Tag: senate election

  • سینیٹ الیکشن : عامر لیاقت  کا  حفیظ شیخ کو ووٹ نہ دینے کا اعلان

    سینیٹ الیکشن : عامر لیاقت کا حفیظ شیخ کو ووٹ نہ دینے کا اعلان

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت نے سینیٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کو  ووٹ نہ دینے کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت نے سینیٹ انتخابات میں حفیظ شیخ کو ووٹ دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کا رکن ہوں لیکن حفیظ شیخ کو ووٹ نہیں دوں گا۔

    عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ حفیظ شیخ میری جماعت کے نہیں، پہلے جماعت میں آئیں، حلف اٹھائیں اور کچھ ماہ پارٹی میں گزاریں۔

    یاد رہے پاکستان تحریک انصاف میں سینیٹ انتخابات کیلئے ٹکٹوں کی تقسیم پر شدید اختلافات سامنے آئے، پی ٹی آئی بلوچستان نے عبدالقادر کو سینیٹ ٹکٹ دینے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا، جس پر عمران خان نے عبدالقادر کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ واپس لے لیا۔

    بعد ازان سینیٹ الیکشن کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں بلوچستان کے بعد سندھ سے بھی آواز اٹھنے لگی۔

    خیال رہے سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کاآج آخری روز ہے جبکہ سینیٹ انتخابات کیلئے پولنگ 3 مارچ کو ہو گی۔

  • سینیٹ کا میدان، کس کا پلڑا ہوگا بھاری، کس کو پہنچے گا نقصان؟

    سینیٹ کا میدان، کس کا پلڑا ہوگا بھاری، کس کو پہنچے گا نقصان؟

    اسلام آباد: سینیٹ الیکشن میں زیادہ سے زیادہ نشستوں کے حصول کے لیے حکومت اور اپوزیشن اپنا اپنا زور لگا رہی ہیں، سینیٹ کی 48 سیٹوں پر الیکشن کے لیے سیاسی جماعتیں امیدوار میدان میں اتار چکی ہیں، اور ٹارگٹ سینیٹ کی سربراہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹ میں کس کا پلڑا بھاری ہوگا؟ یہ فیصلہ 3 مارچ کو ہو جائے گا، سینیٹ الیکشن 2021 میں سب سے زیادہ نقصان ن لیگ کو اور فائدہ تحریک انصاف کو ہو سکتا ہے۔

    اس بار تحریک انصاف کے 14 میں سے 7 ارکان ریٹائر ہوں گے، اور ممکنہ طور پر مزید 21 سیٹیں ملنے سے پی ٹی آئی کی مجموعی نشستیں 28 ہو جائیں گی۔

    پی ٹی آئی کے مقابلے میں ن لیگ کے 29 میں سے 17 سینیٹر ریٹائر ہوں گے اور مزید 5 نشستیں ملنے سے مجموعی تعداد 17 ہو جائے گی، پیپلز پارٹی کے 21 سینیٹرز میں سے 8 ریٹائر ہو جائیں گے، جب کہ حالیہ الیکشن میں 6 نشستیں ملنے کی امید ہے، جس سے پی پی کی مجموعی سیٹیں 19 ہو جائیں گی۔

    ایم کیو ایم کے پاس 5 سیٹیں ہیں، جن میں سے 4 سینیٹر ریٹائر ہوں گے، اورمزید 2 نشستیں ملنے پر متحدہ سینیٹرز کی تعداد 3 رہ جائے گی، بلوچستان عوامی پارٹی کے 10 میں سے 3 سینیٹرز ریٹائر ہوں گے، مزید 6 امیدواروں کی کامیابی کا امکان ہے، جس کے بعد سیٹوں کی مجموعی تعداد 13 ہو جائے گی۔

    اس بار جے یو آئی ف کے 4 میں سے 2 سینیٹرز ریٹائر ہوں گے، اور مزید 3 نشستیں ملنے کا امکان ہے، جس سے نشستوں کی تعداد 5 ہو جائے گی۔

    ممکنہ نتائج کے مطابق سینیٹ میں تحریک انصاف اور اتحادیوں کی تعداد 49 ہوگی، جب کہ ممکنہ طور پر اپوزیشن کے ارکان سینیٹ کی تعداد 51 ہوگی، اس صورت حال میں چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں سخت جوڑ پڑے گا۔

