Tag: Senate ka ijlas

  • پی آئی اے طیاروں سے منشیات کی برآمدگی ملک کی بدنامی ہے، رحمان ملک

    پی آئی اے طیاروں سے منشیات کی برآمدگی ملک کی بدنامی ہے، رحمان ملک

    اسلام آباد : سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ اور نارکوٹکس کے چئیرمین کمیٹی رحمان ملک نے کہا کہ پی آئی اے کے طیاروں سے منشیات کی برآمدگی سے عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی ہے۔

    یہ بات انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، پارلیمنٹ لاجز میں ہونے والے اجلاس میں کمیٹی کو اے این ایف حکام نے بریفنگ بھی دی۔

    چئیرمین کمیٹی رحمان ملک نے کہا کہ میری معلومات کے مطابق ائیرپورٹ پر ایک منشیات مافیا ہے جس میں سارے اداروں کے اہلکار شامل ہیں۔

    منشیات کو جہاز کے پینل میں چھپایا جاتا ہے۔ سینیٹر چوہدری تنویر نے کہا کہ دو دن بعد اسی جہاز پر وزیراعظم نے بھی جاناتھا اگر یہ ہیروئن اس وقت نکل آتی ملک کی کتنی بےعزتی ہوتی، اجلاس میں کہا گیا کہ اے این ایف کی بروقت کارروائی قابل تعریف ہے۔

    ایف آئی اے نے اب تک کیس کیوں نہیں رجسٹر کیا ہے؟ اس میں اب تک ایک بھی شخص گرفتار نہیں کیا گیا۔ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ طیاروں کی روزانہ کہ بنیاد پر اسکیننگ کر رہے ہیں۔

    کمیٹی کو اے این ایف حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ دو واقعے چھ دن کے وقفے سے ہیروئین ملنے کے ہوئے۔ دونوں ہیروئن ایک ہی قسم کی تھیں جو ہیتھرو ائر پورٹ اور بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائر پورٹ سے ملی۔ پورے ملک سے جانے والی تمام پروازوں کو اب چیک کیا جا رہا ہے۔ ہم انکوائری کر رہے ہیں لیکن ابھی تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

    چئیرمین کمیٹی رحمان ملک نے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ منظم کام ہے۔ کمیٹی وزیراعظم کا تحقیقاتی کمیٹی کی احکامات کی تعریف کرتی ہے۔

    آئندہ میٹنگ میں پی آئی اے، سی آئی اے کے ذمہ داروں کو بلایا جائے۔ کیا کوئی ایسی ایجنسی ائیرپورٹ پر نہیں جو منشیات کو کنٹرول کرتی ہے۔

  • سی پیک کا نام تبدیل نہیں ہوگا، چین نے پاکستان کو آگاہ کردیا

    سی پیک کا نام تبدیل نہیں ہوگا، چین نے پاکستان کو آگاہ کردیا

    اسلام آباد : حکومت نے سینیٹ کو بتایا ہے کہ چین نے پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے کہ سی پیک کا نام تبدیل نہیں کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس چئیر مین میاں رضا ربانی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں سیفران کے وزیر عبدالقادر بلوچ نے ایوان کو بتایا کہ پا کستان میں چین کے سفیر نے بھارت میں چین کے سفیر کی طرف سے سی پیک کا نام تبدیل کرنے کے بیان کی تردید کردی ہے اور پا کستان کو با ضابطہ طور پر آگاہ بھی کر دیا گیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ایران کی جانب سے ان کی مسلح افواج کے سربراہ نے سرحد پر جھڑپوں میں 12 سرحدی گارڈز کے قتل کے بعد پاکستان میں کاروائی کا بیان دیا لیکن یہ طریقہ درست نہیں ہے۔ دو دوست ہمسایہ ممالک کے رابطے کا طریقہ ایسا نہیں ہوتا۔

    ایران کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے ان سے احتجاج کیا گیا، وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک افغان چمن بارڈر پر سرحد کی ہماری جانب مردم شماری جاری تھی۔ مردم شماری کی ٹیم کے ہمراہ ایک فوجی اور ایک نیم فوجی جوان تھا۔

    انہوں نے الزام لگایا کہ انہوں نے سرحد پار کرنے پر فائر کھول دیا۔ عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات پر مشترکہ سروے کرایا گیا جس کی رپورٹ مکمل ہو چکی ہے۔ تناؤ کو کم کرنے کے لیے ہر سطح پر بات چیت جاری ہے۔ اگر افغان فوجی چاہتے تو وہ ہمارے فوجیوں پر فائر کھولنے کی بجائے ان کو گرفتار بھی کر سکتے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی وفد کے دورہ افغانستان میں حامد کرزئی اور عبد اللہ عبداللہ نے مثبت بیان دیئے۔ انہوں نے کہا کہ حامد کرزئی نے پاکستان دورہ کی دعوت بھی قبول کی چمن کے واقعہ سے چند روز قبل چیف آف جوائنٹ اسٹاف کمیٹی نے افغانستان کا دورہ بھی کیا۔

