Tag: selfie

  • پاکستانی صحافی زینب عباس کی سیلفیوں نے تہلکہ مچا دیا

    پاکستانی صحافی زینب عباس کی سیلفیوں نے تہلکہ مچا دیا

    کراچی : پاکستانی صحافی زینب عباس کی سیلفیوں کے چمپیئنز ٹرافی میں خوب چرچے ہورہے ہیں، ان کے ساتھ سیلفی لینے والا کسی بھی ٹیم کا کپتان اگلی گیند پر ہی آؤٹ ہوجاتا ہے اور نہ صرف آؤٹ بلکہ وہ ٹیم ہی میچ ہار جاتی ہے، زینب کو بھارت میں پنوتھی کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کی اسپورٹس اینکر زینب عباس نے بھارت اور سری لنکا کے میچ میں ویرات کوہلی کے ساتھ سیلفی لی اور پھر اسے سوشل میڈیا پر شیئر کردیا، اس کے بعد پاکستان اور جنوبی افریقہ کے میچ سے قبل انہوں نے انگلش کپتان اے بی ڈیویلئر کے ساتھ بھی سیلفی لی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔

    ان سیلفیوں کے بعد بھارت کی ٹیم سری لنکا سے ہار گئی، پھر اسی طرح جنوبی افریقہ کی ٹیم بھی پاکستان کیخلاف اپنے اہم میچ میں شکست سے دوچار ہوئی جس پر سوشل میڈیا پر لوگوں نے بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کی شکست کو ان سیلفیوں کی وجہ قرار دیا۔

    شائقین کرکٹ نے مطالبہ کیا کہ زینب عباس پاکستان اور سری لنکا کے میچ سے قبل سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز کے ساتھ بھی سیلفی لیں، زینب عباس نے ایسا ہی کیا اور اینجلو میتھیو کے ساتھ سیلفی لے کر اسے سوشل میڈیا پر جاری کردیااور پیغام لکھا کہ میں نے تو اپنا کام کردیا اب باقی ذمہ داری پاکستان ٹیم پر عائد ہوتی ہے۔

    پھر وہی ہوا جس کا ڈر تھا، سری لنکا کی ٹیم بھی پاکستان کے ہاتھوں اہم میچ گنوا بیٹھی، شائقین نے زینب عباس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ زینب کی سیلفی نے اپنا کام کر دکھایا۔

    اب دیکھنا یہ ہے کہ چمپیئنزٹرافی کے فائنل میں ویرات کوہلی کی پچھلی سیلفی کام آجائے گی یا زینب کو ایک بارپھر ویرات کوہلی کے ساتھ سیلفی بنانی پڑے گی۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے زینب عباس کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں پتہ یہ سب کیا ہے پر مجھے تو ہنسی آتی ہے، بہر حال یہ سب محض اتفاق ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں تو یہ کہو گی کہ اب پاکستان ٹیم کو میری سیلفی کی ضرورت بھی نہیں ہے، ایک موقع پرسری لنکا کے صحافیوں نے مجھے کہا کہ تم ہمارے کیپٹن سے دور رہو، زینب نے بتایا کہ بھارت میں مجھے پنوتھی کہا جاتا ہے کیونکہ شاید میں کالا جادو کرتی ہوں۔

  • سیلفی لینے کی کوشش: دو نوجوان بھائی نہر میں ڈوب کر جاں بحق

    سیلفی لینے کی کوشش: دو نوجوان بھائی نہر میں ڈوب کر جاں بحق

    گجرات: کولیاں شاہ حسین کے قریب واقع اتوال نہر میں سیلفی لینے کی کوشش کے دوران دو بھائی نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سیلفی لینے کے شوقین افراد اپنے بہادری ظاہر کر لوگوں سے داد وصول کرنے کے چکر میں خطرناک مقامات پر سیلفیاں لینے سے گریز نہیں کرتے یہی وجہ ہے کہ گزشتہ چار برسوں میں سلیفی لینے کی کوشش کےدوران کئی افراد قیمتی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    نمائندہ اے آر وائی عامر بٹ کے مطابق گجرات کے علاقے کولیاں شاہ حسین کے قریب واقع اتوال نہر میں تفریح کے لیے آئے ہوئے دو نوجوانوں شیراز اور شمریز نے سیلفی لینے کی کوشش کی ۔

    پڑھیں: ’’ سیلفی کا بخار، گوجرانوالہ کی 2طالبات کو زخمی کردیا ‘‘

    تصویر لینے کے دوران شیراز نامی نوجوان پاؤں پھسلنے کی وجہ سے نہر میں گر گیا جسے بچانے کے لیے اُس کا بھائی شمریز نے بھی چھلانگ لگا دی تاہم زرا سی دیر میں دونوں نوجوان اپنے حواس پر قابو نہ رکھ سکے اور جاں بحق ہوگئے۔

