Tag: Senator Siraj ul Haq

  • جبر و تشدد سے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں ہونگے، سراج الحق

    جبر و تشدد سے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں ہونگے، سراج الحق

    لاہور : امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کراچی میں کارکنوں پرتشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرفتار کارکنوں کو فوری رہا نہ کیا گیا تو پورے ملک میں احتجاج کریں گے۔ جبر اور تشدد سے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امیرجماعت اسلامی پاکستا ن سینیٹرسراج الحق، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ، نائب امراء حافظ محمد ادریس ، راشد نسیم ، اسد اللہ بھٹو ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، میاں محمد اسلم اور پروفیسر محمد ابراہیم نے کراچی میں جماعت اسلامی کے کارکنوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے۔

    رہنماؤں نے کہا ہے کہ گرفتاریوں اور پکڑ دھکڑ سے احتجاج کا حق نہیں چھینا جاسکتا۔ پولیس ظلم و جبر اورتشدد سے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتی۔ جلسہ جلوس اور احتجاج عوام کا جمہوری حق ہے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی و ضلعی حکومتیں احتجاج روکنے کی بجائے لوڈ شیڈنگ ختم کرائیں، وزیراعلیٰ سندھ کے الیکٹرک کی زیادتیوں کا نوٹس لیں اور شہریوں کو ظالمانہ لوڈشیڈنگ سے نجات دلائیں۔

    انہوں نے کہا کہ گرفتارکارکنوں کو فوری رہا نہ کیا گیا تو پورے ملک میں احتجاج کریں گے۔

  • اپنے دوراقتدارمیں خواتین کوبلاسود قرض دیں گے، سراج الحق

    اپنے دوراقتدارمیں خواتین کوبلاسود قرض دیں گے، سراج الحق

    لاہور: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اقتدار میں آنے کے بعد خواتین کو بلاسود قرض دینے والا بینک قائم کریں گے، ہماری حکومت میں بچوں،بچیوں کیلئے تعلیم مفت ہوگی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک میں قوانین تو موجود ہیں مگراس پرعمل درآمد کرنے والی حکومت نہیں ہے۔

    ہمارے دور حکومت میں تمام بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی اور مفت تعلیم پر بھی اگر کوئی اپنے بچوں کونہیں پڑھائے گا تو ایسے والدین کو جیل بھیج دیاجائے گا۔

    صحت کی سہولیات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جب جمہورکی حکومت ہوگی توعلاج معالجہ بھی مفت فراہم کریں گے۔

    اس کے علاوہ ہربیوہ کو اس کے بچوں کی کفالت اورتعلیم کیلئے بلا سود قرضہ دئیے جائیں گے، ہر70 سال کے ضعیف شہری کو خصوصی الاؤنس دیا جائے گا۔

    امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ ملک بھرسےجہیزکی لعنت کا خاتمہ چاہتےہیں،خواتین کوبلاسودقرض دینےوالابینک قائم کریں گے، انہوں نے کہا کہ خواتین پرتشدد کرنے والےمرد سے زیادہ بزدل کوئی نہیں ہے۔

  • اسٹیٹ بینک سودی نظام کے خاتمے کا ٹائم فریم دے، سینیٹرسراج الحق

    اسٹیٹ بینک سودی نظام کے خاتمے کا ٹائم فریم دے، سینیٹرسراج الحق

    اسلام آباد : امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سود کا خاتمہ آئین پاکستان کا تقاضا ہے، قوم سود اور کرپشن فری پاکستان چاہتی ہے، انہوں نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے سودی نظام کے خاتمے کے حوالے سے ٹائم فریم مانگ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام انسداد سود کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ملک میں سودی نظام کا نفاذ تمام مسائل کی جڑ ہے۔ سودی نظام کی وجہ سے ملک کے تمام ادارے برباد ہو چکے ہیں ۔اس نظام کا جاری رہنا نظریہ پاکستان سے بغاوت ہےاور معاشی خودکشی کے مترادف ہے۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ناموس رسالت کی توہین پر پوری قوم سراپا احتجاج ہے جبکہ حکومت تحفظ ناموس رسالت میں بھی ناکام ہو چکی ہے۔ وزیر داخلہ کے اعلانات اپنی جگہ اب ہم عملی اقدامات چاہتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے پانامہ کیس کا فیصلہ عوام کے حق میں اور کرپشن کے خلاف ہو۔ اسٹیٹ بینک سرکاری قرضے لیکر معاف کروانے والوں سے پیسہ واپس لے کر سرکاری خزانے میں جمع کروائے۔ قوم سود سے پاک اور کرپشن فری پاکستان چاہتی ہے۔ ملک میں کرپشن اور سود کا گٹھ جوڑ ہے۔ سودی نظام انسانیت کے خلاف معاشی دہشتگردی ہے۔

