Tag: Senate

  • ن لیگ سینیٹ الیکشن سے باہر:الیکشن کمیشن نے راجا ظفر الحق کے جاری کردہ ٹکٹ مسترد کردیے

    ن لیگ سینیٹ الیکشن سے باہر:الیکشن کمیشن نے راجا ظفر الحق کے جاری کردہ ٹکٹ مسترد کردیے

    اسلام آباد: میاں‌ نواز شریف کی پارٹی صدارت سے نااہلی کے بعد ن لیگ ایک اور بحران کا شکار ہوگئی، الیکشن کمیشن نے راجا ظفر الحق کی طرف سے جاری کردہ ٹکٹ مسترد کر دیے ہیں.

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے راجا ظفر الحق کی طرف سے جاری کردہ تمام ٹکٹ مسترد کرتے ہوئے ن لیگ کے امیدواروں کو آزاد قرار دے دیا.

    الیکشن کمیشن کا موقف ہے کہ سینیٹ کے شیڈ ول میں تبدیلی نہیں لائی جاسکتی۔ اس فیصلے کے ساتھ پی پی 30 سرگودھا میں بھی ن لیگ کے امیدواروں کو آزاد قرار دے دیا ہے.

    یاد رہے کہ میاں‌ نواز شریف کی نااہلی کے بعد ان کے بہ حیثیت پارٹی سربراہ تمام فیصلے کالعدم قرار پائے تھے، جس کی زد میں‌ سینیٹ کے لیے جاری کردہ ٹکٹس بھی آئے.

    اس بحران سے نکلنے کے لیے ن لیگ نے ایک تکنیکی راستہ اختیار کیا اور پارٹی کے سینئر رہنما اور چیئرمین راجا ظفر الحق نے سینیٹ کے ٹکٹ جاری کرتے ہوئے یہ موقف اختیار کیا کہ وہ بہ طور چیئرمین ٹکٹ جاری کرنے کا اختیار رکھتے ہیں.

    میرا نام محمد نوازشریف ہےاسےبھی چھیننا ہےتوچھین لو‘ نوازشریف

    البتہ الیکشن کمیشن نے ان ٹکٹوں‌ کو مسترد کرتے ہوئے تمام امیدواروں‌ کو آزاد قرار دے دیا. الیکشن کیمشن کا موقف ہے کہ اب سینیٹ کے شیڈول میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں لائی جاسکتی، راجا ظفر الحق بہ طور پارٹی چیئرمین ٹکٹ جاری کرنے کا اختیار نہیں‌ رکھتے.

    خیال رہے کہ گذشتہ روز سپریم کورٹ نے انتخابی اصلاحات 2017 کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ آئین کی دفعہ 62،63 پر پورا نہ اترنے والا نا اہل شخص کسی سیاسی جماعت کی صدارت نہیں‌ کرسکتا۔

    انتخابی اصلاحات کیس: نوازشریف پارٹی صدارت کے لئے نااہل قرار

    سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے نتیجے میں نوازشریف مسلم لیگ ن کی صدارات کے لیے نا اہل ہوگئے ہیں، انہیں پاناما کیس میں آئین کی دفعہ 62،63 کے تحت نا اہل قراردیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • سینیٹ انتخابات: منتخب نمائندوں کی منڈیاں لگنا افسوسناک ہے، فضل الرحمان

    سینیٹ انتخابات: منتخب نمائندوں کی منڈیاں لگنا افسوسناک ہے، فضل الرحمان

    کراچی: جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں منتخب نمائندوں کی منڈیاں لگنا افسوسناک اقدام ہے، ایوانِ بالا کے الیکشن ایسا منظر پیش کررہے ہیں جیسے گھوڑوں کی فروخت ہونے والی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے علاقے لیاری میں علماء کونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ سیاستدان اکیلےجنگ لڑرہےہیں کیونکہ ہمیں پارلیمنٹ کی بالادستی چاہیے، اب وقت ہے کہ سیاسی رہنماؤں کو اپنی سوچ پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔

    جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ منتخب نمائندوں کو کامیاب بنانے کے لیے قیمتیں لگانا انتہائی افسوسناک اقدام ہے، اگر واقعی نظام تبدیل کرنا ہے کہ ووٹ اس کا بہترین ہتھیار ہے۔

    مزید پڑھیں: سینیٹ الیکشن: ایم کیو ایم کے 9 امیدوار دستبردار، کامران ٹیسوری ریس سے باہر

