Tag: send

  • برطانیہ کا جنگی جہاز ڈنکن بھی مشرق وسطیٰ روانہ

    برطانیہ کا جنگی جہاز ڈنکن بھی مشرق وسطیٰ روانہ

    لندن : برطانیہ نے ایران کے ساتھ کشیدگی کے تناظر میں اپنا دوسرا فوجی بحری جہاز ڈنکن خلیج بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، دوسری جانب جیریمی ہنٹ کا کہنا ہے کہ برطانیہ اور اس کے مغربی حلیف ایران سے جنگ اور تناؤ نہیں چاہتے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ نے ایک نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویومیں کہا کہ خلیج میں اپنے طویل المدت قیام کے فریم ورک میں ہم ڈنکن نامی لڑاکا بحری جہاز وہاں بھیج رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ لندن اور اس کے حلیف لڑائی نہیں چاہتے، ہم ایران سے کشیدگی بڑھانے سے اجتناب چاہتے ہیں کیونکہ یہ صورت حال خطرناک ہو سکتی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنی بات جاری رکھتے ہوئے جیریمی ہنٹ نے کہا کہ ہم اپنے بین الاقوامی پارٹنرز کے ساتھ کے مل کر [آبنائے ہرمز] ایسے اہم کوریڈور میں جہازوں کی نقل وحرکت کی آزادی کو یقینی بنانے میں تعاون کریں گے۔

    ترجمان نے بتایا کہ شاہی بحریہ میں شامل ڈنکن جنگی جہاز مسلسل سیکیورٹی اور تحفظ کے لئے خطے میں تعینات رہے گا جبکہ برطانیہ ہی کا نیوی فریگیٹ ایچ ایم ایس مونٹروز طے شدہ مرمت اور عملے کی تبدیلی میں سہولت فراہمی کے لئے ہمراہ ہو گا۔

    مزید پڑھیں: برطانوی آئل ٹینکر پر ایرانی قبضے کی کوشش ناکام

    واضح رہے کہ سپریم لیڈر  آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای، صدر حسن روحانی اور آرمی چیف محمد باقری نے آئل ٹینکر کو رہا نہ کرنے کی صورت میں برطانوی ٹینکر کو روکنے کی دھمکی دی تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ایرانی ٹینکر کے قبضے کا جواب دینے کے لیے ایرانی فورسز نے آبنائے ہرمز میں برطانوی آئل ٹینکر کو پکڑنے کی کوشش کی تھی جو ناکام ہوگئی تھی۔

    یاد رہے کہ یورپی یونین نے شام کو تیل کی سپلائی پر پابندی عائد کررکھی ہے جس پر ایرانی ٹینکر جبرالٹر سے شام خام تیل لے جاتے ہوئے گزشتہ ہفتے پکڑا گیا تھا۔

  • برطانیہ بغیر ڈیل کے ہی یورپی یونین سے نکل جائے، ٹرمپ

    برطانیہ بغیر ڈیل کے ہی یورپی یونین سے نکل جائے، ٹرمپ

    لندن/واشنگٹن : ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ کو بغیر ڈیل کے بریگزٹ کرنا چاہیے، برطانوی حکومت کو بریگزٹ کی خاطر 39 بلین پاؤنڈ کی ادائیگی نہیں کرنی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر برطانیہ بریگزٹ کے لیے ایک اچھی ڈیل کو حتمی شکل نہیں دے سکتا تو اسے کسی ڈیل کے بغیر ہی یورپی یونین سے علیحدگی اختیار کر لینا چاہیے۔

    امریکی ٹی وی کے مطابق اپنے دورہ برطانیہ سے قبل انہوں نے کہا کہ لندن حکومت کو بریگزٹ کی خاطر 39 بلین پاؤنڈ کی ادائیگی نہیں کرنی چاہیے۔

    سنڈے ٹائمز سے انٹرویو میں ٹرمپ نے مزید کہا کہ برطانیہ کو رواں برس کے دوران ہی یورپی یونین کو چھوڑ دینا چاہیے۔ امریکی صدر پیر کے دن برطانیہ پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ وزیر اعظم ٹریزا مے کے ساتھ ملاقات میں عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

    یاد ریے کہ  دو روز قبل ٹوری پارٹی قیادت کی دوڑ میں شامل وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ نے متنبہ کیا تھا کہ اگر ان کی پارٹی نے نوڈیل بریگزٹ پر بریگزٹ کی کوشش کی تو یہ ان کی پارٹی کے لیے خودکشی کے مترادف ہوگا۔