  • سینیٹ الیکشن: نون لیگ نے یوسف رضا گیلانی کی حمایت کا اعلان کردیا

    سینیٹ الیکشن: نون لیگ نے یوسف رضا گیلانی کی حمایت کا اعلان کردیا

    اسلام آباد: سینیٹ الیکشن سے قبل ہی پی ڈیم ایم کے پلیٹ فارم سے پیپلز پارٹی کو بڑی خوشخبری ملی ہے، جہاں نون لیگ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نون نے اسلام آباد کی جنرل نشست سے یوسف رضاگیلانی کی حمایت کا اعلان کردیا ہے، اعلان سے قبل سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے یوسف رضاگیلانی سےملاقات کی، ملاقات میں پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار یوسف رضاگیلانی کےکاغذات نامزدگی کے معاملےپر مشاورت ہوئی۔

    بعد ازاں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، یوسف رضا گیلانی کےتجویزوتائید کنندگان میں دو سابق وزرائےاعظم شامل ہوئے، پی پی پی پرویزاشرف یوسف رضاگیلانی کی جانب سے سینیٹ میں کاغذات نامزدگی کےتجویز کنندہ بنے جبکہ شاہدخاقان عباسی یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی کےتائیدکنندہ تھے۔

    کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی قیادت کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے متفقہ امیدوار بنایا اگر ہم کامیاب ہوئےتو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں فرق دکھادیں گے۔

    سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے تمام فیصلے ایک دوسرے کی رائےکے ساتھ ہوتے ہیں، ہم نے پی ڈی ایم پلیٹ فارم سے تمام فیصلے متفقہ طورپر کئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  تحریک انصاف نے سینیٹ امیدواروں کیلئے مزید نام فائنل کرلیے

    میڈیا سے گفتگو میں یوسف رضاگیلانی کا کہنا تھا کہ آئین کے دائرے میں رہ کرک ام کرینگےتو کوئی تصادم نہیں ہوگا، پی ٹی آئی رہنما جہانگیرترین سے متعلق پوچھے گئے سوال پر پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ جہانگیرت رین میرے عزیز ہیں، ان سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔

  • سینیٹ انتخابات میں پیسہ چلنے کی روایت ختم کررہے ہیں، وزیراعظم

    سینیٹ انتخابات میں پیسہ چلنے کی روایت ختم کررہے ہیں، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں پیسہ چلنے کی روایت ختم کررہے ہیں، جو ایوان میں پارٹی کے لیے بہتر ہوگا اسے سینیٹر بنائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں سینیٹ کیلئےحتمی امیدواروں کے ناموں پرغور کیا گیا اور سینیٹر بننے کے خواہشمند افراد کی لسٹ پر مشاورت مکمل کی گئی۔

    اجلاس میں روایتی طریقہ کار سے ہٹ کرسینیٹ کے لیے میرٹ پر ٹکٹ دینے پراتفاق کیا گیا، وزیراعظم نے کہا سینیٹ انتخابات میں پیسہ چلنے کی روایت ختم کررہے ہیں، جو ایوان میں پارٹی کے لیے بہتر ہوگا اسے سینیٹر بنائیں گے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ پیسے لگا کر ایوان میں آنےوالےعوام کے فائدے کا کبھی نہیں سوچ سکتے، شفاف انتخابات اورایوان بالامیں اکثریت حاصل کرنے کیلئے پر امید ہیں۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کہا تھا کہ ہم چاہتے ہیں اوپن ووٹ پرانتخابات ہوں، میں چاہتا ہوں ووٹ پرقیمت نہ لگے۔

    خیال رہے سینیٹ انتخابات کیلئے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی، 11مارچ کو52سینیٹرزریٹائرہوجائیں گے۔

  • ‘سینیٹ الیکشن جیسے بھی ہوں ، اپوزیشن کو سرپرائز دیں گے’

    ‘سینیٹ الیکشن جیسے بھی ہوں ، اپوزیشن کو سرپرائز دیں گے’

