Tag: senegal

  • سینگال : اپوزیشن لیڈر کی حمایت میں پرتشدد مظاہرے، 9 افراد ہلاک

    سینگال : اپوزیشن لیڈر کی حمایت میں پرتشدد مظاہرے، 9 افراد ہلاک

    ڈاکار : افریقہ کے ملک سینگال میں اپوزیشن لیڈر کو دو سال قید کی سزا سنانے پر ہنگامے پھوٹ پڑے، پُرتشدد مظاہروں میں نو افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رسان ادارے کی رپورٹ کے مطابق سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار میں اپوزیشن لیڈر اوسمانے سونو کے حامیوں اورپولیس میں جھڑپیں ہوئیں، مشتعل افراد کی جانب سے متعدد گاڑیوں اور عمارتوں کو نذرآتش کردیا گیا۔

    سینیگال مظاہرے

    انتہائی کشیدہ صورتحال کے پیشِ نظر فوج کو طلب کر لیا گیا، حکومت نے حالات کنٹرول کرنے کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی عائد کردی ہے۔

    خیال رہے کہ سینیگال کے اپوزیشن لیڈر کو عدالت نے گزشتہ روز نوجوانوں کو بدعنوان بنانے کے الزام میں دو سال قید کی سزا سنائی تھی۔

    اپوزیشن لیڈر اوسمانے سونو کے حامیوں نے ان کیخلاف الزامات کو فروری 2024 میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کے لیے ایک چال قرار دیا اور کہا کہ حکومت اور عدالتی فیصلے کی تردید کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ اوسمانے سونو سینیگال میں 2019 کے صدارتی انتخابات میں تیسرے نمبر پر رہے تھے وہ ملک بھر کے نوجوانوں میں بے حد مقبول ہیں، انہیں موجودہ صدر کا اہم مد مقابل سمجھا جاتا ہے۔

     

  • سینیگال پارلیمنٹ میں اپوزیشن رکن نے خاتون کو تھپڑ مار دیا، ویڈیو وائرل

    سینیگال پارلیمنٹ میں اپوزیشن رکن نے خاتون کو تھپڑ مار دیا، ویڈیو وائرل

    ڈاکر: سینیگال پارلیمنٹ میں ایک اپوزیشن رکن نے خاتون رکن کو تھپڑ مار دیا، اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں سینیگال کی پارلیمنٹ کو ایک حکمراں جماعت سے تعلق رکھنے والی خاتون رکن کو تھپڑ پڑنے کے بعد اکھاڑہ بنتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    جمعرات کو سینیگال کی پارلیمنٹ میں اس وقت جھگڑا ہوا جب حزب اختلاف کے رکن پارلیمنٹ مساتا سامب نے بجٹ پیش کرنے کے دوران حکمراں جماعت کی ایمی ندائے گنیبی کو تھپڑ مار دیا۔

    تھپڑ کے بعد خاتون رکن شدید طور پر مشتعل ہو گئیں اور انھوں نے کرسی اٹھا کر مرد رکن پر جوابی حملہ کر دیا، تاہم ایک اور رکن نے انھیں کک مار کر گرایا اور حملہ ناکام بنا دیا، دیگر اراکین نے جمع ہو کر خاتون کو روک لیا۔

    جھگڑے کے بعد حکومتی خاتون رکن کو اٹھا کر باہر لے جایا گیا، اپوزیشن رکن پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ خاتون رکن اسمبلی نے مذہبی رہنما کو تنقید کا نشانہ بنایا، جس پر وہ مشتعل ہو گئے اور تھپڑ مار دیا۔

    واضح رہے کہ سینیگال میں جولائی میں ہونے والے قانون سازی کے انتخابات کے بعد سے جہاں حکمران جماعت اپنی سادہ اکثریت سے محروم ہو گئی تھی، حکمران اور حزب اختلاف کے سیاست دانوں کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے۔

  • ’پلاسٹک مین‘ کی سڑکوں پر مٹر گشت

    ’پلاسٹک مین‘ کی سڑکوں پر مٹر گشت

    ڈاکار: سینیگال میں ’پلاسٹک مین‘ سڑکوں پر مٹر گشت کرنے لگا تو لوگ اسے نہایت دل چسپی سے دیکھنے اور سیلفیاں بنانے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق پلاسٹک ماحولیاتی آلودگی کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیا جا چکا ہے، اس حوالے سے ماحولیاتی آلودگی اور شاپر بیگ کے خاتمے کے لیے سینگال کا ایک سابق فوجی اہل کار میدان میں آ گیا ہے۔