    مزید پڑھیں : نوڈیل پر بریگزٹ پارٹی کے لیے خودکشی کے مترادف ہوگا، جیرمی ہنٹ

    انہوں نے کہا کہ نوڈیل کی وکالت کرنے والا وزیراعظم پارلیمںٹ سے اعتماد کا ووٹ کھو دے گا اور عام انتخابات کا انعقاد بھی ایسا ہی ہوگا، عام انتخابات کے ذریعے نوڈیل کوئی حل نہیں بلکہ یہ سیاسی خودکشی ہوگی۔

    جریمی ہنٹ نے کہا کہ اگر میں جیت گیا تو یورپی یونین سے ایک نئے معاہدے کی کوشش کریں گے۔

  • ناسا نے خاتون کو چاند پر بھیجنے کا فیصلہ کرلیا

    ناسا نے خاتون کو چاند پر بھیجنے کا فیصلہ کرلیا

    واشنگٹن : ناسا نے 5 برس بعد ارٹمیس پروگرام میں ایک مرد اور ایک ایک خاتون کو چاند پر ایک اتارنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق چاند کی سطح پرانسان کو قدم رکھے پانچ عشرے ہونے والے ہیں، اب تک چاند پراترنےوالوں میں مرد ہی شامل رہے ہیں مگرامریکی خلائی ایجنسی ناسا نے پہلی بار سنہ 2024ء میں ایک خاتون کو چاند پر اتارنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ناسا کے خلائی مشن کے لیے بجٹ میں اضافے کے بعد کیا گیا ہے۔

    ‘ناسا’ کے ڈائڑیکٹر مواصلات ‘بیٹینا انکلین’ نے بتایا کہ اب تک چاند کی سطح پر قدم رکھنے والے کل 12 خلائی سائنسدان سب امریکی مرد تھے تاہم ایجنسی پہلی بار ایک امریکی خاتون خلانورد کو بھی چاند پر اتارنے کی تیاری کررہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گذشتہ سوموار کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ناسا کے بجٹ میں ایک ارب 60 کروڑ ڈالر کا اضافہ کیا تھا، ہم زیادہ اور بڑے پیمانے پر خلائی تحقیقات کی طرف واپس پلٹنا چاہتے ہیں۔

    صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی انتظامیہ ناسا کی عظمت رفتہ کی بحالی اور چاند پر اپنے تحقیقاتی مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے مریخ کی طرف بڑھنا چاہتی ہے۔

    خیال رہے کہ ناسا نے دوبارہ چاند کی سطح پر اپنی سرگرمیوں اور تحقیقات کے لیے 21 ارب ڈالر کے بجٹ کا مطالبہ کیا تھا۔

    امریکی خلائی تحقیقاتی ایجنسی (ناسا) کے ڈائریکٹر جیم بریڈنشائن نے کہا ہے کہ یہ بجٹ ایجنسی کو نئے منصوبوں کے ڈیزائن، ڈویلپمنٹ اور دریافتوں کےمیں مدد فراہم کرے گا۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سوموار کو ناسا نے چاند کے جنوبی حصے میں 2024ء کو خاتون خلان ورد کو اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ناسا کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ چاند پر خاتون کو اتارنے کے مشن کو قدیم یونانیوں میں چاند کےمعبود ‘ارٹمیس’ کے نام سے موسوم اور اپالو کی جڑواں بہن کیا گیا ہے، اس سے قبل ناسا نے اپالو11 نامی مشن کے تحت 20 جولائی 1969ء کو پہلی بار ایک زندہ انسان کو چاند کی سطح پر اتارا تھا۔

    برڈنشائن کا کہنا ہے کہ 50 سال کے بعد ارٹمیس پروگرام میں ایک مرد اور ایک ایک خاتون کو چاند پر ایک ساتھ اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • لندن : داعش سے تعلق، 2 برطانوی شہریوں کو امریکا کے حوالے کرنے کا فیصلہ

    لندن : داعش سے تعلق، 2 برطانوی شہریوں کو امریکا کے حوالے کرنے کا فیصلہ

    لندن : برطانیہ کی حکومت نے عالمی دہشت گرد تنظیم داعش سے تعلق رکھنے والے 2 برطانوی شہریوں کو امریکا کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا تاکہ انہیں سزا دی جاسکے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی حکومت کی جانب سے بدنام زمانہ دہشت گرد تنظیم داعش سے تعلق رکھنے والے 9 شہریوں کو واپس لینے سے انکار کرتے ہوئے انہیں برطانوی شہریوں کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت نے جن شہریوں کو واپس لینے سے انکار کیا ہے کہ ان میں سے 2 مرد اور دو خواتین اور ان کے بچوں کا تعلق داعش کے جنگجو گروپ بیٹلز سے ہے، جو عراق میں‌دہشت گردانہ کارروائیاں کرتا تھا، حکومت نے مذکورہ افراد کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔

    خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ برطانوی حکام کی جانب سے خطرناک جہادی گروپ جون کے دو جنگجوؤں الشفیع الشیخ اور الیگزنڈا کو امریکا کے حوالے کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہاں جرم ثابت ہونے کے بعد سزا دی جاسکے۔

    الشفیع الشیخ اور الیگزنڈا کوٹے

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ حکام کی جانب سے گرفتار کیے گئے باقی 7 دہشت گردوں کو اور حامیوں کو اس لیے برطانیہ نہیں لارہے کہ وہ عوام کے لیے خطرہ نہ بن جائیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جون گروپ سے تعلق رکھنے والے داعش کے دہشت گرد الشفیع اور الیگزنڈا کو امریکا کے حوالے کرنے اور مقدمہ چلانے کا انکشاف گذشتہ روز عدالت میں ہوا تھا۔

    برطانیہ کے شاہی پراسیکیوشن سروس ’سی پی ایس‘ نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ پولیس جب تک گرفتار دہشت گردوں کے خلاف 600 افراد کے بیانات قلم بند نہیں کرتی، اس وقت تک موثر انداز میں مقدمہ نہیں چلایا جاسکتا۔

    عدالتی دستاویزات کے مطابق سی پی ایس نے برطانوی حکومت کو تجویز پیش کی تھی کہ ضروری لائحہ عمل کے باعث دونوں ملزمان کے خلاف قائم مقدمہ ختم ہوجائے گا جبکہ مذکورہ لائحہ عمل امریکی حکام کے لیے کوئی مسئلہ نہیں۔

  • سعودی عرب جلد اپنا سفیر برلن بھیجے گا، جرمن وزیر خارجہ

    سعودی عرب جلد اپنا سفیر برلن بھیجے گا، جرمن وزیر خارجہ

    نیویارک : سعودی عرب اور جرمن وزیر خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی کشیدگی محض غلط فہمی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی حکومت اور جرمنی کےدرمیان قائمسفارتی تعطل کو ختم کرنے کے لیے دونوں ممالک کے حکام کی جانب سے کوششیں تیز کردی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر سعودی عرب اور جرمنی کے وزراء خارجہ کے مابین ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے وزراء خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبدلہ خیال اور باہمی تعلقات کی اہمیت کا اعتراف کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کہنا تھا کہ وزراء خارجہ نے امریکا میں پریس کانفرنس سے مشترکہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور جرمنی کے درمیان کوئی کشیدگی نہیں ہے، سعودی عرب بہت جلد اپنا سفیر جرمنی بھیجے گا۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز جرمن وزارت خارجہ کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ مشرق وسطیٰ میں سعودی حکومت جرمنی کی اہم اتحادی ہے، جس پر وزیر خارجہ عادل الجبیر نے جرمن وزارت خارجہ کے بیان کا خیر مقدم کیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق جرمنی کے وزیر خارجہ گایکو ماس نے پریس کانفرنس کے دوران اعتراف کیا کہ جرمنی اور سعودی عرب کے درمیان کسی قسم کا سفارتی تعطل نہیں ہے اور جو ماضی میں تھا وہ غلط فہمی کا نتیجہ تھا۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے پریس کانفرنس کے بعد جرمن وزیر خارجہ کو سعودی عرب کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی حکومت اور برلن کے مابین مضبوط اور تاریخی تعلقات قائم ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک تاریخی تعلقات مزید مستحکم کریں گے، ریاض تمام شعبوں میں جرمنی کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

  • عید قرباں پر سرکاری تعطیلات کی سمری وزارت داخلہ کو ارسال

    عید قرباں پر سرکاری تعطیلات کی سمری وزارت داخلہ کو ارسال

    اسلام آباد : عید الاضحیٰ کے موقع پر حکومت کی جانب سے سرکاری سطح پر عام تعطیلات کی سمری وزارت داخلہ کو بھجوا دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چند روز بعد آنے والی عید قرباں پر حکومت کی جانب سے عوام کو چھٹیاں دینے کی سمری وزارت داخلہ کو بھجوادی گئی ہے، جس میں عوام کے لیے 4 سرکاری تعطیلات کی سفارش کی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کو ارسال کی جانے والی سمری میں حکومت کی جانب سے 21 اگست سے 24 تک عام تعطیل دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ عید الاضحیٰ رواں ماہ کی 22 تاریخ بروز بدھ کو ہونے کا امکان ہے، جس کے لیے سرکاری تعطیلات کا اعلان وزیر اعظم کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر وزارت داخلہ نے مذکورہ سمری کے مطابق تعطیلات کا اعلان کردیا تو 25 اگست کو ہفتہ پڑے گا اور نجی بینک سمیت تمام سرکاری اداروں میں ہفتہ و اتوار تعطیل ہوتی ہے، جس کے باعث سرکاری محکموں کے ملازمین کو 6 دن کی چھٹیاں ملیں گی۔

    وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی سہولت کے لیے عید الاضحی سے پہلے تنخواہ اور ریٹائرڈ ملازمین کو 17رواں ماہ کی تاریخ تک پینشن ادا کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی جانب سے اکاؤنٹنٹ جنرلز کو سرکلر جاری کر دیا گیا۔

    وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی حکومتی وسول آرمڈ فورسز کو پنشن اور تنخواہ ایڈوانس دی جائے گی، فیصلہ ملازمین کو قربانی کرنے اور عید کی خوشیاں منانے کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا۔

  • پشاور ہائی کورٹ نے نیب کو پشاور بس منصوبے کی تحقیقات کا حکم دے دیا

    پشاور ہائی کورٹ نے نیب کو پشاور بس منصوبے کی تحقیقات کا حکم دے دیا

    پشاور : پشاور ہائی کورٹ نے نیب خیبر پختون خوا کو پشاور میٹرو بس منصوبے کی انکوائری کا حکم دے دیا، عدالت نے فیصلے میں کہا کہ ایسی فرم کو  ٹھیکا دیا گیا جو دیگر صوبوں میں بلیک لسٹ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے میں کرپشن تحقیقات کیس کا محفوظ تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔

    تفصیلی فیصلے میں نیب خیبر پختون خوا کو بی آرٹی پراجیکٹ کی انکوائری کاحکم دے دیا۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ منصوبے کی لاگت 49 بلین سے بڑھ کر 67 بلین تک کیسے جاپہنچی تحقیقات کی جائیں کہ منصوبے کا ٹھیکہ ایک ایسی فرم کو کیوں دیا گیا جو دیگر صوبوں میں بلیک لسٹ ہے۔

    عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ دیگرعوامی منصوبوں کےفنڈبی آرٹی پرکیوں لگائےگئے، منصوبہ مقررتاریخ چوبیس جون تک مکمل کیوں نہیں ہوا، نیب واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے رپورٹ 5 ستمبر کو پیش کرے۔

    یاد رہے کہ بی آر ٹی میں مبینہ کرپشن کے خلاف جے یو آئی کے رہنما مولانا امان اللہ حقانی نے رٹ دائر کی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • برطانیہ کا مزید فوجی افغانستان بھیجنے کا اعلان

    برطانیہ کا مزید فوجی افغانستان بھیجنے کا اعلان

    لندن/برسلز: برطانوی وزیر اعظم نے 440 نان کمبیٹ فوجیوں کو افغانستان بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں فوج کی تعیناتی کا مقصد افغان شہریوں کی سلامتی اور ملکی استحکام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے رکن ملک بیلجیم میں دو روزہ نیٹو سمٹ کے اجلاس کا آغاز سے ہوگیا ہے، جس میں وزیر اعظم تھریسا مے نے برطانوی افواج کے 440 نان کمبیٹ فوجی اہلکاروں کو افغانستان بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی جانب سے 440 فوجی بھیجنے کے بعد افغانستان میں نیٹو مشن کے لیے برطانوی فوجیوں کل تعداد 1 ہزار 30 فوجی ہوجائے گی۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کا کہنا تھا کہ تھریسا مے کی جانب سے برطانوی افواج کی فوٹ رجمنت کے ولیش گارڈز کے آدھے اہلکاروں کو رواں برس اگست میں افغانستان بھیجا جائے گا جبکہ باقی اہلکاروں کو فروری 2019 میں روانہ کیا جائے گا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق وزیر اعظم تھریسا مے کا کہنا ہے کہ ’افغانستان میں فوج تعینات کرنے کا مقصد افغان شہریوں کی سیکیورٹی و ملکی سلامتی اور استحکام میں مدد کرنا ہے‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ افغان کے عروج کے وقت نیٹو کے 50 رکن ممالک کے 1 لاکھ 30 ہزار فوجی افغانستان میں تعینات تھے، جن میں ساڑھے 3 ہزار فوجی اہلکار اور صوبہ ہلمند میں 137 فوجی چھاونیاں صرف برطانیہ کے پاس تھیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ گذشتہ ماہ تک نیٹو کے 39 رکن ممالک کے 16 ہزار فوجی افغانستان کے دارالحکومت کابل میں موجود ہیں، جو افغان فورسز کی جنگی تربیت پر کام کررہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • سعودی حکام کی جانب سے یمنی بچوں کے لیے نصابی کتب کا تحفہ