    اُن کا کہنا تھا کہ دبئی کے بینکوں میں پاکستان کے 31 بااثر لوگوں کے 60 ارب روپے موجود ہیں اور دوسری طرف ملک کے کچھ سیاستدان غریب کسانوں کی زمینیں چھین کر مزے کررہے ہیں۔

    نوازشریف کی طرح اداروں پر تنقید کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اداروں کو آئینی دمہ داریوں تک محدود دیکھنا چاہتے ہیں، کسی ادارے کے سہارے سیاسی انتقام لیتے ہوئے کچھ بھی کرلیا جاتا ہے مگر اب ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

    جمعیت علماء اسلام کے سربراہ کا کہناتھا کہ ہم ملکی آئین کی بالادستی چاہتے ہیں اور خواہش ہے تمام سیاسی جماعتیں قومیت سے بالاتر ہوکر قوم کی خدمت کریں، سب کو مل کر ملک میں عدل و انصاف اور امن قائم کرنے کے لیے کاوشیں کرنی چاہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات: اسحاق ڈارنےجنرل نشست پرکاغذات نامزدگی واپس لےلیے

    انہوں نے کہا کہ ملک میں غیر ملکی اداروں کا کھیل اب نہیں کھیلا جائے گا، کسی بھی بیرونی ایجنٹ کو پاکستان میں کردار نہیں دیا جاسکتا کیونکہ ہمارا اپنا آئین موجود ہے، عمران خان کا ماضی اور مستقبل سب کے سامنے ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • روس سے بہتر تعلقات نئی پالیسی کا حصہ ہے، بھارت خطے میں عدم استحکام پیدا کر رہا ہے، وزیر دفاع

    روس سے بہتر تعلقات نئی پالیسی کا حصہ ہے، بھارت خطے میں عدم استحکام پیدا کر رہا ہے، وزیر دفاع

    اسلام آباد: وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں عدم استحکام پیدا کر رہا ہے، اگر کوئی مہم جوئی کی گئی تو برابر جواب دیا جائے گا جبکہ روس سے بہتر تعلقات نئی پالیسی کا حصہ ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ میں پاکستان کی نئی سیکیورٹی پالیسی پر بیان دیتے ہوئے کیا، خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے روس سے بہتر تعلقات کو اپنی نئی پالیسی میں شامل کیا ہے، پاکستان نے روس کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں بھی کیں ہیں۔

    بھارت کی ہرمہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، وزیر دفاع

    انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل پاکستان میں عدم استحکام کی سازش کر رہا ہے، گزشتہ سال بھارت نے 1800 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی، اگر کوئی مہم جوئی کی گئی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، بھارت پاکستان کے خلاف دوسروں کو بھی استعمال کرتا ہے۔

    خرم دستگیر کا کہنا تھا کا امریکا افغانستان میں ناکامی کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے، ہم نے دہشت گردی کے خلاف کامیابیاں حاصل کیں، امریکا نے افغانستان میں طویل جنگ جاری رکھی، ناکامی کے بعد پاکستان کو قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے۔

    کسی کو پاکستانی زمین پرافغان جنگ نہیں لڑنے دیں گے، وزیر دفاع

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ترکی، سعودی عرب، ایران سے گہرے تعلقات ہیں، چین کے ساتھ اکنامک کوری ڈور سے متعلق گوادر پر کام جاری ہے۔

    خیال رہے گذشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیر دفاع خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ کلبھوشن بھارتی سازش کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاک افواج کو عوام کی بھرپور اور مکمل حمایت حاصل ہے، بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا جواب اس کی اپنی زبان میں دیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • الیکشن کمیشن نے پنجاب سے سینیٹ امیدواروں کی فہرست جاری کردی

    الیکشن کمیشن نے پنجاب سے سینیٹ امیدواروں کی فہرست جاری کردی

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پنجاب سے سینیٹ امیدواروں کی فہرست جاری کردی، پنجاب کی 7 جنرل نشستوں پر 14 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا.

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب سے سینیٹ امیدواروں کی فہرست جاری کردی ہے.

    خواتین کی دو نشستوں پرپنجاب سے پانچ امیدوار مدمقابل ہیں. ان دو نشستوں پرحنا ربانی کھر، نزہت صادق، شزہ فاطمہ خواجہ، عندلیب عباس اور سعدیہ عباسی میں مقابلہ ہوگا.