    مودو فال نامی یہ شہری سر سے پاؤں تک پلاسٹک بیگز کا ہڈڈ کوٹ پہن کر سڑکوں پر نکلا، انھوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہکا کہ پلاسٹک ہمارا ماحول برباد کردے گا، حکومت مزید اقدامات اٹھائے۔

    انھوں نے کہا تمام پلاسٹک کی تھیلیاں جو پھینکی جاتی ہیں یا تو سمندر میں یا پھر کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہو جاتی ہیں، س لیے میں لوگوں کو متوجہ کرنے کے لیے تھیلوں کا بنا لباس پہنتا ہوں، تاکہ انھیں آگاہ کر سکوں کہ سینگال میں روزانہ 50 لاکھ سے زیادہ پلاسٹک کے تھیلے پھینکے جاتے ہیں۔

    مودو فال نے کہا بہت سے لوگ سوچتے ہیں کہ میں پاگل ہوں لیکن میں اسے اپنے پیغام کو پہنچانے کا موقع سمجھتا ہوں۔

    واضح رہے کہ سینگال میں 2020 میں شاپر کے استعمال پر پابندی کا بل پاس کیا گیا تھا، سینگال میں ایک سال کے دوران 20 لاکھ ٹن پلاسٹک ویسٹ جمع کیا جاتا ہے، صرف 9 ہزار ٹن پلاسٹک کو دوبارہ ری سائیکل کیا جاتا ہے، جب کہ باقی پلاسٹک سمندر اور سڑکوں کی زینت بنتا ہے۔

  • سینیگال: مسافر گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا کر تباہ، متعدد ہلاکتیں

    سینیگال: مسافر گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا کر تباہ، متعدد ہلاکتیں

    ڈاکر: مغربی افریقا کے ملک سینیگال میں‌ ایک مسافر گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے سے 6 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ہفتے کو مقامی میئر نے بتایا کہ 22 اکتوبر کو جنوبی کیسامنس ریجن کے ایک گاؤں کنڈائڈیو میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں چھ افراد ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ افراد جمعے کی نماز پڑھ کر واپس جا رہے تھے کہ گاڑی ایک بارودی سرنگ پر سے گزری، جس سے دھماکا ہو گیا۔

    کیسامنس ریجن افریقا میں جاری پرانی لڑائیوں میں سے ایک کا مرکز ہے، جس میں 1982 سے اب تک ہزاروں جانیں ضائع ہو چکی ہیں، بارودی سرنگ کو بھی پرانی لڑائی کی باقیات سمجھا جا رہا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق مسافر گاڑی دراصل گھوڑا گاڑی تھی، جو مقامی سطح پر مسافروں کی ایک عام سروس ہے، مقامی میئر کا کہنا تھا کہ بارودی سرنگ پرانی تھی، جب بھی بارش ہوتی ہے کھیتوں میں دبی سرنگیں باہر آ جاتی ہیں، اور حادثات کا سبب بنتی ہیں۔

    کیسامنس کی آبادی 19 لاکھ ہے، یہ علاقہ مغربی افریقا میں کبھی پرتگال کی نوآبادی تھا، یہ علاقہ اب سابقہ فرانسیسی نوآبادی یعنی سینیگال میں واقع ہے، تاہم یہ علاقہ باقی ملک سے بالکل الگ ہے۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سینیگال کے ہم منصب سے ملاقات

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سینیگال کے ہم منصب سے ملاقات

    جنیوا: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی رپورٹس تشویش ناک آرہی ہیں، نہتے کشمیریوں کو بربریت سے نجات دلانے کے لیے عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی مغربی افریقی ملک سینیگال کے ہم منصب احمدوبا سے ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

    ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال اور امن و امان پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان افریقی ممالک سے تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، انسانی حقوق کونسل کی صدارت کا منصب سینیگال کے پاس ہے۔ ہمیں سینیگال سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت نے اب تک نہتے کشمیریوں کو کرفیو لگا کر محصور کر رکھا ہے، بھارتی فورسز رات کی تاریکی میں گھروں میں گھستی ہے۔ بھارتی فوج بچوں اور نوجوانوں کو جبراً اغوا کرتی ہے اور بدترین تشدد کا نشانہ بناتی ہے۔ عالمی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر دیا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یو این ہیومن رائٹس ہائی کمشنر کی رپورٹس تشویش ناک صورتحال بتا رہی ہیں، نہتے کشمیریوں کو بربریت سے نجات دلانے کے لیے عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا۔

    سینیگال کے وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی تمام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

    خیال رہے کہ وزیر خارجہ اس وقت جنیوا میں موجود ہیں جہاں وہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 42 ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ وہ جنیوا میں منعقد ہونے والے اجلاس سے خطاب کریں گے اور دنیا بھر سے آئے مندوبین کے سامنے کشمیریوں کا مقدمہ پیش کریں گے۔

