Tag: Senator sherry rehman

  • وزیر اعظم سینیٹ، قومی اسمبلی کے سامنے جوابدہ ہے، رضا ربانی

    وزیر اعظم سینیٹ، قومی اسمبلی کے سامنے جوابدہ ہے، رضا ربانی

    اسلام آباد: سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ سینیٹ وزیر اعظم، وفاقی کابینہ کے وزرا  کو طلب کرسکتی ہے، وزیر اعظم سینیٹ، قومی اسمبلی کے سامنے جوابدہ ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، رضا ربانی نے کہا کہ وزیر اعظم کا یہ کہنا درست نہیں کہ سینیٹ انہیں طلب نہیں کرسکتی، وزیر اعظم یا کابینہ کے کسی ممبر کو طلب کرنا سینیٹ کا آئینی اختیار ہے۔

    سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میں کافی عرصہ چپ رہا مگر اب معاملہ ایوان کی بالادستی کا ہے، یہ کہنا کہ پریذائیڈنگ آفیسر مجھے طلب نہیں کرسکتا آئین کی خلاف ورزی ہے، سیاسی مسائل کو پارلیمان میں حل کرنا چاہئے۔

    رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ موجودہ حکومت 3 مختلف اسکیمیں لائی ہے، ایمنسٹی اسکیم کے ذریعے کالا دھن سفید کرنے کی کوشش ہے، حکومت کی جانب سے لائی گئی تمام اسکیمیں ناکام رہی ہیں، مڈل کلاس طبقے کے لیے کسی قسم کی اسکیم نہیں لائی گئی، صدر سے گزارش ہے ایسی ایمنسٹی اسکیم ماننے سے انکار کردیں۔

    شیری رحمان نےوزیراعظم کےچیئرمین سینیٹ پربیان کومستردکردیا

    سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ بیان پر وزیر اعظم کو طلب کرسکتے ہیں، چیئرمین سینیٹ ایگزیکٹو، وزرا اور حکام کو طلب کرسکتے ہیں، وزیر اعظم نے چیئرمین سینیٹ اور ایوان کی بے توقیری کی، وزیر اعظم کے بیان پر ایوان میں بھرپور آواز اٹھائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم پر بھی آواز اٹھائیں گے راتوں رات اسکیم لے آئے، ہم ایوان اور چیئرمین سیینیٹ کے عہدے کو مذاق نہیں بننے دیں گے، حکومت کی طبیعت متحدہ اپوزیشن ایوان میں درست کردے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سینیٹرشیری رحمان کی نئی دہلی میں منعقدہ گلوبل لیڈرشپ فورم میں شرکت

    سینیٹرشیری رحمان کی نئی دہلی میں منعقدہ گلوبل لیڈرشپ فورم میں شرکت

    نئی دہلی : پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے نئی دہلی میں منعقدہ گلوبل لیڈرشپ فورم میں پاکستان کی نمائندگی کی اور مختلف تقریبات میں شرکت کی۔

    فورم میں دنیا بھر کے سیاسی رہنماؤں اور ممبران پارلیمنٹ نے بھی شرکت کی۔ سینیٹر شیری رحمان نے ’کل کی ایک پرامن دنیا کی تشکیل‘ کے عنوان سے ایک سیشن میں قیادت ، دہشت گردی ، عدم مساوات اور تعلیم جیسے وسیع مسائل پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو بہت سنگین چیلنجزکا سامنا کرنا ہے جس میں عدم مساوات بھی شامل ہے۔

    سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو ترقی کی پیمائش سے خارج کر دیا جاتا ہے ، آج کی دنیا میں ہر سات انسانوں میں سے ایک انسان پناہ گزین ہے، ایک ایسا انسان جس کی نہ شناخت ہے نہ ہی گھر۔

    انہوں نے کہا کہ امیرمزید امیر ہو رہے ہیں اور غریب غریب تر ہو رہے ہیں ۔اس طرح عدم مساوات محرومی، خوف اور تنازعات کو جنم دیتی ہے۔ ان سنگین مسائل کا حل ہم آہنگی اور سلامتی کے لئے عالمی سطح پر تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

    سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ زیادہ تر لوگوں کو اس بات کا احساس ہی نہیں کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی اندرون ملک جنگوں میں سے ایک جنگ تنہا لڑ رہا ہے ۔

    نئی دہلی میں دنیا کی ثقافت فیسٹیول میں تیس لاکھ سے زائد شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان نے پاکستانی پرچم بھی لہرایا۔