    پنجاب سے اقلیت کی ایک نشست پر 3 امید وار آمنے سامنے ہیں، جب کہ پنجاب سے ٹیکنوکریٹ نشست پر تین امیدوار میں ٹاکرا ہوگا۔

    اسحاق ڈار سمیت ن لیگ کے پانچ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے ہیں. اسحاق ڈار نے جنرل اور ٹیکنوکریٹ نشستوں پر کاغذات جمع کرائے تھے. دونوں نشستوں پر اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی مسترد کردے گئے.

    اس کے علاوہ آزاد امیدوار سرفراز قریشی کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد ہوگئے ہیں.

    یاد رہے کہ سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ‌ 8 فروری تھی.نئے سینیٹرز کے انتخاب کے لئے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی.

    سینیٹ انتخابات: کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مہلت ختم

    واضح رہے کہ پنجاب سے کل 34 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، جن میں جنرل نشستوں کے لیے 21، خواتین اور ٹیکنوکریٹ نشستوں کے لیے 5-5 جبکہ اقلیتی نشستوں پر 3 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے تھے.


    نئے سینیٹرزکے انتخاب کے لئے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • سینیٹ انتخابات کے لیے اسحاق ڈارکے کاغذات نامزدگی مسترد

    سینیٹ انتخابات کے لیے اسحاق ڈارکے کاغذات نامزدگی مسترد

    اسلام آباد: ن لیگ کو ایک اور دھچکا، الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے لیے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق اسحاق ڈار کوسینیٹ میں پہنچانے کی ن لیگ کی کوشش ناکام ثابت ہوئی. سینیٹ الیکشن کے لیے مفرور اسحاق ڈارکے جعلی دستخط سے کاغذات جمع کرائے گئے تھے، جو مسترد ہوگئے.

    یاد رہے کہ اسحاق ڈار نے مسلم لیگ ن کی جانب سے سینیٹ میں ٹیکنو کریٹ کی سیٹ پر کاغذات جمع کروائے تھے۔ پی ٹی آئی نے اسحاق ڈارکے کاغذات میں جعلسازی کوچیلنج کیا تھا۔

    آج الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے لئے سابق وزیر خزانہ اور اشتہاری قرار پانے والے اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی پر پاکستان تحریک انصاف کی درخواست کی سماعت کی۔

    اسحاق ڈارکوسینیٹ کا ٹکٹ مل گیا، حنا کھرکے بھی کاغذات نامزدگی جمع

    الیکشن کمیشن نے اسحاق ڈار کے وکیل کو بنیک اکاؤنٹ کی مصدقہ کاپیاں جمع کرانے کے لیے وقت دیا، البتہ مقررہ وقت میں وکیل کی جانب سے مصدقہ کاپیاں جمع نہیں کروائی جاسکیں۔ الیکشن کمیشن نے اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی کو مسترد کردیا۔

    واضح رہے کہ تحریک انصاف نے اسحاق ڈار کی سینیٹ میں نامزدگی کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اسحاق ڈار اشتہاری اور بددیانت ہیں اور سینیٹ انتخابات کے اہل نہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

  • فاٹا اور اسلام آباد سے سینیٹ کا انتخابی شیڈول روک لیا گیا

    فاٹا اور اسلام آباد سے سینیٹ کا انتخابی شیڈول روک لیا گیا

    اسلام آباد: فاٹا اور اسلام آباد سے سینیٹ کا انتخابی شیڈول روک لیا گیا۔ ریٹرننگ افسر کل پبلک نوٹس جاری کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کا جزوی شیڈول جاری کردیا۔ سندھ، پنجاب، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جس کے مطابق چاروں صوبوں میں پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔

    الیکشن کمیشن نے فاٹا اور اسلام آباد سے سینیٹ کا انتخابی شیڈول روک لیا ہے۔ ریٹرننگ افسر کل پبلک نوٹس جاری کریں گے۔ کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ میں 2 دن کی توسیع کردی گئی ہے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی 8 فروری تک جمع کروائے جاسکیں گے۔ امیدواروں کی اسکروٹنی 12 فروری کو ہوگی۔ ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیل 15 فروری کو دائر کروائی جاسکے گی۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق اپیلوں پر ٹریبونلز 17 فروری کو فیصلے کریں گے۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 18 فروری کو جاری کی جائے گی جبکہ کاغذات واپس لینے کی تاریخ 19 فروری مقرر کی گئی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری

    سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے ایوان بالا یعنی سینیٹ کے انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا۔ ریٹرننگ افسر کی جانب سے 3 فروری کو پبلک نوٹس جاری کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کے انتخابات کے لیے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ کے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 4 تا 6 فروری متعلقہ ریٹرننگ افسر کے پاس جمع کروا سکیں گے۔ امیداروں کے نامزدگی فارم کی جانچ پڑتال 9 فروری تک مکمل ہوگی۔

    حتمی امیدواروں کی فہرست 15 فروری کو جاری کی جائے گی۔ 16 فروری تک امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکتا ہے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سینیٹ کے انتخابات کے لیے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔ سینیٹ کی خالی ہونے والی 52 نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • امریکا میں شٹ ڈاؤن جاری‘ مجسمہ آزادی بند کردیا گیا

    امریکا میں شٹ ڈاؤن جاری‘ مجسمہ آزادی بند کردیا گیا

    واشنگٹن : امریکی شٹ ڈاون ختم کرنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات بھی ناکام ہوگئے ہیں‘ سرکاری مشینری گزشتہ تین روز سے جامد پڑی ہے‘ امریکا کی عظمت کی علامت سمجھا جانے والا مجسمہ آزادی بھی سیاحوں کے لیے بند کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جمعے کی رات 12 بجے شروع ہونے والا شٹ ڈاؤن آج تیسرے روز بھی جاری ہے جس کے سبب امریکا میں ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے والے محکموں کے سوا باقی تمام حکومتی ادارے بند پڑے رہیں گے۔

    حکومتی شٹ ڈاون کے باعث لاکھوں افراد آج ملازمت پر نہیں جاسکے۔حکومت اور اپوزیشن میں اختلافات کے باعث وفاقی حکومت کا بجٹ منظور نہ ہوسکا جس کے سبب حکومتی امور کو شٹ ڈاون کرنا پڑا ہے۔

    حکومت کے سول اخراجات کے ساتھ ساتھ دفاعی اخراجات بھی بند کر دیے گئے ہیں جبکہ ملازمین کو تنخواہوں کی فراہمی کا سلسلہ بھی رک گیا ہے اور پارکس، میوزیمز سب بند ہیں ۔شٹ ڈاون آئندہ ماہ کے وسط یعنی چار ہفتے تک جاری رہے گا۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سےٹیکسوں میں کمی کی پالیسی کواپوزیشن کی جانب سے انتہائی مخالفت کا سامنا تھا، ٹرمپ نے کارپوریٹ ٹیکسوں سمیت دیگر ٹیکسوں میں خاطر خواہ کمی کی تھی۔

    امریکا میں اس سے قبل آخری بار اکتوبر 2013 میں شٹ ڈاؤن ہوا تھا جوکہ سولہ دن جاری تھا۔ حکومتی شٹ ڈاون کےباعث عالمی سطح پر ڈالرکی قدر شدید دباؤ کاسامناہے اورڈالر کی قدر تین سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔

    بجٹ کی اس صورتحال کے سبب جہاں امریکا میں کئی اہم کام رک گئے ہیں وہیں امریکا کی خود مختاری اور عظمت کی علامت سمجھا جانے والے مجسمہ آزادی بھی عوام اور سیاحوں کے لیے گزشتہ روز یعنی اتوار کے لیے بند کردیا گیا ہے۔تاہم نیویارک کے گورنر اینڈریو کاؤمو کا کہناتھا کہ وہ ریاست کے فنڈ سے ادائیگیاں کرکے اس معروف سیاحتی مقام کو کھول دیں گے۔

    تازہ ترین صورتحال


    اس وقت امریکی سینٹ میں صورتحال یہ ہے کہ بجٹ بل کومنظور ہونے کے لیے ری پبلکن کو 100 ممبران کے چیمبر میں سے 60 ووٹ درکار ہیں جس میں سے ان کے پاس 51 موجود ہیں‘ یعنی انہیں ڈیموکریٹس (اپوزیشن‘ کے کیمپ سے کچھ سینیٹرز کی مدد درکار ہے۔

    ڈیموکریٹس چاہتے ہیں کہ اس موقع پر وہ امریکی صدر کی امیگریشن پالیسی پر ڈیل کریں تاکہ تاریکینِ وطن کے لیے امریکا آنا آسان ہوسکے‘ تاہم ری پبلکن کا اس سلسلے میں کہنا ہے جب تک وفاقی حکومت کا کاروبار بند پڑا ہے ‘ اس سلسلے میں کوئی معاہد نہیں ہوسکتا۔

