Tag: selab

  • حکمران بھی سیلاب کی طرح کا ایک عذاب ہیں، طاہرالقادری

    حکمران بھی سیلاب کی طرح کا ایک عذاب ہیں، طاہرالقادری

    لاہور : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں سیلاب اور بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران بھی سیلاب کی طرح کا ایک عذاب ہیں، جب تک یہ مسلط رہیں گے، غریب کاشتکاروں کو سیلاب کی تباہی سے نجات نہیں ملے گی۔

    لاہور میں پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ سب سے بڑی کرپشن بند تعمیر کرنے اور سیلاب کی روک تھام کے نام پر ہو رہی ہے۔ مٹی کے ڈھیر اکٹھے کر کے انہیں بند کا نام دے دیا جاتا ہے جو سیلاب کے پہلے ریلے کے ساتھ بہہ جاتے ہیں۔

    کسی غیر ملکی فرم سے ان بندوں کا تکنیکی معائنہ کروا لیا جائے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال حکومتی سرپرستی رکھنے والے بااثر خاندان اپنے اثاثے بچانے کیلئے غریب کاشتکاروں کو ڈبو دیتے ہیں۔

    ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حکمران ہر سال سیلاب زدہ علاقوں میں صرف تصویریں بنوانے جاتے ہیں اور جھوٹے وعدے کر کے واپس آ جاتے ہیں۔

    مظفر گڑھ کے علاقے رنگ پور کی مثال سب سے کے سامنے ہیں جہاں وزیراعلیٰ پنجاب نے گزشتہ سال فوٹوسیشن کرواتے ہوئے بند تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر آج تک عملدرآمد نہیں ہوا اور وہاں کے عوام سراپا احتجاج ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے لیہ ،مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے لاکھوں غریب کاشتکار خاندانوں کو سیلاب کی بے رحم موجوں کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے ۔ ہر سال سیلاب آتے ہیں جو حکمرانوں کے کاغذی منصوبوں کو اپنے ساتھ بہا لے جاتے ہیں۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ گزشتہ 10سال میں سیلاب کی روک تھام کیلئے غیر ملکی بینکوں اور ڈونرز سے ملنے والے رقوم اور فنڈز کا آڈٹ کروایا جائے۔

  • سیلاب متاثرین کوریلیف نہیں مل رہا، میاں محمودالرشید

    سیلاب متاثرین کوریلیف نہیں مل رہا، میاں محمودالرشید

    لاہور: قائدِحزبِ اختلاف پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دوروں کے نام پروزیرِاعلیٰ پنجاب ہیلی کاپٹر کے پیٹرول کی مدمیں روزانہ 50لاکھ روپے سے زائد رقم اڑا رہے ہیں۔

    وزراءاور سیکرٹریوں کے دوروں کے اخراجات اس کے علاوہ ہیں۔ پنجاب میں آنے والے سیلاب پر حقائق نامہ دوئم جاری کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ان دوروں کے نتیجے میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں مل رہا بلکہ عوام کے اشتعال اورغم و غصہ میں اضافہ ہورہا ہے۔

    انہوں نے کہاکہ وزیرِاعلیٰ اوروزراءدورے بند کرکے رقم بھوکے، پیاسے اور کھلے آسمان کے نیچے بیٹھے ہوئے ہزاروں خاندانوں کی خوراک اور صاف پانی کی فراہمی پر خرچ کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیرِاعلیٰ تنہا ہیلی کاپٹر میں جاتے ہیں ، نہ وہ اپنے ساتھ کوئی خوراک لے کر جا سکتے ہیں اورنہ ہی سیلاب میں ڈوبے ہوئے کسی شخص کو بچاسکتے ہیں ، وہ محض فوٹو سیشن اور معطل کرنے کا شوق پورا کرنے کیلئے جاتے ہیں۔

    میا ں محمود الرشید نے کہا کہ عوام نے چیف منسٹرسیلاب فنڈ مسترد کردیا، کوئی پیسہ جمع کروانے کیلئے تیارنہیں، اب سرکاری ملازمین کو ایک دن کی تنخواہ چیف منسٹر فنڈ میں جمع کروانے کیلئے کہا جارہا ہے۔