    ویڈیو دیکھیں

    مقامی افراد نے نوجوانوں کے ڈوبنے کی اطلاع ریسکیو ادارے کو دی تو اہلکار چار گھنٹے کی مسلسل تلاش کے بعد دونوں کی نعشیں ڈھونڈنے میں کامیاب ہوئے اور  انہیں نکال کر اسپتال منتقل کیا۔

  • بدنما تصاویر کو خوبصورت بنانے والی ایپ

    بدنما تصاویر کو خوبصورت بنانے والی ایپ

    ویسے تو آج کل بدنما تصاویر اور سیلفیز کو خوبصورت بنانے والی بے شمار ایپس دستیاب ہیں لیکن حال ہی میں امریکی سافٹ ویئر کمپنی ایڈوب نے تصاویر کو خوبصورت بنانے والی ایک نئی ایپ تیار کی ہے جو حیران کن نتائج کی حامل ہے۔

    یہ ایپ نہایت آسان طریقہ کار کے ذریعہ آپ کی تصویر میں آپ کی پسند کی تبدیلیاں کر سکتی ہے۔

    فی الحال اس ایپ کو کوئی نام نہیں دیا گیا۔

    ایڈوب کے مطابق اس ایپ کے ذریعے ایک عام سی سیلفی میں ضروری تبدیلیاں لا کر اسے ایک پروفیشنل فوٹوگرافر کی کھینچی گئی تصویر میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

    اس ایپ میں کئی ایسے فیچر موجود ہیں جو اس سے پہلے بھی دیگر فوٹو ایڈیٹنگ ایپس میں موجود ہیں، اور ان میں مزید فیچرز کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔

    اس ایپ پر ابھی مزید کام جاری ہے اور بہت جلد اسے پلے اسٹور پر پیش کردیا جائے گا۔

  • دس روز قبل ڈوبنے والا نوجوان ڈرامائی انداز میں گھر پہنچ گیا

    دس روز قبل ڈوبنے والا نوجوان ڈرامائی انداز میں گھر پہنچ گیا

    سکھر: دریائے سندھ میں گرنے والا نوجوان 10 دن بعد خود ہی گھر پہنچ گیا، اہل خانہ کو خوشگوار حیرت ہوئی۔ آصف جمیل سیلفی لیتے ہوئے لینس ڈاؤن برج سے دریا میں جا گرا تھا۔ نوجوان کا کہنا ہے کہ دریا میں گرنے کے بعد آنکھ کھلی تو خود کو جنگل میں پایا۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر کا رہائشی نوجوان آصف جمیل چار جنوری کو سیلفی بنانے کے دوران لینس ڈاؤن پل انڈس واٹر سے دریا میں جاگرا تھا.

    اہل خانہ دس روز تک اسے مختلف مقامات پر تلاش کرتے رہے لیکن نہیں ملا، جبکہ جائے وقوعہ پر دو روز تک غوطہ خوروں نے بھی ڈوبنے والے نوجوان کی تلاش جاری رکھی تھی۔ لیکن ان کو بھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا.

    آصف جمیل کا کہنا ہے کہ چار جنوری کو میں اپنی بیوی اور بیٹی کے ساتھ تفریح کی غرض سے لینس ڈاؤن پل پر تھا، سیلفی بناتے ہوئے دریا میں گرا تو اس کے بعد مجھے کچھ پتا نہیں چل سکا اور جب میری آنکھ کھلی تو خود کو ایک جنگل میں پایا، تو وہاں موجود مچھیروں نے مجھے طبی امداد دی.

    آصف جمیل جیسے ہی گھر پہنچا تو اپنی بیٹی سے لپٹ کر خوب رویا ، گھر والوں کا کہنا ہے کہ آصف کا واپس آنا کسی معجزہ سے کم نہیں۔

  • نوازشریف کی موجودگی میں پارلیمنٹ میں نہیں آئیں گے، عمران خان

    نوازشریف کی موجودگی میں پارلیمنٹ میں نہیں آئیں گے، عمران خان

    پشاور: عمران خان پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شریک نہیں ہوئے، انہوں نے کہا کہ جب تک نوازشریف پارلیمنٹ میں ہیں تحریک انصاف کے ارکان نہیں آئیں گے۔

    پشاور میں میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اپنے موقف پر ڈٹے رہے اور صاف کہہ دیا کہ جب تک وزیر اعظم نواز شریف پارلیمنٹ میں ہیں، تحریک انصاف پارلیمنٹ کا رخ نہیں کرے گی۔

    تحریک انصاف نے پارلیمنٹ میں نہ جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان یا پی ٹی آئی کا کوئی بھی رکن ایسی پارلیمنٹ میں پیش نہیں ہوگا جس کے وزیراعظم نواز شریف ہیں۔

    عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شریک جماعتوں سے بھی شکوہ کیا، ان کا کہنا تھا سب بیٹھ کراس وزیر اعظم کی تقریر سن رہے ہیں جو کرپشن کے جواب نہیں دے رہا۔

    چیرمین تحریک انصاف نے ایک بر پھر اپنا مطالبہ دہرایا کہ وزیراعظم یا تو احتساب کے لیے پیش ہوں یا پھر استعفی دیکر گھر چلے جائیں۔

  • عمران خان بھی سیلفی کے شوقین نکلے، دوستوں سے ملاقاتیں

    عمران خان بھی سیلفی کے شوقین نکلے، دوستوں سے ملاقاتیں

    اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سیلفی کے شوقین نکلے۔ نتھیا گلی میں وسیم اکرم سے ملاقات پر خوب تصویریں بنوائیں۔

    تفصیلات کے مطابق سیلفیوں کاذوق اور دوستوں سے ملاقاتوں کا شوق کپتان کو نتھیا گلی لے گیا، رائیونڈ مارچ کی تھکن اتارنے کیلیے تین روز سے پر فضا مقام پر موجو د عمران خان نے پرانے دوستوں کو بھی بلا لیا۔

    سابق ٹیسٹ کرکٹر وسیم اکرم اپنی اہلیہ شنیرہ کے ہمراہ کپتان کے پاس پہنچے۔ جہاں سابق کرکٹر ذاکر خان اور گلوکار سلمان احمد بھی موجود تھے، اسلام آباد کانفرنس کے بعد میڈیا اور عوام کی نگاہیں عمران خان کو ڈھونڈتی رہ گئیں مگر کپتان نے پرانے دوستوں سے ملاقات میں وقت گزارا۔ گپ شپ لگائی۔

    کپتان سیاسی سرگرمیاں چھوڑ چھاڑ نتھیا گلی میں مزے کر تے کپتان نے وسیم اکرم اور دیگر دوستوں کے ساتھ خوب سیفلیاں بنوائیں اور پرانی یادیں تازہ کیں۔

    بعد ازاں عمران خان کے بلاوے پر شاہ محمود قریشی بھی نتھیا گلی پہنچ گئے اور انہیں پارلیمانی جماعتوں کی کانفرنس کے اعلامیے سے آگاہ کیا۔

     

  • تاج محل میں جاپانی سیاح ’’سیلفی پکچر‘‘ لینے کے دوران جاں بحق

    تاج محل میں جاپانی سیاح ’’سیلفی پکچر‘‘ لینے کے دوران جاں بحق

    نئی دہلی: بھارت میں ایک جاپانی سیاح محبت کی یادگار تاج محل کی سیاحت کے دوران دورہ قلب کے سبب انتقال کرگیا۔

    آگرہ کے ٹورسٹ پولیس اسٹیشن کے انچارج کے مطابق 66 سالہ جاپانی سیاح اپنے تین ساتھیوں اورمقامی گائیڈ کے ہمراہ عظیم تاج کے دورے پر تھا کہ سیڑھیاں چڑھتے ہوئے گرگیا۔

    پولیس کے مطابق سیاح کا نام ’’ہیدیتو اویدا‘‘ بتایا گیا ہے، اسے اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ دورے کی شدت سے جانبر نہ ہوسکا۔

    پوسٹ مارٹم کی رپورٹ سے تصدیق ہوئی ہے کہ سیاح کو دل کا دورہ پڑا تھا، پولیس کے مطابق جاپانی سفارت خانے کو اس سانحے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔

    برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق ایک عینی شاہد ساگرسنگھ کا کاکہنا ہےکہ جاپانی سیاح تاج محل کے شاہی دروازے کے نزدیک سیلفی لے رہا تھا کہ یکدم فرش پرگرگیا۔

    بھارت کے قرونِ وسطیٰ کی عظمت کی شاندار یادگارتاج محل مغل شہنشاہ شاہجہاں نے اپنی چہیتی ملکہ ممتازمحل کی یاد میں 1631ء میں تعمیر کروایا تھا، جہاں روزانہ 12 ہزار سے زائد ملکی اورغیرملکی سیاح محبت کی اس لازوال یادگارکو خراجِ تحسین پیش کرنے آتے ہیں۔

  • جوانی پھرنہیں آنی، کاسٹ کی کافی شاپ میں مداحوں سے ملاقات

    جوانی پھرنہیں آنی، کاسٹ کی کافی شاپ میں مداحوں سے ملاقات

    کراچی: اے آروائی فلمزاورسکس سگما پلس کی جانب سے پیش کی جانے والی فلم جوانی پھرنہیں آنی کی کاسٹ کراچی کی مقامی کافی شاپ پہنچ گئی۔