    سعودی حکام کی جانب سے یمنی بچوں کے لیے نصابی کتب کا تحفہ

    سعودی عرب کے فرمانروا سلمان بن عبد العزیز کی جانب سے یمنی اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے لیے نصابی کتب اور دیگر تعلیمی اشیاء کا تحفہ پیش کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے جنگ کے ایندھن میں جلنے والے عرب ملک یمن کے بچوں کو مفت درسی کتب اور اسٹیشنرری فراہم کرنے میں یمن کے شعبہ تعلیم کی معاونت کی ہے۔

    سعودی عرب کی جانب سے پہلے مرحلے میں یمن کے شہر المہرہ کے اسکول میں زیر تعلیم چھٹی جماعت تک کے بچوں میں کتابیں تقسیم کی گئیں ہیں۔ جبکہ دوسرے دور میں یمن کے دیگر شہروں میں بھی کتب اور دیگر تعلیمی اشیاء کی فراہمی کی جائے گی۔

    سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبد العزیز کے حکم پر سعودی حکام کی جانب سے یمنی بچوں میں نصابی کتب کی فراہمی المہرہ کی شہری حکومت کے سیکریٹری مختار محمد سعید عبد الکریم اور ڈائریکٹر جنرل سمیر مبخوت ہراش کے ذریعے کی۔

    یاد رہے کہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی جنگجوؤں کی جانب سے یمن جنگ میں استعمال کیے جانے والے بچوں کو سعودی عرب بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے نام سے منسوب ریلیف سینٹر میں بحالی پروگرام کا پانچواں دور شروع ہوچکا ہے، جس میں 80 یمنی بچوں کی بحالی کام کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ سلمان بن عبد العزیز ریلیف سینیٹر میں جاری بحالی پروگرام کے چوتھے مرحلے میں 161 بچوں کو بحالی کے مختلف مراحل سے گزارا گیا تھا۔

    واضع رہے کہ شاہ سلمان بن عبد العزیز بحالی مرکز یمن حوثیوں کی جانب سے یمن جنگ میں استعمال کیے گئے 2ہزار بچوں کی بحالی کے لیے کام کررہا ہے۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ یمن جنگ میں متاثر ہونے والے بچے کو بحالی مرکز میں ایک ماہ کورس کروایا جاتا ہے جس میں ان کی تفسیات اور تعلیم سمیت دیگر امور پر خاص دھیان رکھا جاتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • معروف قوال امجد صابری قتل کا مقدمہ فوجی عدالت بھیجنے کا فیصلہ

    معروف قوال امجد صابری قتل کا مقدمہ فوجی عدالت بھیجنے کا فیصلہ

    کراچی :معروف قوال امجد صابری قتل کا مقدمہ فوجی عدالت بھیجنے کا فیصلہ کرلیا گیا، سندھ حکومت نے منظوری دیدی ۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں امجد صابری قتل کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران پولیس نے عدالت کو بتایا کہ حکومتِ سندھ نے امجد صابری کیس کے مرکزی ملزمان کے مقدمات فوجی عدالت میں بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور منظوری دیدی ہے۔

    پولیس نے اسحاق بوبی،عاصم کیپری کیسزسے متعلق عدالت کو آگاہ کردیا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ امجد صابری قتل کیس کا معاملہ اپیکس کمیٹی کو ارسال کردیا گیا ہے، ایپکس کمیٹی کی منظوری کے بعد کیس فوجی عدالت میں بھیجا جائے گا۔

    بعد ازاں عدالت نے سماعت چوبیس اگست تک ملتوی کردی۔


    مزید پڑھیں : معروف قوال امجد صابری قاتلانہ حملے میں جاں بحق


    واضح رہے کہ گزشتہ برس رمضان میں لیاقت پل کے نزدیک معروف قوال امجد صابری کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے اس وقت قتل کردیا گیا تھا جب وہ ایک نجی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کیلئے جارہے تھے۔

    جس کے بعد اسحاق بوبی،عاصم کیپری کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کیخلاف امجدصابری سمیت بائیس مقدمات زیرِ سماعت ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