  • پاک فوج کی سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری

    پاک فوج کی سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری

    ملتان: سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک افواج کی امدادی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں ۔جنوبی پنجاب میں پاک فضائیہ چھ ہیلی کاپٹرز اور دیگر امدادی سامان کے ساتھ سیلاب زدہ علاقوں میں دن رات سر گرم عمل ہے۔

    تاریخ کا بد ترین سیلاب بالائی پنجاب کے بعد اب جنوبی پنجاب میں تباہی مچا رہا ہے۔ہمیشہ کی طرح پاک افواج اپنے متاثرہ ہم وطنوں کی مدد کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں ۔

    بری، بحری اور فضائی افواج کے جوان سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کام سر انجام دے رہے ہیں، پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ کی ہدایت پر چھ ہیلی کاپٹرز ملتان،احمد پور سیال اور مظفر گڑھ کے علاقوں میں ریسکیو آپریشن سرانجام دے رہے ہیں ۔

    ہیلی کاپٹرز کی مدد سےسینکڑوں متاثرین سیلاب کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے،جبکہ پچیس ہزار کلو گرام سے زائد کھانے پینے کی اشیاءسیلاب زدگان تک پہنچا ئی جا چکی ہیں۔

    پاک آرمی اور بحریہ کے جوان بھی سیلاب زدہ علاقوں سے لوگوں کو ریسکیو کررہے ہیں،رسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے رضاکاروں کی جانب سے بھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

  • وفاقی کابینہ کا اجلاس:سیلاب کیلئے بیرونی امداد نہ لینےکا فیصلہ

    وفاقی کابینہ کا اجلاس:سیلاب کیلئے بیرونی امداد نہ لینےکا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے سیلاب سے نمٹنے کے لئے بیرونی امداد نہ لینےکا فیصلہ کرلیا ہے، اجلاس میں وزراء بجلی کی اووربلنگ پر پھٹ پڑے، وزیراعظم کی زیرِصدارت وفاقی کابینہ کااہم اجلاس ہواجس میں امن وامان اورسیلابی صورتحال سمیت مختلف امورزیرغورآئے۔

    اجلاس میں سیلاب متاثرہ علاقوں کےعوامی نمائندوں پرمشتمل کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو ریلیف کےلیے تجاویزدے گی ساتھ یہ بھی طے ہوا کہ اس مرحلے پرعالمی امداد نہیں لی جائے گی اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا سیلاب سے پنجاب کے دس اضلاع متاثر ہوئے۔،

    سیلاب کے باعث جھنگ، چنیوٹ اورحافظ آباد میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی ، سیلابی ریلوں سے دو سو چوہتر افرادجاں بحق ہوگئے جبکہ تنتالیس ہزارگھروں کو نقصان پہنچا اور گیارہ لاکھ افراد متاثر ہوئے۔ اجلاس میں ریلیف کوششوں پرمسلح افواج سمیت مختلف محکموں خصوصا ریکسیو ڈبل ون ڈبل ٹوکےکردار کو سراہا گیا۔

    وزیر اعظم نے خطاب میں کہا کہ سیلاب اوربارشوں کے سبب ہونے والے نقصان  کو کم کرنے پر سرمایہ کاری ہونی چاہیئے، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ جو رقم معاوضے اورتعمیرِنو پرخرچ ہورہی ہے وہ سیلاب سے بچاؤ کی تدابیرپرلگائی جائے ۔

    کابینہ میں بجلی چوروں کی سزاؤں میں اضافےکا بل بھی پیش کیاگیا، اس موقع پروفاقی وزراء بلوں میں اضافے پر پھٹ پڑے، وزراء نے شکوہ کیا۔

        وزراء کاکہنا تھا کہ بجلی کے بل عوام کی برداشت سے باہر ہو چکے ہیں جس پر وزیراعظم نےنوٹس لیتے ہوئےتحقیقاتی کمیٹی قائم کردی۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں  پاکستان تحریک ِ انصاف دھرنادینے والوں سے نمٹنے کے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیاجاسکا۔