    وزیر خارجہ بھارتی اقدامات کے نتیجے میں خطے کو درپیش خطرات کی جانب توجہ دلائیں گے اور علاقائی و عالمی امور پر پاکستانی مؤقف اور نقطہ نظر پیش کریں گے۔

  • جرمن حکومت سینیگال کے 300 دیہات میں بجلی فراہم کرے گی، اینجیلا مرکل

    جرمن حکومت سینیگال کے 300 دیہات میں بجلی فراہم کرے گی، اینجیلا مرکل

    برلن/ڈاکر :  جرمن چانسلر نے سینیگال کے صدر سے ماکیسال سے ملاقات کے بعد 300 دیہاتوں میں بجلی فراہمی اور  مہاجرت کو روکنے کے لیے سینیگال میں سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے چانسلر اینجیلا نے براعظم افریقہ کے دورے کا آغاز کرتے ہوئے کہ بدھ کے روز مغربی افریقہ کے ملک سینیگال پہنچی جہاں انہوں نے صدر ماکیسال سے ملاقات کے دوران کہا کہ دونوں ممالک کے حکمرانوں کو انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے لیے معاون نہیں بننا چاہیئے۔

    اینجیلا میرکل کا دورہ سینیگال کے موقع پر کہنا تھا کہ جرمنی اور افریقی ممالک کو مشترکہ طور پر قانونی خلاف ورزیوں کے خلاف جنگ کرنی ہوگی اور افریقہ میں ملازمت کے بہتر مواقع پیدا کرنے ہوں گے تاکہ عوام ہجرت کرنے سے گریز کریں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ براعظم افریقہ میں معاشی مسائل، غربت اور دیگر تنازعات کے باعث افریقی ممالک کے شہری دیگر ممالک میں ہجرت کرنے پر مجبور ہیں، افریقہ سے ہجرت کرنے والے مہاجرین کی بڑی تعداد بہتر مستقبل کے لیے یورپی ممالک کا رخ کرتے ہیں۔

    جرمن میڈیا کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کوشش کررہی ہے کہ غیر قانونی مہاجرت کے وجوہات کو جان ان کا سدباب کیا جائے تاکہ لوگ اپنے اپنی گھروں کو چھوڑ کر ہجرت کرنا بند کریں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جرمن چانسلر نے پاکیسال سےملاقات کے بعد اعلان کیا کہ جرمنی سینیگال کے 300 دیہاتوں میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔

    سینیگال کے صدر ماکیسال کا جرمن چانسلر سے ملاقات کے دوران کہنا تھا کہ ’میں اس بات سے متفق ہوں کہ لوگ بہتر زندگی کے حصول کے لیے سمندر کے خطرناک راستے کے ذریعے یورپ کا سفر اختیار کرتے ہیں جو ’افریقہ کی عظمت کے منافی ہے‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ماکیسال کا کہنا تھا کہ ’مغربی افریقی ملک سینیگال میں حالات دیگر ممالک کی نسبت بہت بہتر ہیں اور یہاں کسی کو مذہبی یا نسلی تعصب کی بنیاد پر ظلم و ستم کا نشانہ بھی نہیں بنایا جاتا، اس لیے یورپی ممالک کو چاہیئے کہ سینیگال کے باسیوں کی جانب سے دی جانے والے پناہ کی درخواست کو رد کریں۔

  • فیفا ورلڈ‌ کپ 2018: کولمبیا اور جاپان کے مداحوں‌ کے لیے خوش خبری

    فیفا ورلڈ‌ کپ 2018: کولمبیا اور جاپان کے مداحوں‌ کے لیے خوش خبری

    ماسکو: روس میں‌ جاری فٹ بال کے عالمی مقابلے میں آج دو اہم میچز ہوئے، جن کے بعد آخری افریقی ٹیم بھی ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی.

    تفصیلات کے مطابق آج گروپ ایچ میں‌ کولمیبا سینگال، جب کہ پولینڈ جاپان کے مدمقابل آئی، دونوں ہی میچ انتہائی اہم تھے۔

    سینگال کی امیدوں کا چراغ بجھ گیا

    کولمبیا کے خلاف سینگال کی نسبتاً کمزور ٹیم چار پوائنٹ کے ساتھ میدان میں اتری، اسے اگلے راؤنڈ میں کوالیفائی کے لیے فقط میچ ڈرا کروانا تھا، جب کہ کولمبیا کے لیے جیت لازمی تھی.

