Tag: Senate rejects

  • سینیٹ میں  انسداد دہشت گردی ایکٹ 2020 میں ترمیم کا بل مسترد

    سینیٹ میں انسداد دہشت گردی ایکٹ 2020 میں ترمیم کا بل مسترد

    اسلام آباد : سینیٹ میں اپوزیشن نے ایک بار پھر حکومت کو پریشان کر دیا، انسداد دہشت گردی ایکٹ 2020میں ترمیم کا بل کثرت رائے سے مسترد کر دیا گیا جبکہ ایف اے ٹی ایف سے متعلق کواپریٹو سوسائیٹیز ترمیمی بل منظور کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چئیرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ 2020میں ترمیم کا بل سجاد حسین طوری نے پیش کیا، جس پر رائے شماری کی گئی ، بل کے حق میں 31جبکہ مخالفت میں 34 ووٹ آئے اور بل کثرت رائے سے مسترد کر دیا گیا۔

    اس سے قبل ایوان نے کوآپریٹو سوساٹیز ترمیمی بل دو ہزار بیس کی منظوری دی ، کوآپریٹو سوساٹیز ترمیمی بل دوہزار بیس وزیراعظم کے پارلیمانی مشیر ظہر الدین بابر نے سینیٹ میں پیش کیا۔

    جماعت اسلامی کے سینٹر مشتاق احمد نے کوآپریٹو سوسائٹی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا میں بل کی مخالفت کرتا ہوں ، ایف اے ٹی ایف کا سکرپٹ پر یہ بل جیٹ جہاز کی رفتار سے پاس ہوا ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ سے گزارش ہے ایف اے ٹی ایف پر بس پردہ ملاقاتیں کرنا چھوڑ دیں۔

    دوسری جانب نیشنل ایکشن پلان کے تحت کالعدم تنظیموں کی املاک ، مدارس، ہسپتال منجمند کرنے کی تفصیلات بھی سینیٹ میں پیش کی گئیں اور بتایا گیا کہ اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کی جانب سے نامزد کردہ اداروں اور انکی املاک کو منجمند کیا گیا۔

    وزارت داخلہ نے بتایاکہ منجمند ضبطگی وزارت داخلہ کی جانب سے نہیں بلکہ وزارت خارجہ کے جاری کردہ یو این سیکیورٹی کونسل حکمنامہ 2019کے تحت کیا گیا جبکہ کالعدم تنطیموں کے 76سکولز، 4کالجز، 15ہسپتال منجمند کئے گئے۔

    بتایا گیا کہ 383مدارس، 188ڈسپنسریاں، 10کشتیاں , 17عمارتیں بھی شامل ۔کالعدم تنظیموں کے سب سے زیادہ املاک پنجاب اور خیبر پختونخوا میں منجمند کئے گئے۔

    انسداد دہشت گردی ترمیمی بل مسترد ہونے پر اجلاس جمعہ کے دن ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

  • امریکی سینٹ میں صدرٹرمپ کےمواخذے کیلئے مزید گواہوں کو طلب کرنے کی قرارداد مسترد

    امریکی سینٹ میں صدرٹرمپ کےمواخذے کیلئے مزید گواہوں کو طلب کرنے کی قرارداد مسترد

    واشنگٹن : امریکی سینیٹ میں صدرٹرمپ کےمواخذے کےلئےمزید گواہوں کوطلب کرنے کی قراردادمسترد کردی گئی ، آخری بحث پیرکوہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق : امریکی سینیٹ میں صدرٹرمپ کےمواخذے کی کارروائی جاری ہے ، صدرٹرمپ کےمواخذے کےلئےمزید گواہوں کوطلب کرنے کی قراردادمسترد کردی گئی، قراردادکی مخالفت میں اکیاون اورحمایت میں انچاس ووٹ ڈالے گئے۔

    سینٹ میں صدرٹرمپ کے مواخذے پرآخری بحث پیرکوہونے کا امکان ہے۔

    یاد رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق سیکورٹی ایڈوائزر جان بولٹن نے مواخذے کے دوران اہم راز افشا کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ٹرمپ نے یوکرین کی امداد جوبائڈن کے خلاف تحقیقات سے مشروط کی تھیں۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے جواب میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے جان بولٹن سے یوکرینی امداد ڈیموکریٹس کے خلاف تحقیقات سے مشروط کرنے کی کوئی بات نہیں کی، جان بولٹن اپنی کتاب بیچنے کی کوشش کر رہا ہے، میری یوکرین کے ہم منصب سے گفتگو تحریری شکل میں موجود ہے۔

    مزید پڑھیں : ٹرمپ کے سابق سیکورٹی ایڈوائزر جان بولٹن نے راز افشا کر دیا

    خیال رہے امریکی سینٹ میں صدر کی ری پبلک پارٹی کی اکثریت ہونے کے باعث مواخذے کی تحریک کامیاب ہونے کا امکان کم ہے۔

    واضح رہے ڈیموکریٹ پارٹی نے اختیارات کے ناجائز استعمال اورسیاسی فائدےکے لئے یوکرین پردباؤ ڈالنےکےالزامات پرصدرٹرمپ کےمواخذے کی تحریک شروع کی تھی۔ ایوان نمائندگان نے مواخذے کی کارروائی کی منظوری دے دی تھی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے سلسلے میں ایوان نمائندگان کی عدلیہ کمیٹی نے ٹرمپ پر دو الزامات عائد کیے تھے ، جس میں سیاسی مخالف کی تفتیش کے لیے یوکرین پر دباﺅ ڈالنے کی کوشش کرکے اختیارات کا غلط استعمال کیا، جو ملک سے دھوکا دہی ہے۔

    ڈیموکریٹس نے دوسرا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسکینڈل کے حوالے سے ہونے والی کانگریس کی تفتیش میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