  • شکارپورمیں سیلاب متوقع،مکینوں کی محفوظ مقام پرمنتقلی

    شکارپورمیں سیلاب متوقع،مکینوں کی محفوظ مقام پرمنتقلی

    جعفرآباد: شکارپور میں کچےکےمکینوں کومحفوظ مقام پر منتقلی کرنے کی ہدایت جاری کردی گئیں ہیں، جبکہ جعفرآبادجیل سے ایک سوبیس قیدیوں کومچھ منتقل کیا جارہا ہے۔

    پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریوں سےلاکھوں افراد بے گھر ہوگئے ہیں ادھرسندھ کےعلاقے شکارپور میں سیلاب کے خطرے کے پیشِ نظر کچےکے علاقے میں رہنے والوں کومحفوظ مقام پرمنتقل ہونے کی ہدایت جاری کردی گئیں ہیں۔

    دوسری جانب اسپتالوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے عملے کی چھٹیاں منسوخ کرکے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ سندھ میں سیلاب کے خدشے کے پیشِ نظربلوچستان میں سندھ سے متصل علاقے جعفرآبادمیں واقع جیل میں بھی سیلابی پانی جانے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے ۔

    سیلاب سے متاثر ہونے کے خطرے کے باعث جعفرآبادجیل سے ایک سو بیس قیدیوں کو مچھ منتقل کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔

  • ممکنہ سیلاب : سکھرمیں حفاطتی انتظامات مکمل کرلئے گئے

    ممکنہ سیلاب : سکھرمیں حفاطتی انتظامات مکمل کرلئے گئے

    سکھر :ممکنہ سیلا ب سے نمٹنے کے لئے سکھر بیراج پرحفاظتی انتظاما ت مکمل کر لئے گئے ہیں ،اندازے کے مطا بق پا نچ سے سات لا کھ کیو سک کا سیلابی ریلا سکھر بیراج سے بخیر و عافیت گزرجا ئے گا۔

    ایگزیکیٹو انجینئر ایریگیشن ظریف کھیرو کے مطابق پنجاب کی جانب سے آنے والے سیلابی ریلے کے لئے بندوں اور پشتوں کی خصوصی نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ ایر یگیشن عملے کی چھٹیاں منسوخ کر کے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، یہ با ت چیف انجئنیر ظریف کھیرو نے اے آروآئی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا مز ید کہنا تھا کہ توڑی بند اور قر یشی بند کو حساس قرار دیئے جا نے کی وجہ سے وہاں خصوصی نگرا نی جا رہی ہے۔

  • سندھ میں ممکنہ سیلاب، وزیرِ اعلیٰ نے حفاظتی اقدامات ناکافی قرار دے دئیے

    سندھ میں ممکنہ سیلاب، وزیرِ اعلیٰ نے حفاظتی اقدامات ناکافی قرار دے دئیے

    کندھ کوٹ :وزیرِاعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نےقادرپورلوپ بند پرکئے گئے حفاظتی کارروائیوں کو غیر تسلی بخش قراردےدیا، وہ ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر اقدامات کا جائزہ لینے  کے لئے کندھ کوٹ کشمورکاایک روزہ دورہ کر رہے تھے۔

    پنجاب میں غیر معمولی بارشوں کے پیش نظردریاؤں میں طغیانی ہے جبکہ سندھ میں بھی سیلاب کے خطرات منڈلانے لگے جس کی پیش رفت کے لئے وزیراعلیٰ سندھ نے گڈو بیراج، کے ٹوڑی  بند اوراولڈ ٹوڑی بند کا معائنہ کیا۔

    وزیراعلیٰ نے قادرپور لوپ بند پر حفاظتی اقدامات کو غیر تسلی بخش قراردیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سیلاب کے بعد محکمہ آبپاشی کو بے حساب فنڈز فرا ہم کئے گئے تھےمزید فنڈز آڈٹ کے بعدجاری کیے جائیں گے۔

    آبپاشی عملے نے دورے کے دوران وزیراعلیٰ کوسیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کےلئے  کئے گئے اقدامات کے متعلق بریفنگ دی، کندھ کوٹ کے قریب گاؤں جام صوہارواور گھوڑا گھات بندسمیت نو مقامات کوحساس قراردےدیاگیا۔

  • سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری

    سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری

     چینیوٹ: پاکستان نیوی کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیوآپریشن تیزی سے جاری ہے۔ اے آر وائی کی نشاندہی پر پاک فوج کے جوان چینیوٹ میں محصور لوگوں کو نکالنے کے لیے روانہ ہوئے۔ پاک فوج اور پاک بحریہ کی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔

    ترجمان پاک بحریہ کےمطابق ریسکیو ٹیمیں کھنہ پل کے علاقے میں پہنچ گئی ہیں ۔ جہاں سیلاب سے متاثرہ افراد کو ریسکیو کیا جا رہا ہے ۔پاک بحریہ کے جوان برساتی نالوں میں پھنسے افراد کو ہیلی کاپٹر اور کشتیوں کے ذریعے نکال رہے ہیں ۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کی سرچ اینڈ ریسیکیو ٹیمیں ضروری سازوسامان سے لیس ہیں۔اور ماہر غوطہ خور بھی ریسکیو ٹیموں کا حصہ ہیں، سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے پاک بحریہ کی ریسکیو ٹیموں کے ساتھ میڈیکل ٹیمیں بھی متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہیں۔

  • آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ اورچھتیں گرنے سے باسٹھ افراد ہلاک

    آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ اورچھتیں گرنے سے باسٹھ افراد ہلاک

    آزاد کشمیر:طوفانی بارشوں اورسیلابی صورتحال نے آزاد کشمیرمیں تباہی مچادی ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ اورچھتیں گرنے سے مرنےوالوں کی تعداد باسٹھ ہوگئی جبکہ سوسے زیادہ زخمی ہیں ۔ طوفانی بارشوں نے آزاد کشمیراورگلگت بلتستان میں لوگوں شدید مشکلات میں مبتلاکردیا۔ مسلسل بارشوں سےسیلابی صورتحال کا سامنا ہے ۔

    پانی کی بپھری لہروں سے کئی مقامات پر بند ٹوٹ گئے جس سے قریبی آبادیاں زیر آب آگئیں۔ایس ڈی ایم اے کے سیکر یٹری اکرم سہیل کے مطابق بارشو ں اور سیلابی پانی سے سے چار ہزار سے زائد مکانات تباہ اور دیگر املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ پندرہ سے زائد چھوٹے بڑے پل اوردس ہائیڈرل پاور پروجیکٹ بھی بے رحم موجوں سے تباہ ہوگئے۔

    ایس ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں اورسیلابی پانی سے آزاد کشمیرکی شاہرا ہوں کا دوارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان کے مطابق اضلاع کے اسسٹنٹ کمشنرزکےدفاترمیں کنٹرول روم قائم کردیئےگئےہیں۔

    گلگت اورآزاد کشمیرمیں انتظامیہ کی جانب سے امدای کاروئیاں جاری ہیں۔۔ شدید بارشوں اورندی نالیوں میں طغیانی کے باعث ریسکیواداروں کوامدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔آزاد کشمیر کے ڈسٹرکٹ باغ حویلی کے گاؤں خورشید آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث دو مکان تباہ ہو گئے۔

  • دھرنے والے متاثرینِ سیلاب کی امداد کیلئےحکومت کاساتھ دیں،وزیراعظم

    دھرنے والے متاثرینِ سیلاب کی امداد کیلئےحکومت کاساتھ دیں،وزیراعظم

    سیالکوٹ :وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ دھرنا دینے والے متاثرینِ سیلاب کی امداد کیلئےحکومت کاساتھ دیں،وزیراعظم نے سیالکوٹ میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لیااورامدادی سرگرمیوں کامعائنہ کیا۔،

    بھارت کی آبی جارحیت اور شدیدبارشوں سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال  کا جائزہ لینے کے لئےوزیراعظم میاں محمد نواز شریف متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئے۔ وزیراعظم سیالکوٹ پہنچے تو وزیردفاع خواجہ آصف بھی ان کے ہمراہ تھے۔وزیراعظم کے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے دوران خواجہ آصف گاڑی ڈرائیو کرررہے تھے۔

    وزیراعظم متاثرہ علاقوں میں شہریوں سے ملے اور ان کی مشکلات دریافت کیں اس موقع پر وزیراعظم نے دھرنا دینے والوں سے اپیل کی کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین سیلاب کا ساتھ دیں۔ وزیراعظم نے سیالکوٹ اور نارووال سمیت متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔وزیراعظم کے دورے کے موقع پر سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی۔