    سیاسی معاملات میں گورنر سندھ کی مداخلت اور سی سی آئی اجلاس سے متعلق اپوزیشن کی تحریک پر وزیر قانون زاہد حامد نے جواب دیا اورکہا کہ یہ دونوں نان ایشوزہیں ۔سی سی آئی کی میٹنگ کے منٹس بنا کر سب جماعتوں کو بھیجے گئے اور وزرائے اعلی نے منٹس کنفرم کئے جبکہ وفاقی وزیر پٹرولیم نے منٹس کنفرم نہیں کئے ۔ آئندہ میٹنگ میں مسئلہ حل ہوجائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ وہ آئین کے مطابق ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں انہوں نے پارٹی میٹنگ یا جلسے میں شرکت کی اور نہ ہی گورنر ہاؤس میں کوئی میٹنگ کی۔

    زاہد حامد نے کہا کہ گورنر سندھ نے کوئی سیاسی بیان دیا اور نہ ہی کسی ٹاک شو میں شرکت کی، گورنر سندھ کو مختلف جماعتوں کے لوگ ملنے آئے تھے جن سے ملاقات کی تھی۔ بعد ازاں سینیٹ کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لۓ ملتوی کر دیا گیا۔

  • سینیٹ میں 5 ہزار روپے کا نوٹ ختم کرنے کی قرارداد منظور

    سینیٹ میں 5 ہزار روپے کا نوٹ ختم کرنے کی قرارداد منظور

    اسلام آباد: سینیٹ نے 5 ہزار روپے کے کرنسی نوٹ کو ختم کرنے کی قرارداد منظور کرلی، مذکورہ قرارداد پیپلز پارٹی نے پیش کی، وزیر قانون کا کہنا ہے کہ 5 ہزار کا نوٹ واپس لینے سے مالی بحران پیدا ہو گا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر عثمان سیف اللہ نے قرارداد پیش کی کہ معیشت کے حجم کو کم کرنے کی عرض سے پانچ ہزار والے کرنسی نوٹ کو ختم کیا جائے۔

    حکومتی ارکان کی مخالفت کے باوجود عثمان سیف اللہ کی قرارداد سینیٹ نے اکثریت رائے سے منظور کرلی۔ سینیٹر عثمان سیف اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت پانچ ہزار کے نوٹ واپس لینے سے پہلے تین سال میں مناسب اقدام اٹھائے۔ قرارداد کا مقصد بینک اکاؤنٹس کے رحجان کو فروغ دینا ہے،پانچ ہزار والا نوٹ واپس لینے سے کرپشن کو کم کرنے میں کافی مدد ملے گی۔

    دوسری جانب حکومت نے سینیٹر عثمان سیف اللہ کی قرارداد کی مخالفت کی۔ وزیر قانون زاہد حامد کا کہنا تھا کہ 5 ہزار کا نوٹ واپس لینے سے ملک میں مالی بحران پیدا ہو گا۔ اس طرح کا اقدام نہیں ہونا چاہیئے۔

    واضح رہے کہ بھارت میں بھی مودی سرکار کی جانب سے کرپشن کی روک تھام کےلیے 500 اور ایک ہزار کے نوٹوں پر پابندی عائد کی گئی ہے، جس کے باعث بھارتی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

  • سینیٹ کا اجلاس : میڈیا میں سرکاری اشتہارات پر اپوزیشن کا  احتجاج

    سینیٹ کا اجلاس : میڈیا میں سرکاری اشتہارات پر اپوزیشن کا احتجاج

    اسلام آباد : میڈیا میں سرکاری اشتہارات دینے پر اپوزیشن اراکین نے سینیٹ میں شدید احتجاج کرتے ہوئے واک آؤٹ کیا۔ سینیٹراعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ اشتہارات عدلیہ پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہیں، وزیراعظم کے خلاف مقدمہ چلایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ میں بھی پاناما لیکس کا ہنگامہ جاری ہے، حکومت کی طرف سے میڈیا پر سرکاری اشتہارات چلائے جانے پر اپوزیشن اراکین ناراض ہوگئے، اپوزیشن نے پہلے چئیرمین سینیٹ کے ڈائس کے سامنے کھڑے ہو کر احتجاج کیا اور پھر اجلاس سے واک آوٹ گئے۔

    سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتراز احسن نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم نواز شریف کے خلاف مقدمہ درج کیا جاۓ، وہ سرکاری وسائل کا ناجائز اور بے دریغ استعمال کر رہے ہیں، حکومت سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

    میڈیا پر چلائے جانے والے اشتہارات عدلیہ پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے، اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ ان کی جانب سے جمع کرایا گیا بل منظورکیا جائے۔

    اعتزازاحسن نے کہا کہ وزیراعظم اوران کا خاندان پانامہ لیکس میں پکڑے گئے ہیں ۔ پانامہ میں حسن نواز، حسین نواز اور مریم کے نام موجود ہیں۔ جوپیمانہ یوسف رضا گیلانی کے لیے تھا وہی نواز شریف کے لیے بھی ہونا چاہئیے۔

    اس سے قبل جب مستعفی وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید سینیٹ میں آئے تو ان کا خیر مقدم کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے پرویز رشید کو پیغام دیا کہ پورا سینیٹ ان کے ساتھ ہے وہ چاہیں تویہ معاملہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹرز کے بارے میں تحقیقات سینیٹ کی اخلاقیات کمیٹی کے ذریعے ہونی چاہیے۔

  • لاپتا افراد سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، ڈی جی انٹیلی جنس بیورو، سینیٹ کو بریفنگ

    لاپتا افراد سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، ڈی جی انٹیلی جنس بیورو، سینیٹ کو بریفنگ

    اسلام آباد: انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے ڈائریکٹر جنرل آفتاب سلطان نے کہا ہے کہ لاپتا افراد سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، تین برس میں 865 دہشت گرد گرفتار کیے جن میں سے زیادہ تر کا تعلق بھارتی اور افغانی خفیہ اداروں سے ہے۔

    یہ بات حکام نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ میں ارکان کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔

    سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ کا اجلاس سینیٹر طلحہ محمود کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان اور نادرا حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔

    آئی بی حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ گزشتہ تین برس کے دوران 865 دہشت گرد گرفتار کیے جن میں سے بیشتر دہشت گرد بھارتی خفیہ ادارے را(ریسرچ اینڈ اینالائز ونگ) اور افغان خفیہ ادارے این ڈی ایس(نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی) کے لیے کام کرتے تھے۔

    انہوں نے بتایا کہ تحریک طالبان پاکستان، لشکر جھنگوی اور القاعدہ برصغیر، اصل میں را اور این ڈی ایس کے لیے کام کرتی ہیں، سی پیک روٹ کی سیکیورٹی اور آئی بی کے دفاتر قائم کرنے کے لیے فنڈز کے حوالے سے سمری حکومت کو بھیج دی ہے۔

    ڈی جی آئی بی نے کمیٹی کو بتایا کہ بے نظیر بھٹو کے زمانے میں کراچی آپریشن کیا تو آئی بی کو سیاسی حکومت کی مکمل حمایت حاصل تھی، نوے کے دہائی میں کراچی آپریشن کے بعد ہمیں سلادیا گیا، وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کراچی آپریشن شروع کیا تو ہم نے انہیں کہا کہ ہمیں اس طرح جگانے کا فائدہ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ کراچی آپریشن میں ہمیں وزیراعظم کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ آئی بی حکام کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ تین برس کے دوران 865 دہشت گرد گرفتار کیے جن میں سے بیشتر را اور این ڈی ایس کے لیے کام کرتے تھے، ٹی ٹی پی، لشکر جھنگوی القاعدہ برصغیر را اور این ڈی ایس کیلئے کام کرتی ہیں، ان دہشت گرد تنظیموں میں مقامی دہشت گرد ملوث ہیں۔

    لاپتا افراد پر آئی بی حکام کا کہنا تھا کہ اس معاملے سے ان کا کوئی تعلق نہیں،مسنگ پرسن کمیشن کی جانب سے 478 انکوائریز ہوئیں جن میں سے 427 انکوائریز کی تفتیش کرکے بھیج دی گئیں۔

    چیئرمین کمیٹی سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ مسنگ پرسن کے نام پر جن لوگوں کو اٹھالیا جاتا ہے انہیں صفائی کا موقع ملنا چاہیے۔

    سی پیک پر آئی بی حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ سی پیک میں قوم پرستوں، گروہوں، نان اسٹیٹ ایکٹرز اور غیر ملکی ایجنسیوں سے خطرہ ہے،روٹ پر آئی بی دفاتر قائم کرنے کے لیے فنڈز منظوری کی سمری وزیر اعظم کر بھجوائی جا چکی ہے۔