    میچ میں دونوں‌ ٹیموں‌ نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ سینگال کی دفاعی لائن کولبمیا کے لیے رکاوٹیں کھڑی کرتی رہیں، مگر آخر کار کولمبیا گول کرنے میں کامیابی رہی.

    کولمبیا نے برتری میچ کے آخر تک برقرار رکھی. یوں‌ چھ پوائنٹ کے ساتھ دوسرے مرحلے تک رسائی پا لی.

    اس سے قبل براعظم جنوبی امریکا سے تعلق رکھنے والی برازیل، ارجنٹینا اور یوروگوائے نے بھی ناک آؤٹ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے.

    جیت جو پولینڈ کے کام نہیں آئی

    گروپ ایچ ہی کے ایک مقابلے میں جاپان اور پولینڈ مدمقابل آئیں. میچ میں جاپان کو فیورٹ تصور کیا جا رہا تھا، جس کے پاس چار پوائنٹس تھے، مگر پولینڈ نے شان دار کھیل کا مقابلہ کیا.

    پولینڈ کی ٹیم نے دوسرے ہاف میں گول کرکے برتری حاصل کی، جو آخر تک برقرار رہی.

    گو گروپ میں جاپان اور سینگال، دونوں‌ کے پاس چار چار پوائنٹ تھے، مگر فیرپلے کی بنیاد پر جاپان اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر گیا.


    فیفا ورلڈ کپ 2018: کیا سپر اسٹار میسی اور لیجنڈ میراڈونا کے تعلقات کشیدہ ہیں؟


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ڈاکار: فٹبال گراؤنڈ میدان جنگ بن گیا، آٹھ شائقین ہلاک متعدد زخمی

    ڈاکار: فٹبال گراؤنڈ میدان جنگ بن گیا، آٹھ شائقین ہلاک متعدد زخمی

    ڈاکار : فٹبال کا گراؤنڈ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا، ڈاکار میں لوکل ٹیموں کے شائقین ایک دوسرے سے لڑ پڑے، تصادم میں آٹھ افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق افریقی ملک سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار کے ڈیمبا ڈیوپ اسٹیڈیم میدان جنگ بن گیا۔ اسٹیڈیم میں سٹیڈ ڈی بوراوریونین سپورٹو اواکم کے درمیان لیگ کپ کا فائنل میچ جاری تھا کہ اس دوران شائقین ایک دوسرے پر طنز کرتے ہوئے لڑ پڑے۔

    بات تلخ کلامی سے ہاتھا پائی تک جا پہنچی تو مشتعل شائقین کو روکنے کیلئے پولیس نے آنسو گیس کے شیل بھی فائر کیے جس سے اسٹیڈیم میں افراتفری پھیل گئی۔


    مزید پڑھیں: پاکستان محفوظ ملک ہے، غیر ملکی فٹبالرزکا دنیا کو پیغام


    دھوئیں سے بچنے کیلئے کسی نے گراؤنڈ میں دوڑ لگائی تو کسی نےاسٹیڈیم سے باہر نکلنے کی کوشش کی اسی دوران اسٹیڈیم کی دیوار گر پڑی،جس کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی بھی ہوئے۔

  • سنیگالی وفد کا دورہِ پاکستان، دفاعی تعاون بڑھانے پراتفاق

    سنیگالی وفد کا دورہِ پاکستان، دفاعی تعاون بڑھانے پراتفاق

    اسلام آباد: سنیگال کے وزیرِخارجہ منکیورنیائے آٹھ ارکان پر مبنی وفد کے ہمراہ پاکستان کے دوروزہ دورے پر پاکستان میں ہیں، وفد میں سنیگالی آرمی چیف ممادو ساوٗ بھی شامل ہیں۔

    دفتر خارجہ کے مطابق سنیگالی وزیرخارجہ کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے اور وفد نے وزیراعظم نوازشریف سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔

    سنیگالی وفد کا دوہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 70 ویں اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم نواز شریف کی سنیگالی صدر ایچ ای مکیسل سے ہونے والی غیر رسمی ملاقات کا نتیجہ ہے۔

    سنیگالی وفد وزیرِخارجہ نے وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم پاکستان نے پاکستان اورسنیگال کے وزرا کے اجلاس طلب کرنے کی تجویز بھی دی۔

    سنیاگالی وزیرخارجہ نے وزیراعظم مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیزاوروزیرِبرائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین سے بھی ملاقات کی۔

    دوسری جانب سنیگالی آرمی چیف نے ڈپٹی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سے بھی ملاقات کی۔

    ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے رہنماوٗں نے دو طرفہ تعاون بڑھانے اور معاشی، تجارتی اوردفاعی میدان میں ایک دوسرے کی مدد پراتفاق کیا ہے۔