    لاہور : گورنر پنجاب چوہدری سرور کا کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن جیسےبھی ہوں حکومت اور اتحادی اپوزیشن کوسرپرائز دیں گے، آئندہ چیئرمین سینیٹ بھی تحریک انصاف اور اتحادیوں کاہی ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا مشن احتساب اورملکی ترقی کوبریک لگواناہے، اگراحتساب بند ہوجائے تو اپوزیشن کےمارچ،احتجاج بندہوجائیں گے ، عمران خان شفاف احتساب سےایک انچ بھی پیچھےنہیں ہٹیں گے۔

    چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ پہلی بارادارے مکمل آزادی کیساتھ کام کررہے ہیں، وزیراعظم ہرسطح پرکرپشن کاخاتمہ،اپوزیشن بچاؤچاہتی ہے۔

    گورنر پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن کواوپن ووٹنگ کی مخالفت نہیں سپورٹ کرنی چاہیے، سینیٹ الیکشن جیسےبھی ہوں حکومت اور اتحادی اپوزیشن کوسرپرائز دیں گے، آئندہ چیئرمین سینیٹ بھی تحریک انصاف اور اتحادیوں کاہی ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی معاملےمیں شفافیت،میرٹ اپوزیشن کوپسندنہیں آئے گی ، ہرمحاذپرناکامی کےبعدپی ڈی ایم کوسمجھ نہیں آرہی کہ وہ اب کیاکرے، (ق)لیگ سمیت تمام اتحادی حکومت کےساتھ متحدکھڑےہیں۔

    چوہدری سرور نے مزید کہا کہ دشمن عناصرپاکستان کوعدم استحکام کاشکارکرنےکی سازشیں کررہےہیں، وزیراعظم اصولی اورنظریاتی سیاست کررہےہیں، حکومت شفاف احتساب کےاصولی مؤقف پرآج بھی قائم ہے۔

  • سینیٹ الیکشن میں پیسے کی مداخلت اور ووٹوں کی خریدوفروخت کیخلاف درخواست دائر

    سینیٹ الیکشن میں پیسے کی مداخلت اور ووٹوں کی خریدوفروخت کیخلاف درخواست دائر

    لاہور:سینیٹ الیکشن میں پیسے کی مداخلت اور ووٹوں کی خریدوفروخت کیخلاف درخواست دائر کردی گئی ، جس میں استدعا کی ہے کہ سینیٹ الیکشن شفاف بنانے کیلئےٹھوس اقدامات کی ہدایت کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں سینیٹ الیکشن میں پیسےکی مداخلت اور ووٹوں کی خریدوفروخت کیخلاف درخواست دائر کردی گئی ، اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن میں ووٹوں کی خرید و فروخت کیلئے ایک ویڈیوبھی سامنےآ ئی ، سینیٹ الیکشن میں کرپشن، پیسےکےعمل دخل کا خدشہ ہے۔

    درخواست گزار نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو مراسلہ بھی بھیجا لیکن پیش رفت نہیں کی گئیں، استدعا ہے کہ سینیٹ الیکشن شفاف بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی جائے۔

    یاد رہے سال 2018 سینیٹ انتخابات میں پی ٹی آئی کے 20 ارکان اسمبلی کو خریدنے سے متعلق ویڈیو سامنے آئی، ویڈیو میں اراکین اسمبلی کو نوٹ گنتے اور بیگ میں ڈالتے دیکھا جاسکتا تھا ، یہ خریدوفروخت 20فروری 2018سے2مارچ کے دوران کی گئی تاہم بعد ازاں پی ٹی آئی نے تحقیقات کےبعد ووٹ بیچنے والے 20ارکان کوپارٹی سے نکال دیا تھا۔

