام سے لوٹی ہوئی دولت کی واپسی ہے۔

    میکسیکو کے صدر کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ افراد سے ضبط کیا گیا تمام سامان پیچ کر اس سے حاصل ہونے والی آمدنی عوام بالخصوص غریب اور نادار افراد کی بہبود پر خرچ کیا جائے گا تاکہ ان کے معیار زندگی میں بہتری لائے جا سکے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ میکسیکو کے نو منتخب صدر نے دسمبر میں اپنی حلف برداری کے بعد سے ملک کو جرائم اور کرپشن کے ناسور سے پاک کرنے کے عزم کا اعلان کیا تھا۔

  • لاس اینجلس میں پولیس کی کارروائی، گھر سے اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد

    لاس اینجلس میں پولیس کی کارروائی، گھر سے اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد

    واشنگٹن : کیلی فورنیا پولیس نے ایک گھر پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ایک ہزار ہتھیار برآمد کرکے 57 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کی پولیس نے ایک نامعلوم ٹیلی فون کال پر لاس اینجلس شہر کے علاقے شمالی بیورلے گلین بلوارڈ کے ایک مکان پر چھاپہ مارا۔ پولیس اہلکار جب دیگر اداروں کے ہمراہ صبح چار بجے 5 بیڈ رومز پر مشتمل مکان میں داخل ہوئی تو اسے غیر متوقع صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گھر کے کمروں میں ہر طرف بندوقیں بکھری پڑی تھیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ 30 سکیورٹی اہلکاروں نے مسلسل 12 گھنٹوں کی تگ و دو کے بعد مکان کے مختلف کمروں سے بندوقیں، پستول اور دیگر خود کار ہتھیار اکھٹے کر کے ان کی فہرست ترتیب دینے کی کوشش کی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ گھر میں موجود شخص جیراڈ سائنز کو کیلی فورنیا کے اسلحہ رکھنے کے قوانین کی خلاف ورزی اور ممنوعہ ساخت کی بندوقیں رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں جدید خود کار ہتھیار اور 50 بور کی مشین گنز شامل ہیں، کیلی فورنیا کے قوانین کے تحت مخصوص حالات کے علاوہ جدید خودکار ہتھیاروں اور 50 بور کی مشین گن کی تیاری، فروخت اور منتقلی پر پابندی ہے۔

    حکام کے مطابق جیراڈ سائنز نے یہ اسلحہ فروخت کرنے کے لیے گھر کے مختلف حصوں میں چھپا رکھا تھا، لاس اینجلس پولیس کے لیفٹیننٹ کرس ریمرائز نے موقع پر موجود رپورٹرز کو بتایا کہ اسلحے کا ذخیرہ ٹرک میں ڈال کر گھر سے منتقل کر دیا ہے جسے ثبوت کے طور پر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    لیفٹیننٹ کرس ریمرائز کا کہنا تھا کہ یہ بہت بڑا ذخیرہ ہے، یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ کوئی شخص اسلحے کا اتنا بڑا ذخیرہ کس طرح اپنے گھر میں جمع کر سکتا ہے، پولیس نے اسلحہ برآمد کرنے کے بعد معاملے کی تفتیش شروع کر دی۔

    فیڈرل لا انفورسمنٹ آرگنائزیشن کے ایک بیان میں کہا گیا کہ جیراڈ سائنز فیڈرل لائسنس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے گھر میں ممنوعہ بور کا اسلحہ لائسنس فروخت کر رہا تھا۔ گرفتار ہونے والے جیراڈ سائنز کو 50 ہزار ڈالرز کے مچلکے جمع کرانے کے بعد ضمانت پر رہا کیا گیا۔

    لاس اینجلس میں جائیداد کا ریکارڈ رکھنے والے محکمے کے مطابق جس گھر سے اسلحہ برآمد ہوا وہ گھر بزنس ٹائیکون گورڈن گیٹی کی پارٹنر سنتھیا بیک کی ملکیت ہے، سنتھیا بیک کی گورڈن گیٹی سے تین بیٹیاں بھی ہیں۔

    سنتھیا بیک نے یہ گھر جنوری 2001 میں خریدا تھا تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ان واقعات سے سنتھیا کا کوئی تعلق ہے یا نہیں، بزنس ٹائیکون گورڈن گیٹی اور سنتھیا بیک سنہ 1999 میں اس وقت خبروں میں آئے جب یہ راز افشا ہوا کہ گیٹی نے ایک ہی شہر میں رہتے ہوئے دو شادیاں کر رکھی ہیں اور دوںوں کو خفیہ رکھنے میں طویل عرصے تک کامیاب رہے۔

    ریکارڈ کے مطابق حالیہ برسوں میں سنتھیا بیک نے لاس اینجلس اور سان فرانسسکو میں کئی جائیدادیں خریدیں۔ انہوں نے چند جائیدادیں جیراڈ سائنز کے ساتھ مل کر بھی خریدیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا بیک اسی گھر میں ہی رہتی ہیں جہاں سے اسلحہ برآمد ہوا یا نہیں۔ بیک کا موقف معلوم کرنے کے لیے ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔

  • ابوظبی پولیس نے 2 ہزار کروڑ درہم مالیت کی منشیات ضبط کرلی

    ابوظبی پولیس نے 2 ہزار کروڑ درہم مالیت کی منشیات ضبط کرلی

    ابوظبی : اماراتی پولیس نے انسداد منشیات مہم کے تحت سال 2018 دوران دو ہزار کروڑ درہم مالیت کی 1 ہزار کلو منشیات ضبط کرکے تلف کی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی کی پولیس نے گزشتہ برس انسداد منشیات مہم کے تحت صرف دارالحکومت میں 2000 کروڑ درہم مالیت کی ڈرگز ضبط کی تھی۔