    ڈی جی آئی بی کی جانب سے سندھ پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے قائمہ کمیٹی کو سفارش کرنے کی درخواست کی، ڈی جی آئی بی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو سفارش کریں کہ وہ پولیس کی خراب کارکردگی کو بہتر بنائیں۔

    سینیٹر شاہی سید کا کہنا تھا کہ کراچی میں رینجرز کی ہر تین ماہ میں توسیع کا ڈرامہ بند ہونا چاہئے، آئی بی کی تین سال کی کارکردگی دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ تین سال پہلے کچھ نہیں کرنا چاہتی تھی۔

  • برطانیہ سے پاکستان کیخلاف تقاریر روکی جائیں، چیئرمین سینیٹ کا مطالبہ

    برطانیہ سے پاکستان کیخلاف تقاریر روکی جائیں، چیئرمین سینیٹ کا مطالبہ

    لندن: قائد ایم کیو ایم کی تقریر پر چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے اسپیکر برٹش پارلیمنٹ کیساتھ معاملہ اُٹھادیا۔

    رضاربانی نے لندن میں اسپیکر برٹش پارلیمنٹ لارڈ فاؤلر سے ملاقات کی جس میں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ برطانوی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دی جائے، چیئرمین سینٹ نے پاکستان مخالف تقریر پر کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔

    رضاربانی نےمقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی کوبھی موضوع بحث بنایا، چیئرمین سینٹ نے کہا کہ برطانیہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے اور اپنا کردار ادا کرے۔

    اسپیکر برٹش پارلیمنٹ لارڈ فاؤلر نے یقین دلایا کہ برطانیہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کیخلاف اپنا کردار ادا کرے گا، میاں رضا ربانی نے لارڈ فاؤلر کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی جسے اسپیکر برٹش پارلیمنٹ نے قبول کرلیا۔

    اس سے قبل ایم کیوایم کے قائد کے معاملے پر برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے ملاقات کی، ملاقات میں چوہدری نثار نے الطاف حسین کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

  • قندیل بلوچ کا خون رائیگاں چلا جائے گا، سینیٹراعتزازاحسن

    قندیل بلوچ کا خون رائیگاں چلا جائے گا، سینیٹراعتزازاحسن

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ بھائی کے ہاتھوں قتل ہونے والی قندیل بلوچ کا خون رائیگاں چلا جائےگا کیونکہ مقتولہ کا باپ اس کا خون معاف کردے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ماڈل گرل قندیل بلوچ کے قتل کی بازگشت سینٹ میں بھی سنی گئی۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی زیرصدارت اجلاس میں اعتزازاحسن پھٹ پڑے۔

    سینیٹر نے انکشاف کیا کہ قندیل بلوچ کو ایک نہیں اس کے دو بھائیوں نے قتل کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقتولہ کا خون رائیگاں چلا جائے گا کیونکہ کچھ وقت بعد مقتولہ کا والد اس کا خون معاف کردے گا۔

    اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ مفتی عبدالقوی نے اس عمر میں قندیل بلوچ کو شادی کی پیشکش کرکے کوئی احسان نہیں کیا، اعتزازاحسن نے کہا کہ اس معاملے میں میڈیا کا کردار اچھا نہیں رہا۔

    میڈیا نے اس کے بھائی کا بیان نشر کیا کہ اسے بہن کے قتل پر ندامت نہیں، انہوں نے کہا کہ اس بھائی کی غیرت تب کہاں تھی جب بہن کے پیسے سے گھر چلتا تھا، قندیل بلوچ کا قصور صرف اتنا تھا کہ اپنی مرضی کی زندگی جینا چاہتی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ کسی خاتون کا دوپٹہ سر پر نہ ہو یا وہ کسی غیر مرد سے بات بھی کرلے تو مرد تفتیش کرنے لگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو تخفظ فراہم کرنے والا بل اب پاس کرانا ناگزیر ہوگیا ہے۔

     

  • سینیٹ کا اجلاس:  آٹھ جو لائی کو ایدھی ڈے منانے کی قرار داد منظور

    سینیٹ کا اجلاس: آٹھ جو لائی کو ایدھی ڈے منانے کی قرار داد منظور

    اسلام آباد : سینیٹ نے آٹھ جو لائی کو ایدھی ڈے کے طور پر منانے کی قرار داد منظور کرلی, تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے ایدھی کے یوم وفات کو قومی دن قرار دینے کی مہم رنگ لے آئی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ نے ہر سال آٹھ جو لائی کو ایدھی ڈے کے طور پر منانے کی قرار داد منظور کرلی، سینیٹ میں منظور ہونے والی متفقہ قرار داد میں عبدالستار ایدھی کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں قومی اثاثہ قرار دیا گیا ہے۔

