Tag: Self defense

  • لڑکیوں کیلیے ’سیلف ڈیفنس‘ کیوں ضروری ہے؟

    لڑکیوں کیلیے ’سیلف ڈیفنس‘ کیوں ضروری ہے؟

    مرد ہوں یا خواتین موجودہ دور میں ہر شہری کو سیلف ڈیفنس کی تربیت حاصل کرنا لازمی ہے کیونکہ اس تربیت سے خود اعتمادی میں اضافہ اور مشکل حالات سے مقابلہ کرنے کی ہمت بھی پیدا ہوتی ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ماہر سلیف ڈیفنس ٹرینر زینب بروہی نے مارشل آرٹ کی اہمیت اور اس کی افادیت سے ناظرین کو آگاہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ عام طور پر خواتین کیلئے طاقتور ہونا اتنا اہم نہیں جتنا سیلف ڈیفینس کی تکنیک کو جاننا ضروری ہے کیونکہ سیلف ڈیفینس سے وہ باآسانی اپنا بچاؤ اور صورتحال کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی ہمت بھی کرسکتی ہیں۔

    زینب بروہی کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ آفس سے واپسی پر رش کے باوجود ایک شخص میرے قریب سے گزرا اور اس نے میرے جسم کو بیڈ ٹچ کرنے کو شش کی اور تیزی سے گزر گیا ایک لمحے کے لیے میرا دماغ سن ہوگیا اور میں سکتے میں رہ گئی۔

    اب میری شخصیت میں بہت اعتماد آچکا ہے، اس واقعہ نے مجھے اس قابل بنا دیا ہے کہ کسی کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کرسکتی ہوں اور اب کوئی میرے ساتھ کسی بھی قسم کی غلط حرکت کرنے کی کوشش بھی کرے تو اس سے باآسانی نمٹ سکتی ہوں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اب میں نہ صرف خود اس قابل ہوں بلکہ ایک تنظیم کے تحت 1200 لڑکیوں کو بائیک رائیڈنگ اور سیلف ڈیفنس کی تربیت بھی دے چکی ہوں۔

  • سیلف ڈیفنس : حملے کی صورت میں ہاتھ اور بال چھڑانے کے طریقے

    سیلف ڈیفنس : حملے کی صورت میں ہاتھ اور بال چھڑانے کے طریقے

    پاکستان میں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی اور چھیڑ چھاڑ کے واقعات کے تناظر میں خواتین کے سیلف ڈیفنس کی تربیت حاصل کرنے کا رجحان فرغ پا رہا ہے۔

    بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں خواتین چاہے اپنے اہل خانہ کے ساتھ ہوں یا اکیلی کہیں جارہی ہوں انہیں کسی نہ کسی صورت میں ہراسانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    کراٹے ٹرینرز نے بھی اپنے کورسز میں خواتین کے لیے سیلف ڈیفنس تکنیک اور اغواء و ریپ کی صورت حال سے نمٹنے کے طریقے سکھانا شروع کر دیے ہیں۔

    کراچی میں واقع دی فورج اکیڈمی کے ٹرینر بلال اپنی اکیڈمی میں خواتین اور بچوں کو سیلف ڈیفنس کی خصوصی تربیت دیتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ میں مارشل آرٹ اور سیلف ڈیفنس دونوں کو ساتھ لے کر چلتا ہوں۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرینر بلال نے کہا کہ سیلف ڈیفنس کے پانچ آسان طریقے ہیں جن کے ذریعے خواتین گھریلو تشدد یا ریپ کی کوشش یا کسی بھی حملے کی صورت میں خود اپنا بچاؤ کرسکتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نجی اور سرکاری اسکولوں میں بھی سیلف ڈیفنس کورس متعارف کرانے چاہیئں، جس میں اچانک حملے کی صورت میں ہاتھ اور بال چھڑانے کا طریقے سکھائے جائیں۔

    1- ہینڈ گریب یا ہاتھ چھڑانے کا طریقہ

    احمد کے مطابق عام طور پر خواتین کو روکنے کے لیے یا انہیں ہراساں کرنے کے لیے سب سے پہلے ان کا ہاتھ یا بازو پکڑا جاتا ہے۔ ہاتھ پکڑے جانے کی صورت میں خواتین حملہ آور کے ہاتھ کے انگوٹھے کی جانب سے اپنا ہاتھ ایک جھٹکے سے با آسانی چھڑا سکتی ہیں۔

    2- ہیئر گریب یا بال چھڑانے کا طریقہ

    یہ ترکیب تب استعمال کی جاسکتی ہے جب آپ کے بال پیچھے سے پکڑے جائیں۔ خیال رکھیں کہ بال چھڑانے کے لیے حملہ آور سے دور نہ جائیں، اس سے بال اور کھنچیں گے بلکہ تھوڑا سا پیچھے ہو کر حملہ آور کے قریب ہو کر اس کا ہاتھ پکڑیں۔ منہ پر کہنی ماریں اور پیٹ میں کئی بار ٹانگ مار کر خود کو چھڑا لیں۔

    3- بیئر ہگ یا پیچھے سے پکڑے جانے سے بچاؤ

    اس تکنیک میں ضروری ہے کہ آپ ہلکی سی چھلانگ لگا کر نیچے جھکیں اور حملہ آور کے ہاتھوں کی گرپ توڑیں۔

    4- نیک چوک یا گلہ دبانے سے بچاؤ

    اس تکنیک میں ضروری ہے کہ حملہ آور کے ہاتھ کو مضبوطی سے پکڑیں اور جھٹکے سے چھڑائیں۔

    5- ریپ اسکیپ یا ریپ سے بچاؤ

    اس تکنیک کے ذریعے خواتین اپنے اوپر چڑھ کر حملہ کرنے والے شخص سے خود کو بچا سکتی ہیں۔ ضروری ہے کہ اپنے ایک ہاتھ سے پہلے حملہ آور کی گردن پھر ایک ٹانگ سے اس کے پیٹ کو روکا جائے۔ آخر میں منہ پر کئی بار پیر مار کر خود کو چھڑا لیا جائے۔