Tag: Senate polls

  • سینیٹ انتخابات  میں کرپشن روکنے کیلیے ویجی لینس کمیٹی قائم

    سینیٹ انتخابات میں کرپشن روکنے کیلیے ویجی لینس کمیٹی قائم

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات میں کرپشن روکنے کیلیے ویجی لینس کمیٹی قائم کردی، کمیٹی الیکشن کمیشن کوضروری معلومات اور ریکارڈ فراہم کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سینیٹ انتخابات میں کرپشن روکنے کے لیے انتظامات کئے جارہے ہیں ، اس سلسلے میں سینیٹ الیکشن کو شفاف بنانے کے لیے ویجی لینس کمیٹی قائم کردی گئی۔

    کمیٹی میں الیکشن کمیشن،ایف بی آر،نیب،اسٹیٹ بینک اورنادرا کےنمائندےشامل ہیں ، کمیٹی الیکشن کمیشن کوضروری معلومات اور ریکارڈ فراہم کرے گی اور انکوائری کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہوگی، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ جہاں ضرورت ہوئی کمیٹی انکوائری کرکےرپورٹ پیش کرے گی۔

    دوسری جانب الیکشن کمیشن نے شکایات کے لیے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم بنا دیا ہے ، جس کے تحت عوام اپنی شکایات الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پربھیج سکیں گے جبکہ الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں خصوصی مانیٹرنگ سیل بھی قائم کردیا گیا ہے، مانیٹرنگ سیل 24گھنٹے کام کرے گا۔

    الیکشن کمیشن میں ٹیلی فون ہیلپ لائن بھی قائم کردی گئی ہے، شکایت 0518848888 پر درج کرائی جاسکتی ہے۔

    خیال رہے الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کی رائے پر من و عن عمل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پرانے طریقہ کار سے سینیٹ الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا تھا، الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ آرٹیکل218تین کےتحت شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ موصول ہوگیا ہے، سینیٹ انتخابات گزشتہ سالوں کی طرح خفیہ بیلٹ پیپر کےذریعے ہونگے، ایوان بالا کے انتخابات کو شفاف بنانے کیلئےتمام اقدامات کئےجائیں گے۔

  • وزیر اعظم  کی ایم کیو ایم  کو  پارٹی دفاتر کھولنے کے حوالے سے تحفظات جلد دور کرنے کی یقین دہانی

    وزیر اعظم کی ایم کیو ایم کو پارٹی دفاتر کھولنے کے حوالے سے تحفظات جلد دور کرنے کی یقین دہانی

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے ایم کیو ایم کو پارٹی دفاترکھولنے کے حوالے سے تحفظات جلد دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے سندھ کی ترقی کی لیے ملکر ساتھ چلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات ہوئی ، ایم کیو ایم وفد کی قیادت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کی جبکہ وفد میں وفاقی وزیر امین الحق سمیت ایم کیو ایم اراکین قومی اسمبلی موجود تھے۔

    ملاقات میں سینیٹ الیکشن، ورکنگ ریلیشن شپ ، کراچی پیکج اور ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کی گئی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم وفد نے پارٹی دفاترنہ کھلنے اور لاپتہ کارکنان کا معاملہ اٹھایا جبکہ سندھ سینیٹ الیکشن کےدوران دھمکانے ، ہارس ٹریڈنگ سے بھی آگاہ کیا۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ایم کیو ایم کے پارٹی افیسسز کھولنے سمیت تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کراچی کی ترقی اولین ترجیح ہے، ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرکے عوام کو ریلیف دیں گے۔

    وزیراعظم کا ایم کیو ایم کے وفد سے گفتگو میں سندھ کی ترقی کی لیے ملکر ساتھ چلنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اندرون سندھ نوکریوں ودیگر مسائل پر کام کررہے ہیں، سندھ میں جلدثمرات نظر آئیں گے۔

    ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا سینیٹ الیکشن میں ایم کیو ایم کی بھرپور حمایت تحریک انصاف کیساتھ ہے ،چاہتے ہیں کراچی کے لئےکئےگئے وعدے جلد پورے ہوں۔

  • سینیٹ انتخابات :  کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز

    سینیٹ انتخابات : کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز

    اسلام آباد : سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز ہے ، 100 امیدوار اب تک کاغذات نامزدگی جمع کراچکے ہیں، نامزد امیدواروں کی فہرست 16 فروری کو جاری ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن ہے ، کاغذات نامزدگی آج شام 5 بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی تعداد 100 ہوگئی ، جنرل نشستوں پر 51 امیدواروں ، ٹیکنوکریٹ نشستوں پر 18امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ خواتین نشستوں پر 23 اور اقلیتی نشستوں پر 8 امیدوار سامنے آئے۔

    اسلام آباد میں ابتک 6 کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاچکے ہیں ، عمومی نشستوں پر3 جبکہ خواتین کی نشستوں پر بھی 3 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔

    پی ٹی آئی کےعبدالحفیظ شیخ،فوزیہ ارشدکی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائےگئے جبکہ پیپلزپارٹی کےیوسف رضاگیلانی اور ن لیگ کےطارق فضل کاغذات جمع کراچکے ہیں اور ن لیگ کی جانب سےامیدوارفرزانہ اور فرح ناز بھی کاغذات نامزدگی جمع کراچکی ہیں۔

    کاغذات نامزدگی کی تاریخ13سےبڑھاکر15فروری کی گئی تھی ، نامزد امیدواروں کی فہرست 16 فروری کو جاری ہوگی ، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 17 تا 18 فروری تک کی جائے گی جبکہ کاغذات پر اپیلیں 20 فروری تک دائر ہوسکیں گی۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے 23 فروری تک تمام اپیلوں کو نمٹا دیا جائےگا ، 24 فروری کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی ، 25 فروری تک امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے جبکہ سینیٹ انتخابات کیلئے پولنگ 3 مارچ کو صبح 9 سے شام 5 بجے تک ہوگی۔