    اے آروائی اورسکس سگما پلس کی جانب سے پیش کی جانے والی فلم جوانی پھرنہیں آنی کی کاسٹ نے کراچی کے علاقے ڈیفینس میں واقع نیویارک کافی شاپ کا دورہ کیا۔

    شہریوں نے فلم کی کاسٹ کے ساتھ سلفیاں اورتصویریں بھی بنوائیں اس موقع پرفلم کی کاسٹ کا کہنا تھا کہ فلم جوانی پھر نہیں آنی ایک تفریح سے بھرپورفلم ہے جو کہ عیدالالضحی کے موقع پرملک بھرمیں ریلیز کی جائے گی۔

    فلم کی کاسٹ میں عائشہ خان، مہوش حیات، سوہا علی ابڑو، ثروت گیلانی، حمزہ علی عباسی، ہمایوں سعید، واسع چوہدری اور احمد علی بٹ شامل ہیں اور یہ فلم بلا شبہ فلمی دنیا کے روشن ترین ستاروں پر مشتمل ہے اور اس میں وہ سب کچھ ہے جو کہ کوئی بھی فلم بین دیکھنا چاہتا ہے۔

  • فلم اوینجر کے ہیرو نے سندھی اجرک پہن لی

    فلم اوینجر کے ہیرو نے سندھی اجرک پہن لی

    کراچی :  اوینجر کے اداکار مارک رفلو نے سندھی اجرک پہن کر سیلفی بنائی۔

    تفصیلات کے مطابق ہالی ووڈ کی مشہور زمانہ فلم اوینجر کے اداکار مارک رفلو سوشل میڈیا کی ویب سائٹ انسٹاگرام پراپنی سیلفی میں صوبہ سندھ کی ثقافت اجرک پہنے نظر آئے۔

    Just… Happy Saturday Everyone! Yes, #BedHeadSaturday

    A photo posted by Mark Ruffalo (@markruffalo) on

    اداکار مارک رفلو عرف ہلک نے حال ہی میں فلم اوینجر میں کام کیا ہے،انہوں نے انسٹا گرام پر اپنی تصویر کے ساتھ اظہار خیال کرتے ہوئے، اپنے سب مداحوں کو ہفتے کے دن کی مبارک باد دی، تاہم مارک رفلو نے سیلفی کے ساتھ سندھی اجرک کے حوالے سے کچھ نہیں کہا۔

    مگر انہوں نے سیلفی میں پاکستان کے صوبہ سندھ کی ثقافت کی عکاسی کی ہے۔ سیلفی کے کومنٹس میں ان کے مداحوں نے ان کو اجرک پہنے ہوئے انداز میں بے حد پسند کیاہے۔

  • زہریلے سانپ کے ساتھ سیلفی لینا امریکی شہری کو مہنگا پڑگیا

    زہریلے سانپ کے ساتھ سیلفی لینا امریکی شہری کو مہنگا پڑگیا

    ایک امریکی کو زہریلے کوڑیالے سانپ کے ساتھ سیلفی لینے کا نتیجہ ڈیڑھ لاکھ ڈالر کے اسپتال کے بل کی صورت میں بھگتنا پڑگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوڈ فیسلر نامی شخص کاپورا بازو اس وقت زہر کی شدت سے نیلا پڑ گیا جب اس نے ایک کوڑیالے سانپ کو بل سے نکالا اور سیلفی لینے کی کوشش کی،جواب میں سانپ نے اسے ڈس لیا۔

    ٹوڈ کا کہنا تھا کہ ’’جب سانپ نے مجھے کاٹا تو تکلیف کی شدت سے میں لرز رہا تھا اور میرے جسم میں بل پڑرہے تھے میری زبان منہ سے باہر آگئی تھی اورمیری آنکھیں ڈھلک گئی تھی‘‘۔

    امریکی میڈیا کے مطابق سانپ اس قدر زہریلا تھا کہ دو اسپتالوں میں موجود تریاق اس کےعلاج میں صرف ہوا اورعلاج کے عوض اسے 153،161 امریکی ڈالر کا بل موصول ہوگیا۔

    ٹوڈ کی انشورنس کمپنی اسپتال کے ساتھ مذاکرات کرہی ہے اور ممکن ہے کہ اسپتال کے بل کی ادائیگی کے لئے اسے حصہ ملانا پڑے۔

    واضح رہے کہ ٹوڈ فیسلر کے پاس ایک سال سے زائد مدت سے ایک پالتو کوڑیالا سانپ موجود تھا لیکن وہ اس حادثے سے اس قدر خوفزدہ ہوا کہ اسے بھی آزاد کردیا۔

    کیلی فورنیا میں ہر سال کوڑیالے سانپوں کے ڈسنے کے لگ بھگ 100 واقعات پیش آتے ہیں جن میں سے 10 سے 12 صرف سین ڈیاگو کاؤنٹی میں ہوتے ہیں۔