  • ووٹوں کی خرید و فروخت میں سب سے زیادہ مال کس نے بنایا؟ وزیراعظم نے بتادیا

    ووٹوں کی خرید و فروخت میں سب سے زیادہ مال کس نے بنایا؟ وزیراعظم نے بتادیا

    کلرسیداں: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن کےکرپٹ نظام کی سپورٹ کررہی ہیں ، سینیٹ کی ایک سیٹ کا ریٹ50 سے 70کروڑ روپے لگ چکا ہے، ووٹوں کی خریدوفروخت میں سب سےزیادہ مال مولانا فضل الرحمان نےبنایا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ویڈیوہوتی تو میں اپنے خلاف مقدمات میں عدالت کو پیش کرتا، سوال یہ نہیں ہونا چاہیے کہ ویڈیو کی ٹائمنگ کیاہے ، یاد رکھیں اوپن بیلٹنگ نہ ہوئی تواپوزیشن والےروئیں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیکریٹ ووٹنگ پرحکومت کو اپوزیشن سے زیادہ سیٹیں مل سکتی ہیں، سینیٹ کی ایک سیٹ کا ریٹ50 سے 70کروڑ روپے لگ چکا ہے، کیسے ممکن ہے پیسہ لگا کر سینیٹر بننے والا پیسہ نہیں بنائے گا۔

    عمران خان نے کہا کہ لوچستان میں سینیٹ کے1ووٹ کی قیمت50سے 70کروڑ لگ رہی ہے ، آج نہیں کئی دفعہ پہلےبھی مجھے پیسوں کے عوض سیٹ بیچنے کی آفر ہوئی، ڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ سینیٹ سیٹ بیچنے کیلئےرابطے کیے گئے۔

    اپوزیشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ،پی پی چارٹر آف ڈیمو کریسی میں اوپن بیلٹ کامعاہدہ کرچکی ہیں، میں مسلم لیگ ن کے اوپن بیلٹ کے مطالبےکی تائید کر چکا ہوں ، اصل ایشو یہ ہے کیا موجودہ سسٹم کےتحت الیکشن ہونا چاہیے یا نہیں۔

    وزیراعظم نے مزید بتایا کہ ووٹوں کی خریدوفروخت میں سب سےزیادہ مال مولانا فضل الرحمان نےبنایا، اہم بات یہ ہے ویڈیو سے میرے مؤقف کی تائیدہوئی، اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن کےکرپٹ نظام کی سپورٹ کررہی ہیں اور مولانافضل الرحمان اس نظام کے سب سے بڑے بینفشری ہیں۔

    معاشی صورتحال کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ غلط وقت پر2بارشیں ہوئیں جس سےگندم کی پیداوار کم ہوئی، آٹےکی قیمت نہ بڑھی اس لئےگندم درآمدکررہےہیں، ڈالر کا ریٹ بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہوئی، ہماری ساری کوشش ہے کہ اپنی برآمدات بڑھائیں۔

    وزیراعظم نے کرکٹ ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کرکٹ کا بنیادی ڈھانچہ درست ہو چکا ہے، سسٹم تبدیل ہونے کے نتائج آئندہ 3،2سالوں میں آئیں گے۔

  • ‘سینیٹ الیکشن کا شیڈول 11فروری کو جاری ہوگا’

    ‘سینیٹ الیکشن کا شیڈول 11فروری کو جاری ہوگا’

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان سینیٹ الیکشن کا شیڈول 11فروری کو جاری کرے گا اور ایک امیدوار کیلئےانتخابی اخراجات کی حد 15لاکھ روپےمقرر کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ الیکشن کا شیڈول 11فروری کو جاری ہوگا، متوقع امیدواروں کیلئے کاغذات نامزدگی فراہمی کا آغازآج سے کردیا گیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ کاغذات مرکزوچاروں صوبائی سیکریٹریٹ سےحاصل کئےجاسکتےہیں، امیدوارکاغذات نامزدگی جمع کراتےوقت پارٹی ٹکٹ منسلک کریں،ا آزاد امیدوار پارٹی ٹکٹ منسلک کرنے سےمبراہے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوارانتخابی اخراجات کیلئےشیڈول بینک اکاؤنٹس کااجراکریں، ایک امیدوار کیلئےانتخابی اخراجات کی حد 15لاکھ روپے مقرر ہے۔

    خیال رہے سینیٹ انتخابات 48 نشستوں پر ہوں گے، جن میں پنجاب سندھ میں 11 گیارہ، بلوچستان خیبر پختونخواہ میں 12 بارہ نشستوں پر ووٹنگ ہوگی جبکہ اسلام آباد کی دو سینیٹ نشستوں پر پولنگ ہوگی۔