    ابوظبی پولیس کے ڈائریکٹر جنرل مکتوم علی الشریفی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے ملک بھر میں باالخصوص ابوظبی میں منشیات اسمگلنگ کی روک تھام کےلیے متعدد آپریشن امارات بھر میں کیے ہیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس نے گزشتہ برس اکتوبر میں ایک آپریشن کیا تھا جس میں پولیس نے 17 کلو منشیات ضبط کرکے 5 ایشیائی شہریوں کو گرفتار کیا تھا، ملزمان ملک بھر میں مبینہ طور پر نوجوانوں کو منشیات سپلائی کرتے تھے۔

    الشریفی کا کہنا تھا کہ ’ہم نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف مسلسل ایک طویل جنگ لڑی، ہمارے انسداد اسمگلنگ افسران منشیات اسمگلنگ کی سرگرامیاں کا سراغ لگانے کےلیے جدید ٹیکنالوجی اور منفرد طریقوں کا استعمال کرتے تھے‘۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس نے گزشتہ برس منشیات کی روک تھام کےلیے متعدد مہمات کا آغاز کیا تھا جس میں مہم ’میری زندگی کی کوئی قیمت نہیں‘ بھی شامل تھی۔

    الشریفی نے بتایا کہ منشیات کے خلاف چلائی جانے والے مہمات کا اصل ہدف نوجوان، خاندان اور والدین تھے، پولیس نے اس سلسلے میں کمیونٹی کونسلز، نجی تعلیمی اداروں، اسکول اور عرب و غیر ملکی کمیونٹی کے کلبوں کا دورہ بھی کیا۔

    دبئی : منشیات فروش گروہ گرفتار، بڑی مقدار میں منشیات اور جعلی نوٹ برآمد

    دبئی : 15 سالہ بیٹے کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کرنے والا باپ گرفتار

    پولیس نے منشیات استعمال کرنے والے سینکڑوں افراد کو حراست میں لے کر بحالی مرکز منتقل کیا تاکہ وہ دوبارہ معاشرے کے معزز شہری بن کر عزت کی زندگی گزار سکیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ابوظبی پولیس نے 2017 کی نسبت 2018 جرائم کی شرح میں 3.7 فیصد کمی ریکارڈ کی۔

  • بھارتی الیکشن، ووٹ خریدنے کیلئے رکھی گئی 1 کروڑ روپے سے زائد کی رقم برآمد

    بھارتی الیکشن، ووٹ خریدنے کیلئے رکھی گئی 1 کروڑ روپے سے زائد کی رقم برآمد

    نئی دہلی : بھارت کے عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کی نگرانی ٹیم اور محکمہ انکم ٹیکس کے تامل ناڈو کے ایک حلقے میں مشترکہ چھاپے میں ایک دکان سے ووٹرز میں تقسیم کےلئے رکھے گئے ایک کروڑ 48 لاکھ بھارتی روپے برآمد کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق ان دنوں بھارت میں لوک سبھا کے الیکشن جاری ہیں جس میں کامیابی کےلیے انتخابات میں حصّہ لینے والی سیاسی جماعتیں مختلف ہتھکنڈے اپنا رہی ہیں، بھارتی ریاست تامل ناڈو میں لوک سبھا کے حلقے تھینی میں واقع ایک دکان سے تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے برآمد کیے ہیں جو ووٹرز میں تقسیم کرنے تھے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذکورہ دکان کو مبینہ طور پر تامل ناڈو کی ایک سیاسی جماعت (اے ایم ایم کے) کا ہمدرد چلاتا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق چھاپے کے دوران اس کارروائی پر اعتراض کرنے والے سیاسی جماعت کے ہمدردوں کو منتشر کرنے کےلئے اہلکاروں کو ہوائی فائر بھی کرنے پڑی۔

    سینئر عہدیدار نے بتایا کہ فائرنگ سے کوئی زخمی نہیں ہوا اور سیاسی جماعت کے 4 کارکنان کو اس سے تعلق کے شبے میں گرفتار بھی کیا گیا، ٹیم نے عمارت میں نقد رقم چھپائے جانے کی اطلاع پر چھاپہ مارا تاہم دکان کا مالک موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    حکام کے مطابق قبضے میں لی گئی نقد رقوم کے پیکٹس پر ووٹرز کے نام، وارڈ نمبر درج تھے اور ہر پیکٹ پر 3 سو بھارتی روپے لکھا گیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے غیر قانونی رقم کے ذریعے ووٹرز کو لالچ دینے کے الزام پر ویلور کے پارلیمانی حلقے میں بھی انتخابات ملتوی کردیے تھے۔

    مزید پڑھیں : بھارت میں انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ووٹنگ جاری

    یاد رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کے لیے پولنگ کے دوسرے مرحلے میں (آج) ووٹنگ کا عمل جاری ہے، ملک کی 13 ریاستوں کی 97 نشستوں پر عوام اپنے ووٹ کا حق استعمال کررہے ہیں۔ انتخابات میں 90 کروڑ ووٹر حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں، یہ تعداد امریکا اور یورپی یونین کی مجموعی آبادی سے بھی زیادہ ہے۔

    خیال رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کی 543 نشستوں کے لیے مرحلہ وار انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے، اب تک ایک مرحلہ ہوا جس میں دورانِ ووٹنگ پرتشدد واقعات میں 4 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