    دوسری جانب ری پبلکن بارڈر سیکیورٹی کے لیے بھی فنڈنگ کرنا چاہتے ہیں جس میں میکسیکو کے ساتھ دیوار کی تعمیر اور امیگریشن پالیسی سخت کرنا شامل ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ٹرمپ کی صدارت کو ایک سال مکمل، امریکہ کو شٹ ڈاؤن کا سامنا

    ٹرمپ کی صدارت کو ایک سال مکمل، امریکہ کو شٹ ڈاؤن کا سامنا

    واشنگٹن : امریکہ کو آئندہ ایک ماہ کیلئے حکومتی شٹ ڈاون کا سامنا ہے ، امریکہ میں حکومتی اخراجات کیلئے فنڈز کی فراہمی جاری رکھنے کا بل کانگریس نے مسترد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ میں شٹ ڈاون،حکومتی اخراجات کیلئےفنڈز کی فراہمی روک دی گئی، حکومت اور اپوزیشن میں نئے بجٹ پر اتفاق نہ ہوسکا، حکومت کے سول اخراجات کے ساتھ ساتھ دفاعی اخراجات بھی بند کر دیئے جائیں گے جبکہ ملازمین کو تنخواہوں کی فراہمی رک جائے گئی اور پارکس، میوزیمز سب بند ہوجائیں گے۔

    شٹ ڈاون چار ہفتے جاری رہے گا۔

    شٹ ڈاون مقامی وقت کے مطابق رات بارہ بجے سے ہوا، ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سےٹیکسوں میں کمی کی پالیسی کوانتہائی مخالفت کا سامنا تھا، ٹرمپ نے کارپوریٹ ٹیکسوں سمیت دیگر ٹیکسوں میں خاطر خواہ کمی کی تھی۔

    ریپبلکن حکومت نے حکومتی اخراجات کیلئے فنڈز کی فراہمی کو جاری رکھنے کیلئے بل پیش کیا تھا جو کہ منظور نہ ہوسکا۔

    خیال رہے کہ آخری بار اکتوبر 2013 میں شٹ ڈاون ہوا تھا جوکہ سولہ دن جاری تھا۔

    دوسری جانب حکومتی شٹ ڈاون کےباعث عالمی سطح پر ڈالرکی قدر شدید دباؤ کاسامناہے۔ عالمی سطح پر ڈالر کی قدر تین سال کی کم ترین سطح پر آگیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • زینب قتل کیس: سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع

    زینب قتل کیس: سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع

    اسلام آباد: صوبہ پنجاب کے شہر قصور میں 7 سالہ زینب کی آبرو ریزی اور قتل کے خلاف سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کروادیا گیا۔ نوٹس پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے جمع کروایا۔

    تفصیلات کے مطابق قصور میں چند روز قبل اغوا اور بعد ازاں زیادتی و قتل ہونے والی 7 سالہ زینب کے خلاف سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کروا دیا گیا۔ توجہ دلاؤ نوٹس پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے جمع کروایا۔

    نوٹس کے متن کےمطابق قصور میں 7 سال کی بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا گیا، حیران کن بات ہے ایک سال میں قصور میں 10 واقعات ہوئے۔

    نوٹس میں شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات تشویش ناک اور پریشان کن ہیں۔ ایسے تمام واقعات کی مکمل تحقیقات ضروری ہے۔

    متن میں کہا گیا کہ سنگین واقعے پر وزیر قانون و انصاف ایوان میں جواب دیں۔

    یاد رہے کہ قصور کے علاقے روڈ کوٹ کی شہری 7 سالہ زینب 5 جنوری کی شام ٹیوشن پڑھنے کے لیے گھر سے نکلی تھی لیکن واپس نہیں لوٹی۔ بچی کے والدین عمرے کے لیے سعودی عرب گئے ہوئے تھے جبکہ بچی اپنی خالاؤں کے ساتھ رہائش پذیر تھی۔

    چار روز بعد بچی کی لاش قصور کی ایک کچرا کنڈی سے دریافت ہوئی۔ پولیس کے مطابق بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔

    لاش ملنے کے بعد گزشتہ 2 روز سے قصور میں حالات سخت کشیدہ ہیں اور شدید احتجاج جاری ہے۔

    بچی کی نماز جنازہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے پڑھائی تھی۔ والدین اور اہل علاقہ نے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