    اقتصادی مشکلات اور بیروزگاری کی وجہ سودی نظام ہے۔ سودی نظام کا جاری رہنا نظریہ پاکستان سے بغاوت ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے رواں برس مئی میں اسلام آباد میں تحفظ ناموس رسالت اور سودی نظام کے خاتمے سے متعلق گرینڈ عوامی جرگہ منعقد کرانے کا بھی اعلان کیا۔

    کنونشن سے خطاب میں جمعیت علمائے اسلام س کے سربراہ مولانا سمیع الحق سمیت دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ سودی نظام کے خاتمے کیلئے سیاسی و مذہبی طاقتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر موثر تحریک چلانا ہو گی۔ ملک سے کرپشن کے خاتمے تک سودی نظام کا خاتمہ ممکن نہیں۔

    پارلیمانی سطح پر آج تک سودی نظام خاتمے کے بارے عملی اقدامات نہیں کئے گئے۔ پاکستان بد ترین اقتصادی حالت سے گزر رہا ہے۔ ہر پاکستانی ایک لاکھ پندرہ ہزار روپے کا مقروض ہے۔ وفاقی حکومت سود کے بجائے متبادل معاشی نظام کی طرف آئے۔

    کنونش کے مشترکہ اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا کہ اب مزید ملک میں سودی نظام برداشت کرنے کو تیار نہیں ۔ہر قسم کا سود حرام اور اسلامی قوانین کے خلاف ہے ۔تمام سودی قوانین کو کالعدم قرار دیا جائے۔

  • نوازشریف کو آنسو بہاتا دیکھ کر ضیاء الحق کی یاد آگئی، سراج الحق

    نوازشریف کو آنسو بہاتا دیکھ کر ضیاء الحق کی یاد آگئی، سراج الحق

    لاہور : امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف کو آنسو بہاتے دیکھا تو ضیاء الحق یاد آگئے،عدالت چاہے تو معاملہ 25 دن میں طے کرسکتی ہے، وزیراعظم کے بعد اپوزیشن کا بھی احتساب ہوگا، دوسرے ملکوں کی طرح پاکستان کو بھی کرپشن سے پاک کرنا ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں جماعت اسلامی کے تحت جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کرپشن پر اپوزیشن سے بھی حساب لیا جائے لیکن پہلے وزیراعظم اور ان کے ٹولے کا احتساب ہوگا، ضیاءالحق روتے تھے کہ میں ریفارمز نہیں لاسکا، پھر نواز شریف کو بھی روتے دیکھا، ماضی کی طرح یہ صرف انکوائری رپورٹ نہ ہو، کمیٹی کو چاہیئے کہ 25 دن میں رپورٹ مکمل کرے اور سپریم کورٹ فیصلہ کرے۔

    سینیٹرسراج الحق نے وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں نوازشریف کو ایک جلسے میں آنسو بہاتے دیکھا تو ضیاء الحق یاد آگئے۔

    انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ملک میں جب بھی ایسے حالات پیدا ہوئے تو ڈکٹیٹر آجاتا ہے،پہلے بھی کہا تھا کہ معاملے کو گراؤنڈ سے زیادہ عدالت میں حل ہونا چاہئیے، ہم نے کوشش کی کہ خون خرابہ نہ ہو، تاریخ گواہ ہے کہ اس طرح کبھی مثبت نتائج نہیں آئے۔

    امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ایسے حالات میں ڈکٹیٹرز آجاتے ہیں اور جب ڈکٹیٹر آتا ہے تو پھر آئین اور قانون کو الماری میں رکھ دیا جاتا ہے،ابھی لوہا گرم ہے، قوم عدلیہ کی پشت پر ہے، اب وقت ہے کہ اسے با معنی بنایا جائے اگر سنگاپور اور ہانگ کانگ کرپشن سے پاک ہوسکتے ہیں تو پاکستان کیوں نہیں ہوسکتا؟