    مذکورہ قرار داد مسلم لیگ کے سینیٹر راجہ ظفرالحق نے پیش کی تھی، قرار داد میں کہا گیا ہے کہ عبدالستار ایدھی عظیم سماجی کارکن تھے جنہیں چھ عشروں تک قوم کی بلا امتیازخدمت کی۔

    چیئرمین سینیٹ نے بابائے خدمت عبد الستار ایدھی کو نوبل انعام دلانے کیلئے کمیٹی بنا دی۔ جس میں رضا ربانی کا علاوہ راجہ ظفر الحق اعتزاز احسن، محمد میاں سومرو، نیئر بخاری، وسیم سجاد، فاروق نائیک شامل ہیں۔

    چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہر سینیٹر ایک تنخواہ میں سے بیس ہزار روپے ایدھی فاؤنڈیشن کو بطور عطیہ دے گا، اجلاس میں عبدالستار ایدھی, امجد صابری اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی وحشیانہ فائرنگ سے شہید ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

  • پاکستان میں 5 ارب ڈالر کی غیر قانونی تجارت کی جا رہی ہے، وزارت تجارت

    پاکستان میں 5 ارب ڈالر کی غیر قانونی تجارت کی جا رہی ہے، وزارت تجارت

    اسلام آباد: ملک میں پانچ ارب ڈالر کی غیر قانونی تجارت کی جا رہی ہے، وزارت تجارت کے حکام نے اعتراف کیا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ نے ہماری صنعت کو نقصان پہنچایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی کامرس کمیٹی کے اجلاس میں وزارت تجارت نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک میں پانچ ارب ڈالر کی غیر قانونی تجارت ہورہی ہے۔

    حکام نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ نے ہماری صنعت کو نقصان پہنچایا،ان کا کہنا تھا کہ اگر سی پیک پر کنٹینر اترنے لگے تو ملکی صنعت تباہ ہوجائے گی۔

    بریفنگ میں بتا یا گیا کہ ٹیکس ٹو جی ٹی پی شرح نو فیصد سے بڑھ نہیں سکی، مینوفیکچرنگ پر 29 فیصد ٹیکس کی وجہ سے مقامی صنعت بدحالی کا شکار ہے، گڈز پر جی ایس ٹی ساڑھے سترہ فیصد کر دیا گیا ہے۔

    برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافے کی بنیادی وجہ جی ایس ٹی میں اضافہ ہے، کوئلہ سے توانائی کے منصوبہ کوئلہ ترسیل کا نظام نہ ہونے کے باعث سازگار نہیں ہے۔

    سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ایک ملک نے پاکستان کے ساڑھے آٹھ سو ملین ڈالر دینے ہیں لیکن حکومت خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔

    حکومت ان ساڑھے آٹھ ملین ڈالر سے ایف 16 ہی خرید لیتی، سینیٹر الیاس بلور کا کہنا تھا کہ تمام فری ٹریڈ ایگریمنٹ میں نقصان صرف اور صرف پاکستان کا ہوا ہے۔

     

  • کراچی میں چوروں کو پکڑنے کے لئے لگائے گئے کیمرے بھی چوری

    کراچی میں چوروں کو پکڑنے کے لئے لگائے گئے کیمرے بھی چوری

    کراچی : شہرقائد میں چوروں کو پکڑنے کےلئے لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی چوری ہوگئے۔ چارارب کی لاگت سے نئے کیمرے لگائے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمرے چوروں کو کیا پکڑتے۔ وہ خود ہی چوری ہوگئے۔ اس بات کا اعتراف ڈی آئی جی ایڈمن غلام سرورجمالی نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا۔

    ڈی آئی جی کراچی نے بتایا کہ شہر قائد میں بائیس سو سی سی ٹی وی کیمرے لگائےگئے تھے۔ نصف سے زائد خراب ہیں اوربہت سے کیمرے چوری ہوگئے۔

    غلام سرورجمالی نے اعتراف کیا کہ شہر میں دو میگا پکسل کے کیمرے لگائے گئے تھےجن سےکسی کی بھی شناخت بہت مشکل ہے۔

    اس موقع پر انہوں نے کیمروں کی خریدار ی میں بے قاعدگی کا اعتراف بھی کیا۔ ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ تمام کیمرے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ شہر میں پانچ تا آٹھ میگا پکسل کے دس ہزار سے زائد کیمرے لگائےجائیں گےجس کے لئے چار ارب روپے درکار ہوں گے۔