  • سینیٹ انتخابات : پیپلزپارٹی کا پنجاب میں امیدوار لانے پر غور

    سینیٹ انتخابات : پیپلزپارٹی کا پنجاب میں امیدوار لانے پر غور

    اسلام آباد : پیپلزپارٹی نے سینیٹ انتخابات کیلئے پنجاب سے حسن مرتضیٰ کو امیدوار منتخب کرلیا، پیپلزپارٹی کو پنجاب سے سینیٹر منتخب کروانے کیلئے 41 ارکان کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ انتخابات کیلئے پیپلزپارٹی نے پنجاب میں امیدوار لانے پر غور شروع کردیا ہے ، حسن مرتضیٰ پنجاب سے سینیٹ کیلئے پی پی پی کے متوقع امیدوار ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی قیادت پنجاب سےاپناامیدوارجتوانے کیلئے ن لیگ سےایڈجسٹمنٹ کرے گی ، متوقع امیدوار حسن مرتضیٰ نےاپنےلیےپنجاب اسمبلی میں لابنگ شروع کردی ہے۔

    ذرائع کے مطابق حسن مرتضیٰ نےکمیٹی کےاجلاس میں اسپیکرپرویزالٰہی سےووٹ مانگا، 7ارکان والی پیپلزپارٹی کو پنجاب سے سینیٹر منتخب کروانے کیلئے 41 ارکان کی ضرورت ہے۔

    خیال رہے سینیٹ انتخابات 48 نشستوں پر ہوں گے، جن میں پنجاب سندھ میں 11 گیارہ، بلوچستان خیبر پختونخواہ میں 12 بارہ نشستوں پر ووٹنگ ہوگی جبکہ اسلام آباد کی دو سینیٹ نشستوں پر پولنگ ہوگی۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ شیڈول اگلے ماہ فروری کے دوسرے ہفتے میں جاری ہونے کا امکان ہے

  • سینیٹ انتخابات کی تیاریاں شروع  ، شیڈول فروری کے دوسرےہفتے میں جاری ہونے کا امکان

    سینیٹ انتخابات کی تیاریاں شروع ، شیڈول فروری کے دوسرےہفتے میں جاری ہونے کا امکان

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں، انتخابات کا شیڈول فروری کے دوسرےہفتے میں جاری ہونے کا  امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نےسینیٹ انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں، سینیٹ انتخابات کی تیاریاں3مراحل میں ہوں گی ، اس حوالے سے الیکشن کمیشن نےشیڈول کی تیاری پرکام شروع کردیا ہے، سینیٹ انتخابات کا شیڈول فروری کے دوسرےہفتے میں جاری ہونے کا امکان ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نےسینیٹ الیکشن کیلئےآفیسرزکی ٹریننگ پرکام شروع کردیا، الیکشن کیلئے پولنگ عملے کی دومرحلوں میں تربیت ہوگی، پولنگ عملے کے پہلے بیج کی ٹریننگ آئندہ ہفتے شروع ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق عملےکے پہلے بیج کی 3 روزہ تربیت ہفتہ،اتوارپیرکوجاری رہےگی جبکہ دوسرےبیج کی تربیت منگل،بدھ اورجمعرات کوہوگی، الیکشن کمیشن کے ماسٹر ٹرینرز پولنگ عملے کو تربیت ددیں گے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ عملے کو کنڈکٹ الیکشنز پر اور چاروں صوبوں کےسینئرآفیسرزکوتربیت دی جائےگی، سینیٹ انتخابات کیلئےریٹرننگ آفیسرز، پولنگ عملے کی تعیناتی پرکام شروع کردیا گیا ہے۔

    سینیٹ انتخابات متناسب نمائندگی اورسنگل ٹرانسفرایبل ووٹ کی بنیادپر ہوں گے ، سیکرٹ یا اوپن ووٹنگ کا فیصلہ زیر سماعت ریفرنس کے فیصلے کے بعد ہوگا۔

    خیال رہے سینیٹ انتخابات 48 نشستوں پر ہوں گے ، جن میں پنجاب سندھ میں 11 گیارہ، بلوچستان خیبر پختونخواہ میں 12 بارہ نشستوں پر ووٹنگ ہوگی جبکہ اسلام آباد کی دو سینیٹ نشستوں پر پولنگ ہوگی۔